Blog

  • دسمبر میں تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولی

    دسمبر میں تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولی

    اسلام آباد:(کامرس ڈیسک)دسمبر 2025ء میں تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولی کا ریکارڈ بننے پر وزیر خزانہ نے سراہتے ہوئے ایف بی آر کو ٹیکس کلیکشن میں مزید اضافے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دسمبر 2025 میں تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولی پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کارکردگی کو حکومت کے مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے، بہتر ٹیکس تعمیل، مؤثر نفاذ اور ڈیجیٹل اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔وزیر خزانہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹیم ایف بی آر اور فیلڈ فارمیشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں دسمبر 2025 کی وصولیاں نہایت حوصلہ افزا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، کیش لیس لین دین کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیے بغیر مضبوط نفاذِ قانون کی حکمت عملی نے عملی اور پائیدار نتائج دینا شروع کر دیے ہیں۔اس موقع پر وزیر خزانہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے دسمبر 2025 میں 1,427.1 ارب روپے ٹیکس وصول کیا جو ماہانہ ہدف 1,446 ارب روپے کا 99 فیصد ہے۔ یہ کسی بھی سال کے دسمبر میں اب تک کی سب سے زیادہ ٹیکس وصولی ہے، جو بہتر تعمیل اور مؤثر نفاذ کو ظاہر کرتی ہے۔بریفنگ کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1,310 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1,308 ارب روپے ٹیکس وصول کیا جو 99.8 فیصد بنتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکس وصولی میں 59 فیصد اضافہ ہوا۔ نومبر میں وصولی 898 ارب روپے تھی جو دسمبر میں بڑھ کر 1,427.1 ارب روپے ہو گئی۔وزیر خزانہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انکم ٹیکس کی وصولی میں سب سے زیادہ 107 فیصد اضافہ ہوا، جو نومبر کے 402 ارب روپے سے بڑھ کر دسمبر میں 831.5 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح سیلز ٹیکس کی وصولی میں 25 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 403.7 ارب روپے رہی جب کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 6 فیصد اضافے کے ساتھ 72.8 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی میں بھی 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 118.9 ارب روپے رہی۔وزیر خزانہ کو آگاہ کیا گیا کہ ایف بی آر بورڈ کی مسلسل نگرانی اور وزارتِ خزانہ کی اصلاحاتی حکمتِ عملی کے مطابق یہ نتائج مضبوط ٹیکس تعمیل، بہتر نفاذ اور ادارہ جاتی احتساب کی جانب واضح پیش رفت کو ظاہر کرتے ہیں۔ بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ بہتر ٹیکس تعمیل اور مؤثر نفاذ ہی وہ واحد پائیدار راستہ ہے جس کے ذریعے رسمی شعبے پر ٹیکس کے بوجھ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں اور ٹیکس نیٹ کو گہرا اور وسیع بنانے کے لیے دگنی محنت کریں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹیم ایف بی آر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، محنت اور مؤثر نفاذ کے ذریعے اس اہم قومی ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

  • سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    لاہور (نمائندہ خصوصی)سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ کے دوران ایک کار حادثہ پیش آیا جس میں مقامی پیڈیاٹریشن 75 سالہ فائقہ آفتاب قریشی جان کی بازی ہار گئیں۔ورجینیا پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فائقہ قریشی کی گاڑی سڑک سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی میں موجود خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں بچوں کے دی کنگز ڈاٹر اسپتال میں بطور فزیشن اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا بعد ازاں وہ طویل عرصے تک اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دیتی رہیں۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر فائقہ کا بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہرا تعلق تھا جبکہ مستقبل کے ڈاکٹرز کی تربیت میں ان کا کردار دیرپا اثرات کا حامل رہا۔ادھر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق ڈاکٹر فائقہ، سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی تھیں، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی نمایاں طالبہ رہیں، 1973 میں گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں اسی ادارے میں بطور استاد بھی خدمات سرانجام دیتی رہیں

