Blog

  • چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فون مالکان کے حوالے کئے جائیں گے،محمد رضوان عرفان

    چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فون مالکان کے حوالے کئے جائیں گے،محمد رضوان عرفان

    کراچی (رپورٹ : نشیدآفاقی )کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے کہا ہے کہ پولیس اور سی پی ایل سی کے اشتراک سے ریکور کیے گئے 22 لاکھ روپے مالیت کے 145 موبائل فون سی پی ایل سی کے حوالے کیے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمائندہ کنزیومرواچ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ مزید 150 موبائل فون بھی جلد سی پی ایل سی کے حوالے کیے جائیں گے جس کے بعد یہ موبائل فون مالکان کے حوالے کیے جائیں گے۔محمدرضوان عرفان نے بتایا کہ ایسوسی ایشن اب تک 26 کروڑ روپے مالیت کے چوری شدہ یا چھینے گئے موبائل فونز فروخت کے لیے مارکیٹ آنے پر ریکور کرکے مالکان کے سپرد کرچکی ہے۔محمد رضوان عرفان نے کہا کہ پولیس، سی پی ایل سی اور ایسوسی ایشن کے اشتراک سے بنائے گئے سخت ضابطہ عمل کے تحت کسی بھی نئے یا پرانے موبائل فون کی خریداری سے قبل IMEI نمبر اور شناختی کارڈ کی سی پی ایل سی سے تصدیق کرانا لازمی ہے۔ایس او پی کے تحت کوئی بھی شہری جب اپنا موبائل فون فروخت کرنے آتا ہے تو اس کا آئی ایم ای آئی نمبر سی پی ایل سی کو بھیجا جاتا ہے، اگر وہ موبائل فون چھینا یا چوری کیا گیا ہے تو وہ موبائل فون ہم سی پی ایل سی کے حوالے کر دیتے ہیں۔محمدرضوان عرفان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایس او پی ابھی صرف کراچی کی حد تک ہے، اگر پورے سندھ میں یہ ایس او پی نافذ ہو جائے تو شہریوں سے چھینے اور چوری کیے گئے مزید موبائل فون بھی ریکور ہو سکتے ہیں۔یہ صورتحال کراچی کے شہریوں کے لئے خوش آئندہے شہریوں نے کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان ،سی پی ایل سی اور پولیس سے اظہارتشکر کیا ہے

