اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے خلاف اپنی سرزمین و فضا استعمال نہ ہونے دینے کے مؤقف پر کاربند ہے۔ہفتہ وار بریفننگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو امیر قطر کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اسی طرح نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ازبکستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے بھی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ انہوں نے نے میانمر کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا۔ اس کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔امریکی ویزا پابندیوں سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم نے یہ رپورٹس دیکھی ہیں اور اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ترجمان کے مطابق امریکا اپنی ویزا پالیسی پر نظر ثانی کر رہا ہے اور امید ہے کہ امریکا جلد پاکستان کے لیے ویزے بحال کرے گا۔ امریکا کی امیگریشن سے متعلق ڈیویلپمنٹ رات گئے سامنے آئی ہے اور ہم اس معاملے کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ہموار تجارتی تعلقات کا خواہشمند ہے۔ ایران کے ساتھ پاکستان کی تجارت عالمی قوانین کے مطابق ہے۔ پاکستان تجارتی تعلقات کے حوالے سے ایران اور امریکا دونوں سے رابطے میں ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اور دیگر ممالک کے درمیان تجارت قوانین کے تحت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر اعتماد ہیں کہ ایران اپنی عقلمندی، فراست، قدیم تہذیب و جذبے سے حالات پر قابو پا لے گا۔ پاکستان نے ماضی میں ایران کے جوہری مذاکرات میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ماضی کی طرح اب بھی ایران کے خلاف اپنی سرزمین اور فضائی حدود استعمال نہ ہونے دینے کے موقف پر قائم ہے اور آج بھی ہمارا مؤقف یہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ ابراہیمی پر پاکستان کا بینچ مارک ایک آزاد اور خودمختار ریاست فلسطین کا قیام ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستان عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے ذریعے غزہ امن عمل میں شریک ہے ۔ غزہ امن عمل کے دوسرے مرحلے کے اعلان کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے آگاہی ملی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طلبہ کی واپسی کے معاملے پر کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کام کر رہا ہے ، ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ ایران میں پھنسے ہوئے طلبہ کی بڑی تعداد گوادر پہنچ چکی ہے ۔ پاکستانی حکومت ایران سے واپس لوٹنے والے طلبہ کی سہولت کاری کر رہی ہے۔ ایران میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی لوٹنے والے طلبہ کی معاونت کی۔
ترجمان کے مطابق اندازاً بدھ کے روز 54 طلبہ جب کہ اس سے قبل 2 درجن کے قریب طلبہ ایران سے واپس پہنچ چکے ہیں ۔ جلد واپس آنے والے طلبہ کی تعداد سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
Blog
-

پاکستان ایران کیخلاف اپنی سرزمین و فضا استعمال نہیں ہونے دے گا، دفتر خارجہ
-

ایران پر امریکی حملے کے قوی امکانات، خطہ ہائی الرٹ پر
لندن( فارن ڈیسک)مشرق وسطیٰ ایک بار پھر شدید کشیدگی کی لپیٹ میں آ گیا ہے، جہاں ایران پر ممکنہ امریکی حملے سے متعلق خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگی ہیں۔برطانوی خبر ایجنسی نے مغربی فوجی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تمام شواہد اس بات کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ ایران پر عنقریب حملہ ہو سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق مغربی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ غیر متوقع اقدامات امریکی عسکری حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہوتے ہیں، اسی لیے صورتحال کو جان بوجھ کر غیر واضح رکھا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت کے ساتھ ہی سفارتی سطح پر بھی غیر معمولی سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے ایران سے اپنا تمام سفارتی عملہ واپس بلا لیا ہے جبکہ برطانوی سفیر کو بھی تہران سے وطن واپس طلب کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام کو ممکنہ فوجی کارروائی سے جوڑا جا رہا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو مظاہرین پر تشدد اور پھانسیوں کے معاملے پر پہلے ہی سنگین نتائج کی دھمکی دے چکے ہیں۔وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں گزشتہ رات ایک پریس بریفنگ میں امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ ایران میں مظاہرین پر طاقت کے استعمال میں کمی آئی ہے۔اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حملہ کچھ دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے کیونکہ اب تہران سے مظاہرین کی ہلاکتوں کی خبروں میں کمی آ گئی ہے۔امریکی حملے کے خدشے کے باعث اسپین، پولینڈ، اٹلی، بھارت سمیت کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔علاقائی سطح پر بھی خطرے کی فضا برقرار ہے اطلاعات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں واقع امریکی ایئر بیسز سے فوجیوں کا انخلا شروع ہو چکا ہے۔ ادھر ایران نے بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے محفوظ نہیں رہیں گے۔
-

