Blog

  • وینزویلا کے صدر کو گرفتار کرکے بیرون ملک منتقل کردیا؛ ٹرمپ

    وینزویلا کے صدر کو گرفتار کرکے بیرون ملک منتقل کردیا؛ ٹرمپ

    کاراکاس (فارن ڈیسک )اامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینیزویلا پر حملوں کی تصدیق کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ٹرمپ نے وینیزویلا پر حملوں کے حوالے سے کہا کہ وینیزویلا اور اس کی قیادت کیخلاف آپریشن کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران وینیزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو پکڑ کر ملک سے باہر منتقل کردیا گیا ہے۔ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ آپریشن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کیا گیا ہے۔ امریکی صدر اس حوالے سے مزید تفصیلات آج رات پریسن کانفرنس میں بتائیں گے۔دوسری جانب کولمبیا اور کیوبا نے امریکی حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔کیوبا کے صدر کا کہنا تھا کہ وینیزویلا پر امریکا کی جانب سے کیے گئے مجرمانہ حملے کے خلاف بین الاقوامی برادری کے فوری ردِعمل کا مطالبہ کرتا ہوں۔اسی طرح روس نے امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وینیزویلا پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔واضح رہے کہ امریکا نے وینیزویلا کے دارالحکومت کاراکاس اور کئی ریاستوں پر فضائی حملے کردیے ہیں جس میں ملک کی اہم فوجی تنصیبات اور وزارت دفاع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔دارالحکومت کاراکاس میں کم از کم سات زور دار دھماکے سنے گئے۔ شہریوں نے نچلی فضا میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر سی ایچ 47 چینوک کو بھی اُڑتے ہوئے دیکھا جس کے بعد امریکی دھمکیوں کے حوالے سے جنگ کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

  • بھارت کھیلوں میں سیاست سے باز نہ آیا، بنگلادیشی کھلاڑی آئی پی ایل سے باہر

    بھارت کھیلوں میں سیاست سے باز نہ آیا، بنگلادیشی کھلاڑی آئی پی ایل سے باہر

    ممبی (خصوصی رپورٹ )بھارت عالمی سطح کے ہر محاذ پر ہزیمت اٹھانے کے باوجود کھیل کے میدان میں بھی نفرت انگیز سیاست سے باز نہ آیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انتہا پسند ہندوتوا جماعت شیوسینا کے مطالبے پر بنگلادیشی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ کی ملکیت فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو حکم دیا ہے کہ بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ٹیم سے نکال دیا جائے۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے تصدیق کی ہے کہ بورڈ نے اس حوالے سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو باضابطہ طور پر ہدایت جاری کی ہے۔یاد رہے کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے گزشتہ دسمبر میں ہونے والی آئی پی ایل نیلامی میں مستفیض الرحمان کو 9 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔یہ آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی بنگلادیشی کھلاڑی کو ملنے والی سب سے بڑی رقم تھی۔تاہم انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے بنگلادیشی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شمولیت کو متنازع بنادیا گیا۔

  • پاکستانی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی عالمی منڈیوں تک رسائی

    پاکستانی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی عالمی منڈیوں تک رسائی

    اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )ایس آئی ایف سی کی مربوط اور مؤثر سہولت کاری کے باعث پاکستانی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو عالمی تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل کے اسٹریٹجک وژن کی بدولت پاکستان فنی مہارت اور ڈیجیٹل خدمات کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، جس کے نتیجے میں ملکی آئی ٹی انڈسٹری مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اسی سلسلے میں معروف کمپنی سپر نیٹ عالمی مارکیٹس میں قدم جمانے کے لیے تیار ہے۔سپر نیٹ گلوبل کے تحت دبئی کو پہلا علاقائی ہب بنایا جا رہا ہے، جہاں سے عالمی کلائنٹس کو خدمات فراہم کی جائیں گی۔ دبئی سے سپر نیٹ کمپنی اداروں، کیریئرز اور انٹرپرائز کلائنٹس کو ڈیجیٹل اور تکنیکی خدمات فراہم کرے گی جب کہ کمپنی کی عالمی مارکیٹس میں توسیع کے لیے مشرقِ وسطیٰ، افریقا اور وسطی ایشیائی ممالک پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔سپر نیٹ گلوبل مشرقِ وسطیٰ اور افریقا کے اربوں ڈالر کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں پاکستان کے غیر ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی ایک بڑی طاقت سیٹلائٹ کمیونیکیشن مارکیٹ ہے، جس کے 2030 تک نمایاں طور پر بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔سپر نیٹ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں تکنیکی اور انجینئرنگ خدمات برقرار رہیں گی، جس کے نتیجے میں ملکی ڈیجیٹل سروسز کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ سپر نیٹ گلوبل کے مطابق یہ حکمت عملی عالمی ڈیجیٹل مارکیٹس میں مؤثر انداز میں حصہ لینے اور پاکستانی مہارت، ٹیلنٹ اور ٹیکنالوجی کو برآمد کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔سپر نیٹ گلوبل نے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور طویل المدتی زرمبادلہ آمدنی میں اضافے کا عندیہ بھی دیا ہے جب کہ کمپنی کا عالمی توسیعی اقدام پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی بین الاقوامی شناخت کو نئی جہت دے رہا ہے۔ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری نے پاکستانی آئی ٹی ٹیلنٹ اور جدت کو عالمی مارکیٹس تک پہنچا کر ملک کے ٹیک سیکٹر اور اقتصادی مستقبل کو مزید مضبوط کیا ہے۔

  • تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر صدرِ مملکت  کا پاک فضائیہ کوخراجِ تحسین

    تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر صدرِ مملکت کا پاک فضائیہ کوخراجِ تحسین

    اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین۔صدرِ مملکت نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاس ہے: پاک فضائیہ کی اس کامیابی سے ملکی دفاع مزید مضبوط اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی ذمہ دارانہ دفاعی پالیسی کو تقویت ملی ہے یہ کامیابی قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے صدر زرداری نے سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی محنت، پیشہ ورانہ لگن اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہا۔دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے

  • پاکستان ایئر فورس نے مقامی طور پر تیار کیے گئے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا

    پاکستان ایئر فورس نے مقامی طور پر تیار کیے گئے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا

    راولپنڈی،(خصوصی رپورٹ)پاکستان ایئر فورس نے مقامی طور پر تیار کیے گئے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا ہے، جو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کے فروغ میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلو میٹر تک کے فاصلے پر دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روایتی وارہیڈ سے لیس ہے۔ جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے آراستہ تیمور کو انتہائی کم بلندی پر پرواز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے مؤثر انداز میں بچ نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی درست حملہ آور صلاحیت پاکستان ایئر فورس کی روایتی ڈیٹرنس اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے، جس سے ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوتی ہے۔
    یہ کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی جانب سے حاصل کی گئی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر پاکستان مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنس دانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
    چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے اس نمایاں کامیابی پر سائنس دانوں، انجینئرز اور پوری پاکستان ایئر فورس ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں تکنیکی خود کفالت کے حصول اور بدلتے ہوئے علاقائی سلامتی کے ماحول میں قابلِ اعتبار روایتی ڈیٹرنس برقرار رکھنے کے قومی عزم کی عکاس ہیں۔ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کا مظہر ہے۔

  • ریاستی اداروں کیخلاف ڈیجیٹل دہشتگردی؛ عادل راجاو دیگر ملزمان کو 2، 2 بار عمر قید کی سزا

    ریاستی اداروں کیخلاف ڈیجیٹل دہشتگردی؛ عادل راجاو دیگر ملزمان کو 2، 2 بار عمر قید کی سزا

    اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)
    انسداد دہشت گردی عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے کیس میں عادل راجا و دیگر ملزمان کو دو دو بار عمر قید کی سزا سنادی۔
    9 مئی کو ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے کیس کی سماعت انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی، جس میں اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے کچھ دیر قبل ہی ٹرائل مکمل ہونے پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
    عدالت نے عادل راجا، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو 2، 2بار عمر قید کی سزا سنا دی جب کہ صابر شاکر، معید پیرزادہ کو بھی 2،2 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے ملزمان کو دیگر دفعات میں بھی مجموعی طور پر 35 سال قید کی سزائیں سنائیں۔ ملزمان کو مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
    دوران سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے مجموعی طور پر 24 گواہان کو عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر ملزمان کی غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا۔ پراسیکیوشن کی جانب سے راجا نوید حسین کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔
    عدالت نے تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزا سنائی گئی۔
    سماعت کے دوران عدالت میں ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ گلفام گورائیہ ایڈووکیٹ کو عدالت کی جانب سے ملزمان کا وکیل مقرر کیا گیا تھا ۔ انسداددہشت گردی قوانین کے مطابق ملزمان کی عدم موجودگی میں ٹرائل کیا جاسکتا ہے۔

  • بلومبرگ نے پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں بہتری اور معاشی پالیسیوں کے استحکام کی تصدیق کر دی ۔

    بلومبرگ نے پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں بہتری اور معاشی پالیسیوں کے استحکام کی تصدیق کر دی ۔

    عالمی مالیاتی اعداد و شمار اور مارکیٹ پر گہری نظر رکھنے والے مستند ادارے بلومبرگ نے پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں بہتری اور معاشی پالیسیوں کے استحکام کی تصدیق کر دی ہے۔
    بلومبرگ کے مطابق دسمبر 2025 میں افراطِ زر 5.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو نہ صرف مارکیٹ توقعات سے کم ہے بلکہ نومبر کے 6.1 فیصد کے مقابلے میں بھی واضح کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی میں یہ کمی حکومتی اور مالیاتی پالیسی اقدامات کے مثبت نتائج کی عکاس ہے۔
    بلومبرگ کے جائزے کے مطابق خوراک کی قیمتوں میں دباؤ نمایاں طور پر کم ہوا ہے اور غذائی افراطِ زر 3.24 فیصد تک محدود رہا، جس کی بنیادی وجہ خوراک کی بہتر دستیابی اور سپلائی چین میں بہتری ہے۔ اس صورتحال سے مارکیٹ میں استحکام آیا اور عوامی سطح پر ریلیف کے آثار نمایاں ہوئے۔
    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹ اندازوں سے کم مہنگائی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور پالیسی سمت کے درست ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی تناظر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کمی کرتے ہوئے شرحِ سود کو تقریباً تین سال کی کم ترین سطح پر لے آیا ہے۔
    بلومبرگ کے مطابق شرحِ سود میں کمی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ قیمتوں کے دباؤ کو قابلِ کنٹرول سمجھا جا رہا ہے۔ کم شرحِ سود سے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے فنانسنگ نسبتاً آسان ہونے کی امید بڑھی ہے۔
    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قیمتوں کا استحکام سرمایہ کاری کے ماحول کے لیے مثبت سگنل ہے جس سے معاشی غیر یقینی صورتحال میں کمی آئی ہے، جبکہ کم مہنگائی کے باعث عوام کی قوتِ خرید میں بہتری اور صارفین کے لیے ریلیف کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔بلومبرگ کے مطابق دسمبر کے اعداد و شمار سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پالیسی اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور مہنگائی کا مسلسل نیچے آنا مڈ ٹرم معاشی استحکام اور بہتر گورننس کی بنیاد مضبوط ہونے کا اشارہ ہے۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، اہم قانون سازی کی توثیق

    وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، اہم قانون سازی کی توثیق

    اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ذیلی کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ اجلاس میں دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم پیشرفت بھی متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ میں بلدیاتی حکومتوں کے نظام سے متعلق اہم قانون سازی کی منظوری کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشنز میں ایک بار پھر تاخیر کا امکان ہے اور حکومت نے اس سلسلے میں قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد میں وارڈز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلندیوں پر؛  آج پھر نیا ریکارڈ قائم

    اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلندیوں پر؛ آج پھر نیا ریکارڈ قائم

    کراچی:(کامرس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں، آج بھی بازار حصص میں تاریخ ساز تیزی دیکھی جا رہی ہے۔کاروباری ہفتے کے آخری دن (جمعے کے روز) بازار حصص میں شیئرز کی خرید و فروخت میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں 1935 پوائنٹس کی شاندار تیزی کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 78 ہزار 291 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔واضح رہے کہ رواں ہفتے تمام کاروباری دنوں میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس نے ایک لاکھ 75 ہزار، ایک لاکھ 76 ہزار، ایک لاکھ 77 ہزار اور آج ایک لاکھ 78 ہزار کی نفسیاتی سطحوں کو عبور کیا۔

  • بغیر قانونی پراسس  پولیس کے ہاتھوں گرفتاری اغوا قرار،عدالتی فیصلہ

    بغیر قانونی پراسس پولیس کے ہاتھوں گرفتاری اغوا قرار،عدالتی فیصلہ

    اسلام آباد:(ویب ڈیسک)ہائی کورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے بغیر قانونی پراسس کے پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کو اغوا قرار دے دیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس کے اختیارات سے تجاوز کے اقدامات پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے بڑا حکم جاری کرتے ہوئے پولیس کی بغیر قانونی پراسس گرفتاری کو اغوا قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر پراسس کا غلط استعمال ہو اور انصاف کے ساتھ کھلواڑ کیا جائے تو طے شدہ اصول کے مطابق ایسی کارروائی کالعدم ہو جاتی ہے۔
    اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے طے شدہ اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایف آئی آر کی بنیاد غیر قانونی ہو تو اس کے بعد ہونے والی تمام کارروائی ختم ہونی چاہیے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے مطابق کرمنل کارروائی کو کالعدم قرار دینے کا اسکوپ محدود ہے اور عدالت کو یہ اختیار غیر معمولی حالات میں استعمال کرنا چاہیے۔
    عدالت نے یہ حکم لاہور اور بہاولپور سے خاتون اور کمسن بچوں کے اغوا کے معاملے میں جاری کیا۔ یہ کیس سابق سی ای او پی آئی اے مشرف رسول کے شہری محمد وقاص اور علیم سہیل کے ساتھ لین دین کے تنازع سے متعلق تھا۔ عدالت نے محمد وقاص، علیم سہیل اور ان کی اہلیہ ثنا سہیل کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کے کیس کا 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ اہم فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریر کیا ہے۔
    عدالت نے محمد وقاص، علیم سہیل، ثنا سہیل اور ارحم وقاص کے خلاف پولیس کا مقدمہ خارج کر دیا۔ فیصلے میں ڈی آئی جی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ شوکاز نوٹس ملوث پولیس اہلکاروں کو جاری کیے جا چکے ہیں۔
    تحریری فیصلے میں آئی جی اسلام آباد کو مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے جب کہ ایسے اہلکاروں پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار جرمانے کی یہ رقم بطور تلافی مدعی ثنا سہیل کو ادا کریں گے۔
    اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو حکم دیا کہ خاتون کے ساتھ لائی گئی ملکیتی گاڑیاں، کیش اور جیولری واپس کی جائیں۔ عدالت نے لاہور پولیس کو بھی ہدایت کی کہ خاتون اور بچوں کے اغوا کے کیس میں ملزمان کے خلاف میرٹ پر تحقیقات کی جائیں۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو فیصلے پر عملدرآمد کرکے 30 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
    واضح رہے کہ مقدمہ نمبر 653/25 اسلام آباد کے تھانہ ترنول میں پولیس مقابلے اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