کراچی(کنزیومر واچ نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے تاریخ ساز کاروباری ہفتہ رہا جہاں 100 انڈیکس نے ہر دن نئی بلند ترین سطح بنائی۔پی ایس ایکس 100 انڈیکس ہفتہ بھر میں 4347 پوائنٹس اضافے سے 145382 پر بند ہوا اور انڈیکس 5372 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 146813 رہی جبکہ انڈیکس کی ہفتہ وار کم ترین سطح 141440 رہی۔
حصص بازار میں کاروباری ہفتے کے دوران 3.26 ارب شیئرز کے سودے 233.9 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 435 ارب روپے بڑھ کر 17342 ارب روپے ہوگئی۔
Blog
-

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ ساز کاروباری ہفتہ
-

جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ کیس: عمر ایوب کی ضمانت کی درخواستیں خارج
لاہور (کنزیومر واچ نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان کو جلانے کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان کو جلانے کے مقدمات کی سماعت لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر آج عمر ایوب عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور عمر ایوب کے وکلا کی جانب سے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی۔عمر ایوب کے وکلا کا کہنا تھا عمر ایوب کو عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنائی ہے، انہوں نے حفاظتی ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ رجوع کیا ہے، حفاظتی ضمانت کے بغیر عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔تاہم عدالت نے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمر ایوب کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔انسداد دہشت گردی عدالت نے کہا کہ عدالت سے سزا ہو چکی ہے تو مجرم عدالت کے سامنے سرنڈر کریں، سزا یافتہ مجرم کو حفاظتی راہداری ضمانت نہیں ملتی، سرنڈر سے پہلے ملزم اپیل بھی دائر نہیں کر سکتا۔
-

غزہ پر قبضہ کرنے نہیں اسے حماس سے آزاد کرانے جارہے ہیں: اسرائیلی وزیراعظم
غزہ (کنزیومر واچ نیوز)فلسطین پر قابض صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے ہم غزہ پر قبضہ کرنے نہیں جا رہے بلکہ غزہ کو حماس سے آزاد کرانے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز اسرائیلی کابینہ نے وزیراعظم نیتن یاہو کی غزہ پر قبضے کی تجویز کی منظوری دی تھی جس کی آسٹریلیا، جرمنی، اٹلی، نیوزی لینڈ اور برطانیہ نے مخالفت کی تھی۔
پانچوں ممالک کے وزرائےخارجہ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ غزہ میں مزید بڑے فوجی آپریشن کے اسرائیلی فیصلےکو مسترد کرتے ہیں، اور فلسطین کے دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے عزم کے لیے متحد ہیں۔
صیہونی منصوبہ جنگ میں خطرناک اضافے کے مترادف ہے: پاکستان
پاکستان نے بھی اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے غزہ پر ناجائز کنٹرول کے اسرائیلی منصوبےکے فیصلےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی کابینہ کا منصوبہ فلسطینیوں کے خلاف جنگ میں خطرناک اضافے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوجی کارروائیوں کی یہ توسیع پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید بگاڑ دے گی، اسرائیلی کابینہ کا فیصلہ خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو ختم کردے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو روکنے، غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کرے۔
غزہ پر قبضے کا راستہ آسان نہیں ہوگا: حماس
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی کابینہ کی غزہ پر قبضے کی منظوری کے فیصلے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کا غزہ شہر پر کنٹرول کا فیصلہ جنگی جرم ہے۔حماس کا کہنا تھا کہ یہ مجرمانہ مہم اسرائیلی افواج کو مہنگی پڑے گی اور غزہ پر قبضے کا یہ راستہ آسان نہیں ہوگا۔
غزہ پر قبضے سے متعلق اسرائیلی وزیراعظم کا تازہ بیان
اب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یا ہو کا اس حوالے سے ایک اور بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم غزہ پر قبضہ کرنے نہیں جا رہے بلکہ غزہ کو حماس سے آزاد کرانے جا رہے ہیں۔نیتن یاہو کا کہنا ہے غزہ کو غیر مسلح کرکے پُرامن شہری انتظامیہ قائم کی جائے گی، غزہ میں شہری انتظامیہ میں فلسطینی اتھارٹی، حماس اور کوئی دہشت گرد تنظیم شامل نہیں ہو گی۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ہمارے یرغمالیوں کو آزاد کرانے میں مدد کرے گا۔ -

قوم کے ہیرو میجر طفیل محمد شہید (نشانِ حیدر) کو سلام
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ہیرو میجر طفیل محمد شہید (نشانِ حیدر) کو ان کے 67 ویں یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ آج سے 67 برس قبل میجر طفیل محمد نے دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر اپنی جان قربان کی۔صدرِ مملکت نے کہا کہ پوری قوم میجر طفیل محمد شہید کی قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان آج ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت محفوظ ہے اور ہم اپنے تمام ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر کہا کہ پاکستان کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو دشمن کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کی حفاظت جاری رکھے گی۔
-

