اسلام آباد(ویب ڈیسک )ایران جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان کا تیار کردہ منصوبہ ایران اور امریکی قیادت کو پہنچا دیا گیا ہے۔رائٹرز کے مطابق امریکا اور ایران کو جنگ ختم کرنے کا منصوبہ موصول ہو گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے تیار کردہ فریم ورک تہران اور واشنگٹن کو پیش کیا گیا جس میں فوری جنگ بندی اور بعد ازاں جامع معاہدے کی تجاویز شامل ہیں۔منصوبے کے تحت جنگ بندی کے فوراً بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل کھولنے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے مسلسل رابطے کیے۔منصوبے کے مطابق 45 روزہ جنگ بندی کے بعد اسلام آباد میں حتمی مذاکرات متوقع ہیں جبکہ معاہدے میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی کے بدلے پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہو سکتی ہے۔دوسری جانب ایران نے پاکستان کا تیار کردہ منصوبہ موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ایرانی عہدیدار نے رائٹزر سے گفتگو میں کہا کہ جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کی تجویز موصول ہو گئی ہے۔ جنگ بندی مجوزے کاجائزہ لے رہے ہیں۔عہدیدار نے کہا کہ تہران کسی ڈیڈ لائن یا دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔ عارضی جنگ بندی کے بدلے آبنائے ہرمز نہیں کھولیں گے۔ تہران کا خیال ہے کہ امریکا میں مستقل جنگ بندی کے لیے تیاری کا فقدان ہے۔
Blog
-

ایرانی فوج کے انٹیلیجنس سربراہ مجید خادمی امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید
تہران (ویب ڈیسک )ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلیجنس تنظیم کے سربراہ میجر جنرل مجید خادمی امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔یہ بات ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان کے حوالے سے پیر کے روز رپورٹ کی۔بیان کے مطابق میجر جنرل مجید خادمی گزشتہ تقریباً پانچ دہائیوں سے ایران کے انٹیلیجنس اور سکیورٹی نظام میں اہم کردار ادا کر رہے تھے اور انہیں ملک کی سکیورٹی اسٹرکچر کی ایک کلیدی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ مجید خادمی کی خدمات ایران کی داخلی سلامتی اور انٹیلیجنس آپریشنز کے حوالے سے نہایت اہم تھیں، اور ان کی موت ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے، اور مختلف محاذوں پر حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
-

بھارت نے ڈرامہ کیا تو کلکتہ تک پہنچا کرآئیں گے، خواجہ آصف
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے، اگر بھارت نے کوئی ڈرامہ رچانے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور جواب دیتے ہوئے کلکتہ تک پہنچا کر آئیں گے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خطے میں امن قائم ہونا چاہیے اور برادر ممالک کے درمیان اتفاق ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے، تاہم اگر بھارت نے کوئی ڈرامہ رچانے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو جواب دیتے ہوئے کلکتہ تک پہنچاکر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انتہائی اہم کردارادا کر رہا ہے، دعا کریں پاکستان اپنے کردار میں سرخرو ہو۔خواجہ آصف نے کہا کہ دعا کریں خطے میں امن قائم ہو،برادرممالک میں اتفاق ہو۔
-

انشاءاللہ اور بسم اللہ، کیا رونالڈو نے اسلام قبول کرلیا؟
ریا ض (ویب ڈیسک )پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے سعودی کلب النصر کو النجمہ کے خلاف 2-5 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس میچ میں رونالڈو نے دو گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔تاہم، اس میچ میں رونالڈو کی کارکردگی سے زیادہ ایک خاص لمحہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا، جب انہوں نے پینلٹی پر گول کرنے سے پہلے ’بسم اللہ‘ کہا۔انہوں نے 56ویں منٹ میں پینلٹی کے ذریعے گول کر کے اسکور 2-3 کردیا، بعد ازاں 73ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری 2-4 کردی۔اس شاندار کارکردگی کے بعد رونالڈو کے کیریئر گولز کی تعداد 967 تک پہنچ گئی ہے اور وہ اب تیزی سے 1000 گولز کے تاریخی سنگ میل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں جب رونالڈو نے مسلمانوں کی زندگی کے لازمی جز سمجھے جانے والے کسی مخصوص اسلامی لفظ کا استعمال کیا ہو۔دسمبر 2025 میں مسلسل تیسری مرتبہ مشرقِ وسطیٰ کے بہترین فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اپنی تقریر کے دوران انہوں نے ایک ہزار گول مکمل کرنے کے لیے ’انشاءاللہ‘ کا لفظ استعمال کیا تھا۔سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ رونالڈو مزید کچھ عرصہ سعودی عرب میں رہے تو اسلام قبول کرسکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے خود رونالڈو یا ان کے قریبی ذرائع سے ایسی کسی بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔
-

