Blog

  • حملہ ہوا تو دشمن کے اڈوں کو نشانہ بنائیں گے: ایران کا اعلان

    حملہ ہوا تو دشمن کے اڈوں کو نشانہ بنائیں گے: ایران کا اعلان

    تہران (پاکستان واچ نیوز)ایران نے امریکی جارحیت کی صورت میں فیصلہ کن جواب سے خبردار کردیا۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات فوجی جارحیت کے حقیقی خطرے کی نشاندہی کرتے ہیں۔خط میں کہا گیا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا اور نہ ہی کشیدگی میں اضافہ مقصد ہے، تاہم اگر حملہ کیا گیا تو اپنے دفاع میں بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کریں گے۔ایران نے مزید کہا کہ کسی بھی فوجی کارروائی کی صورت میں خطے میں موجود مخالف قوتوں کے فوجی اڈوں، تنصیبات اور دیگر اثاثوں کو جائز ہدف تصور کیا جائے گا۔ایرانی مشن نے اپنے خط میں امریکی صدر کی سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ بھی دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو امریکا کو ڈیگو گارشیا اور RAF فیئر فورڈ کے ایئر فیلڈ استعمال کرنا پڑ سکتے ہیں تاکہ ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

  • آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کرلیا

    آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کرلیا

    واشنگٹن (پاکستان واچ نیوز)آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں استحکام کی سمت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کا ایک وفد 25 فروری سے پاکستان کا باضابطہ دورہ کرے گا، جس میں اہم معاشی امور زیر بحث آئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران توسیعی فنڈ سہولت کے تحت جاری پروگرام کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے دوسرے جائزے پر حکام سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ مالی سال 2025 کے دوران پاکستان کی مالی کارکردگی مستحکم رہی اور ملک نے مجموعی قومی پیداوار کے 1.3 فیصد کے برابر بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کیا، جو طے شدہ اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت معاشی اصلاحات کے تسلسل کا نتیجہ ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ مہنگائی کی شرح کو قابو میں رکھنے میں بھی پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ مالی سال 2025 میں پاکستان نے 14 برس بعد پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ریکارڈ کیا، جسے معاشی توازن کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سیاست، ارتقا اور قیادت……تحریر: اظہر لغاری

