اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق نم آلود ہوائیں مسلسل بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ 28 مئی سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث 27 مئی کی شام سے 31 مئی تک گرج چمک، آندھی اور بارشیں ہوسکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب، راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال اور گجرات، آزاد کشمیر ، مظفرآباد، راولا کوٹ اور باغ، گلگت بلتستان ، گلگت میں گرج چمک کے بارش کا امکان ہے۔علاوہ ازیں سکردو اور ہنزہ، خیبرپختونخوا ، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، دیر، سوات، کوہاٹ اور ہنگو جبکہ بلوچستان ، کوئٹہ، ژوب، زیارت اور بارکھان سمیت دیگر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں، اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سے پیوستہ روز پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں سے مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہو گئے تھے۔رپورٹ کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بادل جم کر برسے تھے اور موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے جل تھل ایک کر دیا تھا۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق آندھی و طوفان کے باعث 8 شہری جاں بحق اور 45 زخمی ہوئے تھے، جہلم میں3 شیخوپورہ، راولپنڈی، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ اور میانوالی میں ایک، ایک شہری جاں بحق ہوا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر ہونے کے باعث ہوئیں، مزید رپورٹ کیا کہ طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔٘خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھرٹی ( این ڈی ایم اے ) نے رواں سال ملک بھر میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔
Blog
-

آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ریلیف کا اشارہ
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ریلیف کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے، یہ صرف افواج کی نہیں پاکستان کی ضرورت ہے، سول ملٹری تنخواہوں کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ بھارت نے آئی ایم ایف بورڈ میں قرض پروگرام ڈی ریل کرنےکی کوشش کی، کوشش کی گئی اجلاس نہ ہو اور پاکستان کا ایجنڈا ڈسکس نہ ہو تاہم پاکستان کا کیس میرٹ پر ڈسکس ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف تمام اہداف پورے کیے، اگر پاکستان اہداف پورے نہ کرتا تو مشکل پیش آتی، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل جاری رکھیں گے، آئی ایم ایف مشن واپس جا چکا ہے، وفد کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
-

شہری کو ٹک ٹاک پر شیروں کی نمائش مہنگی پڑ گئی
لاہور:(کنزیومر واچ نیوز)پنجاب وائلڈ لائف نے گجرانوالہ سے شہری کے قبضے سے غیر قانونی تحویل میں رکھے گئے دو شیر برآمد کیے ہیں، ملزم کے خلاف وائلڈلائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے شیر ضبط کر لیے گئے۔اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لقمان نامی شہری شیر کے گلے میں زنجیر ڈال کر اسے شہری آبادی میں گھوما رہا تھا اور ساتھ اسلحہ کی نمائش بھی کی جا رہی تھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور خدشہ تھا کہ شیر کسی شہری پر حملہ کر سکتا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف رینجر شیخ زاہد اقبال کی ہدایت پر سینیئر وائلڈ لائف رینجر محمد عمیر کو ملزم کو تلاش کرکے کارروائی کی ہدایت کی جس پر نواحی علاقہ بٹالہ شرم سنگھ میں واقع فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا جہاں سے غیرقانونی طور پر رکھے گئے دو شیر برآمد کیے گئے ہیں۔
-

غیرقانونی حجاج کو پکڑنے کےلیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال
جدہ (کنزیو مر واچ نیوز)سعودی عرب نے غیرقانونی طریقے سے حج کرنے والوں کے خلاف جدت پسندانہ اقدام اٹھاتے ہوئے ڈرون ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا شروع کر دیا ہے۔مکہ مکرمہ کی مقدس حدود میں اب جدید ڈرونز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں روزانہ سیکڑوں غیرقانونی حجاج کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق یہ جدید نظام غیرقانونی حجاج کو پہچاننے اور انہیں روکنے میں انتہائی مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ ڈرونز کی مدد سے نہ صرف مکہ کی گلیوں بلکہ پہاڑی راستوں پر بھی کڑی نگرانی کی جاسکتی ہے، جہاں سے غیرقانونی حجاج داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک اور اہم پیشرفت میں، سعودی حکام نے مکہ مکرمہ میں جعلی حج پرمٹ فروخت کرنے والے انڈونیشیا کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفتیش کے دوران ان کے گھر سے مزید 14 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جن میں سے کسی کے پاس بھی حج کا جائز پرمٹ موجود نہیں تھا۔سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے بتایا کہ ’’یہ تمام اقدامات حجاج کرام کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ غیرقانونی حجاج نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔‘‘ماہرین کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال سعودی حکومت کی جانب سے حج کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال غیرقانونی حجاج کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کا سہرا کسی حد تک اس جدید نظام کو بھی جاتا ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے صرف قانونی طریقہ کار ہی اپنائیں اور کسی بھی قسم کے غیرقانونی طریقے سے حج کرنے کی کوشش نہ کریں۔
-
ہمیں مکمل یقین ہے کہ ہم فائنل جیتیں گے، شاہین شاہ آفریدی
لاہور:(کنزیومر واچ نیوز)لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں مکمل یقین ہے کہ ہم فائنل جیتیں گے۔پاکستان سپر لیگ 10 کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر شاہین شاہ آفریدی نے پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے اہم موقع پر زبردست کھیل پیش کیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 203 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 15.1 اوورز میں محض 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3.1 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم کو اس فتح کا کریڈٹ جاتا ہے، سب نے اہم وقت پر کارکردگی دکھائی۔انہوں نے بلے بازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان اور نعیم نے ہمیں شاندار آغاز فراہم کیا، خاص طور پر نعیم کی بیٹنگ قابلِ دید تھی۔شاہین آفریدی نے عبداللہ شفیق کی ذمہ دارانہ اننگز کو بھی ٹیم کی کامیابی کا کلیدی عنصر قرار دیا۔ عبداللہ کی اننگز نے ہمیں اعتماد دیا اور ہم نے مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالا، خاص طور پر نئی گیند سے ابتدائی وکٹیں لے کر فتح کی بنیاد رکھی۔
-