  • کراچی : بالوں کی پیوندکاری کےماہرین کی کہکشاں سجےگی

    کراچی : بالوں کی پیوندکاری کےماہرین کی کہکشاں سجےگی

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)کراچی میں بالوں کی پیوندکاری کےماہرین کی کہکشاں سجےگی، نومبر کے آخر میں منعقد ہونے والی دوروزہ پری کانفرنس ریجنل ورکشاپ کے لیےہیئر ریسٹوریشن سوسائٹی آف پاکستان ساؤتھ ریجن نےتیاریاں شروع کردیں اس ضمن میں آرگنائزنگ کمیٹی اور سائنٹیفک کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ڈاکٹر ذوالفقار تونیو کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹرحنیف سعید، ڈاکٹر منظور انڑ ڈاکٹرعابد ابڑو، ڈاکٹر فیصل ،ڈاکٹراقبال شیخ اورڈاکٹر پردل کمار نےشرکت کی جبکہ ایسوسی ایٹ ممبر ڈاکٹر قرطاس شیخ نےجدہ سے آن لائن تجاویز پیش کیں ، یاد رہے کہ کراچی میں مجوزہ دو روزہ پری کانفرنس ورکشاپ آئندہ سال فروری میں انٹر نیشنل سوسائٹی آف ہیئر ریسٹوریشن سرجنز ( آئی ایس ایچ ایس آر ایس) کے زیر اہتمام اسلام آبادمیں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا حصہ ہے اور ایسی متعدد پری کانفرنس ورکشاپس مختلف ریجنز میں منعقد ہو چکی ہیں کراچی ساؤ تھ ریجن دوروزہ پری کانفرنس ورکشاپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کاچیئرمین ، بانی ممبرڈاکٹر حنیف سعید مقرر کیا گیا جبکہ ڈاکٹر ذوالفقار تونیو سائنٹیفک کمیٹی کے چیئرمین قرار پائے ،ڈاکٹر ذوالفقار تونیو نے دونوں کمیٹیوں کےمشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ورکشاپ اور کانفرنس کو زیادہ سے زیادہ اکیڈمک اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ یہ یہ محض رسمی نشستیں بن کر نہ رہ جائیں بلکہ ایک تعلیمی اور تحقیقی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کریں اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سینئر ڈاکٹرز اپنی معلومات اور تجربات ایک دوسرے سے بھی شیئر کریں جبکہ جونیئر ڈاکٹرز کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی تحقیقی اور علمی صلاحیتوں کو بروئےکار لا سکیں اجلاس میں ڈاکٹر حنیف سعید نے انتظامات کے متعلق شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی، جسے تمام ماہرین نے سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز اراکین کے کیسز بھی باقاعدگی سے شیئر کیے جائیں۔
    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاسوں میں پیپر پریزنٹیشنز کے لیے پہلے موضوعات کا انتخاب کرکے شرکاء کو دس منٹ کے لیکچرز کی تیاری کے ساتھ اپنے ایبسرکٹس جمع کرانے ہوں گے، کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے بعد ہی ورکشاپ کو کانفرنس کا حصہ بنایا جائے گا۔کانفرنس میں بیرون ملک سے آنے والے اراکین کی پیپر پیش کرنے کےلیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ متعدد غیر ملکی ماہرین کی فزیکل اور آن لائن شرکت بھی متوقع ہے، جس سے اس پلیٹ فارم کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ جبکہ مختلف فیسوں کے اسٹرکچر کی منظوری بھی دی گئی۔
    اس دوران ڈاکٹر رانا عرفان کےلیے خاص طور پر آدھے گھنٹے کا وقت مختص کیا گیا تاکہ وہ امریکن بورڈ آف ہیئر ریسٹوریشن کے امتحان کی تیاری کرنے والے ڈاکٹرز کو آگاہی ماہرانہ رائے اور تجاویز دے سکیں۔ شرکاء نے ڈاکٹر ذوالفقار تونیو کی میزبانی اور بہترین انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ بین الاقوامی کانفرنس ایک سنگِ میل ثابت ہوگی جس کے اثرات آئندہ ورکشاپس اور کانفرنسز پر دیرپا اور مثبت انداز میں مرتب ہوں گے اور یہ ہئیر ریسٹوریشن سوسائٹی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
    یاد رہے کہ اسلام آباد میں آئندہ برس ہونے والی بین الاقوامی ہیئر ریسٹوریشن کانفرنس کو پاکستان میں بالوں کی پیوندکاری کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس دنیا بھر کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گی اور ہیئر ریسٹوریشن کی فیلڈ میں متعارف ہونے والی مستقبل نئی راہیں کھولے گی دنیابھر کےماہرین بال گرنے سے روکنے اور بالوں کی پیو ندکاری سمیت بالوں کی بحالی کے لیے طبی سائنس میں ہونے والے نت نئےتجربات کانچوڑ اس کانفرنس میں پیش کریں گے یہ بلاشبہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ پہلی مرتبہ آئی ایس ایچ آر ایس پاکستان میں کانفرنس رہی ہے انہوں نے بتایا کہ نومبر کی ورکشاپ کے لیے آرگنائز نگ کمیٹی کے اراکین کی حتمی فہرست جلد پیش کریں گے جبکہ ورکشاپ کا مقام ودیگر تفصیلات پربھی کمیٹی کےپہلے اجلاس میں غور کریں گے۔ ڈاکٹر حنیف سعید نےاس توقع کا اظہارکیا کہ ہیئر ریسٹوریشن کی فیلڈ میں آنےوالے نوجوان ڈاکٹرز کے لیے یہ ورکشاپ اور کا نفرنس بہت مفید ثابت ہوں گی جبکہ اس شعبے میں تیزی سے پھیلنے والی کویکری (اتائیت) کے خاتمے بھی معاون ثابت ہوگی عوام کا پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے حامل ڈاکٹر پر اعتماد میں اضافہ ہوگا نہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کے لیے ایک بین الاقوامی سطح پر موقع فراہم کر رہا ہے جس سے میڈیکل ریسرچ، ایجوکیشن اور اکنامک ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے خاص طور پر پاکستان میڈیکل ٹورازم کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ڈاکٹر حنیف سعید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ورکشاپ کو عالمی معیار کے مطابق منظم کیا جائے گا اور شرکا کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈاکٹر حنیف سعید نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تاریخی کانفرنس پاکستان کے ہیئر ریسٹوریشن شعبے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور اس کے مثبت اثرات برسوں تک محسوس کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک کانفرنس نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا سنہری موقع ہے

