Blog

  • ٹرمپ کا انجام فرعون، نمرود اور رضا شاہ جیسا ہوگا، ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای

    ٹرمپ کا انجام فرعون، نمرود اور رضا شاہ جیسا ہوگا، ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای

    تہران(فارن ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو انجام ہوا، وہی ٹرمپ کے ساتھ بھی ہوگا۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ غرور میں مبتلا ایک شخص خود کو دنیا کے فیصلے کرنے کا اہل سمجھ رہا ہے، مگر اسے یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اقتدار کے عروج پر موجود طاقتور حکمرانوں کا انجام کیا ہوا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم، غرور اور طاقت کے نشے میں مبتلا حکمران زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتے۔دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل پر ایران میں بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں تخریب کاری کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور عوام کو افراتفری پر اکسا رہے ہیں۔ایرانی صدر نے واضح کیا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو ایران کے اندر انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے اور ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف کئی مضبوط آپشنز پر غور کر رہا ہے۔

  • ایران کے خلاف بڑا فیصلہ قریب؟ صدر ٹرمپ نے فوجی آپشن کا عندیہ دے دیا

    ایران کے خلاف بڑا فیصلہ قریب؟ صدر ٹرمپ نے فوجی آپشن کا عندیہ دے دیا

    واشنگٹن:(فارن ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے، جن میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔صدر ٹرمپ نے فلوریڈا سے واشنگٹن ڈی سی جاتے ہوئے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایرانی اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایران میں انٹرنیٹ کی بحالی کے معاملے پر وہ ارب پتی کاروباری ایلون مسک سے بھی بات کریں گے، کیونکہ اس شعبے میں ان کی کمپنی کو مہارت حاصل ہے۔امریکی صدر کے مطابق ایران نے حال ہی میں جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیے رابطہ کیا ہے اور امریکا اس حوالے سے ملاقات پر بھی غور کر سکتا ہے، تاہم ساتھ ہی مختلف آپشنز، بشمول فوجی کارروائی، زیر غور ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں جاری مظاہروں کے بعد صدر ٹرمپ کو فوجی آپشنز پر بریفنگ دی گئی، جس میں ایران کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف سائبر آپریشنز اور نئی پابندیاں لگانے کے آپشنز بھی زیر بحث ہیں۔دوسری جانب ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ ایران سے متعلق حکمت عملی پر غور کے لیے منگل کے روز اپنے سینیئر مشیروں سے ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ ایران نے اتوار کے روز امریکا کو خبردار کیا تھا کہ کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ایران میں گزشتہ 14 روز سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جبکہ ایرانی انسانی حقوق تنظیم کے مطابق ان مظاہروں میں اب تک 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • ٹرمپ نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دے دیا،

    ٹرمپ نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دے دیا،

    واشنگٹن(فارن ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے خود کو “Acting President of Venezuela” یعنی وینزویلا کا عبوری صدر قرار دیا ہے۔
    بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں ان کی سرکاری تصویر کے ساتھ تحریر تھا کہ وہ جنوری 2026 سے وینزویلا کے عبوری صدر ہیں، جبکہ انہیں امریکا کے 45ویں اور 47ویں صدر کے طور پر بھی ظاہر کیا گیا۔
    یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے حال ہی میں وینزویلا میں فوجی کارروائی کی، جس کے بعد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں ان پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔
    امریکی حکام کے مطابق امریکا وینزویلا میں عبوری دور کے دوران سیاسی منتقلی کی نگرانی کرے گا۔ اسی دوران وینزویلا کی نائب صدر اور وزیرِ تیل ڈیلسے روڈریگز نے بطور عبوری صدر حلف بھی اٹھا لیا ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا اس عبوری مدت میں وینزویلا کے تیل کی آمدنی کی نگرانی کرے گا تاکہ اس رقم کو وینزویلا اور امریکا کے عوام کے مفاد میں استعمال کیا جا سکے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا 30 سے 50 ملین بیرل تیل امریکا کو فراہم کرے گا، جسے مارکیٹ قیمت پر فروخت کیا جائے گا۔ٹرمپ کے اس بیان اور سوشل میڈیا پوسٹ نے عالمی سطح پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے، جب کہ وینزویلا میں امریکی کردار پر پہلے ہی شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

  • پاک بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    پاک بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    کراچی (خصوصی رپورٹ ) پاک بحریہ نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا جب کہ پاکستان نیوی نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک جامع بحری مشق کے ذریعے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدلتی ہوئی بحری جنگی حکمتِ عملی کے تقاضوں کے مطابق اس مشق میں روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں کو کامیابی سے آزمایا گیا۔
    مشق کے دوران پاکستان نیوی نے جدید فضائی دفاعی نظام کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمودی لانچنگ سسٹم سے ایل وائی–80 (این) زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب لائیو فائر کیا۔
    توسیع شدہ فاصلے پر فائر کیے گئے میزائل نے فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا، مشق پاکستان نیوی کے جدید طویل فاصلے تک مؤثر فضائی دفاعی نظام کی تصدیق ہوئی۔
    بیان کے مطابق مشق میں جدید لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحِ آب کے اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، لوئٹرنگ میونیشن نے درستگی کے ساتھ اہداف کو تباہ کر کے پاکستان نیوی کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیتوں کا واضح ثبوت فراہم کیا۔
    ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جو جدید بحری جنگ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز (ان مینڈ سرفیس ویسل) کے کامیاب کھلے سمندر میں آزمائشی تجربات بھی کیے گئے۔
    آئی ایس پی آر نے کہا کہ جو خودکار بحری ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں، ان تجربات کے دوران پلیٹ فارم کی تیز رفتار کارکردگی، انتہائی پھرتی، درست نیویگیشن اور سخت موسمی حالات میں مؤثر صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔
    یو ایس وی کو کم خطرے اور زیادہ اثر رکھنے والا اسٹیلتھ ٹیکٹیکل انٹرسیپٹر قرار دیا گیا ہے، مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کیا، پاکستان نیوی کی جدید نظاموں کے مؤثر استعمال کی بھرپور صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔
    ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی قابلیت کو سراہا، پاکستان نیوی ہر صورت میں پاکستان کے بحری دفاع اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتی رہے گی۔