  • وزیراعظم کی خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد

    وزیراعظم کی خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد

    اسلام آباد:(نما ئندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اہم اجلاس ہوا جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعظم شہبازشریف نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔اجلاس کی شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے۔وزیراعظم نے تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے ان مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائردریافت کر لیے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان ذخائر سے یومیہ 4100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا، اس سال سردی کے موسم میں گھریلو صارفین کو پچھلے سال کی نسبت بہتر پریشر کے ساتھ گیس مہیا کی جا رہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آر ایل این جی کے کنکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے اور جون 2026 تک 3 لاکھ 50 ہزار کنکشنز کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائے گا، شیوا گیس فیلڈ اور بٹانی گیس فیلڈ کے لیے پائپ لائنز کو کمیشن کیا جا چکا ہے جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن پر کام جاری ہے۔

  • حکومتِ بلوچستان نے تعلیمی خدمات کو ضروری خدمات قرار دے دیا

    حکومتِ بلوچستان نے تعلیمی خدمات کو ضروری خدمات قرار دے دیا

    کوئٹہ (نمائندہ خصوصی ) حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل اور عوامی مفاد کے پیشِ نظر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے تعلیمی خدمات کو ضروری خدمات قرار دے دیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر SO(عدالتی) 1-12/2025-Edn:/1028-37 کے مطابق، بلوچستان اسنشل ایجوکیشن سروسز ایکٹ، 2019 پہلے ہی نافذ العمل ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ ایکٹ کے تحت تعلیمی خدمات سے وابستہ افراد کی جانب سے ہڑتال، تالہ بندی یا کسی بھی نوعیت کے غیر قانونی اقدامات پر پابندی عائد ہے، جبکہ ایسے اقدامات کی صورت میں سزا کے لیے بھی قانونی انتظامات موجود ہیں۔ اس قانون کا مقصد صوبے میں تعلیم کی فراہمی کو اس کے حقیقی تناظر میں منظم اور بلا تعطل یقینی بنانا ہے۔مزید برآں، بلوچستان اسنشل ایجوکیشن سروسز ایکٹ، 2019 کے سیکشن 6 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے، محکمہ سکول ایجوکیشن نے عوامی مفاد میں فوری طور پر صوبے کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں ہڑتال، تالہ بندی یا کسی بھی دیگر غیر قانونی عمل پر چھ (06) ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

  • نئے سال کا شاندار آغاز؛ اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

    نئے سال کا شاندار آغاز؛ اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

    کراچی:(کامرس ڈیسک )نئے سال کے موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا شاندار آغاز ہوا ہے، جہاں انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اور 2026ء کے پہلے ہی دن بازار حصص میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے نتیجے میں مارکیٹ میں شیئرز کی خرید و فروخت میں نمایاں تیزی ریکارڈ ہو رہی ہے۔آج جمعرات کے روز پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز ہی سے خریداری کا رجحان غالب رہا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 1954 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 76 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔کاروباری دورانیے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1954 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے بعد ایک لاکھ 76 ہزار 8 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا، جس سے سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان کا اظہار ہوتا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