  • امریکی صدر ٹرمپ سے وزیر اعظم شہباز شریف کی خوشگوار ماحول میں غیر رسمی ملاقات

    امریکی صدر ٹرمپ سے وزیر اعظم شہباز شریف کی خوشگوار ماحول میں غیر رسمی ملاقات

    نیویارک:(کنزیومر واچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے خوشگوار ماحول اور غیر رسمی ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں بات چیت کی اور مصافحہ کیا، ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کے درمیان 25 ستمبر کو ایک ون آن ون ملاقات کا امکان بھی زیر غور ہے جس میں اہم عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔ادھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نجی نیوز چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر عالمی امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے خطاب میں اہم نکات شامل تھے اور انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا، اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر مسائل کے پائیدار حل کی تلاش میں سرگرم رہے گا۔

  • پہلگام حملے کےبعد بھارتی اقدامات قابل مذمت، اوآئی سی رابطہ گروپ

    پہلگام حملے کےبعد بھارتی اقدامات قابل مذمت، اوآئی سی رابطہ گروپ

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ نے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر میں کیے گئے جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن ناگزیر قرار دیا ہے۔
    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام کا اجلاس نیویارک میں منعقد ہوا۔
    اجلاس کی صدارت او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کی جبکہ آذربائیجان، پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور نائجر کے نمائندوں نے شرکت کی۔
    اجلاس میں او آئی سی کے سیکریٹریٹ، انسانی حقوق کے مستقل کمیشن (OIC-IPHRC)، وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور کشمیری عوام کے نمائندوں نے بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتِ حال پر بریفنگ دی۔
    رابطہ گروپ نے ماضی کی قراردادوں اور مشترکہ اعلامیوں کی توثیق کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور واضح کیا کہ یہ حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حاصل ہے۔
    رکن ممالک نے جنوبی ایشیا میں حالیہ فوجی کشیدگی، پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر پر بھارتی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا اور ثالثی کے لیے دیگر ممالک کی کوششوں کو سراہا۔
    اجلاس میں 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر میں کیے گئے جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کی گئی جن میں تقریباً 2800 افراد کی گرفتاریاں، درجنوں گھروں کی مسماری، سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی طویل گرفتاری، اور کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندیاں شامل ہیں۔
    رکن ممالک نے ممتاز کشمیری رہنما شبیر احمد شاہ کی کینسر کے باوجود مسلسل قید پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ جیسے مذہبی اجتماعات پر پابندیوں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
    رابطہ گروپ نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی آئین کے تحت ہونے والے انتخابات کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے۔
    اجلاس میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کے دورۂ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر (اپریل 2025) کو سراہا گیا، اور 2 مئی 2025 کو او آئی سی کے اقوام متحدہ میں مستقل نمائندوں کے مشترکہ بیان کی بھی تائید کی گئی جس میں کشمیر کو جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کا مرکزی مسئلہ قرار دیا گیا تھا۔
    رکن ممالک نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اور رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کے مصائب کو عالمی فورمز، بشمول اقوام متحدہ، پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔ مزید یہ کہ انسانی حقوق کمیشن کو آزاد کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر حقائق جاننے کے لیے مشن بھیجنے کی درخواست کی گئی۔
    ساتھ ہی او آئی سی کے مبصر مشنز (نیویارک اور جنیوا) کو ہدایت دی گئی کہ یہ مشترکہ اعلامیہ تمام رکن ممالک، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کو ارسال کیا جائے۔
    آخر میں، اجلاس میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال بہتر کرے، تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ختم کرے، سخت گیر قوانین منسوخ کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
    اجلاس کے اختتام پر رابطہ گروپ نے متفقہ طور پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی منظور کیا، جس میں واضح کیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کا انحصار جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل پر ہے، جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
    وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر او آئی سی اور رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
    انہوں نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی قبضے کو دوام دینے کے لیے ظالمانہ قوانین، جبر، اور آبادیاتی تبدیلیوں کے اقدامات کی شدید مذمت کی، اور اگست 2019 کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت گرفتاریوں میں اضافے کو اجاگر کیا۔
    طارق فاطمی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور جنوبی ایشیا میں دیرپا استحکام کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کا حقیقی مذاکرات کے ذریعے حل ناگزیر ہے۔
    انہوں نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیریوں پر جبر کا خاتمہ کرے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، کالے قوانین کو منسوخ کرے، اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا موقع دے۔
    رکن ممالک کے وفود نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ او آئی سی کے ایجنڈے پر ایک اہم ترجیح ہے، اور انہوں نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس دیرینہ تنازع کے پرامن حل کے لیے نئی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

  • میئر کراچی نے سٹی وارڈنز بھیج کر گرین لائن کا کام بند کروا دیا: ترجمان حکومت پاکستان

    میئر کراچی نے سٹی وارڈنز بھیج کر گرین لائن کا کام بند کروا دیا: ترجمان حکومت پاکستان

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)ترجمان حکومت پاکستان برائے اطلاعات سندھ بیرسٹر راجا خلیق الزمان انصاری کا کہنا ہے گرین لائن کا کام اچھا چل رہا تھا لیکن پتہ چلا میئر کراچی نے سٹی وارڈنز کو بھجوا کر کام بند کروا دیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے ترجمان حکومت پاکستان برائے اطلاعات سندھ بیرسٹر راجا خلیق الزمان انصاری نے کہا کہ اگر کام کرنے دیا جائے تو جون 2026 تک گرین لائن کا کام مکمل کرلیں گے، یہ بے بنیاد بات ہے کہ گرین لائن کے دوسرے مرحلے کا کام 2035 تک مکمل نہیں ہو گا، کسی پوائنٹ اسکورنگ کی بات نہیں میئر کراچی سے درخواست کرتا ہوں کہ مل کر کراچی کی خدمت کریں۔راجا خلیق الزمان انصاری نے کہا کہ گرین لائن کے دوسرے مرحلے کا پچھلے دنوں جائزہ لیا، کام اچھا چل رہا تھا، پتہ چلا میئر نے گرین لائن پر کام رکوا دیا ہے۔ان کا کہنا تھا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اگر اعتراض ہوتا ہے تو نوٹس بھیجا جاتا ہے، میئر کراچی نے زبردستی سٹی وارڈنز بھیج کر کام بند کروا دیا، وفاقی حکومت کو یومیہ نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن کا دوسرا فیز کامن کوریڈور ہے، مستقبل میں ساری بی آر ٹی بسیں اس پر چلیں گی۔راجا خلیق الزمان انصاری کا کہنا تھا وفاق نے ساڑھے 5 ارب روپے کی رقم مختص کی ہوئی ہے، وفاق چاہتا ہے کراچی کو اچھی ٹرانسپورٹ کی سہولیات ملیں، اس حوالے سے پی آئی ڈی سی ایل حکام سے بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن وفاقی حکومت کا فنڈڈ منصوبہ ہے جس کا سنگ بنیاد 2016 میں میاں نواز شریف نے رکھا تھا، 10 مارچ 2025کو گرین لائن کو سندھ حکومت کے حوالے کیا، پہلے باون ہزار مسافر سفر کرتے تھے، اب 82 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں، چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت، میئر آفس اور وفاقی حکومت مل کر کام کریں۔

  • مسلم رہنماؤں سے ملاقات کامیاب رہی: ٹرمپ

    مسلم رہنماؤں سے ملاقات کامیاب رہی: ٹرمپ

    نیو یارک (کنزیومر واچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے نیویارک میں اسلامی ملکوں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی، تقریباً 50 منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ امریکی صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، قطر اور انڈونیشیا کے سربراہان شریک ہوئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مسلم رہنما ملاقات کے بعد ہال سے باہر نکلے تو بات کیے بغیر ہی روانہ ہوگئے تاہم کچھ دیر بعد امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم رہنماؤں سے ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کے بارے میں انکی عظیم رہنماؤں کے ساتھ یہ بہت اچھی اور کامیاب ملاقات رہی ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کے علاوہ تمام بڑے پلئیرز سے انکی یہ ملاقات بہت کامیاب رہی، اسرائیلی رہنما سے بھی انکی ملاقات ہوگی اور میرے خیال میں ہم غزہ کے لیے کچھ اقدام کرسکتے ہیں۔دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی صدر ٹرمپ کی مسلم رہنماؤں سے ملاقات کو بہت مفید قرار دیا۔میٹنگ کے آغاز پر امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم غزہ کی جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں اور اسے ختم کرکے رہیں گے، ممکن ہے کہ یہ ابھی ختم کردی جائے۔ صدرٹرمپ نے کہا تھا کہ انکے لیے یہ سب سے اہم ترین ملاقاتوں میں سے ایک ہے کیونکہ ہم ایک ایسی چیز کو ختم کریں گے جو کہ ہم نے شروع نہیں کی۔مسلم رہنماؤں سے ملاقات سے قبل امریکی صدر نے قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ کچھ ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کررہے ہیں ، لیکن فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کو مظالم کا انعام دینے کے برابر ہوگا۔امریکی صدر نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی چاہتے ہیں، حماس سے 38 یرغمالیوں کی لاشیں بھی واپس چاہییں۔صدر ٹرمپ نے خطاب میں دعویٰ کیا کہ حماس نے امن کی پیش کش کو مسترد کیا اور جو لوگ امن چاہتے ہیں انہیں یرغمالیوں کی رہائی کی کوشش کرنی چاہیے۔یاد رہے کہ امریکی صدر اور مسلم رہنماؤں کے سربراہان کی ملاقات کے حوالے سے امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ تھا امریکا چاہتا ہے کہ عرب اور مسلمان ممالک غزہ میں فوجیں بھیجیں تاکہ اسرائیل انخلا کرسکے۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ امریکا یہ بھی چاہتا ہے کہ عرب اور مسلم ممالک فلسطین میں اقتدار کی منتقلی کے عمل اور بحالی کے کاموں کے لیے رقوم بھی دیں ۔