    سیاست، ارتقا اور قیادت……تحریر: اظہر لغاری


    تحریر: اظہر لغاری
    کبھی کبھی انسان خود سے ایک ایسا سوال کر بیٹھتا ہے جو بظاہر سادہ ہوتا ہے مگر اندر سے پورے فکری نظام کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ ایسا ہی ایک سوال یہ ہے کہ آخر سیاسی سفر ہوتا کیا ہے؟ کیا سیاست محض اقتدار تک پہنچنے کا نام ہے، یا کسی عہدے، منصب اور کامیابی پر ختم ہو جانے والا راستہ ہے؟ یا پھر سیاست دراصل ایک ایسا فکری سفر ہے جو انسان کی سوچ، اس کی زندگی اور اس کے مقصد کو بدل دیتا ہے؟ یہ وہ سفر ہوتا ہے جو انسان کو سیکھنے کا موقع دیتا ہے، خود کو دریافت کرنے کا موقع دیتا ہے، اور اسے ذاتی مفاد سے اٹھا کر اجتماعی بھلائی کی طرف لے جاتا ہے۔
    زندگی بذاتِ خود ارتقا کا نام ہے۔ کائنات کی ہر شے مسلسل تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے۔ انسان، سماج، علوم، معیشت، حتیٰ کہ سیاست بھی وقت کے ساتھ بدلتی رہی ہے۔ مگر اس کے باوجود قدرت کے کچھ اصول ایسے ہیں جن میں کبھی ارتقا نہیں ہوا۔ وہ اصول ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں برسوں سے اپنی جگہ قائم ہیں۔ حق اور باطل، انصاف اور ظلم، سچ اور جھوٹ—یہ وہ اصول ہیں جو زمانے بدلنے کے باوجود نہیں بدلے۔ سیاست بھی انہی اٹل اصولوں کے گرد گھومتی ہے، چاہے اسے جتنا بھی جدید، ترقی یافتہ یا بدلتا ہوا کیوں نہ دکھایا جائے۔
    آج کا المیہ یہ ہے کہ ہر دور نے اپنی سہولت اور مفاد کے مطابق سیاست کی نئی تشریح گھڑ لی ہے۔ کسی کے نزدیک جھوٹ، فریب اور چالاکی سیاست کا ارتقا ہیں، جبکہ کسی کے نزدیک سچ، شفافیت اور اصول پسندی کو سیاست کہا جاتا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ سیاست نہ صرف سچ کا نام ہے اور نہ صرف جھوٹ کا۔ سیاست دراصل بہتری کے راستے نکالنے کا نام ہے۔ سیاست بند دروازے کھولنے، الجھے ہوئے مسائل کے حل تلاش کرنے اور ایسے امکانات پیدا کرنے کا نام ہے جو بظاہر ناممکن دکھائی دیتے ہوں۔
    سیاست محض طاقت کا کھیل نہیں بلکہ ایک مسلسل جدوجہد ہے۔ یہ مکالمے کا نام ہے، برداشت کا نام ہے، اختلاف کو سننے اور سمجھنے کا نام ہے۔ یہ وہ مکالمہ ہوتا ہے جو سخت ترین دلوں کو نرم کر سکتا ہے اور وہ زبان ہوتی ہے جو پتھر جیسے رویوں کو بھی پگھلا دیتی ہے۔ حقیقی سیاست وہ ہوتی ہے جو ٹکراؤ کم کرے، تقسیم کم کرے اور معاشرے کو جوڑنے کی کوشش کرے۔
    یہاں سے ایک بنیادی فرق سامنے آتا ہے: سیاست دان اور لیڈر کا فرق۔ سیاست دان وہ ہوتا ہے جو سیاست کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔ کسی کے لیے طاقت اہم ہوتی ہے، کسی کے لیے دولت، کسی کے لیے شہرت اور کسی کے لیے محض اپنی بقا۔ وجوہات مختلف ہو سکتی ہیں، مگر محور اکثر اپنی ذات ہی ہوتی ہے۔ اس کے برعکس لیڈر وہ ہوتا ہے جو سیاست کو ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ ایک نظریے کے لیے اختیار کرتا ہے۔ لیڈر تاریخ میں صرف اپنا نام نہیں بلکہ اپنی سوچ اور اپنے اثرات چھوڑ جاتا ہے۔
    لیڈر ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ ہمیشہ کامیاب ہو، یا ہر جنگ جیت لے۔ اصل لیڈر وہ نہیں جو ہر قیمت پر اپنے مقاصد حاصل کر لے، بلکہ وہ ہوتا ہے جو قوم کو ایک نئی فکری سمت دے، شعور دے، سوال کرنے کا حوصلہ دے اور سوچنے کی آزادی کا فہم دے۔ لیڈر لوگوں کے ذہن بدلتا ہے، ان کے اندر اعتماد اور خودی پیدا کرتا ہے۔
