Blog

  • پی ایس ایل: حنین شاہ یا حسان خان، حیدرآباد کنگزمین کی فتح کا اصل ہیرو کون؟

    پی ایس ایل: حنین شاہ یا حسان خان، حیدرآباد کنگزمین کی فتح کا اصل ہیرو کون؟

    کراچی (ویب ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایلیمینیٹر 2 میں نا آموز حیدرآباد کنگزمین نے دو بار کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی۔
    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
    حیدرآباد نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ ابتداء میں دو اہم وکٹیں گنوا بیٹھی تاہم تیسری اور پھر پانچویں وکٹ کی شراکت اسلام آباد کو میچ میں واپس لے آئی۔
    مارک چیپمین، حیدر علی، کرس گرین اور فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز نے اسلام آباد کو جیت کی امید دلائی لیکن آخری اوور میں حنین شاہ نے نہ صرف فہیم اشرف کو آؤٹ کیا بلکہ کرس گرین اور عماد وسیم کو بھی کھل کر نہ کھیلنے دیا۔
    حنین شاہ کی شاندار بولنگ کے باعث اسلام آباد کی ٹیم آخری اوور میں صرف 6 رنز کا ہدف بھی حاصل نہ کرسکی۔
    حیدرآباد کی اس فتح میں جہاں حنین شاہ کی شاندار بولنگ کارگر ثابت ہوئی وہیں 17ویں اوور کے آغاز میں حسان خان کا ڈیپ اسکوائر لیگ کی باؤنڈری پر یقینی چھکے کو سنگل رن میں تبدیل کرنا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا تھا۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • گلگت بلتستان اور پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ

    گلگت بلتستان اور پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ

    پشاور (ویب ڈیسک )گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ درپیش ہے، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔اس دوران گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی بارشیں معمول کا حصہ ہوتی ہیں، تاہم یہ صورتحال گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ، ملبے کے بہاؤ اور سیلاب کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔ خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔حکام نے برفانی وادیوں میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ مقامی ندیوں میں پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں جیسے پتھروں کے ٹکرانے کی صورت میں فوری احتیاط برتی جائے اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مویشیوں اور ضروری اشیا کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام 24 گھنٹے چوکس ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔
    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • ایران سے فون پر مذاکرات جاری ہیں، امریکی صدر

    ایران سے فون پر مذاکرات جاری ہیں، امریکی صدر

    واشنگٹن (ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جنگ پھر سے شروع کرنے کی دھمکی کے بعد ایک خوش آئند بیان سامنے آگیا۔امریکی صدر نےکہا ایران کے ساتھ فون پر مذاکرات جاری ہیں، ساتھ یہ بھی کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہیے، ایران کوکہنا ہوگا کہ وہ ہارگئے ہیں کیونکہ ہم ایران کے خلاف جنگ میں اپنے مقاصد تقریباً حاصل کرچکے ہیں۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے 82 فیصد میزائل تباہ اور 159 بحری جہاز ڈبو دیے ہیں، ایرانی کرنسی کی کوئی قدروقیمت نہیں رہی۔امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ روسی صدر پیوٹن کے ساتھ ایران اور یوکرین کے معاملے پر ان کی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔
    انہوں نے پیوٹن سےکہا ہےکہ امریکا جنگ بند کرنے میں مدد دینے سے پہلے روس کو اپنی جنگ بند کرنی ہوگی۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پیوٹن نے ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کے معاملے پر فکرمندی کا اظہار کیا ہے۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • افغان طالبان رجیم کا انگور اڈہ میں سول آبادی پر حملہ، بچوں سمیت8 افراد زخمی