  • گوگل نے پاکستان میں اے آئی پلس پلان متعارف کرا دیا

    گوگل نے پاکستان میں اے آئی پلس پلان متعارف کرا دیا

    نیو یارک (کنزیو مر واچ نیوز) گوگل نے پاکستان میں گوگل اے آئی پلس (Google AI Plus) پلان متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کا نیا پلان صارفین کو گوگل اے آئی کے ذریعے مزید کام کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی غرض سے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ نیا پلان لوگوں کو اپنی پیداواری اور تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد کرنے کے لیے طاقتور AI ٹولز تک اضافی رسائی فراہم کرتا ہے اور یہ سب نہایت باکفایت قیمت پر دستیاب ہیں۔
    گوگل اے آئی پلس پلان کے تحت پاکستان میں صارفین درج ذیل فوائد حاصل کر سکتے ہیں:
    ● جیمنائی ایپ میں امیج جنریشن اور ایڈیٹنگ یعنی Nano Banana کے لیے زیادہ گنجائش
    ● جیمنائی 2.5 پرو تک مزید رسائی، جو پیچیدہ سوالات کے لیے گوگل کا سب سے طاقتور اے آئی ماڈل ہے
    ● ویڈیو جنریشن ماڈل Veo 3 Fast تک رسائی، جو جیمنائی، Whisk، اور Flow میں دستیاب ہے۔
    ● جی میل، ڈاکس، شیٹس اور دیگر گوگل سروسز میں جیمنائی کا انضمام ۔
    ● فوٹوز، ڈرائیو، اور جی میل میں 200 جی بی اسٹوریج کی سہولت۔
    اے آئی پلس کے حوالے سے گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر،فرحان قریشی نے کہا: ”پاکستان کا ڈیجیٹل منظر نامہ تیزی سے ترقی کررہا ہے اور ہمیں پاکستانیوں کی تخلیقی صلاحیتوں نے متاثر کیا ہے جو انہوں نے اے آئی ٹولز کو اپنانے میں دکھائی ہیں۔
    گوگل اے آئی پلس کی صورت میں ہم ان ٹولز کو ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے قابل رسائی بنا رہے ہیں، یہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا بنیادی حصہ ہے تاکہ ہر شخص اپنی پیداواری صلاحیت ، تخلیقی صلاحیت اور سیکھنے کے عمل کو اے آئی کے ذریعے بہتر بنا سکے۔ “اس کے علاوہ ، صارفین، اپنے خاندان کے پانچ دیگر افراد کے ساتھ بھی،ورک اسپیس میں جیمنائی سے لے کر 200 جی بی اسٹوریج تک، تمام فوائد شیئر کرسکتے ہیں، اس طرح ہر فرد ایک ہی پلان کے تحت بہتر گوگل کا تجربہ حاصل کرسکتا ہے۔گوگل اے آئی پلس آج سے پاکستان میں1400 روپے ماہانہ پر دستیاب ہے، محدود مدت کے لیے پہلی مرتبہ سبسکرائب کرانے والے صارفین کو ابتدائی چھ ماہ کے لیے 50فیصد رعایت دی جائے گی۔ گوگل اے آئی پلس کے بارے میں مزید معلومات دستیاب ہے۔

  • عمران خان اوربشریٰ بی بی کی جیل میں حق زوجیت کی ادائیگی کیلئے دائر درخواست پر نوٹس جاری

    عمران خان اوربشریٰ بی بی کی جیل میں حق زوجیت کی ادائیگی کیلئے دائر درخواست پر نوٹس جاری

    اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جیل میں حق زوجیت کی ادائیگی کے لیے تنہائی میں ملاقات کرانے کے لیے ایک شہری کی جانب سے دائر درخواست پر چیف کمشنر اسلام آباد، حکومت پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات اور جیل سپرنٹنڈنٹ کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری شاہد یعقوب کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے مطابق وہ بانی پی ٹی آئی کی سیاسی فلاسفی کی پیروی کرتا اور ان کا فالوور ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، حق زوجیت کی ادائیگی کے لیے بانی اور بشریٰ بی بی کی جیل میں ملاقات کروائی جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کو جیل کے اندر اپنی بیوی یا شوہر سے ملاقات کا حق دیا جانا چاہیے، جیل حکام نے ملاقات کا حق چھین رکھا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری کی درخواست پرنوٹس جاری کردیے اور چیف کمشنراسلام آباد، حکومت پنجاب، آئی جی جیل، جیل سپرنٹنڈنٹ سے جواب طلب کرلیا۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی نا درخواست گزار اور نا ہی اس کیس میں فریق ہیں جبکہ پی ٹی آئی بھی اس درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے۔جیل میں قید خاوند کا بیوی سے ملاقات کے لیے قانونی طریقہ کار موجود ہے جس کے مطابق قیدی میاں بیوی خود ملاقات کے لیے سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست کرسکتے ہیں، سپرنٹنڈنٹ جیل اجازت نہ دے تو ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی جاتی ہے، ڈپٹی کمشنر آفس سے درخواست مسترد ہونے پر متعلقہ ٹرائل کورٹ سے اجازت لی جاسکتی ہے۔اگر ٹرائل کورٹ بھی درخواست مسترد کر دے تو ہائیکورٹ کا فورم استعمال ہوسکتا ہے۔ ایسی ملاقات کے لیے جیل میں فیملی روم کی سہولت ہونا ضروری ہے جبکہ ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ میں میاں بیوی کی ملاقات کے لیے فیملی روم کی سہولت دستیاب ہی نہیں ہے۔

  • دھماکے کے باعث جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، متعدد مسافر زخمی

    دھماکے کے باعث جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، متعدد مسافر زخمی

    کوئٹہ (کنزیومر واچ نیوز)ریلوے حکام کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں ٹریک پر دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو کوئٹہ لانے کیلئے ایمبولینسیں دشت روانہ کر دی گئی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ آرہی تھی۔

  • سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز انتقال کرگئے

    سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز انتقال کرگئے

    ریاض(کنزیومر واچ نیوز) سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق رائل کورٹ نے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی منگل کی صبح وفات کا اعلان کیا۔سعودی میڈیا کے مطابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی نمازِ جنازہ بعد نماز عصر ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی گئی
    مفتی اعظم کے انتقال سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ’مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کے انتقال سے مملکت اور مسلم دنیا ایک ممتاز عالم سے محروم ہوگئی ہے ، مفتی اعظم نے سائنس، اسلام اور مسلمانوں کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں‘۔
    شیخ عبدالعزیز سینئر علماء کی کونسل کے صدر بھی رہ چکے ہیں اور وہ حج کا خطبہ دینے کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
    سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے مفتی اعظم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
    مزید برآں خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی غائبانہ نمازِ جنازہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی سمیت مملکت بھر کی تمام مساجد میں بھی بعد نماز عصر ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
    وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار تعزیت
    وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کیجانب سے سعودی مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیزبن عبداللہ آل الشیخ کی وفات پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شیخ عبدالعزیزبن عبداللہ کی وفات سعودی عرب اور پوری امتِ مسلمہ کیلئے لمحہ غم ہے،مرحوم نے پوری زندگی قرآن وسنت کی ترویج،شریعتِ مطہرہ کی توضیح،امت کی رہنمائی میں گزاری۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اورحکومت،سعودی عوام اور قیادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیر اعظم نے مرحوم کے اہلِخانہ،خادم الحرمین الشریفین،ولی عہد،سعودی قیادت وعوام سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی دینی خدمات کوشرفِ قبولیت بخشے۔