امریکا نے وینزویلا کا تیل باضابطہ طور پر بیچنا شروع کردیا
واشنگٹن(فارن ڈیسک ) امریکا نے وینزویلا کا تیل باضابطہ طور پر بیچنا شروع کردیا۔امریکی حکام کے مطابق وینزویلا کے تیل کی 500 ملین ڈالر کی پہلی باضابطہ فروخت مکمل کر لی ہے اور تیل کی مزید فروخت آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم تیل کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے جو وینزویلا تیل کے انفرا اسٹرکچر، بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار اور مائل ہیں۔واضح رہے امریکا نے 3 جنوری کو وینزویلا میں فوجی کارروائی کی تھی جس میں صدر مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں انہیں امریکی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
-

کراچی میں شدید دھند سے حدِ نگاہ 50 میٹر رہ گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید دُھند کے باعث حدِ نگاہ 50 میٹر ہونے سے موٹروے ایم نائن پر گاڑیوں کی آمدورفت اور کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا جبکہ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر، گلزار ہجری اسکیم 33، جامعتہ الرشید احسن آباد، ڈی ایچ اے فیز 8، کراچی ایئرپورٹ، ملیر اور گلشن حدید میں شدید دھند دیکھی گئی۔
کراچی میں رواں موسم سرما کے دوران دوسری بار شدید دھند دیکھی گئی۔ اس سے قبل 21 دسمبر 2025 کو صبح سویرے شدید دھند کے باعث حد نگاہ صدر ریکارڈ کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی صورتحال پیدا ہوئی۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خُشک رہے گا جبکہ آج رات اور کل صبح بھی شہر میں دُھند کا امکان ہے۔
شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ کل کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف سمت سے 5 تا 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 95 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
ایم نائن پر شدید دھند
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم نائن پر کراچی سے ڈی ایچ اے سٹی تک شدید دُھند کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی۔موٹروے پولیس نے ہدایت کی کہ دُھند کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں، اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں اور لین کی پابندی کریں۔ترجمان کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی صورت میں موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
فلائٹ آپریشن متاثر
کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں شدید دھند کے سبب فلائٹ آپریشن بھی جزوی طور پر متاثر رہا۔ایئرپورٹ پر آمدورفت کی حامل 10 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، نجی اور ملکی پروازوں میں کچھ شام کے لیے ری شیڈول کر دی گئیں۔پی آئی اے کی صبح 8 بجے کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 302 جبکہ غیر ملکی ایئرلائنز کی کراچی سے جدہ اور ریاض کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔قطر ایئر ویز کی صبح 9 بجے کی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی جسے اب شام ساڑھے 4 بجے شیڈول کیا گیا ہے۔ فلائی دبئی کی کراچی سے دبئی کی پرواز اور سعودی ایئر کی کراچی سے جدہ کی پرواز تاخیر کا شکار ہے۔
نجی ملکی ایئر لائن کی کراچی سے لاہور اور فیصل آباد کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ ایئر سیال کی کراچی سے لاہور اور پشاور کی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔
پروازیں منسوخ
کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے سبب 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔کراچی سے بیجنگ، ایئر چائنا کی پرواز سی اے 946 اور کراچی سے کوالالمپور ایئر ایشیا ایکس کی پرواز ڈی سیون 109 منسوخ کر دی گئی۔کراچی سے اسلام آباد ایئر سیال کی پرواز پی ایف 123، کراچی سے لاہور ایئر سیال کی پرواز پی ایف 145، کراچی سے اسلام آباد ایئر بلیو کی پرواز پی اے 206 اور کراچی سے لاہور ایئر بلیو کی پرواز پی اے 404 منسوخ کی گئی۔ -