بھارت کی جنگی جنونیت پر سکھ برادری عالمی عدالت پہنچ گئی
لندن (کنزیو مر واچ نیوز)سکھوں کے مقدس مقام ننکانہ صاحب پر بھارتی ڈرون حملے کے بعد دنیا بھر میں سکھ برادری میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں قائم سکھ تنظیم MAAR نے اس حملے کو مذہبی آزادی پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے بھارت کے خلاف عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کروا دی ہے۔سکھ تنظیم کا کہنا ہے کہ 7 اور 8 اپریل کی رات کو بھارت نے ڈرون کے ذریعے ننکانہ صاحب پر حملہ کیا، جسے پاکستانی افواج نے بروقت اور کامیابی سے ناکام بنایا۔ تاہم، یہ واقعہ بھارت کے اس خطرناک رجحان کی ایک اور مثال ہے جس میں وہ نہ صرف سرحدی کشیدگی کو بڑھا رہا ہے بلکہ اقلیتوں کے مقدس مقامات کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔
-

لاہور: پسند کی شادی کی خواہش، باپ نے 16 سالہ بیٹی کو قتل کردیا
لاہور(کنزیو مر واچ نیوز)پسند کی شادی کی خواہش، باپ نے 16 سالہ بیٹی کو قتل کردیا،پولیس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں پیش آیا جہاں باپ ہی اپنی بیٹی کی جان کا دشمن بن گیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم عمر نے اپنی 16 سالہ بیٹی ایمان فاطمہ کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔پولیس کا کہنا ہےکہ مقتولہ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے جب کہ قتل کے بعد سے ملزم فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
-

پہلگام واقعہ،بھارتی وزیر خارجہ کی آئیں بائیں شائیں
نئی دھلی (کنزیومر واچ نیوز)بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاک بھارت کشیدگی میں امریکی کردار اور پہلگام واقعے سے متعلق غیر ملکی صحافی کے سوالوں پر آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔دوران انٹرویو غیر ملکی صحافی نے بھارتی وزیر خارجہ سے سوال کیا کہ کیا پاک بھارت کشیدگی امریکی صدر ٹرمپ نے ختم کرائی؟غیر ملکی صحافی نے بھارتی وزیر خارجہ سے اگلا سوال کیا کہ آپ نے پہلگام میں 26 افراد کے قاتلوں کو پکڑ لیا ہے؟ کیا ان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے؟ اس سارے عمل میں امریکا کا کیا کردار تھا؟بھارتی وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں امریکی کردار تسلیم کر لیا غیر ملکی صحافی کے سوالوں پربھارتی وزیر خارجہ جے شنکر آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔ بعد ازاں بھارتی جماعت کانگریس نے یہ فوٹیج اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لگاتے ہوئے پوچھا ہے ان کی زبان کیوں لڑکھڑا رہی ہے؟واضح رہے کہ 10 مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں جب کہ بھارت کبھی امریکی صدر کے کردار کو تسلیم اور کبھی اس سے انکار کررہا ہے۔
-

خضدار میں بھارت کے حکم پربچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا،ترجمان پاک فوج
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ خضدار میں 21 مئی کو فتنۃ الہندوستان نے بھارت کے حکم پربچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، فتنۃ الہندوستان جان بوجھ کر معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنارہاہے۔ڈان نیوز کے مطابق وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کررہا ہے اور گزشتہ 20 سال سے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔قبل ازیں، پریس کانفرنس کے آغاز میں سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، دہشت گردوں نے اسکول کے بچوں کو نشانہ بنایا، یہ دہشت گرد حملہ اسکول بس پر نہیں ہماری اقدار پر تھا۔انہوں نے کہا کہ خضدار میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، دہشت گردوں نے اسکول کے بچوں کو نشانہ بنایا، یہ دہشت گرد حملہ اسکول بس پر نہیں ہماری اقدار پر تھا۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، فتنۃ الہندوستان نے امن سبوتاژ کیا ۔
-

بھارت کی کسی بھی جارحیت کا پوری قوت سے ردعمل دیا جائے گا، پاکستان
اسلام آباد:(کنزیومر واچ نیوز)پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اشتعال انگیز بیان کے بعد دوبارہ دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا پہلے کی طرح منہ توڑ جواب ملے گا۔انتہا پسند سیاسی جماعت بی جے پی کے کٹھ پتلی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حالیہ تقریر کو خطرناک قرار دیتے ہوئے پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اگر نئی دہلی نے کوئی بھی اشتعال انگیزی کی تو اسلام آباد اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات محض اشتعال انگیزی نہیں بلکہ علاقائی سلامتی کے لیے سنجیدہ خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے الزامات محض پروپیگنڈے کا حصہ ہیں، جو خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے، لیکن دفاع اس کا آئینی اور بین الاقوامی حق ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر سرحد پار سے کسی بھی قسم کی جارحیت ہوئی، تو پاکستان پوری قوت سے ردعمل دے گا۔ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ نئی دہلی کی جنگی زبان اور خطرناک عزائم کا نوٹس لے کیوں کہ کیونکہ ایسے بیانات اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہیں۔یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے راجستھان میں اپنے ایک انتخابی جلسے کے دوران ماضی کی طرح پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد حملوں کی قیمت چکانی پڑے گی اور بھارت اپنے دریاؤں کا پانی پاکستان کو نہیں دے گا۔ان بیانات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی سفارتی عملے پر پابندیاں عائد کیں اور پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔
