Blog

  • افسوس ناک حادثے میں خاتون اور دو بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    افسوس ناک حادثے میں خاتون اور دو بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    کراچی:(کنزیومر واچ نیوز)شہر قائد میں پیش آنے والے افسوس ناک حادثے میں خاتون اور دو بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق کراچی کے ساحلی علاقے ہاکس بے روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں خاتون اور دو بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق ایک تیز رفتار کار ساحل سے شہر کی جانب واپس آتے ہوئے اچانک بے قابو ہو کر نالے کی دیوار سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔ابتدائی طور پر حادثے میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، جن میں ایک خاتون اور ایک بچی شامل تھیں، تاہم بعد ازاں ریسکیو حکام نے بتایا کہ ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی اور پھر ایک مزید زخمی کی موت کے ساتھ جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 20 سالہ زین ولد یوسف، 4 سالہ حسین اور 8 سالہ بچی فاطمہ شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق حادثے کا شکار تمام افراد ایک ہی کار میں سوار تھے اور یہ واقعہ موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ ڈرائیور کو نیند آ گئی تھی یا تیز رفتاری کے باعث گاڑی موڑ کاٹنے میں قابو سے باہر ہو گئی۔ حادثے میں متاثرہ کار کافی حد تک تباہ ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت کار میں بچوں سمیت مجموعی طور پر 8 افراد سوار تھے ۔ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔انچارج سول اسپتال ٹراما سینٹر ڈاکٹر عبدالرزاق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 10 افراد کو سول ٹراما سینٹر منتقل کیا ، جن میں سے 4 افراد افسوناک واقعے میں جاں بحق ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ یہ پنجاب سے تعلق رکھنے والا خاندان ہے جو ہاکس بے پر پکنک سے واپس جارہا تھا ۔ 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں سر میں اندرونی چوٹیں آئی ہیں جب کہ 3 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • ماں نے بچوں کو بچانے کیلیے تالاب میں چھلانگ لگادی، تینوں جاں بحق

    ماں نے بچوں کو بچانے کیلیے تالاب میں چھلانگ لگادی، تینوں جاں بحق

    پنڈی گھیب(کنزیومر واچ نیوز) ماں نے اپنے بچوں کو بچانے کے لیے تالاب میں چھلانگ لگادی، تاہم تینوں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔پنجاب میں ضلع اٹک کے شہر پنڈی گھیب میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ماں اپنے 2 بچوں کو بچاتے ہوئے تالاب میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئی۔دل سوز واقعہ پنڈی گھیب کے علاقے پرانہ میں پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی موت سے کہرام مچ گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا، جب 2 کمسن بچے کھیلتے ہوئے تالاب میں جا گرے اور بچوں کو پانی میں ڈوبتا دیکھ کر ماں نے فوراً تالاب میں چھلانگ لگا دی تاکہ انہیں بچا سکے، لیکن پانی گہرا ہونے کی وجہ سے تینوں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    facebook

  • آئی ایم ایف حکومت پاکستان سے ناراض

    آئی ایم ایف حکومت پاکستان سے ناراض

    اسلام آباد:(کنزیومر واچ نیوز)آئی ایم ایف نے پاکستان کا فوڈ ایمرجنسی کا مؤقف مسترد کردیا ہے جب کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے 7 ارب ڈالر پروگرام کی خلاف ورزی پر تشویش بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کی 7 ارب ڈالر پروگرام کی خلاف ورزی پر تشویش ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد پر تمام ٹیکسز معاف کر دیے ہیں، جس پر آئی ایم ایف کی جانب سے ناراضی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستان کا ’’فوڈ ایمرجنسی‘‘ کا مؤقف مسترد کردیا ہے، اور اسے وعدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ چینی برآمد کی اجازت کے بعد قیمت پہلی بار 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے چینی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی مخالفت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے وزارت خزانہ کی مخالفت کے باوجود سمری منظور کی۔ایف بی آر نے چینی پر تمام درآمدی ڈیوٹیز معاف کیں، سیلز و ودہولڈنگ ٹیکس صرف 0.25 فیصد مقرر کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف معاہدے کے تحت نئی ٹیکس چھوٹ دینے کا پابند نہیں ہے۔دوسری جانب ٹی سی پی نے 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے اور 18 جولائی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ حکومت چینی کی درآمد پر نظرثانی اور ٹیکس چھوٹ واپس لینے پر غور کر رہی ہے۔ دریں اثنا شوگر ملز ایسوسی ایشن کرشنگ سیزن کے آغاز پر آمادہ ہے۔