چارسدہ؛ گیس سلنڈر پھٹنے سے دو بچے جاں بحق، باپ زخمی
چارسدہ:(نمائنہ ہ خصوصی)تحصیل اتمانزئی کے علاقے طارق آباد میں واقع گھر کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے بیٹا اور بیٹی جاں بحق جبکہ باپ شدید زخمی ہوگیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق گیس سلنڈر پھٹنے کا افسوس ناک واقعہ ابراہیم نامی شخص کے گھر میں پیش آیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر غیور مشتاق خان کی ہدایت پر ریسکیو 1122 چارسدہ کی ایمبولینس اور فائر وہیکل فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔حادثے کے نتیجے میں والد ابراہیم شدید زخمی ہوگئے جبکہ ان کے دو بچے (بیٹا اور بیٹی) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
-

محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے فیصلے کو چیلنج کرونگا،اکبر ایس بابر
اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے اسپیکر کے متوقع فیصلے کو قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔اکبر ایس بابر کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نوٹیفائی کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہوگی۔ اسپیکر کے ایسے کسی بھی فیصلے کو قانونی فورم پر چیلنج کریں گے۔ اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پی ایل ڈی 2018 (صفحہ 370) میں قرار دے چکی ہے کہ سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں۔ قومی اسمبلی کے رولز اسپیکر قومی اسمبلی کو ہرگز اجازت نہیں دیتے کہ سزا یافتہ کی ایما پر اپوزیشن لیڈر تعینات کریں۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کی خلاف ورزی توہین عدالت اور ’’مک مکا کی سیاست‘‘ کی علامت ہوگی۔ مک مکا کی سیاست نے عوام کو بدحال اور حکمرانوں کو خوشحال بنایا، مفاہمت کے نام پر مک مکا سیاست کا شاخسانہ ہے کہ ملک دشمن سیاست جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بااثر سیاست دان ملک دشمن سیاست کریں، اسے بدنام کریں، ملکی وسائل لوٹیں یا معیشت تباہ کریں، قانون کی گرفت سے بری ہیں۔ بااثر سیاست دان معاشرے میں انتشار پھیلائیں، اداروں پر حملے کریں یا دہشت گردوں کی سہولت کاری، احتساب سے بالاتر ہیں۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ مفاہمت کے نام پر ایسی ’’مک مکا سیاست‘‘ دفن کرنے کا وقت آگیا ہے۔ بیرونی دشمنوں کی طرح، اندرونی دشمنوں کے خلاف معرکہ حق کا دوسرا راؤنڈ شروع ہونے کو ہے۔ اس معرکہ حق میں بیرونی دشمنوں کے اشاروں پرکام کرنے والے اندرونی دشمنوں سے فیصلہ کن مقابلہ کریں گے۔پی ٹی آئی کے بانی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی، قانونی اور میڈیا کے محاذو ں پر یہ جنگ لڑیں گے۔ اندرونی دشمنوں کے خلاف معرکہ حق میں بھی فتح پاکستان اور عوام کی ہوگی، ان شاء اللہ۔
-

شمالی وزیرستان؛ دریائے کرم کا اہم رابطہ پل بارود سے اُڑا دیا گیا
ڈی آئی خان:(نمائندہ خصؤصی)دریائے کرم کے اہل رابطہ پل کو بارودی مواد سے اُڑا دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں دریائے کرم پر قائم ایک اہم رابطہ پل کو بارود سے اڑا دیا گیا ہے، جس کے باعث پل مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے رات گئے پل کے نیچے بارودی مواد نصب کیا، جس کے بعد زور دار دھماکے سے پل مکمل طور پر منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کا میران شاہ اور دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔پل کی تباہی پر اہلیانِ علاقہ نے اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کی شدید مذمت کی ہے۔
-

