اسلام آباد(ویب ڈیسک )حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کردیا۔حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا جس کے بعد پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 160.61 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اس سے پہلے پیٹرولیم لیوی 106 روپے فی لیٹر تھی۔ہائی اوکٹین پر لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کردی گئی، لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے اور فرنس آئل پر لیوی 77 روپے فی میٹرک ٹن کردی گئی۔ رواں مالی سال پیٹرولیم لیوی کا ہدف ایک ہزار 468 ارب روپے مقرر ہے، لیوی کی شرح بلند ہونے سے نان ٹیکس ریونیو میں مزید اضافہ متوقع ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 520 روپے 35 پیسے ہوگئی۔مٹی کے تیل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کا تیل بھی 34 روپے 8 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 467روپے 48 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
Blog
-

آئل ٹینکرزے کرائے بڑھانے کیلئے ہڑتال کی دھمکی دے دی
کراچی (ویب ڈیسک )پیٹرولیم مصنوعات میں بڑے اضافے کے بعد آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے کرائے بڑھانے کیلئے ہڑتال کی دھمکی دے دی۔آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر عبداللہ آفریدی نے کہا ہے کہ کل کسی بھی آئل ٹینکر کو لوڈ نہیں کیا جائے گا، موجودہ کرایوں میں کام کرنا ممکن نہیں، شدید مالی نقصان کا خدشہ ہے، نقصان سے بہتر ہے گاڑیاں کھڑی رکھیں۔عبداللہ آفریدی نے کہا کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب سمیت دیگر علاقوں میں سپلائی متاثر ہونے کا امکان ہے، ایک ہفتے سے حکام سے رابطے جاری ہیں، وزیر پیٹرولیم علی پرویز سے متعدد بار رابطہ اور خطوط ارسال کرچکے ہیں، مذاکرات کی درخواست کی مگر کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ پائپ لائن کوٹے میں تبدیلی سے ٹینکر مالکان متاثر ہورہے ہیں، جب تک کرایہ نہیں بڑھایا جاتا، ٹینکرز نہیں چلیں گے، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا جائے گا، ٹینکر مالکان سے اپیل گاڑیاں بند رکھیں اور احتجاج میں حصہ لیں۔
-

جرمن سیاح کو اسلام آباد میں چوروں نے لوٹ لیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک )دنیا کا سفر سائیکل پر کرنے والے ایک جرمن شہری کو اسلام آباد پہنچتے ہی چوری کی واردات کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاح فلپ سیم نے رات گزارنے کے لیے اسلام آباد ایکسپریس وے پر تھانہ کھنہ کے علاقے میں کیمپ لگایا۔ وہ اپنے عالمی سائیکل سفر کے دوران پاکستان پہنچے تھے۔رپورٹس کے مطابق جب وہ اگلی صبح بیدار ہوئے تو ان کی سائیکل اور قیمتی کیمرہ چوری ہو چکے تھے، جس پر انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔واقعے کے بعد جرمن سفارتخانے کی درخواست پر اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور تلاش کے بعد سائیکل برآمد کر لی گئی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور چوری میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ دارالحکومت میں سیکیورٹی اور سیاحوں کے تحفظ سے متعلق سوالات کو بھی جنم دے رہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
-

’حملہ آوروں کے پاؤں کاٹ دیں گے‘، ٹرمپ کی دھمکی پر ایرانی فوج کا دوٹوک اعلان
تہران (فارن ڈیسک )ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا اور آئندہ بھی اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جو بھی ایران پر حملہ کرے گا، اسے سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حملہ آوروں کے ’پاؤں کاٹ دیے جائیں گے‘، جس سے مراد بھرپور اور فیصلہ کن جوابی کارروائی ہے۔ایرانی حکام کے مطابق ملک کی دفاعی صلاحیت مکمل طور پر مضبوط ہے اور ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اپنی سرزمین، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی پالیسی پر قائم ہے اور دشمن کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ماہرین کے مطابق اس قسم کے سخت بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ ظاہر کرتے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں دونوں جانب سے سخت مؤقف اپنایا جا رہا ہے۔
-