  • احمد آباد ،طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والا پائلٹ  دماغی مسائل کا شکار تھا

    احمد آباد ،طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والا پائلٹ دماغی مسائل کا شکار تھا

    احمدآ باد(کنزیومر واچ نیوز)بھارتی شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹ کے دماغی مسائل اور ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔رواں برس جون میں لندن جانے والا ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ احمد آباد میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ تفتیش کاروں کو دیے گئے میڈیکل ریکارڈ کے مطابق طیارے کا پائلٹ ڈپریشن اور دماغی صحت کے دیگر مسائل میں مبتلا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 56 سالہ کیپٹن سُمیت سبھروال بدقسمت ائیر انڈیا طیارے کے لیڈ پائلٹ تھے۔اس حوالے سے برطانوی روزنامہ ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’حالیہ 3 سے 4 برسوں کے دوران کیپٹن سُمیت سبھروال نے ذہنی صحت کے مسائل کے سبب میڈٰیکل چھٹیاں بھی لی تھیں ‘۔انڈین ایوی ایشن کے سیفٹی ایکسپرٹ موہن رنگاناتھن نے ٹیلی گراف کو بتایا کہ’ مجھے کئی پائلٹس نے بتایا تھا کہ کیپٹن سُمیت سبھروال ذہنی مسائل کا شکار تھے، سبھروال نے 2022 میں اپنی والدہ کے انتقال کی چھٹیاں بھی لی تھیں جب کہ ان کے بوڑھے والد کی دیکھ بھال کا ذمہ بھی سُمیت کے ذمے ہی تھا‘ ۔دوسری جانب ائیر انڈیا نے سُمیت سبھروال کی دماغی صحت سے متعلق رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے تاہم ائیر لائن کی پیرنٹ کمپنی ٹاٹا گروپ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پائلٹ کے ریکارڈ کو بھی تبدیل کیا جاچکا ہے۔انہوں نے وضاحت پیش کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ’ گزشتہ برس ستمبر میں کام پر آنے سے قبل پائلٹ کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا ہوگا جس کے بعد ہی پائلٹ کو کام پر واپس آنے کے لیے کلیئرنس دی گئی ہوگی‘۔

  • آسٹریلیا کیخلاف ویسٹ انڈیز صرف 27 رنز پر ڈھیر

    آسٹریلیا کیخلاف ویسٹ انڈیز صرف 27 رنز پر ڈھیر

    ملبورن (کنزیومر واچ نیوز)آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 176 رنز سے ہرادیا۔ویسٹ انڈیز ٹیم دوسری اننگز میں صرف 27 رنز بنا سکی جو 70 سال کی تاریخ میں مکمل ٹیسٹ اننگز کا دوسرا کم ترین ٹوٹل ہے۔ویسٹ انڈیز ٹیم کم ترین ٹیسٹ اننگز کے 70 سالہ پرانے ریکارڈ کے قریب پہنچ گئی تھی، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم 1955 میں آکلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف 26 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔اس کے علاوہ جنوبی افریقی ٹیم 2 مرتبہ 30، 30 رنز پر آؤٹ ہو چکی ہے۔ویسٹ انڈیز کے ریکارڈ 7 کھلاڑی ایک اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے اور 4 بیٹرز گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر اسکاٹ بولینڈ نے ہیٹ ٹرک کی اور مچل اسٹارک نے اپنے 100 ویں ٹیسٹ میں 400 وکٹیں مکمل کیں۔اسٹارک نے اپنے کیرئیر کی بہترین بولنگ کی اور انہوں نے 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، وہ مین آف دی میچ قرار پائے۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 225 اور دوسری اننگز میں 121 جب کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 143 اور دوسری اننگز میں 27 رنز بنائے۔آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔

  • پہیہ جام ہڑتال ؛ وزیر خزانہ نے تاجروں کو مذاکرات کی دعوت دے دی

    پہیہ جام ہڑتال ؛ وزیر خزانہ نے تاجروں کو مذاکرات کی دعوت دے دی

    کراچی( کنزیومر واچ نیوز)ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کے اعلان کے بعد وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تاجروں کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تاجر اسلام آباد آئیں مل کر بات کریں گے، معاملات کے حوالے سے تاجروں کو سمجھانے کی کوشش بھی کریں گے۔محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ ایف بی آر کے اختیارات کا انکم ٹیکس سے کوئی تعلق نہیں، ایف بی آر کے اضافی اختیارات پر چیمبرز کے صدور سے اہم ملاقات کل ہوگی، اور انہیں بھی سمجھائیں گے۔ ایف بی آر کے اضافی اختیارات 5کروڑ روپے سے زائد سیلز ٹیکس غبن کرنے والے فرد پر لاگو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے اضافی اختیارات کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایف بی آر کے اضافی اختیارات کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی مشاورت سے اسمبلی سے منظور کروایا گیا اور اضافی اختیارات سیلز ٹیکس فراڈ کو روکنے کے لیے نافذ کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ آج گورنر اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے صدور سے ملاقات ہوئی، پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے بینکوں کے کردار پر اجلاس ہوا۔ جتنی مالیاتی اسپیس تھی اتنا ریلیف تنخواہ داروں کو دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مالیاتی منظرنامہ بہتر ہوا جس کے باعث بینکوں کی لیکویڈیٹی بڑھی ہے، بینکوں کی جانب سے اب نجی شعبے کو قرضوں میں اضافہ ہونا چاہیے۔ زرعی شعبے کے ساتھ ایس ایم ایز فنانسنگ میں بہتری آئی ہے۔

  • 19 جولائی کو گڈز ٹرانسپورٹ بند رہے گی،کراچی چیمبرز کی حمایت کا اعلان

    19 جولائی کو گڈز ٹرانسپورٹ بند رہے گی،کراچی چیمبرز کی حمایت کا اعلان

    کراچی:(کنزیومر واچ نیوز)ملک کی تمام گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے تاجر برادری کا ساتھ دیتے ہوئے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک شیر خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری تاجروں کے ساتھ ہے، 19 جولائی کو ملک میں کہیں بھی کوئی سپلائی یا کوئی گاڑی نہیں چلے گی۔ اگر تاجر ہڑتال طویل کرنا کا کہیں تو بھی ہم تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز 19 جولائی کو کراچی چیمبر آف کامرس کی ہڑتال میں شریک ہوں گے، جب تک کراچی چیمبر کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے پہیہ جام ہڑتال ہوگی اور ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔کراچی چیمبر آف کامرس میں ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے صدور نے چیمبر کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ فنانس بل میں سیلز ایکٹ کی شقوں 37 اے اور بی کے خلاف ہڑتال سے متعلق ٹرانسپورٹرز نے کراچی چیمبر کی حمایت کی۔صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے کہا کہ وزیر خزانہ فوری طور پر ہمارے پانچ مطالبات کو عارضی طور پر معطل کریں تو ہڑتال واپس لیں گے، وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ سے مذاکرات کے لیے بار بار فون آ رہے ہیں لیکن وزیر خزانہ کراچی آکر بھی ہم سے ملاقات نہیں کر رہے۔جاوید بلوانی نے کہا کہ آج ہم نے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ہم حکومت سے مذاکرات کریں گے لیکن ہماری شرط یہ ہے کہ ہمارے مطالبات کو فوری طور پر تعطل میں ڈالا جائے اور ہڑتال اسی صورت واپس ہوگی۔صدر کراچی چیمبر نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز نے کہا ہڑتال آگے بڑھے گی تب بھی وہ ساتھ کھڑے ہوں گے۔

  • ہانیہ عامر کی فلم “سردار جی3نے نئی تاریخ رقم کر دی

    ہانیہ عامر کی فلم “سردار جی3نے نئی تاریخ رقم کر دی

    ممبیء (کنزیومر واچ نیوز)بھارت میں تنازع کا شکار ہوکر ریلیز نہ ہونے کے باوجود بھارتی پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم “سردار جی 3 نے اوورسیز میں نئی تاریخ رقم کر دی۔دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی مشترکہ فلم سردار جی 3 نے بین الاقوامی سطح پر زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ بھارت میں ریلیز پر پابندی کے باوجود یہ فلم صرف 15 دنوں میں 50 کروڑ روپے کی اوورسیز کمائی کا ہدف عبور کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔اس سپر ہٹ فلم نے جمعہ کے روز 1.75 لاکھ امریکی ڈالر کا بزنس کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی بین الاقوامی آمدن 60 لاکھ ڈالر (تقریباً 51 کروڑ روپے) تک پہنچ گئی۔ اس طرح سردار جی 3 پنجابی سنیما کی تاریخ میں صرف دوسری فلم بن گئی ہے جس نے بیرونِ ملک 50 کروڑ سے زائد کمائی کی ہے۔دلجیت دوسانجھ کی ہی فلم جٹ اینڈ جولیئٹ 3 اس سنگِ میل کو عبور کرنے والی پہلی پنجابی فلم تھی۔ اب سردار جی 3 نے کیری آن جٹّا 3 (46 کروڑ) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور قابلِ ذکر کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

  • 2 سال کی عمر میں اغوا کیے جانے والے لڑکے کی 32 سال بعد والدین سے  ملاقات

    2 سال کی عمر میں اغوا کیے جانے والے لڑکے کی 32 سال بعد والدین سے ملاقات

    کراچی (ویب ڈیسک )نجی ٹی وی کے پروگرام’میں 2 سال کی عمر میں اغوا کیے جانے والے لڑکے کی 32 سال بعد والدین سے ملاقات ہوئی جس کے جذباتی مناظر نے دیکھنے والوں کے دل پگھلا دیے۔ پروگرام کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے 2 سال کی عمر میں اغوا کیے جانے والے محمد آصف نے بتایا کہ اس کے دل میں ایک ہی خواہش تھی کہ کب وہ دن آئے گا جب اپنے ماں باپ کو دیکھوں گا۔ بیٹے کو والدین سے ملانے والے سماجی کارکن ولی اللہ معروف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسےکیسز میں متاثرین سے رابطے کے لیے سوشل میڈیا پر ویڈیو بناکر ڈالتے ہیں جس کے نتیجے میں کامیابی نصیب ہوتی ہے۔جیو کے پروگرام ’کے آغاز میںمیزبان نے کہا کہ آج کا جرگہ میرے لیے خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ ایک اغوا شدہ بیٹے کی تقریباً 32 سال بعد اپنے والدین سے ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ محمد آصف کو 1992 میں اغوا کیا گیا تھا اور والدین مسلسل اس کی تلاش میں رہے، ہمارے دفتر میں یہ ملاقات ہوئی جو ایک اعزاز ہے۔ مغوی محمد آصف کے والدین نے کہا کہ ہم نے اپنے بچے کا نام محمد صدیق رکھا تھا جب کہ اغوا کاروں نے نام بدل کر محمد آصف کردیا، یہ بری امام سے اغوا ہوا تھا، ایک دن ایسا نہیں گزرا جب ہم نے اپنے بچے کو یاد نہ کیا ہو، ہم اللہ سے صبر مانگتے رہے۔محمد آصف نے بتایا کہ ’اغوا کے وقت میری عمر 2 سال تھی، مجھے ایک عورت نے اغوا کیا تھا جس کے 3 بھائی اور ایک ماں تھی، وہاں ایک اور بچہ تھا جسے 2,3 سال پہلے اغوا کیا گیا تھا، وہ میرے بڑے بھائی کی طرح تھا، اس نے مجھے بتایا کہ مجھے اغوا کیا گیا ہے‘۔محمد آصف نے کہا کہ’وہ عورت مجھے سرگودھا کے قریب جھانوریا گاؤں میں اپنے بھائیوں کے پاس چھوڑ کر پنڈی چلی گئی، جھانوریا میں سب لوگ کہنے لگے کہ یہ 2 بچے اغوا شدہ ہیں، ان کی شکلیں آپ لوگوں سے نہیں ملتیں جس کے بعد انہوں نے وہ گاؤں چھوڑ دیا‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہمیں نہیں پتا تھا کہ ہم اغوا کیے گئے ہیں، بس دل میں خیال آتا تھا کہ یہ لوگ ہم سے پیار نہیں کرتے اور مارتے پیٹتے ہیں، لوگوں سے بھی سنا تھا کہ ہمیں اغوا کیا گیا ہے، پھر ہم تحصیل بھلوال چلے گئے جہاں سے میں بھاگ کے جھانوریا چلا گیا، اس وقت میری عمر 9 سے 10 سال تھی، میں ایک وکیل کے گھر چلا گیا وہ مجھ سے بہت پیار کرتے تھے، انہوں نے ہی میری پرورش کی اور اسکول بھیجا لیکن مجھے پڑھنے کا شوق نہیں تھا، میں نے الیکٹریشن کا کام سیکھا اور 2017 میں شادی کرلی اور اپنے پیسوں سے گھر خریدا‘۔محمد آصف کے مطابق ’ایک دن میں ایک سنارے کی دکان پر بیٹھا تھا تو وہاں ایک بندے سے ملاقات ہوئی جس کے سامنے ذکر ہوا کہ میں اپنے والدین کی تلاش میں ہوں، پھر ان کے ذریعے سماجی کارکن ولی اللہ معروف سے ملا جنہوں نے میری نشانیاں پوچھیں اور پھر بلآخر میرے والدین سے ملوایا‘۔

  • حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات جاری ،ڈی آئی جی ساوتھ نے کیا بتایا

    حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات جاری ،ڈی آئی جی ساوتھ نے کیا بتایا

    کراچی: (کنزیو مر واچ نیوز)ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی حمیرا اصغر کی موت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے بتایا کہ لاش خراب ہونے کی بو 5 سے 40 دن تک ہوتی ہے اور اس مدت کے دوران حمیرا کے ہمسائے بھی اپنے فلیٹ میں نہیں تھے۔اسد رضا نے کہا کہ حمیرا اصغر کے پڑوس والا فلیٹ بھی کافی عرصے سے خالی تھا اور جہاں اداکارہ کی لاش تھی وہاں ساتھ والے کمرے میں واش روم کی کھڑکی کھلی تھی، ہوسکتا ہے کہ کھڑکی کے ذریعے لاش کی ب±و باہر نکلتی رہی ہو۔انہوں نے مزید بتایا کہ فلیٹ کی مینجمنٹ کمیٹی، چوکیدار اور ہمسائے کو بھی شامل تفتیش کریں گے، حمیرا اصغر کراچی سے لاہور سفر کرتی رہتی تھیں، ہوسکتا ہے کہ لوگوں نے سمجھا ہو وہ لاہور گئی ہوئی ہیں۔ڈی آئی جی ساوتھ کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں 7 اکتوبر 2024 کو یہ واقعہ پیش آیا جس کے 3 دن بعد ایک بار چوکیدار نے حمیرا کو فون بھی کیا جس کا جواب نہیں آیا،7 اکتوبر کے بعد حمیرا اصغر کے ایک دوست نے بھی ایک بار فون کیا۔خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔لاش کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاش ڈی کمپوز کے آخری اسٹیج پر ہے جسے دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی موت تقریباً 8 ماہ پرانی ہے۔