Blog

  • بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ادا

    بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ادا

    بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اور دو مرتبہ ملک کی قیادت کرنے والی خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکا میں ادا کر دی گئی۔نمازِ جنازہ بنگلادیش کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے میا مانک ایونیو میں ہوئی، جس میں سیاسی رہنماؤں، حکومتی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس بھی موجود تھے، جبکہ حکومتِ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سردار ایاز صادق نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ذرائع کے مطابق خالدہ ضیا کو ان کے شوہر اور بنگلادیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔یاد رہے کہ خالدہ ضیا دو روز قبل ڈھاکا کے ایک اسپتال میں 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔وہ 1991 سے 1996 اور 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم رہیں۔ ان کے انتقال کے بعد ملک میں مختلف سرگرمیاں، جن میں بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے میچز بھی شامل ہیں، سوگ کے باعث ملتوی کر دیے گئے۔

  • نئے سال کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

    نئے سال کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

    اسلام آباد (کامرس ڈیسک )نئے سال کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہ ے کہ مٹی کا تیل 8 روپے 92 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔اسی طرح اگر تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو پیٹرول کی موجودہ قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لیٹر سے کم ہو کر تقریباً 252 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی اور اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 265 روپے 65 پیسے سے گھٹ کر 257 روپے 06 پیسے فی لیٹر تک آنے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں مٹی کے تیل کی قیمت 180 روپے 54 پیسے کے مقابلے میں کم ہو کر 171 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

  • اقرار الحسن کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    اقرار الحسن کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    لندن (فارن ڈیسک )معروف اینکر اقرار الحسن نے پاکستان میں تبدیلی لانے کا دعویٰ کرتے ہوئے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔
    تفصیلات کے مطابق سرعام نامی فلاحی گروپ کے سربراہ اور معروف اینکر اقرار الحسن ان دنوں اپنی سیاسی جماعت کی تیاریوں کے حوالے سے لندن میں موجود ہیں۔
    انہوں نے ایک تقریب میں شرکا سے خطاب میں کہا کہ سیاسی جماعتیں دکان نہیں کہ جس آدمی نے کھولی وہ اپنی موت تک اُسے چلائے اور مالک بن کررہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں دراصل ادارے یا انسٹی ٹیوشنز ہوتی ہیں اور ادارے کسی فرد یا خاندان کی ملکیت نہیں ہوتے بلکہ یہ عوام کی ملکیت ہوتے ہیں۔
    اقرار الحسن نے کہا کہ ہم نے 30 سالوں میں پاکستان کے اندر تین عمران خان، نواز شریف اور زرداری صاحب کے نام سُنے، امریکا میں ری پبلکن یا ڈیموکریٹ، برطانیہ کی کنرویٹیو اور لیبر پارٹیاں ہیں ان میں اب تک 10، 10 چیئرمین آچکے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد اپنا کام کر کے چلے گئے۔
    اینکر نے کہا کہ ’کسی نے جماعت کو دکان نہیں بنایا کہ میرے بعد بیٹا سنبھالے گا، میرٹ اور جمہوریت کے ذریعے پارٹی میں لوگ آتے، نئے چہرے شامل ہوتے ہیں اور پرانے چلے جاتے ہیں مگر پاکستان میں ایسا نہیں ہے‘۔
    اقرار الحسن نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا واحد مقصد عوام کو بااختیار بنانا اور حقیقت میں نیا پاکستان بنانا ہے جس کا وعدہ تو کیا گیا مگر عملی جامع نہیں پہنایا گیا۔
    انہوں نے پارٹی کا نام بتائے بغیر یہ بھی بتایا کہ نئی سیاسی جماعت 15 جنوری 2026 کو لانچ کرنے جارہا ہوں اور ہم پھر الیکشن کی بھرپور تیاری کریں گے۔
    لندن: پاکستان میں برطانوی سیاسی جماعتوں کی طرز کی جمہوری جماعت کے نظریے پر اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ پہلی نشست۔ ایسی پارٹی جو کسی شخص یا خاندان کی نہیں بلکہ قوم کی ملکیت ہو، جہاں انٹرنل الیکشن کے ذریعے عام لوگ قابلیت کی بنیاد پر پارٹی سربراہ اور ملک کے وزیراعظم منتخب ہو سکیں۔
    اقرار الحسن نے ایک اور تقریب میں کہا کہ یہ سسٹم جسے ہم جمہوریت سمجھ بیٹھے ہیں یہ دراصل دنیا کی سب سے بڑی آمریت ہے، جب تک نظام کے مقابلے میں افراد کی لڑائی ہوتی رہے گی شکست عوام کی ہی ہوگی کیونکہ نظام سے مقابلے کیلیے سب کو ملکر ایک نظام کی لڑائی لڑنا ہوگی۔
    اینکر نے تو اپنی سیاسی جماعت کا نام نہیں بتایا تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدرِ پاکستان اور آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے نام سے نئی جماعت تشکیل دی جائے گی، جس پر ممبران کے درمیان اتفاق بھی پیدا ہوگیا ہے۔
    اے پی ایم ایل کے نام سے رجسٹریشن ممکن کیسے؟
    واضح رہے کہ 15 فروری کو سابق صدر پرویز مشرف دبئی میں طویل علالت کے بعد 79 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، جس کے بعد اکتوبر 2023 میں الیکشن کمیشن نے انٹرپارٹی الیکشن کے تنازع پر سماعت کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا اور آل پاکستان مسلم لیگ کی رجسٹریشن ختم کر کے انتخابی نشان عقاب بھی واپس لے لیا تھا۔
    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کا کوئی پارٹی عہدیدار اور پارٹی کا کوئی وجود نہیں ہے جبکہ سیاسی جماعت نے چار سالوں سے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع نہیں کروائیں جس کی بنیاد پر ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔

  • امریکا نے بھارت سے فاصلہ کیوں بڑھایا؟ فنانشل ٹائمز کی  رپورٹ

    امریکا نے بھارت سے فاصلہ کیوں بڑھایا؟ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ

    نیو یارک (فارن ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے دورِ اقتدار میں بھارت اور امریکا کے تعلقات بدترین سطح تک پہنچ گئے ہیں۔معروف برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سردمہری نے بھارت کی معیشت، خارجہ پالیسی اور بڑے کاروباری گروپس کو براہِ راست متاثر کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کی ہندوتوا پر مبنی داخلی پالیسیوں اور متضاد خارجہ حکمتِ عملی کے باعث واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کمزور ہوئے۔ اس کشیدگی کا سب سے بڑا اثر بھارت کے طاقتور ارب پتیوں پر پڑا ہے، جو بھاری سرمایہ کاری کے باوجود امریکہ میں تجارتی اور قانونی سہولتیں حاصل کرنے میں ناکام رہے۔فنانشل ٹائمز کے مطابق بھارتی ارب پتیوں نے لاکھوں ڈالر لابنگ فرموں پر خرچ کیے، تاہم اس کے باوجود امریکی پالیسیوں اور قانونی نظام پر کوئی خاص اثر نہیں پڑ سکا۔ گوتم اڈانی کے خلاف جاری مقدمات اس بات کی واضح مثال ہیں کہ ذاتی تعلقات اور لابنگ امریکی قانونی ترجیحات کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی اور بھارت کی پالیسیوں کے باعث امریکا اب بھارت کو ایسا قابلِ اعتماد اتحادی نہیں سمجھتا جو خطے کے معاملات سنبھال سکے۔ ٹرمپ اور مودی کے درمیان ٹیرف تنازع کے دوران رابطہ بھی نہ ہونے کے برابر رہا۔
    صورتحال کو بھارت کے لیے مزید مشکل بناتے ہوئے امریکی صدر نے پاکستان کے ساتھ روابط میں اضافہ کیا، جسے ماہرین بھارت کے لیے ایک بڑا سفارتی دھچکا قرار دے رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر بھارت نے امریکا سے اختلاف کا راستہ اپنائے رکھا تو اسے سخت معاشی اور قانونی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ روسی تیل کی خریداری پر امریکی ناراضی اور بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ واشنگٹن اب بھارت کی اسٹریٹجک خودمختاری کو پہلے کی طرح قبول کرنے کو تیار نہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مکیش امبانی جیسے بڑے کاروباری گروپس نے روسی تیل کی ریفائننگ سے اربوں ڈالر منافع کمایا، تاہم یہی پالیسی امریکا کے ساتھ اختلافات کی ایک بڑی وجہ بنی۔ اگرچہ امریکا بھارت کو چین کے مقابل ایک اہم شراکت دار سمجھتا تھا، لیکن موجودہ صورتحال میں بھارت کا رویہ تشویش کا باعث بن چکا ہے۔حالیہ بھارت پاکستان کشیدگی اور خطے میں بڑھتے تصادم کے خدشات نے بھی امریکا کے بھارت سے متعلق شکوک کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

  • ہمدردفائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ

    ہمدردفائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ

    کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام شہید حکیم محمد سعید میموریل اسکالرشپ کی تقریب گزشتہ روز ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی زیر صدارت دی ارینا آڈیٹوریم بحریہ ٹائون ٹاور میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں ہونہار طلبہ میں چیک اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس اسکالرشپ پروگرام کا آغاز 2002 میں ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کیا تھا، جس کا مقصد میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں امتیازی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معاونت ہے۔سال 2025-26 کے لیے 125ملک بھر سے میٹرک اور 65 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب مہمانِ خصوصی تھے۔ نظامت کے فرائض ایڈوائزر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سمیرا جاوید صاحبہ نے انجام دیے۔
    صدارتی خطاب میں محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کی زندگی پاکستان کی خدمت کے لیے وقف تھی۔ ہمدرد پاکستان کا قیام اسی مشن کی عملی صورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مطالعے کی عادت اپنانے، کتب سے رشتہ مضبوط کرنے اور موبائل فون کا استعمال صرف معلومات میں اضافے کے لیے کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے صحت کی حفاظت، والدین کے احترام اور قومی ذمہ داریوں کے ادراک پر بھی زور دیا۔
    مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ محنت، لگن اور استقلال ہی مستقبل کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، عملی ہنر اور مصنوعی ذہانت کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہنر مند کبھی بھوکا نہیں سوتا‘‘ اس لیے نئی نسل کو ہاتھ سے کام کرنے والا کوئی نہ کوئی ہنر ضرور سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے ذہنی صحت، طبِ یونانی، ہربل علاج اور پیرا میڈیکل شعبوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
    تقریب کے اختتام پر محترمہ سعدیہ راشد نے پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب اور ڈائریکٹر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان صاحب کے ہمراہ کراچی میٹرک بورڈ کے 91 اور انٹر بورڈ کراچی کے 46 طلبہ میں بالترتیب 50 ہزار اور 75 ہزار روپے کے چیک اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کا اختتام دعائے سعید پر ہوا۔

  • بلوچستان حکومت کا احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

    بلوچستان حکومت کا احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

    کوئٹہ(نامہ نگار) بلوچستان کے سرکاری ملازمین کا احتجاج صوبے بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی ، حکومت کا احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ ، ملازمین کی تفصیلات طلب کر لی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرکاری ملازمین کی تنظیموں پر مشتمل بلوچستان گرینڈ الائنس کی کال پر پیر کو صوبے میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی جس کے تحت صوبے کے دفاتر میں ملازمین نے احتجاجا ً کام کو بند رکھا ۔ ہڑتال کے رد عمل میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی بلوچستان کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ، سینئر ایم بی آر، چیئر مین سی ایم آئی ٹی اور صوبے کے تمام محکموں کے سیکرٹریز ،آئی جی پولیس کے نام ارسال کے گئے مراسلے میں کہاگیا ہے کہ مجاذ حکام نے سرکاری ملازمین کے گرینڈ الائنس کے احتجاج میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کے نام اور عہدے فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مراسلے میںتفصیلات فوری طور پر جمع کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

  • خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کی تیاریاں تیز

    خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کی تیاریاں تیز

    پبی (نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے 5 جنوری کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج کرنے کیلئے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پیر کو تحصیل چیئرمین پبی غیور خٹک کی رہائشگاہ ’خٹک باغ‘ تحصیل پبی میںلوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر مئیر مردان حمایت اللہ مایار، تحصیل چیئرمین پشتہ خرہ ہارون صفت، کوارڈینیٹر انتظار خلیل، چیئرمین تیمور کمال، چیئرمین سید ارشد شاہ، اور دیگر بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقررین نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی صوبائی حکومت کے ناروا ظلم و ناانصافی کی شدید مذمت کی۔صدر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن، مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “مقامی حکومتوں کے ذریعے ہی بہترین طرز حکمرانی نچلی سطح پر قائم ہوتی ہے، مگر پی ٹی آئی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں بلدیاتی نمائندوں نے کئی بار پرامن احتجاج کیے، جنہیں صوبائی حکومت کی طرف سے شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج کا سامنا کرنا پڑا، اور متعدد بلدیاتی نمائندوں کو گرفتار کیا گیا۔مئیر مردان نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت نے متعدد بار وعدے کیے تھے، جن کے منٹس بھی موجود ہیں، مگر آج تک کسی وعدے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم نہ کیا تو 5 جنوری کو ہونے والا احتجاج مزید توسیع بھی اختیار کر سکتا ہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج کے انتظامات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، اور ایک روزہ احتجاج میں ہزاروں بلدیاتی نمائندے، تحصیل میئرز، اور چیئرمین شریک ہوں گے۔

  • بلاول بھٹو زرداری کی گڑھی خدا بخش میں شہداء کے مزارات پر حاضری

    بلاول بھٹو زرداری کی گڑھی خدا بخش میں شہداء کے مزارات پر حاضری

    لاڑکانہ(نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے فخرایشیا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر بھی فاتحہ خوانی کی اور شہید میر مرتضی بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزار پر پھول چڑھائے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور شیریں امیر بیگم کے مزارات پر بھی حاضری دی۔ حاضری کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے جمہوریت کے مزار پر ملکی سلامتی اور عوام کی خوش حالی کے لئے دعائیں بھی کیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گڑھی خدا بخش میں ضلع راجن پور اور ضلع سانگھڑ سے سائیکل پر اور دربار لعل شہباز قلندر سے شہدائے جمہوریت کے مزار تک پیدل سفر کرنے والے جیالوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے جمہوریت سے عقیدت کا اظہار کرنے والوں کے جذبات کو سراہا۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کم آمدنی  والےافراد کیلئے گھروں کی فراہمی کے ایک اور منصوبے کا آغاز