ایران کا امارات میں امریکی فوجیوں کی خفیہ میٹنگ پر حملہ، 37 فوجی ہلاک
تہران (فارن ڈیسک )ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کہ متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی افسران کی ایک میٹنگ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 37 امریکی فوجی مارے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں امریکی افسران کی خفیہ میٹنگ کی جگہ پر پاسدارانِ انقلاب کی نیوی کی جانب سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں 37 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ صبح سے لے کر اب تک باسدارانِ انقلاب کی بحری افواج نے بڑے پیمانے پر پانچ آپریشن کیے ہیں جن کے دوران امارات، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔مزید برآں ایران کی جانب سے آج صبح ایک ڈرون حملے میں شمالی بحر ہند میں “ابراہم لنکن” طیارہ بردار جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے باعث جہاز کو پیچھے ہٹنا پڑا۔
-

پاکستان کی سفارت کاری پر ہندوستان سے فیک نیوز کا سلسلہ جاری ہے،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:(ویب ڈیسک )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران امریکا جنگ میں پاکستان کی جانب سے کامیاب سفارت کاری کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی گئی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم امت کا اتحاد ضروری ہے۔ 4 وزرائے خارجہ نے ایران امریکہ کے اسلام آباد میں مذاکرات کی سپورٹ کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے فعال سفارتکاری جاری رہی۔ پاکستان ،سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی اسلام آباد میں بیٹھک ہوئی۔ 4 فریقی اجلاس کا یہ دوسرا دور تھا۔ اس سے قبل ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے اسحاق ڈار کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کی تھیں۔ترجمان کے مطابق ان وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی بات چیت ہوئی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی ہے۔ اسحاق ڈار نے اس بارے میں سوشل میڈیا پر بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے اس اقدام کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر دورہ چین کیا۔ پاکستان اور چین نے ایران امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے 5 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت چین میں ہورہی ہے۔ پاکستان نے اپنا وفد چین کے شہر ارومچی بھیجا ہے۔ وفد بھیجنے کا مقصد ہے کہ افغانستان کے اندر سے دہشتگردی بند کی جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ افغان طالبان دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔ افغان طالبان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستانی وفد ابھی چین میں بات چیت کے لیے موجود ہے، واپس نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی مذاکرات سے نہیں بھاگا۔ ہم افغانستان کے معاملے پر چین کے ساتھ بھی انگیج ہیں۔میڈیا بریفنگ میں طاہر انداربی کا کہنا تھا کہ ایران امریکا جنگ میں پاکستان کی سفارت کاری پر ہندوستان سے فیک نیوز کا سلسلہ جاری ہے۔ ایرانی وزرات خارجہ کے ترجمان سے منسوب بیان کو بھی غلط پیش کیا گیا ہے۔ بعد میں ایرانی وزارت خارجہ سے وضاحت جاری ہوئی۔ ان فیک نیوز والوں اور جھوٹ بولنے والوں سے ہوشیار رہیں۔
-

پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، فورسز کی کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی(پاکستان واچ نیوز)سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے لیے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اپریل 2026ء کو شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاک افغان سرحد کے ساتھ بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خارجیوں کے اس گروہ کو نشانہ بنایا۔ درست اور مہارت سے کی گئی اس کارروائی کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اس جھڑپ سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرحدی ذمہ داریوں کو مؤثر طریقے سے نبھانے میں ناکام رہی ہے۔ افغان طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ مہم عزم استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔انہوں نے کامیاب کارروائی میں 8 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ -

فرانس کے صدر کی بیوی ان سے برا سلوک کرتی ہے،ٹرمپ کی بیان نےہنگامہ کھڑا کردیا
واشنگٹن (فارن ڈیسک )امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نجی تقریب کے دوران فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ہونے والے ایک نجی لنچ کے دوران ٹرمپ نے نیٹو اتحادیوں پر ایران کے خلاف جنگ میں ساتھ نہ دینے پر تنقید کی۔ اس دوران انہوں نے فرانسیسی صدر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے فرانس کو فون کیا، میکرون، جن کے ساتھ ان کی اہلیہ بہت برا سلوک کرتی ہیں۔‘ٹرمپ کا اشارہ ایک پرانی ویڈیو کی جانب تھا جس میں مبینہ طور پر بریجیٹ کو میکرون کے ساتھ سخت رویہ اپناتے ہوئے دکھایا گیا تھا، تاہم فرانسیسی صدر پہلے ہی اس ویڈیو کو گمراہ کن مہم کا حصہ قرار دے چکے ہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے فرانس سے خلیجی خطے میں مدد کی درخواست کی تھی، لیکن ان کے بقول میکرون نے جنگ کے بعد تعاون کی پیشکش کی۔ ٹرمپ نے اس جواب کو طنزیہ انداز میں دہراتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری مدد درکار تھی، نہ کہ بعد میں۔ٹرمپ نے اس موقع پر نیٹو پر بھی سخت تنقید کی اور اسے کاغذی شیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بڑا عالمی تنازعہ پیدا ہوا تو نیٹو شاید امریکا کے ساتھ کھڑا نہ ہو۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی اشارہ دیا ہے کہ ایران جنگ کے بعد امریکا اپنے نیٹو کے ساتھ تعلقات کا ازسرِ نو جائزہ لے سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے اس بیان سے امریکا اور یورپی اتحادیوں کے درمیان تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال پہلے ہی پیچیدہ ہو چکی ہے۔
-

آج سے 4 اپریل تک کراچی میں شدید بارش کی پیشگوئی
کراچی (پاکستان واچ نیوز)آج سے 4 اپریل تک ملک کے بیشتر حصوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی آج رات سے تین اپریل کے دوران بارش متوقع ہے اور چند علاقوں میں 50 ملی میٹر یا زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنی ویدر ایڈوائزری میں کہا کہ آج مغربی سسٹم بلوچستان کے جنوب مغربی جانب سے ملک میں داخل ہوگا، آج رات کراچی میں ہلکی بارش،پھوار،بونداباندی کا امکان ہے۔اس کے مطابق کل شہر میں گرج چمک تیز ہواوں کے ساتھ بارش متوقع ہے، کراچی میں چندایک مقامات پر موسلادھاربارش ہوسکتی ہے۔ہنا تھا کہ اس نظام کے زیر اثردیہی سندھ کےمختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، کراچی پر بارشوں کا سسٹم 4 اپریل تک برقراررہ سکتا ہے۔
-

ٹرمپ کی مقبولیت زمین بوس، ایران پالیسی پر امریکی عوام کا بڑا ردعمل سامنے آگیا
واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف پالیسیوں اور ممکنہ جنگی اقدامات پر عوامی حمایت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جبکہ ان کی مجموعی مقبولیت بھی کم ہو کر 33 فیصد تک آ گئی ہے۔
یونیورسٹی آف میساچوسٹس امہرسٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک حالیہ سروے کے مطابق صرف 33 فیصد امریکی شہریوں نے ٹرمپ کی کارکردگی کو سراہا، جبکہ 62 فیصد افراد نے ان کی پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
سروے میں خاص طور پر ایران کے حوالے سے ٹرمپ کی حکمت عملی پر سوالات اٹھائے گئے۔
نتائج کے مطابق صرف 29 فیصد افراد نے ایران کے خلاف کارروائیوں کی حمایت کی، جبکہ 63 فیصد امریکی عوام نے اس پالیسی کو مسترد کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق صرف خارجہ پالیسی ہی نہیں بلکہ اندرونی مسائل پر بھی عوام کی بڑی تعداد ٹرمپ سے ناخوش نظر آتی ہے۔
مہنگائی کے معاملے پر 71 فیصد افراد نے حکومتی کارکردگی کو ناقص قرار دیا، جبکہ روزگار، امیگریشن اور ٹیرف پالیسیوں پر بھی شدید تنقید سامنے آئی۔
مزید برآں، سروے میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو ووٹ دینے والے 17 فیصد افراد اب اپنے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں، جو ان کی گرتی ہوئی مقبولیت کا ایک اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار امریکی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں، جہاں عوام خارجہ پالیسی کے ساتھ ساتھ معاشی مسائل کو بھی زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔
