Blog

  • امریکا نے ایران کی جانب بڑی فورس روانہ کردی

    امریکا نے ایران کی جانب بڑی فورس روانہ کردی

    نیو یارک (فارن ڈیسک )امریکا نے ایران کی جانب بڑی فوجی روانہ کر دی ہے جس میں جنگی بحری جہاز اور طیارے شامل ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے ڈیوس سے واپسی پر طیارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی ایک بڑی فورس ایران کی جانب رواں دواں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کی جا رہی ہے، تاہم دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔
    صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار موجود ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتا کہ کچھ ہو تاہم ایران پر گہری نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو خبردار کیا گیا تھا کہ اگر پھانسیاں دی گئیں تو امریکا کارروائی کرے گا اور ایران نے ہماری دھمکی پر پھانسیاں روک دیں۔
    صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے ایران میں 827 پھانسیاں رکوائیں اور اگر ایران میں پھانسیاں جاری رہتیں تو امریکا حملہ کر دیتا، ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف جلد لگا دیں گے۔ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کی جانب اس فوجی نقل و حرکت کا مطلب یہ نہیں کہ امریکا لازمی طور پر کارروائی کرے گا، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور بڑی بحری اور فضائی قوت ایران کی طرف بھیج رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی اثاثے مشرق وسطیٰ منتقل کریں گے۔
    غیر ملکی میڈیا نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک کیریئر اسٹرائیک گروپ اور دیگر فوجی دستے مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔ اس فورس میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن، جنگی بحری جہاز اور جنگی طیارے شامل ہیں۔
    واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی نہیں کرے گا تاہم اگر ایران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو امریکا اس کا جواب دے گا۔
    صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگرایران نے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو حملہ کر دیں گے اور ایران پر ممکنہ حملہ جوہری پروگرام سے بھی بڑا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔

  • سانحہ گل پلازہ؛ ملبے سے  صرف انسانی ہڈیاں مل رہی ہیں،  فائر آفیسر

    سانحہ گل پلازہ؛ ملبے سے صرف انسانی ہڈیاں مل رہی ہیں، فائر آفیسر

    کراچی:(اسٹاف رپورٹر)کے ایم سی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے فائر آفیسر ظفر خان کا کہنا ہے کہ گل پلازہ عمارت کے ملبے سے لاشوں کے بجائے اب صرف انسانی ہڈیاں مل رہی ہیں۔آگ سے متاثرہ عمارت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران فائر آفیسر نے بتایا کہ بلڈنگ کا اسٹرکچر انتہائی مخدوش ہو چکا ہے تاہم ملبے میں ممکنہ طور پر دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچنگ آپریشن جاری ہے۔فائر آفیسر ظفر خان نے مزید بتایا کہ 67 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 77 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔انکا کہنا تھا کہ گل پلازہ کے بیسمنٹ اور ملبے کے اوپر موجود ڈیزل ٹینک میں دوبارہ لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسن کی فائنل فہرست 77 ہے، مزید کوئی لاپتا ہے تو وہ رابطہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملبے سے تلاش جاری ہے اور سرچنگ کا کام آج مکمل کر لیا جائے گا، ایس بی سی اے کی ٹیم یہاں تعینات ہے ر انکی نگرانی میں تمام کام ہو رہا ہے۔واضح رہے کہ ریسکیو کا کام ساتویں روز بھی جاری ہے اور اب تک 85 فیصد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، پلازہ کے مختلف حصوں میں ریسکیو ٹیموں کا سرچنگ آپریشن رات گئے جاری رہا۔واقعے میں 67 افراد جاں بحق ہوچکے اور 77 افراد تاحال لاپتا ہیں، 15 افراد کی شناخت کر لی گئی جبکہ 8 افراد کی شناخت ڈی این اے اور باقی لاشیں مکمل تھیں۔پلازہ سے نکلنے والا ملبہ پاک کالونی میوہ شاہ قبرستان منتقل کیا جا رہا ہے۔

  • ورلڈ اکنامک فورم؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز  بن گئے

    ورلڈ اکنامک فورم؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے

    ڈیووس (فارن ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ورلڈ اکنامک فورم میں شریک ہیں، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
    عالمی اقتصادی فورم کا سالانہ اجلاس ڈیووس میں جاری ہے، جس میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہیں، جہاں وہ فورم میں شریک عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی و خوشگوار ملاقاتیں ہوئی ہیں۔وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آلسعود سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔فورم میں شریک رہنماؤں سے وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کی غیر رسمی ملاقاتوں کے دوران مسکراہٹوں کے تبادلے اور گرمجوشی دیکھنے میں آئی۔ وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی اقتصادی فورم میں خصوصی خطاب میں بھی شریک تھے۔