  • صدر مملکت  اور  وزیراعظم  کےسال نو پر پیغامات

    صدر مملکت اور وزیراعظم کےسال نو پر پیغامات

    اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو نئے سال 2026 کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2025 کا سال دفاع وطن کے اعتبار سےتاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سال 2026 کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام اہلیان وطن کو نئے سال کی خوشیاں مبارک ہوں، اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہیں کہ نئے سال کا سورج خوشیوں ،خوش حالی اور اللہ کے فضل و کرم لیے طلوع ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ خدا کرے کہ نئے سال کا ہر دن ملکی سالمیت، قومی ہم آہنگی جیسی اقدار کومضبوط تر کرے اور معاشی آسودگی، سماجی اور معاشرتی خوش حالی کی نوید لے کر آئے۔
    وزیراعظم نے کہا کہ 2025 کا سال دفاع وطن کے اعتبار سے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، جب مسلح افواج اور قوم نے شانہ بشانہ دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے معرکہ حق میں تاریخ رقم کی۔
    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے فضائی حدود کا ایسا ناقابل تسخیر دفاع کیا جو دنیا کے لیےمثالی کامیابی اور دنیا کے جنگجووں کے لیے نصابی سطح پر سبق آموز مقابلہ تھا، ان شااللہ پوری قوم اپنی دلیر، بہادر اور باصلاحیت افواج کے ساتھ مل کر ملک کے دفاع میں ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔
    وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس دہشت گردی کے حملوں میں مادر وطن کے لیے اپنی جان کی قربانی پیش کرنے والے شہدا کو بھی پوری قوم کی طرف سے آج کے دن خصوصی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
    انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی خوش حالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور حالیہ معاشی اعشاریوں میں بہتری حکومت کی درست اور مثبت سمت کی عکاس ہے۔
    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس شروع کیے گئے انقلابی معاشی اصلاحات و اقدامات کو مزید تیز رفتار اور بہترین انداز میں اس سال عزم نو کے ساتھ ان شااللہ جاری رکھیں گے تاکہ عوام کی معاشی خوش حالی کے لیے مؤثر عملی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
    وزیراعظم نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر ہم دست دعا ہیں کہ دنیا بھر میں انسانیت کی عزت و تکریم، تحفظ، امن و سلامتی، باہمی آہنگی، رواداری اور بقائے باہمی جیسے سنہری معاشرتی اقدار کے فروغ کے لیے ہر اکائی اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے۔
    انہوں نے کہا کہ پاکستان اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ وہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنی پرخلوص کاوشوں کو جاری رکھے گا۔
    وزیراعظم شہباز شریف آج کے دن میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیےخیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتا ہوں۔
    وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی پاکستان کو دہشت گردی، فرقہ واریت، جرائم اور معاشرتی تقسیم جیسے شر سے محفوظ رکھے، خدا کرے کہ نیا سال پاکستان معاشرتی و سیاسی ہم آہنگی، خوش حالی اور استحکام کا گہوارہ رہے۔
    صدر مملکت
    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اگرچہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، مگر قوم ہرگز بے اختیار نہیں۔ اتحاد، حوصلے، تخلیقی سوچ اور پختہ یقین کے ذریعے ہم ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہیں۔
    صدر مملکت نے زور دیا کہ ایک قوم اور ملک کے نگہبان ہونے کے ناطے ہمیں اپنی قومی ذمہ داریوں کا ازسرِنو احساس کرنا ہوگا تاکہ درپیش مسائل کا دانشمندی اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
    مریم اورنگزیب
    پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے نئے سال پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے۔ نئے سال 2026 کے لیے پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور ترقی کے لیے پرامید ہیں۔

  • بابر اور رضوان نے نیو ایئر نائٹ کس کے ساتھ منائی؟

    بابر اور رضوان نے نیو ایئر نائٹ کس کے ساتھ منائی؟

    سڈنی( اسپورٹس ڈیسک)کئی پاکستانی کھلاڑی سالوں سے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کا حصہ رہے ہیں۔ان دنوں بھی بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، حارث رؤف سمیت کچھ کھلاڑی بگ بیش لیگ میں شامل ہیں۔آج میلبرن رینیگیڈز اور سڈنی سکسرز کے درمیان میچ کی خاص بات یہ ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان بگ بیش لیگ کے جاری سیزن میں آج پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مقابل آئے۔میچ سے قبل محمد رضوان پریزینٹر مارک ہووارڈ سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کل نیو ایئر نائٹ پہ میں اور بابر ساتھ تھے۔اسی اثناء میں بابر اعظم قریب سے گزر رہے ہوتے ہیں تو مارک ہووارڈ کے کہنے پر محمد رضوان انہیں آواز دے کر اپنے پاس بلاتے ہیں۔نیو ایئر نائٹ سے متعلق مارک ہووارڈ کے سوال پر بابر اعظم نے بتایا کہ ہم دونوں ساتھ تھے لیکن رضوان کی فیملی ہوٹل میں ہی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کنڈیشنز سے متعلق بہت باتیں کی۔مارک ہووارڈ نے بابر اعظم سے سوال کیا کہ کل آپ ان کے ساتھ نیو ایئر نائٹ منارہے تھے اور آج ان کے خلاف بیٹنگ کریں گے اور یہ وکٹوں کے پیچھے سے کچھ نہ کچھ بول کر آپ کو تنگ کریں گے۔بابر اعظم نے کہا کہ میں اس کا عادی نہیں ہوں لیکن میں آج خود بھی رضوان کی بیٹنگ کے دوران انہیں تنگ کروں گا۔محمد رضوان نے کہا کہ میں ہمیشہ بابر کو عزت دیتا ہوں کیونکہ وہ بہت اچھا شخص ہے لیکن چونکہ آج وہ میرا مخالف ہے تو میں وہی کروں گا جو میری ٹیم کو ضرورت ہوگی۔