    پھر یہ سوال خود بخود جنم لیتا ہے کہ لیڈر بنتا کیسے ہے؟ کیا قیادت پیدائشی صلاحیت ہے یا کوئی انسان لیڈر بنایا جاتا ہے؟ کیا قدرت کچھ لوگوں کو چن لیتی ہے، یا وہ لوگ اپنی زندگی کے تلخ تجربات، محرومیوں اور ناانصافیوں سے سیکھ کر لیڈر بنتے ہیں؟ شاید حقیقت ان سب کے درمیان کہیں موجود ہے۔ کچھ لوگ حالات کے ہاتھوں تراشے جاتے ہیں، کچھ دکھ دیکھ کر جاگتے ہیں، اور کچھ لوگوں کی زندگی کا مقصد ہی تبدیلی بن جاتا ہے۔
    ایک بات مگر طے ہے کہ لیڈر بننے کے لیے سیاست میں آنا پڑتا ہے۔ سیاست کے عمل سے گزرے بغیر قیادت محض ایک تصور رہ جاتی ہے۔ سیاست وہ میدان ہے جہاں انسان کا اصل کردار، اس کی نیت اور اس کی برداشت کھل کر سامنے آتی ہے۔ یہیں یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ کون محض سیاست دان ہے اور کون واقعی لیڈر بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
    ایک پرانی مگر گہری بات یہ ہے کہ انسان کی سوچ کا دائرہ اس کی صحبت اور مطالعے سے بنتا ہے۔ اگر کوئی شخص ایسے لوگوں میں اٹھتا بیٹھتا ہے جو صرف مقامی سیاست، شخصیات اور وقتی مفادات تک محدود ہوں، تو وہ زیادہ سے زیادہ ایک سیاست دان بن سکتا ہے۔ لیکن اگر گفتگو نظریے، وژن، قومی مستقبل اور بین الاقوامی امور پر ہو، تو یہی فکری ماحول انسان کو وسیع النظر بناتا ہے اور قیادت کی طرف لے جاتا ہے۔
    یہ بھی حقیقت ہے کہ محض پڑھ لینے یا اچھی محفلوں میں بیٹھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔ اصل امتحان عمل میں ہوتا ہے۔ قیادت کردار مانگتی ہے، قربانی مانگتی ہے، اور سب سے بڑھ کر نیت کی صفائی مانگتی ہے۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو مشکل فیصلے کرنے کا حوصلہ رکھتا ہو، چاہے وہ فیصلے وقتی طور پر غیر مقبول ہی کیوں نہ ہوں۔
    پھر بات آتی ہے اچھے اور برے لیڈر کی۔ کیا کسی لیڈر کو اس کی ذاتی زندگی کی بنیاد پر پرکھا جائے یا اس کی کارکردگی کی بنیاد پر؟ کیا اس کے فیصلے اہم ہیں یا اس کا کردار؟ شاید درست جواب ان دونوں کے امتزاج میں ہے۔ ایک لیڈر کی ذاتی دیانت، اخلاق اور نیت اس کے فیصلوں میں جھلکتی ہے، اور اس کے فیصلے اس کے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
    جمہوریت میں قیادت کا سب سے اہم ذریعہ انتخابات ہوتے ہیں۔ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے طے کرتے ہیں کہ ان کا لیڈر کون ہو گا۔ مگر اگر انتخابات شفاف نہ ہوں، اگر نتائج بدل دیے جائیں، اگر عوامی رائے کو مسخ کیا جائے، تو ایسے نظام سے آنے والا شخص کبھی حقیقی لیڈر نہیں بن سکتا۔ کیونکہ لیڈر وہی ہوتا ہے جسے عوام کا اعتماد حاصل ہو۔
    یہ درست ہے کہ عوام کبھی کبھار غلط انتخاب بھی کر لیتے ہیں، مگر شفاف نظام میں انہیں اپنی غلطی درست کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔ یہی جمہوریت کی خوبصورتی ہے۔ لیکن جب یہ حق بھی چھین لیا جائے تو نہ صرف قیادت کا معیار گرتا ہے بلکہ پورا نظام کھوکھلا ہو جاتا ہے۔
    آخر میں یہ بات بھی اہم ہے کہ ایک اچھے لیڈر کو ایک مضبوط اور اہل ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ درست لوگوں کا انتخاب کرنا بھی قیادت کی ایک بڑی آزمائش ہے۔ ٹیم میں غلطیاں ہو جانا کسی لیڈر کو برا نہیں بنا دیتا، اگر اس کا وژن صاف ہو اور نیت ذاتی فائدے سے پاک ہو۔ اچھا لیڈر اپنے لیے نہیں سوچتا، اپنے خاندان کے لیے نہیں سوچتا، بلکہ پورے ملک کو اپنا خاندان اور ہر شہری کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہےاور شاید یہی وہ باریک مگر فیصلہ کن فرق ہے
    جو ایک عام سیاست دان اور ایک حقیقی لیڈر کے درمیان لکیر کھینچ دیتا ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے

    وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے

    واشنگٹن:(پاکستان واچ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی تھی۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم 19 فروری کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہوں گے جہاں غزہ کی موجودہ صورتحال اور قیامِ امن کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • کراچی ، فتنۃ الخوارج کا انتہائی مطلوب دہشت گردپکڑا گیا

    کراچی ، فتنۃ الخوارج کا انتہائی مطلوب دہشت گردپکڑا گیا

    کراچی (پاکستان واچ نیوز)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے باجوڑ کے رہائشی فتنۃ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد دوست محمد ولد گل فراز خان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم نومبر 2020 میں دیگر فتنۃ الخوارج دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر نواگئی خیبر پختونخوا پر فائرنگ کرنے اور سرکاری مشینری کو نذرِآتش کرنے میں ملوث ہے جس کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن میں دہشت گردی کی سنگین دفعات کے تحت درج ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم اس واقع کے بعد کراچی میں روپوش تھا۔ ملزم دیگر فتنۃ الخوارج ساتھیوں کے ہمراہ شہر کے حساس مقامات پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے منصوبہ بندی کر رہا تھا۔گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس خیبر پختونخوا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان موجود ہے،وزیردفاع خواجہ آصف

    بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان موجود ہے،وزیردفاع خواجہ آصف

    اسلام آباد (پاکستان واچ نیوز)وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کو طالبان اور بھارت کی پراکسی جنگ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ افغانستان میں فضائی کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
    وزیر دفاع خواجہ آصف سے فرانسیسی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ پاکستان نے کابل اور قندھار سمیت افغانستان کے اندر کارروائیاں کیں تو کیا یہ سلسلہ جاری رہے گا، جس پر انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ آپشن ہمیشہ سے موجود ہے اور ہم اس آپشن کا استعمال کرسکتے ہیں اورہم ایسا کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے، اگر کابل امن کی ضمانت دے سکتا ہے تو پھر کوئی لڑائی نہیں لیکن وہ سرپرستی کریں گے اور سازش میں شریک ہوں گے۔
    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملے طالبان اور بھارت کی پراکسی جنگ کا نتیجہ ہیں۔
    انہوں نے کہا کہ دہلی، کابل اور دہشت گرد گروہ پاکستان پر حملوں میں ملوث ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی، داعش سمیت دیگر تمام دہشت گرد گروہ افغانستان میں موجود ہیں اور پاکستان پر حملے کابل کی مرضی یا سرپرستی کے بغیر نہیں ہوسکتے۔
    وزیردفاع نے کہا کہ اگر کابل میں کوئی امن کی ضمانت دے تو دشمنی نہیں ہوگی، مگر وہ بدستور سرپرستی اور سازش میں شریک ہیں، افغانستان پر عملی کنٹرول انہی کے پاس ہے، اگر یہ گروہ ان کی سرزمین سے کام کر رہے ہیں تو ذمہ داری بھی انہی کی ہے اور وہ اس سے انکار نہیں کر سکتے۔
    خواجہ آصف نے بتایا کہ کچھ دوست ممالک نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی کوشش کی، استنبول، دوحہ اور کابل میں ہونے والی ملاقاتوں کا حصہ رہا ہوں مگر ان کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
    بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان موجود ہے، خواجہ آصف
    وزیردفاع نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان اب بھی موجود ہے۔
    خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں چار روزہ جنگ میں بھارت کو بری طرح شکست ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار طیاروں کی تعداد کا ذکر کرتے ہیں۔
    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی بین الاقوامی سطح پر تذلیل ہوئی ہے کیونکہ ایک ایسے ملک کے ہاتھوں جو جغرافیہ اور فوج دونوں اعتبار سے ان سے کہیں چھوٹا ہے۔
    انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ نے اپنی فضائی حدود میں کی مداخلت کی ہر کوشش ناکام بنا دی، دہلی کے کابل سے قریبی تعلقات ہیں اور فی الحال ہمارا بھارت سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ نہیں ہے۔
    غزہ پاکستانیوں کے دل کے بہت قریب ہے، خواجہ آصف
    خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ پاکستانیوں کے دل کے بہت قریب ہے، ہم کئی برسوں سے اقوام متحدہ کی امن فوج میں حصہ لیتے آ رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ کی امن مشنز میں سب سے بڑے معاونین میں شامل رہے ہیں، لہٰذا ہمارے پاس اس کا تجربہ موجود ہے۔
    وزیردفاع نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کا معاملہ ہمارے اور پاکستانی عوام کے دلوں کے بہت قریب ہے، ہم کئی دہائیوں سے ان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے آئے ہیں، ہم نے دنیا کے ہر دستیاب فورم پر فلسطین کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

  • امریکاآنے والے چند دنوں میں ایران پر حملہ کر سکتا ہے ،امریکی میڈیا

    امریکاآنے والے چند دنوں میں ایران پر حملہ کر سکتا ہے ،امریکی میڈیا

    تہران (پاکستان واچ نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے جہاں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا رواں ہفتے کے اختتام تک ایران کے خلاف محدود یا وسیع فوجی کارروائی پر غور کر رہا ہے۔تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔میڈیا رپورٹس میں حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ممکنہ کارروائی سے متعلق عسکری اور سفارتی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ اس معاملے پر مسلسل مشاورت اور غور و فکر میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق امریکی فوج نے خطے میں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ممکنہ امریکی کارروائی کے خدشات کے باعث اسرائیل میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، قریبی بنکرز کی معلومات رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اسرائیلی سکیورٹی اداروں کا خدشہ ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو تہران جوابی کارروائی کے طور پر میزائل حملے کر سکتا ہے، جس سے خطے میں وسیع پیمانے پر کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔

  • کراچی: سولجر بازار میں رہائشی عمارت میں گیس لیکج کا دھماکا، 16 افراد جاں بحق

    کراچی: سولجر بازار میں رہائشی عمارت میں گیس لیکج کا دھماکا، 16 افراد جاں بحق

    کراچی (پاکستان واچ نیوز) گیس لیکج کے باعث عمارت میں ہونے والے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقےکوگھیرے میں لےکر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 13 لا شیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 4 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 10 سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی جی ریسکیو 1122بریگیڈئیر واجد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سےہوا جس میں اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں خاتون اور بچی کی لاشیں بھی شامل ہیں۔ڈی جی نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹی عمارت کے لیے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتاہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے فورس  بنانےکا اعلان کرتا ہوں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

    بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے فورس بنانےکا اعلان کرتا ہوں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

    اسلام آباد:(پاکستان واچ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا مجھے بانی کی طرف سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے، عدالتی احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جاتے ہیں، ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی جاتی۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کا اعلان کرتا ہوں، اس فورس کی رجسٹریشن کریں گے، بانی رہائی فورس پرامن جدوجہد کرے گی، عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں ہم فورس ممبران سے حلف لیں گے، اس فورس کا چین آف کمانڈ ہوگا، عمران خان جس کو ذمہ داری دیں گے اس کو اس فورس کی کمانڈ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے تیاری کریں گے پھر لڑائی کریں گے، یہ لڑائی جمہوریت اور آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لئے ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا پی ٹی آئی میں جو مجھے ہٹانےکی خواہش رکھتے ہیں وہ جان لیں عزت و ذلت اللہ دیتا ہے، مجھے ہٹانے سے متعلق کس نے پیغام دیا یہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھ لیں۔

  • مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ  میں پہلی تراو یح کے روح پرور مناظر

    مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں پہلی تراو یح کے روح پرور مناظر

    مکہ مکرمہ (پاکستان واچ نیوز)مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں رمضان المبارک کی پہلی تراویح کے روح پرور مناظر نے دیکھنے والے کا دل موہ لیا۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دنیا بھر سے آئے ہزاروں مسلمان بارگاہ الہیٰ میں سجدہ ریز رہے، ماہ رمضان پانے پر شکر اور مغفرت کی دعائیں کی گئیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر ، کویت ، بحرین ، عراق ، یمن ، لبنان ، فلسطین اور افغانستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا جہاں آج پہلا روزہ ہے۔اس کے علاوہ ترکیے ، سوئیڈن ، آسٹریلیا ، مصر ، عمان ، ملائیشیا ، سنگاپور ، برونائی ، انڈونیشیا ، فلپائن ، آذربائیجان ، قازقستان ، کرغزستان ، ازبکستان ، فرانس اور جاپان میں پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔ادھر امریکا ، کینیڈا ،بیلجیئم اور برطانیہ میں کمیونٹی تقسیم ہے، بعض نے آج اور دیگر نے جمعرات سے آغاز رمضان کا اعلان کیا۔