  • امریکا کےصدر ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ

    امریکا کےصدر ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ

    واشنگٹن (فارن ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جوہری پروگرام کے حصول سے متعلق ایک بار پھر سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اپنی جوہری سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنا ہوں گی، بصورت دیگر امریکا کارروائی کرنے پر مجبور ہوگا۔امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے دوبارہ جوہری پروگرام بحال کیا تو اس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں امریکا کی کارروائی نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روک دیا تھا۔
    ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے ایٹمی تنصیبات کو نشانہ نہ بنایا ہوتا تو ایران دو ماہ کے اندر جوہری ہتھیار حاصل کر لیتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش ترک کر دینی چاہیے۔
    انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ ایران کے خلاف مزید کسی فوجی کارروائی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران میں سڑکوں پر اندھا دھند لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا، لیکن ان کی جانب سے فوجی کارروائی کی دھمکی کے بعد ایرانی حکام نے سینکڑوں افراد کو پھانسی دینے کا ارادہ ترک کر دیا۔اس سے قبل صدر ٹرمپ نےفلسطینی تنظیم حماس کو بھی سخت واننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ حماس نے چند دنوں میں ہتھیار نہ ڈالے تو اُسے نیست و نابود کرکے رکھدیں گے۔

  • گل پلازہ  کی آگ کو صرف شارٹ سرکٹ کا کہہ کر نہیں چھوڑ سکتے، ڈی سی ساؤتھ

    گل پلازہ کی آگ کو صرف شارٹ سرکٹ کا کہہ کر نہیں چھوڑ سکتے، ڈی سی ساؤتھ

    کراچی:(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی آگ کو صرف شارٹ سرکٹ کا کہہ کر نہیں چھوڑ سکتے، واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں گی۔گل پلازہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ فوری طور پر واقعے کو صرف الیکٹرک شارٹ سرکٹ نہیں کہا جا سکتا، آگ شارٹ سرکٹ سے لگی یا نہیں اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔ بڑا سانحہ ہے چاہتے شفاف تحقیقات کریں۔انہوں نے بتایا کہ دروازے بند کیوں تھے اس حوالے سے گواہوں سے بیان لیے گئے ہیں جبکہ دروازے بند کیے جانے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ہم ہر پہلوں پر تفتیش بھی کر رہے ہیں، کسی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جا رہا ہے۔جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ کون سے دروازے بند تھے اور کونسے کھلے تھے، اس کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے، جس کی بھی غفلت سامنے آئی، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ عوام سوشل میڈیا کی خبروں پر بھروسہ نہیں کریں، جیسے جیسے تحقیقات آگے بڑھے گی آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 55 سے 60 لاشیں ممکنہ طور پر نکالی جا چکی ہیں، کچھ انسانی اعضاء کے علاوہ تمام کے ڈی این اے لیے جا سکتے ہیں۔ بہت کم تعداد ہے جن کے ڈی این اے حاصل کرنے میں مشکلات ہیں۔جاوید کھوسو نے بتایا کہ جہاں سالم حصہ ہے وہاں سرچ ہو چکا جبکہ زمین بوس ہونے والے حصے میں سرچنگ جاری ہے، مشینری کو بھی اس لیے رور رہے کہ ریسکیو ورکرز کو اندر جانا ہے۔ عمارت کی حالت بہت خراب ہے اور کسی بھی وقت گر سکتی ہے، عمارت کا 40 فیصد حصّہ گرا ہوا ہے اس کو چھوڑ کر باقی کو سرچ کر لیا گیا ہے۔ڈی سی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ سب سے درخواست کروں گا کہ سوشل میڈیا کی افواہوں پر کان نہ دھریں، معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، تقریباً 80 افراد کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔

  • ایم کیو ایم نے کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کا مطالبہ کردیا

    ایم کیو ایم نے کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کا مطالبہ کردیا

    کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کا مطالبہ کردیا۔کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں میری نسل کشی ہو رہی ہے، یہ جمہوری دہشت گردی ہے، کراچی کو پاکستان کا معاشی دارالخلافہ بنایا جائے، اس کو وفاق کا حصہ بنایا جائے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 18 سال حکومت کرنے کے بعد جب پیپلز پارٹی سے آگ کے حوالے سے سوال کیا جاتا ہے تو جواب آتا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی، آج کی ایم کیو ایم یہ کام نہیں کر رہی، یہ وہ ہوا تو آپ کے صدر اس وقت ایم کیو ایم کے مرکز پر گھٹنے ٹیکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ شہر کن لوگوں کے حوالے کر دیا ہے، ایک دن میں 100 سو لوگ مرتے تھے، یہ کھلی کھلی جمہوری دہشتگردی ہے، کتنے اور لوگ جل کر مریں، کتنے مزید بچےگٹر میں گرکرمریں، ہماری داد رسی کب ہوگی ؟ لوگوں کو کیا تسلی دیں؟ان کا کہنا تھا کہ یہ شہر ایسا نہیں تھا، سندھ حکومت سےجب شکایت کریں تو جواب آتا ہے بلدیہ فیکٹری کی آگ کا جواب دو،بھتا خوری کا جواب دو، کیا اس کا جواز یہ ہے؟ سندھ میں کوٹا سسٹم ایم کیوایم نے لگا کر نسل کشی کی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 18 سال سے آپ لوگوں کی حکمرانی ہے، آپ اس طرح کے سانحات کا انتظار کرتے ہیں، ایم کیوایم کے میئر کے زمانے میں بھی آگ لگی ہے، بولٹن مارکیٹ میں لگی آگ کس کو یاد نہیں، وفاق اور ریاست کے اداروں سے کہتاہوں، یہ شہر اور کتنی قربانی دے، وزیراعظم چاہتے ہوئے بھی شہر کیلیے کچھ نہیں کرسکتے، کیونکہ پیپلزپارٹی ناراض ہوجاتی ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس حکومت کو چلانے میں پیپلزپارٹی کی ضرورت ہےاور مر ہم رہے ہیں، ہمیں کوئی ٹائم بتا دیں ، بتا دیں کہ آپ کے شہر میں اتنے لوگ مزید مریں گے، ہمیں صبرآجائے، دنیا چاند پر جارہےہیں، کراچی میں بچے گٹر میں گرکر مرجاتے ہیں۔
    وفاقی وزیر نے کہا کہ آج میں ریاست اور اس کے اداروں کو اور وزیراعظم کو آواز لگا کر کہنا چاہتا ہوں، میں جانتا ہوں کہ وزیراعظم بہت ساری چیزیں چاہتے ہوئے بھی شہر کے لیے نہیں کرنا چاہتے کیونکہ پیپلز پارٹی ناراض ہوجاتی ہے اور ہم مجبور ہیں تو میں ریاست اور ان کے چلانے والوں کو کہنا چاہتا ہوں، بہت ہی عاجزی سے یہ پوچھنا اور آواز لگانا چاہتا ہوں کہ ریاست اس حکومت کو چلانے کے لیے اور کتنی قربانی دے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت چلانے کے لیے پیپلزپارٹی کی ضرورت تھی، تحریک عدم اعتماد کے لیے اس کی ضرورت تھی، اب اس حکومت چلانے کے لیے بھی اس کی ضرورت ہے تو قربانی کا بکرا ہم بن رہے ہیں، مر ہم رہے ہیں، یہ شہر مر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ جس شاخ پر بیٹھے ہیں، اسے ہی کاٹ رہے ہیں، کراچی کا خون بہہ رہا ہے تو پورا پاکستان رس رہا ہے، لوگ مر رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، یہ جمہوری دہشت گردی بند کریں،۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں ریاست چلانے والوں کو دو باتیں کہنا چاہتا ہوں کہ بس بہت ہوگیا، یہ نہیں سدھریں گے، میں ریاست سے مطالبہ اور اپیل کرتا ہوں کہ کراچی کو آرٹیکل 148 اور آرٹیکل 149 کے تحت فیڈرل ٹیریٹری کا حصہ بنایا جائے، اس کو ذوالفقار بھٹو کے آئین کے تحت پاکستان کا معاشی دارالخلافہ بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے جب بنائیں گے، بنائیں، آج یہ کام اسی آئین میں رہتے ہوئے کیا جا سکتا ہے، پاکستان کو چلانے والے کراچی کو ملک کا معاشی حب قرار دیں اور اس کو وفاق کے کنٹرول میں لیں۔