  • نیو اسلام آباد ائیرپورٹ  کی نجکاری کے لئے کمیٹی قائم

    نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کی نجکاری کے لئے کمیٹی قائم

    اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )نیو اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت حیدرآباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کیلئے کمیٹی قائم، نیو اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی زیرصدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں بورڈ نے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن کمیٹی قائم کردی۔بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فائنانس کمپنی کی نجکاری کا موجودہ عمل ختم کرنے کی سفارش کی جب کہ اس کے 51 فیصد حصص کی نیلامی دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح پاکستان مورگیج ری فائنانس کمپنی کی 4.2 ارب کی بولی مسترد کردی گئی، اس کمپنی کی ریفرنس قیمت 13 ارب 55 کروڑ روپے تھی۔نجکاری بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش کردی جس پر بورڈ نے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے لیے کنسیشن ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ائیرپورٹ نجکاری میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ماڈل مسترد کر کے اوپن بولی کا راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا گیا

  • پنجاب،  سندھ اور خیبرپختونخوا  میں شدید دھند، موٹرویز بند

    پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں شدید دھند، موٹرویز بند

    لاہور (خصوصی رپورٹ )پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں گہری دھند کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون، صوابی سے پشاور، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بلکسر، ایم 3 فیض پور سے سمندری اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کردی گئی۔اس کے علاوہ ایم 5 شیرشاہ سے سکھر اور ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک بند ہے۔دوسری جانب سردی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

  • کراچی شدید سرد موسم کی لپیٹ میں،  پارہ 7.9 تک ریکارڈ

    کراچی شدید سرد موسم کی لپیٹ میں، پارہ 7.9 تک ریکارڈ

    کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی سرد موسم کی لپیٹ میں ہے جہاں پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔اس کے علاوہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24سے 26ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں رات سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، گلستان جوہر میں 10.5، شارع فیصل 11.5، بن قاسم میں 11 اور ماڑی پور میں 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • امریکا میں لابنگ کے باوجود بھارت کو سفارتی محاذ پر شکست

    امریکا میں لابنگ کے باوجود بھارت کو سفارتی محاذ پر شکست

    نیویارک (فارن ڈیسک )امریکا میں لاکھوں ڈالرز کی لابنگ کے باوجود بھارت کو سفارتی محاذ پر شکست کا سامنا ہے۔امریکی تحقیقاتی ادارےکی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے امریکی لابنگ فرم کو 4لاکھ 50 ہزار ڈالرز دیے اور بھارت نے اپنی سفارتی ساکھ کوبحال کرنےکی کوشش کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے 2 لابنگ فرمز کوبالترتیب1.8ملین ڈالر اور 75 ہزار ڈالرز سہ ماہی پر ہائر کیا۔

  • خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 11 خوارج ہلاک، اسلحہ برآمد

    خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 11 خوارج ہلاک، اسلحہ برآمد

    راولپنڈی(خصوصی رپورٹ )خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 11 خوارج ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے جب کہ ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسزکی مشترکہ کارروائی میں 5 خوارج مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ ہلاک خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا، مارے گئے خوارج سے اسلحہ اورگولہ بارود برآمد ہوا ہے جب کہ خوارج دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کی کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں اور مزید خوارج کی تلاش جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری شدت سے جاری ہے، غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • حکومت ،پی ٹی آئی  مذاکرات ، وزیراعظم نے گرین سگنل دیدیا

    حکومت ،پی ٹی آئی مذاکرات ، وزیراعظم نے گرین سگنل دیدیا

    اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا۔ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اسپیکر سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دے دیا ہے جب کہ حکومتی وفد اسپیکر کی درخواست پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے ہی مذاکرات ہوں گے۔ غیر منتخب نمائندوں سے بات چیت نہیں کریں گے۔ دوسری جانب اسپیکر آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک مذاکرات کے لیے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابط رابطہ نہیں کیا۔اسپیکر آفس ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق نے ابھی تک پارلیمانی کمیٹی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ اپوزیشن رضا مند ہوئی تو فوری طور پر اسپیکر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔اس حوالے سے پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کی پیشکش کے باوجود ابھی تک اپوزیشن نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ اسپیکر نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دی ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اسپیکر سے آخری ملاقات محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے کی تھی۔