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کم آمدنی والےافراد کیلئے گھروں کی فراہمی کے ایک اور منصوبے کا آغاز

    لاہور (نامہ نگار)وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کم آمدن افراد کیلئے گھروں کی فراہمی کے ایک اور منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے۔ وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کو پنجاب افورڈایبل ہاسنگ کے ہراجیک ڈائریکٹر عمران علی سلطان نے منصوبے پر بریفنگ دی۔ اڑھائی سے 3مرلہ سرکاری اراضی پر 37ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر ممکن ہوگی۔ ورلڈ بینک کے اشتراک سے پنجاب میں 25اضلاع کے 35مقامات پر گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ لاہور، گوجرانوالہ،فیصل اباد، ملتان، سیالکوٹ، لیہ، خانیوال سمیت 25اضلاع کی عوام مستفید ہوں گے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کم لاگت، آسان اقساط اور جدید سہولیات سے آراستہ گھروں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔سرکاری اراضی پر اگلے 3ماہ میں پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگا۔ مستحق خاندانوں کو اپنے گھروں کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیحات میں ہے۔ 5سال کی مدت میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام بھی 5لاکھ سے زائد خاندانوں کے گھر مکمل کرے گا۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ افورڈایبل ہاسنگ پراجیکٹ میں کم سے کم اقساط کی رقم کا تعین کیا جائے گا۔

  • ڈاکٹر سید عامر علی میزان بینک  کےصدر و سی ای او مقرر

    ڈاکٹر سید عامر علی میزان بینک کےصدر و سی ای او مقرر

    کراچی (کامرس ڈیسک )پاکستان کے سب سے بڑے اسلامی بینک، میزان بینک لمیٹڈ (MEBL)، میں اہم انتظامی تبدیلی عمل میں آ گئی ہے۔ بینک نے ڈاکٹر سید عامر علی کو 30 دسمبر 2025 سے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ میزان بینک کے بانی صدر و سی ای او عرفان صدیقی کی جگہ یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
    میزان بینک نے اس تقرری سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو منگل کے روز جاری کردہ نوٹس میں آگاہ کیا۔ نوٹس کے مطابق،
    “ہمیں مطلع کرنا ہے کہ ڈاکٹر سید عامر علی کو 30 دسمبر 2025 سے میزان بینک لمیٹڈ کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جو عرفان صدیقی کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔”
    نوٹس میں مزید بتایا گیا کہ عرفان صدیقی بدستور میزان بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
    بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت، انتھک محنت اور قیمتی خدمات نے میزان بینک کو پاکستان کی کامیاب ترین کارپوریٹ کہانیوں میں شامل کیا اور اسلامی بینکاری کے عالمی شعبے میں ایک رجحان ساز ادارہ بنایا۔
    بورڈ کے مطابق، “اسلامی بینکاری کے فروغ میں عرفان صدیقی کا قائدانہ کردار اور غیر متزلزل وابستگی ملک میں اس شعبے کی مضبوط بنیاد رکھنے اور بینک کی شاندار ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔”
    میزان بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، ڈاکٹر سید عامر علی ایک سینئر اسلامی بینکاری ماہر ہیں اور فنانس، اکاؤنٹنگ، بزنس اور قانون میں اعلیٰ تعلیمی قابلیت رکھتے ہیں۔ انہیں فنانس، ٹریژری، انویسٹمنٹ اور کارپوریٹ بینکاری کے شعبوں میں 20 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
    انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی اداروں میں خدمات انجام دیں، جن میں اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی، شیل، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ اور میزان بینک شامل ہیں۔ ڈاکٹر عامر علی دی سی ایف اے انسٹی ٹیوٹ (امریکہ) سے چارٹرڈ فنانشل اینالسٹ، اے سی سی اے (برطانیہ) سے چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹ، اور انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جامعہ ہمدرد کراچی سے ایم بی اے اور جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری بھی رکھتے ہیں۔
    ڈاکٹر سید عامر علی نے 2006 میں پہلی بار میزان بینک میں شمولیت اختیار کی اور کارپوریٹ و انویسٹمنٹ گروپ کی قیادت کی۔ بعد ازاں 2018 میں وہ بینک اسلامی سے وابستہ ہوئے، جبکہ 2023 میں دوبارہ میزان بینک کا حصہ بنے۔ اب ان کی تقرری کو بینک کی مستقبل کی حکمتِ عملی اور اسلامی بینکاری کے مزید فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