  • مریم نواز نے پاکستان کی پہلی  پیٹرولنگ الیکٹرک کار کا افتتاح کردیا

    مریم نواز نے پاکستان کی پہلی پیٹرولنگ الیکٹرک کار کا افتتاح کردیا

    لاہور:(نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت پیٹرولنگ کے لیے پہلی مرتبہ الیکٹرک گاڑی متعارف کرائی گئی ہے اور یہ اعزاز پنجاب کو حاصل ہوا ہے۔افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پیٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور خود الیکٹرک وہیکل ڈرائیو بھی کی۔ اس موقع پر مریم نواز کو گرین پولیسنگ یونٹ اور الیکٹرک وہیکل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ لاہور میں جدید ترین بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑی کے ذریعے ٹریفک اور پیٹرولنگ کے فرائض انجام دیے جائیں گے۔ یہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی فی چارج 410 کلومیٹر تک کی رینج رکھتی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑی 30 سے 80 فیصد تک تقریباً 30 منٹ میں تیزی سے چارج ہو جاتی ہے جب کہ الیکٹرک وہیکل میں سرویلنس کے لیے جدید پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور اسپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔ پیٹرولنگ پر مامور 103 گاڑیاں ماہانہ 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں جس پر 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے سالانہ فی گاڑی تقریباً 4 ہزار 500 لیٹر ایندھن کی بچت ممکن ہوگی، آپریشنل لاگت میں نمایاں کمی آئے گی اور زیرو کاربن اخراج کو یقینی بنایا جا سکے گا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بتدریج بڑھانے کی ہدایت کی اور گرین پولیسنگ یونٹ کو مرحلہ وار دیگر اضلاع میں شروع کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ایندھن کے اخراجات میں کمی اور زیرو کاربن اخراج کا باعث بنے گا جب کہ گرین پولیسنگ صاف ستھری فضا اور گڈ گورننس کے وژن کا عکاس ہے۔

  • امراض قلب کے مفت علاج میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔وزیراعلیٰ سندھ

    امراض قلب کے مفت علاج میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ این آئی سی وی ڈی میں امراض قلب کے مفت علاج میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت این آئی سی وی ڈی کی84 ویں گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس دوران بریفنگ میں بتایاگیا کہ این آئی سی وی ڈی کو مجموعی طور پر4.6 ارب روپےخسارےکا سامنا ہےترجمان کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسرطاہرصغیر نے اجلاس کوبریفنگ دی جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے قومی ادارہ امراض قلب کی قانونی حیثیت بحال کرنےکافیصلہ کیا جب کہ اجلاس میں اسپتال کےمستقبل کے تحفظ اور خدمات کے تسلسل کےلیےاہم فیصلے کیےگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امراض قلب کے مفت علاج میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے اسپتال کےآپریشنل امورکےلیے15.5 ارب روپے گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری دی جب کہ اسپتال میں چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فنانشل آفیسر کی فوری تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی کو مالی سال 26-2025 میں 3.5 ارب روپے اضافی گرانٹ کی ضرورت ہے، قانونی ابہام دور کرکے ادارے کو بلا رکاوٹ عوامی خدمت کے قابل بنایاجائےگا۔

  • غزہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا ارادہ نہیں، ٹرمپ

    غزہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا ارادہ نہیں، ٹرمپ

    واشنگٹن (فارن ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا کوئی ارادہ نہیں اور اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے۔امریکی صدر ٹرمپ نے عہدہ صدارت کو ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہ نیٹو فوجی اتحاد میری بدولت قائم ہوا اور میں نے جتنا کام نیٹو کے لیے کیا ہے کسی نے نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ کے حوالے سے کچھ ایسا کریں گے کہ نیٹو اور ہم دونوں خوش ہوں۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور فرانس کے رہنماؤں کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں اور قیادت کے حوالے سے ہم آہنگی بھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ پیرس میں ہونے والے جی سیون اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو سے جیل میں ملاقات کرنے کی کوئی دلچسپی نہیں ہے جبکہ امریکا وینزویلا سے 50 ملین بیرل تیل حاصل کر چکا ہے۔صدر ٹرمپ پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران آٹھ طیارے گرائے گئے تھے اور اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے کہا کہ آپ نے کروڑوں جانیں بچائیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر پاک بھارت جنگ نہ روکی جاتی تو لاکھوں افراد مارے جا سکتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ جاری رہتی تو 10 سے 20 ملین جانوں کا نقصان ہو سکتا تھا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے آٹھ جنگیں رکوائیں یہ میں نے نوبل انعام کے لیے نہیں رکوائیں اب بھی روس یوکریں جنگ کے خاتمے کے لیے کوشش کر رہا ہوں۔

  • سونے کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ؛ پانچ لاکھ  فی   تولہ سےتجاوز کر گئی

    سونے کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ؛ پانچ لاکھ فی تولہ سےتجاوز کر گئی

    کراچی(کامرس ڈیسک ) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 127ڈالر کے بڑے اضافے سے 4ہزار 840ڈالر کی نئی بلند سطح پر آگئی۔ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بھی 12ہزار 700روپے کے بڑے اضافے سے 5لاکھ 6ہزار 362روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی۔اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 10ہزار 888روپے بڑھ کر 4لاکھ 34ہزار 123روپے کی سطح پر آگئی۔اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 64 روپے کے اضافے سے 9ہزار 933 روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی، فی دس گرام چاندی کی قیمت 54روپے کے اضافے سے 8ہزار 515روپے کی سطح پر آگئی۔