نوازشریف نے پیڑول کی قیمتیں کم کرائیں،خبریں گردش کرنے لگیں
لاہور (ویب ڈیسک )پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اچانک کمی ، پس پردہ وجہ سامنے آگئی۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی مداخلت کام گئی۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ صدر ن لیگ میاں نواز شریف نے پیٹرول کی قیمت کم کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا، میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے درمیان تفصیلی مشاورت ہوئی، نواز شریف اور شہباز شریف کے مشاورت میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں فوری کمی کی ہدایت دی، تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے، وزیراعظم میاں شہباز شریف نے صدر مسلم لیگ ن لیگ کی رہنمائی میں فوری طور پر قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے کفایت شعاری پروگرام پر مکمل عملدرآمد پر بھی زور دیا، آنے والے دنوں میں مہنگائی اثرات کم کرنے کےلئے مزید اعلانات بھی متوقع ہیں۔
-

پاکستان کی قیام امن کی کوششیں بھارت کیلئے دھچکا ہیں، برطانوی اخبار
لندن (ویب ڈیسک )نامور برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی قیام امن کی کوششیں بھارت کے لیے دھچکا ہیں۔فنانشل ٹائمز میں بھارتی دفاعی تجزیہ کار سوشانت سنگھ کی جانب سے لکھے گئے مضمون میں کہا گیا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا جبکہ بھارت مشرق وسطیٰ مذاکرات سے خارج اور امریکا میں اثر و رسوخ کھو رہا ہے۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان، ترکیے، مصر اور سعودی عرب پر مشتمل بلاک علاقا ئی اثر و رسوخ میں تبدیلی کا اشارہ ہے جو بھارت کواپنی خارجہ پالیسی پرنظرثانی کرنے پر مجبورکر رہا ہے۔بھارتی دفاعی تجزیہ کار نے اپنے مضمون میں کہا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ بھی تعلقات برقرار رکھے ہیں اور صدرٹرمپ پاکستان کے فیلڈ مارشل کو ثالث کے طور پر ترجیح دیتے ہیں جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سفارتی ہزیمت کا سامنا ہے۔
-

پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی
کراچی (ویب ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو 47 سال پہلے قتل کے ایک مقدمے میں آج ہی کے دن راولپنڈی میں پھانسی دی گئی تھی۔
سپریم کورٹ مارچ 2024 میں فیصلہ دے چکی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا اس مقدمے میں ٹرائل منصفانہ نہیں تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو ملکی اور عالمی سطح پر ایک مقبول لیڈرتھے۔
وہ 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پيدا ہوئے، کيلی فورنيا اور پھر آکسفورڈ سے قانون کی تعليم حاصل کی۔
1963 ميں جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزير خارجہ بنے، آگے چل کر ایوب خان سے اختلاف ہوئے تو ترقی پسند دوستوں کے ساتھ مل کر 30 نومبر 1967 میں پيپلزپارٹی کی بنیاد رکھی جو اپنے نظریات کی بدولت ملک کی مقبول ترین جماعت بن گئی۔
ذوالفقار علی بھٹو سویلین مارشل لا ایڈمنسٹریٹر 1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر اور 1973 سے 1977 تک منتخب وزيراعظم رہے۔
ذوالفقار علی بھٹو نے علاقائی اور عالمی فورمز پر پاکستان کو نمایاں مقام دِلانے میں مرکزی کردار ادا کیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، متفقہ آئین دیا، مغربی استعمار کیخلاف اسلامی ممالک کو متحد کرنے کی کوشش کی اور آخری دم تک بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کیلئے چیلنج بنے رہے۔
داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیاء الحق نے منتخب حکومت کا تختہ الٹا اور قتل کے الزام ميں مقدمہ چلا کر 4 اپریل1979 کو انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ زندگی کا باب بند کردیا گیا مگر ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات کی گونج آج بھی باقی ہے۔
صدرآصف زرداری کا ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پرپیغام
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا شہید ذوالفقارعلی بھٹوپاکستان کی سیاسی تاریخ میں مرکزی مقام رکھتے ہیں، 1971 کے بعد کے مشکل دور میں ان کی قیادت نے قومی اعتماد کو بحال کرنے میں مدد دی۔
صدر آصف زرداری نے 1973 کے آئین کی منظوری کو اس دورکی سب سے پائیدارکامیابیوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ ان کی حکومت نے ایسی پالیسیوں اور اداروں کی بنیاد رکھی جنہوں نے اسٹریٹجک سمت کو شکل دی۔ -