    افغان طالبان رجیم کا انگور اڈہ میں سول آبادی پر حملہ، بچوں سمیت8 افراد زخمی

    پشاور (ویب ڈیسک ) افغان طالبان رجیم نے جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں شہری آبادی پر حملہ کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اپریل کو افغان طالبان نے انگور اڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقے میں شہری آبادی پرگولہ باری کی۔افغان طالبان کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ شہری کریم خان اور رحمت اللہ کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں ان کے خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل آفیسر ڈاکٹراشفاق کے مطابق اسپتال میں3 بچوں سمیت 5 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنرجنوبی وزیرستان لوئر نے گولہ باری سے ہونےوالےنقصانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انگوراڈہ میں فائرنگ اور گولہ باری سے متعدد گھرتباہ ہوئے، گولہ باری کے نتیجے میں بچوں اورخواتین سمیت 8افراد زخمی ہوئے۔انگوراڈہ سےزخمیوں کوفوری طبی امداد کے بعد ڈی آئی خان اور پشاور پہنچایا گیا ہے۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    واشنگٹن (ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل کی قیمت 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، برطانوی خام تیل کی قیمت میں 8 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد برطانوی خام تیل کی نئی قیمت 121 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔امریکی خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ماہرین نے بحری ناکہ بندی جاری رہنے اور ایران امریکا مذاکرات تعطل کا شکار رہنے کی صورت میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے سے خبردار کردیا۔

  • نارمل پاسپورٹ اب 21 دن کی بجائے 14 دن میں جاری ہوگا

    نارمل پاسپورٹ اب 21 دن کی بجائے 14 دن میں جاری ہوگا

    اسلام آباد: (ویب ڈیسک )ملک بھر میں نارمل پاسپورٹ کا اجرا 21 دن سے کم کرکے 14 دن کردیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جب کہ اس دوران وزیرداخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
    محسن نقوی نے کہا کہ نارمل پاسپورٹ کا اجرا 21 دن سے کم کرکے اب 14 دن کردیا گیا ہے، پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم رائج ہوگا۔اس کے علاوہ پاسپورٹ کی گھروں کی دہلیز تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے پاسپورٹ دفاتر میں 15 روز تک مکمل کیش لیس نظام رائج کرنے کا ٹاسک دے دیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کیش ادائیگی ختم ہونے سے ایجنٹ مافیا کاخاتمہ ہوگا اور شہریوں کو سہولت ملے گی، پاسپورٹ نظام کو بہتر بنانے اورعوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کاقیام انتہائی ضروری ہے۔وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق امور پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • سندھ حکومت کا کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی دینے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی دینے کا فیصلہ

    کراچی(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیئرمین کے الیکٹرک شہریار چشتی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں کےالیکٹرک کے سی ای او سید طحہٰ، پی ایس سی ایم آغا واصف اور سیکرٹری توانائی شعیب انصاری سمیت دیگر بھی میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کیلئے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مشترکہ مطالعہ کیا جائے۔انہوں نے کم آمدن والے علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت دی جب کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ پسماندہ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعلیٰ نے پسماندہ علاقوں میں طویل بجلی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کے آغاز سے غریب طبقات کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے خاص طور پر غریب محلوں میں قابل عمل حل نکالنا ضروری ہے۔مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مطالعہ کیا جائے تاکہ مستحق گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • اسلام آباد ’’خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،سرکاری ذرائع