پاکستان کے پاس تمام معلومات تھیں کہ ہمارا کون سا جہاز کہاں ہے‘ بھارتی آرمی چیف
ممبی (فارن ڈیسک)بھارتی آرمی چیف جنرل اُپندر دویدی نے اعتراف کیا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران پاکستان کے پاس بھارتی فوج کی مکمل سیٹلائٹ معلومات موجود تھیں، جن کے ذریعے اسے یہ علم تھا کہ بھارتی فوج کا کون سا جہاز، کون سا طیارہ اور کون سی یونٹ کہاں موجود ہے۔
نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل اُپندر دویدی نے پاکستان پر الزامات بھی عائد کیے، تاہم اسی دوران وہ یہ تسلیم کر بیٹھے کہ پاکستان کو سیٹلائٹس کے ذریعے بھارتی عسکری نقل و حرکت کی مکمل نگرانی حاصل تھی۔بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو یہ معلوم تھا کہ بھارتی فوج کا کون سا طیارہ، کون سی مرکزی یونٹ اور کون سا جہاز کس مقام پر حرکت کر رہا ہے۔جنرل اُپندر دویدی نے یہ بھی اعتراف کیا کہ جموں و کشمیر میں صورتحال نازک ہے، تاہم ان کے مطابق حالات اس وقت کنٹرول میں ہیں۔بھارتی آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے راکٹ فورس قائم کر رکھی ہے، اور بھارت کو بھی اسی طرز پر اپنی راکٹ فورس کھڑی کرنے کی ضرورت ہے۔ -

پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی کا فیصلہ
لاہور:(خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت آئندہ صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں ہی خریدی جا سکیں گی، تاہم فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنا قرار دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق صوبے میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی کا فروغ ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی کی منظوری کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ کی تنصیب سے مشروط کردیا گیا ہے اور کسی بھی نئے پیٹرول پمپ کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ لگائے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔چیف سیکرٹری کے مطابق این او سی حاصل کرنے والے نئے 170 پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ صوبے کے 31 شہروں میں 170 نئے پیٹرول پمپس کے لیے ای بز پورٹل کے ذریعے این او سیز جاری کیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں فیصل آباد میں 29، لاہور میں 14، بہاولپور میں 10 جب کہ خانیوال اور بہاولنگر میں 9، 9 نئے پیٹرول پمپس کو الیکٹرک چارجنگ کی سہولت فراہم کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔ اسی طرح راولپنڈی اور جھنگ میں 8 جب کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7، 7 نئے پیٹرول پمپس کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ لگانے کی شرط پر منظوری دی گئی ہے۔ -

شکار کیلیے جانیوالے 8 افراد کیٹی بندر کے قریب سمندر میں ڈوب گئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کیٹی بندر کے قریب کشتی الٹنے سے شکار پر جانے والے 8 افراد ڈوب گئے۔رپورٹ کے مطابق افسوس ناک حادثہ کیٹی بندر کے قریب پیش آیا، جس میں 8 افراد کشتی کے الٹنے کے باعث سمندر میں ڈوب گئے۔ ڈوبنے والے افراد سمندر میں پرندوں کے شکار کے لیے کراچی سے گئے تھے۔حادثے کا پتا چلتے ہی مقامی ماہی گیروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو زندہ بچالیا، تاہم کشتی حادثے کے نتیجے میں 2 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز لہروں اور خراب موسم کو قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔مقامی ماہی گیر لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حکام کے مطابق کشتی حادثے کے مقام پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تلاش و بچاؤ آپریشن کے دوران کشتی پر سوار 6 افراد کو بچا لیا گیا ہے جب کہ ڈوبنے والے ایک شخص ظہیر احمد کی لاش نکال لی گئی ہے۔ ایک اور لاپتا شخص واحد بخش کی تلاش جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں سے 5 کا تعلق کراچی اور 3 کا کیٹی بندر سے ہے۔ ریسکیو کے دوران ڈوبنے والی لانچ بھی ری کور کرلی گئی ہے۔ حادثہ ممکنہ طور پر تیز ہواؤں کے سبب پیش آیا۔ ڈوبنے والے افراد کیٹی بندر پر پرندوں اور مچھلی کا شوقیہ شکار کررہے تھے۔