  • نئے سال کی آمد پر ٹرمپ کی بڑی خواہش سامنے آگئی

    نئے سال کی آمد پر ٹرمپ کی بڑی خواہش سامنے آگئی

    واشنگٹن (فارن ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے سال کے موقع پر اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا میں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ ان کی نئے سال کی خواہش کیا ہے تو انہوں نے مختصر مگر معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا، ’’زمین پر امن‘‘۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دنیا مختلف خطوں میں جاری جنگوں اور تنازعات کا سامنا کر رہی ہے۔ان کے اس مختصر بیان کو سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے اور صارفین اس پر مختلف ردعمل دے رہے ہیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق نئے سال کے آغاز پر صدر ٹرمپ کا امن سے متعلق بیان عالمی حالات کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے، تاہم اس حوالے سے عملی اقدامات پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔

  • قرآن پر حلف اٹھا کر زہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر بن گئے

    قرآن پر حلف اٹھا کر زہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر بن گئے

    نیویارک( فارن ڈیسک )امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی نے یکم جنوری 2026 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا اور وہ نیویارک کی تاریخ کے پہلے مسلم میئر بن گئے ہیں۔34 سالہ ڈیموکریٹ رہنما نے اپنی چار سالہ مدت کا آغاز آدھی رات کے فوراً بعد سٹی ہال کے نیچے واقع ایک بند سب وے اسٹیشن میں ایک سادہ تقریب کے دوران کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق زہران ممدانی نے حلف برداری کے دوران اپنا ہاتھ قرآن پاک پر رکھا۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے قرآن پاک کے دو نسخوں پر حلف اٹھایا، جن میں ایک ان کے دادا کا ذاتی نسخہ اور دوسرا نیویارک پبلک لائبریری کے شومبرگ سینٹر سے لیا گیا تھا۔حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے زہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے شہریوں کی خدمت ان کے لیے ایک اعزاز اور زندگی کا سب سے بڑا اعتمار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سادہ مقام کا انتخاب محنت کش طبقے سے وابستگی اور عوامی ٹرانسپورٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔اس تقریب میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے انہیں حلف دلایا جبکہ ان کی اہلیہ راما دواجی بھی موجود تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ممدانی کے والدین، معروف فلم ساز میرا نائر اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر محمود ممدانی بھی اس موقع پر شریک تھے۔زہران ممدانی کی باضابطہ اور عوامی حلف برداری کی تقریب بعد میں سٹی ہال کے باہر منعقد کی جائے گی، جس میں سینیٹر برنی سینڈرز اور کانگریس وومن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز سمیت ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔زہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مہنگائی، کرایوں میں اضافے اور شہری سہولتوں کو مرکزی نکتہ بنایا تھا۔ انہوں نے کرایوں میں اضافے پر پابندی، مفت بس سروس اور بچوں کی نگہداشت کی سہولتوں کا وعدہ کیا ہے۔

  • ڈھاکا؛ ایاز صادق سسے بھارتی وزیر خارجہ کی ملاقات،  جے شنکر نے خود آکر مصافحہ کیا

    ڈھاکا؛ ایاز صادق سسے بھارتی وزیر خارجہ کی ملاقات، جے شنکر نے خود آکر مصافحہ کیا

    ڈھاکا (خصوصی رپورٹ )اسپیکر قومی اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ جے شنکر نے خود آکر ایاز صادق سے مصافحہ کیا۔ذرائع کے مطابق بنگلا دیشی دارالحکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی ملاقات سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی وفات کے بعد وہاں پہنچنے کے موقع پر ہوئی ہے۔یہ اہم ملاقات سابق بنگلا دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کی رہائش گاہ پر ہوئی ، جہاں بھارتی وزیر خارجہ خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نشست پر آئے اور مصافحہ کیا ۔ سردار ایاز صادق نے بھی مسکرا کر اُن کو جواب دیا ۔ دونوں نے چند منٹ کی گفتگو کے دوران ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔ اس دوران خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ بھی ہوا۔واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ کے بعد اعلیٰ سطح پر دونوں ممالک کے رہنماؤں کا پہلی بار آمنا سامنا ہوا ہے۔