Blog

  • سی ٹی ڈی کا لکی مروت میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ،6 دہشتگرد ہلاک

    سی ٹی ڈی کا لکی مروت میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ،6 دہشتگرد ہلاک

    پشاور(پاکستان واچ نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بنوں ریجن نے لکی مروت کے علاقے شاگئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق شاگئی میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیاگیا، تقریباً 40 منٹ تک جاری رہنے والی کارروائی میں دہشتگردوں کے مزید ساتھی فرار ہو گئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے 4 کلاشنکوف، 2 پستول، 8 دستی بم اور آئی ای ڈی برآمد ہوئے ہیں۔ مزید برآں جمعہ کو لکی مروت دھماکے میں شہید 7 اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔

  • سکیورٹی فورسز نے افغان دہشتگردوں کے ڈرون حملے ناکام بنادیے

    سکیورٹی فورسز نے افغان دہشتگردوں کے ڈرون حملے ناکام بنادیے

    راولپنڈی (پاکستان واچ نیوز)سکیورٹی فورسز نے افغان دہشتگردوں کے ڈرون حملے ناکام بنادیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ 13 مارچ کو افغان طالبان نے پاکستان پر ڈرون حملے کیے، ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق تباہ شدہ ڈرون کے ملبے سے کوئٹہ میں دو بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شخص زخمی ہوا۔آئی ایس پی آر نے حملے کو عوام میں خوف پھیلانے کی افغان طالبان کی ناپاک کوشش قرار دیا اور کہاکہ عوام اور مسلح افواج افغانستان پر قابض کرائے کی دہشتگرد ملیشیا کی حقیقت جانتے ہیں، افغان سرزمین سے دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن غضب للحق جاری رہے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے، افواج دہشتگردی اور اس کی تمام شکلوں کے خلاف ثابت قدمی سے لڑتی رہیں گی۔

  • ہمیں معلوم ہے مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں: نائب امریکی صدر

    ہمیں معلوم ہے مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں: نائب امریکی صدر

    واشنگٹن (پاکستان واچ نیوز)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ نئے ایرانی سپریم لیڈر امریکی کارروائی میں زخمی ہوئے ہیں۔جے ڈی وینس سے سوال کیا گیا کہ کیا مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں؟ جس پر امریکی نائب صدر نے جواب دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے علم میں ہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں۔
    میڈیا سے بات کرتےہوئے جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ ایران میں اسکول حملے کی تحقیقات جاری ہیں،امریکی صدربھی واقعے کی مکمل تحقیقات چاہتےہیں
    ادھر امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے بھی مجتبیٰ خامنہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کارروائی میں نئے سپریم لیڈر کا چہرہ متاثرہوا اور حالیہ حملوں کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای منظرعام پر نہیں آئے۔
    دوسری جانب ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی کہ سپریم لیڈرمعمولی زخمی ہیں مگردفتری امور انجام دے رہے ہیں۔

  • لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید

    لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید

    پشاور (پاکستان واچ نیوز)لکی مروت کے قبائلی سب ڈویژن بیٹنی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید ہو گئے۔ترجمان لکی مروت پولیس کا کہنا ہے پولیس موبائل پر ہونے والے دھماکے میں 6 اہلکار شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوا، زخمی اہلکار کو انصاف الدین اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق دھماکاخیز مواد پولیس موبائل کے قریب نصب تھا، دھماکے کے بعد علاقے میں پولیس کی اضافی نفری روانہ کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق شہید افراد میں ایس ایچ او تھانہ شادی خیل صدر اعظم بھی شامل ہیں۔

  • دشمن کے ہاتھوں شہید ہرفردکا بدلہ لیں گے، نومنتخب ایرانی سپریم لیڈر

    دشمن کے ہاتھوں شہید ہرفردکا بدلہ لیں گے، نومنتخب ایرانی سپریم لیڈر

    تہران (پاکستان واچ نیوز)نومنتخب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا منتخب ہونے کے بعد پہلا پیغام سامنے آگیا۔اپنے آڈیو پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن کے ہاتھوں شہید ہرفردکا بدلہ لیں گے،آبنائےہرمزبند رہےگی۔ ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ میرا عہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضہ کررہا ہے، عوام نے دنیا کو دکھایا کہ ایرانی عظیم قوم ہیں، عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں۔آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے خدا کی راہ میں 60 برس سے زیادہ جدوجہد کی، ہر طرح کی آسائشوں اور آرام کو قربان کیا اور یوں وہ نہ صرف موجودہ دور میں بلکہ اس سرزمین کے حکمرانوں کی پوری تاریخ میں ایک درخشاں گوہر اور نمایاں شخصیت بن گئے، وہ استقامت کا ایک پہاڑ تھے، ایسے شخص کے بعد قیادت سنبھالنا یقیناً ایک بہت بڑا اور دشوار کام ہے، اس خلا کو پُرکرنا صرف اللہ تعالیٰ کی مدد اور آپ عوام کی حمایت سے ہی ممکن ہے۔

  • صدرزرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی

    صدرزرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: (پاکستان واچ نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔صدرمملکت نے وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر نہال ہاشمی کی بطور گورنر تقرری کی منظوری دی ہے۔صدر زرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
    نہال ہاشمی کے سیاسی کیرئیر پر مختصر نظر
    کراچی سے تعلق رکھنے والے نہال ہاشمی گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلم لیگ ن سے وابستہ ہیں، وہ 1997 سے 1999 تک وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف رہے، 2012 میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اگست 2014 میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ ن چیپٹر کا جنرل سیکرٹری بنایا گیا۔2015 میں نہال ہاشمی مسلم لیگ ن کی پنجاب سے نشست پر سینیٹ کے امیدوار منتخب ہوئے اور اب انہیں گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔2017 میں پاناما کیس سے متعلق متنازع بیان پر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا تھا تاہم پھر 2021 میں ان کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔

  • کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان، دن کیساتھ راتیں بھی گرم

    کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان، دن کیساتھ راتیں بھی گرم

    کراچی(پاکستان واچ نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر قائد میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شہر کی راتیں بھی گرم رہ رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے جس کے باعث آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج صبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد ہے اور مشرق سے ہوائیں 4 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کراچی میں نہ صرف دن بلکہ راتیں بھی گرم رہ رہی ہیں، کل کراچی میں دن کا درجہ حرارت مارچ کے معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ریکارڈ ہوا جبکہ گزشتہ رات کا درجہ حرارت مارچ کے معمول سے 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا۔

  • وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات،  سعودی عرب کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ

    وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، سعودی عرب کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ

    جدہ: (پاکستان واچ نیوز)پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرتے ہوئے آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر موجود تھے۔ملاقات میں وزیراعظم نے آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہےگا، پاکستان خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے کوشش جاری رکھے گا۔

  • پاکستان کو رواں سال کے پہلے 7 ماہ 5.17 ارب ڈالر کے قرضے موصول

    پاکستان کو رواں سال کے پہلے 7 ماہ 5.17 ارب ڈالر کے قرضے موصول

    اسلام آباد:(پاکستان واچ نیوز) پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران 5.17 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کی صورت میں ڈالرز کی آمد کو یقینی بنایا ہے, ملک نے گزشتہ مالی سال 2025 کی اسی مدت کے دوران 4.584 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے تھے۔ اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق حکومت نے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کے اعداد و شمار جاری کرنے میں تاخیر کو ترجیح دی، جس کی ممکنہ وجہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے جائزہ مذاکرات تھے۔ مذاکرات کے اختتام پر، اقتصادی امور ڈویژن نے سرکاری اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ ان اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2026 کے جولائی تا جنوری کے عرصے میں غیر ملکی قرضوں کی فراہمی 5.17 ارب ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال 2025 کی اسی مدت میں یہ رقم 4.6 ارب ڈالر تھی۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران چین سے حاصل کردہ گارینٹڈ قرضہ 269.42 ملین ڈالر رہا۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران مجموعی دو طرفہ قرضوں کی فراہمی 931.88 ملین ڈالر رہی، جس میں سے سعودی عرب نے 708 ملین ڈالر فراہم کیے۔سعودی عرب نے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران موخر ادائیگی پر تیل کی سہولت کی مد میں 700 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں، جس کے تحت ہر ماہ 100 ملین ڈالر جاری کیے گئے۔ چین نے 72.28 ملین ڈالر، ڈنمارک نے 71.15 ملین ڈالر، فرانس نے 26.73 ملین ڈالر، جرمنی نے 5.45 ملین ڈالر، جاپان نے 15.53 ملین ڈالر، کوریا نے 9.49 ملین ڈالر، کویت نے 22.06 ملین ڈالر اور امریکہ نے محض 0.49 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔

  • نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ

    نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: (پاکستان واچ نیوز)مسلم لیگ کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منظوری کے لیے صدر پاکستان کو بھجوا دی ہے۔وزیر اعظم نے نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد بھی دی۔ ملاقات میں رانا ثناء اللہ، اسحاق ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔خیال رہے کہ اس وقت گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ہیں جن کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