    اسلام آباد ’’خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،سرکاری ذرائع

    اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کے طور پر اپنے کردار کیلئے پاکستان پُرعزم ہے، اور ایک اعلیٰ سرکاری ذریعے نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ اسلام آباد ’’خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔‘‘
    یہ بیان اُن چیلنجز کے تناظر میں سامنے آیا ہے جو دو ماہ پرانے تنازع کے خاتمے کیلئے تعطل کا شکار بات چیت کی بحالی میں درپیش ہیں، جبکہ بالواسطہ ذرائع اب بھی متحرک ہیں۔
    ایک سینئر عہدیدار نے سفارتی حساسیت کی وجہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دی نیوز کو بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور کرتا رہے گا۔ پاکستانی قیادت، بشمول وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، شٹل سفارت کاری میں پیش پیش رہی ہے اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان پیغامات کی ترسیل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
    پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں اس ماہ کے آغاز میں جنگ بندی ممکن ہوئی تھی، جسے پاکستانی اپیلوں کے بعد توسیع بھی دی گئی۔ تاہم، بریک تھروُ کی امیدیں اس وقت ماند پڑ گئیں جب ایران نے امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
    اسلام آباد کے کردار سے واقف ایک ذریعے نے پاکستان کی کوششوں کو ’’مسلسل اور خاموش‘‘ قرار دیا، اور کہا کہ براہِ راست روابط کی کمی کے باوجود پاکستان خلیج کو کم کرنے کیلئے سرگرم ہے۔
    اطلاعات کے مطابق، ہفتے کے اختتام پر ایرانی وزیرِ خارجہ کے اسلام آباد کے دورے میں نئی تجاویز شامل تھیں، جو پاکستانی ذریعے نے امریکی فریق تک پہنچائیں۔ سرکاری ذریعے نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ثالثی کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ نتائج ہیں۔
    ایک اور سرکاری ذریعے کا کہنا تھا کہ ہم دیرپا امن کے حصول تک دونوں فریقین کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ جس وقت عالمی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ آیا بالواسطہ ذرائع کسی پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں، پاکستانی حکام آنے والے دنوں میں اعلیٰ سطح پر رابطے جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو ممکنہ طور پر کثیرالجہتی کوششوں کے نئے مرحلے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • حیدرآباد، لاڑکانہ اور کراچی میں ہزاروں طلبہ کے نتائج تبدیل کیے جانے کا انکشاف

    حیدرآباد، لاڑکانہ اور کراچی میں ہزاروں طلبہ کے نتائج تبدیل کیے جانے کا انکشاف

    میرپور خاص(ویب ڈیسک )کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق کنٹرولرانور علیم نے تعلیمی بورڈ میں کرپشن کے حوالے سے مزید انکشافات کیے ہیں۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق نوابشاہ تعلیمی بورڈ میں 90 ہزار طلبہ کے نتائج تبدیل کیےگئے جب کہ حیدرآباد بورڈ میں بھی نتائج میں بڑے پیمانے پر ہیراپھیری کی گئی۔اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سکھراورلاڑکانہ بورڈ میں بھاری رقوم لےکرطلبہ کے نتائج تبدیل کیےگئے جب کہ کراچی تعلیمی بورڈ میں بھی بڑے پیمانے پر نتائج تبدیل کیے گئے۔حکام کے مطابق کرپشن پر تمام تعلیمی بورڈزکےچیئرمین اورکنٹرولرز کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں اور تعلیمی بورڈز کے افسران کو 30 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

  • امریکی صدر ٹرمپ کی پسندیدگی کی شرح مزید گر گئی

    امریکی صدر ٹرمپ کی پسندیدگی کی شرح مزید گر گئی

    واشنگٹن (ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پسندیدگی کی شرح مزید گر گئی ہے۔ رائٹرز اور اپسوس کے سروے کے مطابق امریکا کے صرف 34 فیصد ووٹر ٹرمپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جبکہ 15 سے 20 اپریل تک ہونے والے پچھلے سروے میں یہ شرح 36 فیصد تھی۔یہ سروے ٹرمپ پر حملے سے پہلے کا ہے، پچھلے سال جنوری میں جب ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھایا تھا تو ان کی کارکردگی سے 47 فیصد امریکی ووٹر خوش تھے۔28فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے اور اس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرمپ کی ریٹنگ میں مسلسل کمی آ رہی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اطمینان کی شرح اور بھی کم ہے اور 22 فیصد امریکی شہری اس معاملے پر ٹرمپ سے مطمئن نظر آتے ہیں۔تاہم ری پبلکن ووٹروں میں سے 78 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی صدر ٹرمپ کی حمایت کرتے ہیں، ایسے شہری جو خود کو دونوں بڑی جماعتوں سے منسلک نہیں کرتے ان میں سے 34 فیصد ڈیموکریٹک پارٹی اور 20 فیصد ری پبلکن پارٹی کے حامی ہیں۔ امریکا میں صرف 34 فیصد ووٹر ایران کے ساتھ امریکی تنازع کے حق میں ہیں، اپریل کے وسط میں ایسے افراد کی تعداد 36 فیصد تھی۔

    : Disclaimer
    خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
    ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