حکومت نےآئی ایم ایف کو بجلی مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرادی
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بجلی مہنگی کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ بجٹ میں سبسڈی 830 ارب تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ بجٹ میں سبسڈی کو 830 ارب روپے تک محدود کرنے کے عزم کے ساتھ، پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حالیہ خلیجی جنگ اور اس کے نتیجے میں عالمی توانائی کی منڈی کو لگنے والے جھٹکوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ٹیرف میں بروقت اضافہ کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت طے پانے والے ڈھانچہ جاتی معیار کے مطابق نیا بنیادی ٹیرف 15 جنوری 2027 سے نافذ العمل ہوگا۔ آئیسکو، گیپکو اور فیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گئی ہے اور اب اس کے 2027 کے اوائل تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
-

مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا اصولی فیصلہ، اعلان صوبے کریں گے
اسلام آباد:(ویب ڈیسک )حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث پیدا ہنگامی حالات میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے کفایت شعاری اقدامات کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا،کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور بازار رات آٹھ بجے بند کرنے کا فیصلہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو اعتماد میں لے کر کیا گیا اور اس کا اعلان بھی صوبے خود کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت خطے کی صورتحال اور پٹرول بحران پر اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا ، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے وزرا اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔اس موقع پر کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اسحاق ڈار نے دورہ چین پر بریفنگ دی اور ایران امریکہ مذاکرات پر ثالثی کوششوں سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں خطے میں جنگ کے باعث معاشی مشکلات کا ذکرکرتے ہوئے قومی یکجہتی، اتحاد و اتفاق، سیاسی استحکام اور ملکر چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اشرافیہ کو قربانی دینا ہو گی، وفاق اور صوبے کم اہم منصوبوں کو روکیں تاکہ عام آدمی کا تحفظ کیا جا سکے، کفایت شعاری کرکے فنڈز جمع کرنا ہوں گے، زرعی شعبے، پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کو بچانا ہو گا تاکہ عام آدمی مہنگائی سے کم سے کم متاثر ہو، پاکستان جنگ بندی کیلئے حتی المقدور کوشش کر رہا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے اس میں کامیابی حاصل ہو گی۔ وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے ہمارے دو بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، پاکستانی پرچم بردار مزید 20 بحری جہازوں کو بھی گزارنے کا انتظام کیا گیا ہے، چند دنوں میں اس پر بھی پیشرفت ہو گی۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں55 روپے کا اضافہ محنتی کسانوں، مزدوروں اور دکانداروں کیلئے بے پناہ معاشی بوجھ تھا لیکن انہوں نے اسکو برداشت کیا، اجتماعی اور بھرپور کاوشوں سے ہم نے بروقت صورتحال کا ادراک کیا اور اقدامات اٹھائے۔ صدرآصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے بھی شکرگزار ہیں، وفاقی حکومت نے تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا بوجھ اٹھایا، پی ایس ڈی پی میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی اور تمام اخراجات وفاق نے برداشت کئے ہیں۔وقت آ گیا ہے کہ سب مل کر تعاون کریں، کفایت شعاری مہم میں صدر مملکت، بلاول بھٹو زرداری، وزراء اعلیٰ اور ارکان پارلیمنٹ کے کردار کو سراہتے ہیں۔
-

پیٹرول بم نامنظور، حافظ نعیم الرحمن کا حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان
کراچی (ویب ڈیسک )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے عوام پر پیٹرول بم قرار دیا ہے اور ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت کو 458 روپے تک لے جانا ظلم کی انتہا ہے جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بار بار قیمتوں میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ اضافے سے بائیک سوار، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ اور مزدور سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جبکہ حکومت اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں اور مہنگی گاڑیوں اور جہازوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے بجائے مزید ٹیکسز لگا دیے گئے ہیں جبکہ آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو اربوں روپے کی ادائیگیاں جاری ہیں اور کیپیسٹی پیمنٹس کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ باہر نکلیں اور حالات کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جائے گا۔