مودی سرکار خطے کو ایک بار پھر جنگ میں دھکیلنے کی تیاریوں میں مصروف
ممبی (کنزیومر واچ نیوز)بھارت کی مودی سرکار خطے کو ایک بار پھر جنگ میں دھکیلنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کی کٹھ پتلی مودی سرکار کا جنگی جنون نئے جنگی ہتھیاروں کی خریداری سے عیاں ہو رہا ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت خطے کو ایک بار پھر جنگ میں دھکیلنے کی تیاریاں کررہی ہے۔دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے87 ہیوی ڈیوٹی مسلح ڈرونز اور 110 سے زائد براہموس سپر سونک کروز میزائلز کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔ جنگی سازوسامان کی مجموعی طور پر مالیت 67ہزار کروڑ روپے بنتی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج کے لیے تھرمل امیجر پر مبنی ڈرائیور نائٹ سائٹ کی خریداری کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ بھارتی بحریہ کے لیے خود مختار سطحی جہاز، براہموس فائر کنٹرول سسٹم اور لانچر کی بھی منظوری دی گئی ہے اسی طرح بھارتی فضائیہ کے لیے ماونٹین ریڈار کی خریداری اور اسپائڈر ہتھیار کے نظام کی اپگریڈیشن کی بھی منظوری دی گئی ہے۔دی ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا کہ بھارت نے ریموٹلی پیلٹڈ ایئرکرافٹ خریدنےکی تجویز بھی منظور کر لی ہے۔ اس کے علاوہ C-17 اور C-130J کی دیکھ بھالکے لیے بھی فنڈز منظور کر لیے گئے ہیں جب کہ بھارت نے S-400 طویل رینج ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم کے لیے سالانہ دیکھ بھال کی بھی منظوری دے دی ہے۔رپورٹ کے مطابق آپریشن سندور کے دوران ہوا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کی کمی محسوس کی گئی ۔ انٹیلی جنس، نگرانی اور ہتھیار اٹھانے کی صلاحیت والے 87ڈرونز کی لاگت 20ہزار کروڑ روپے ہو گی ۔مہلک ہتھیاروں کا مجموعہ تشکیل دینا مودی سرکارکی آپریشنل تیاریوں میں ناکامی کا اعتراف ہے ۔ S-400ائیر ڈیفنس سسٹم کی مینٹیننس جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں بڑی تباہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جنگی ہتھیاروں کی بھر مار کر کے مودی پاکستان پر ایک بار پر جارحیت کی تیاری میں مشغول ہے ۔پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کا بڑا عسکری نقصان کرکے ثابت کیا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
-

20 سالہ نوجوان نے 400 شہریوں کے ساتھ نیا ملک بنالیا
لندن (کنزیو مر واچ نیوز)ویٹی کن سٹی کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے چھوٹا ملک وجود میں آگیا جسے 20 سالہ لڑکے نے بسایا ہے۔ آسٹریلوی نوجوان نے 400 شہریوں جنہیں اس سے قبل ’پاکٹ تھری‘ قوم کے نام سے پہچانا جاتا تھا، ان پر مشتمل اپنا نیا ملک بنا لیا۔ مذکورہ نوجوان نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اس وقت حاصل کی جب اس نے خود کو فری ریپبلک آف ورڈیس کا صدر قرار دیا۔ڈینیئل جیکسن نامی آسٹریلوی نوجوان نے 2019 میں ایک ایسی جگہ دریافت کی جو اس سے قبل کسی دوسرے ملک کے زیر انتظام نہیں تھی۔امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ایک چھوٹی سی قوم ہے جو کروشیا اور سربیا کے درمیان دریائے ڈینیوب کے کنارے ایک 125 ایکڑ جنگل میں آباد ہے، ان کا اپنا جھنڈا، کابینہ اور کرنسی بھی ہے۔فری ریپبلک آف ورڈیس میں کروشین اور سربین کے علاوہ انگریزی زبان بولی اور سمجھی جاتی ہے۔واضح رہے کہ یورپی ممالک سربیا اور کروشیا کے درمیان متنازع علاقے اور یہاں کے رہائشیوں کو پاکٹ تھری کہا جاتا ہے۔ڈینیئل جیکسن کو ملک بنانے کا اعلان کرنے پر کروئیشیا کے حکام نے گرفتار کرلیا تھا اور کروئیشیا نے نئے ملک کے اعلان کو قومی سلامتی کےلیے خطرہ قرار دیا تھا۔
-

بنوں میں ایف سی چیک پوسٹ پر ڈرون حملہ، ایک اہلکار شہید، 3 زخمی
بنوں (کنزیومر واچ نیوز)بنوں میں فرینٹر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کے مطابق بکا خیل کے علاقے تختی خیل میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ کیا گیا، حملے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد فرینٹر کور اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن، ہوید میں کرفیو نافذ
ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کا کہنا ہے کہ ہوید میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث تاحکم ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، ہوید میں دہشتگردوں کی موجودگی پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن ہورہا ہے۔ان کا بتانا ہے کہ آپریشن کے لیے بھاری نفری علاقے میں پہنچا دی گئی ہے، ہوید میں صبح 5 بجے کے بعد عوام کو گھروں سے باہرنہ نکلنےکا کہا ہے، شہری کسی بھی مشتبہ فرد کو اپنے قریب نہ آنے دیں۔ڈی پی او بنوں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو پناہ دینے یا مدد کرنے پرسخت قانونی کارروائی ہوگی، جہاں بھی فورسز پر فائرنگ ہوگی وہ عمارت گِرا دی جائےگی۔ -

بجلی کے 300 یونٹس تک پروٹیکٹڈ شرح میں لانے کی تجویز
لاہور(کنزیومر واچ نیوز) بجلی صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ پروٹیکٹڈ یونٹس کی تعداد بڑھانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق ارکان اسمبلی نے 201 یونٹس پر 5 ہزار روپے اضافی بل بھجوانے کا معاملہ اٹھا دیا ہے، ارکان اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف کو صارفین کے ساتھ ہونے والی زیادتی سے آگاہ کیا۔ذرائع وزارت توانائی کا بتانا ہے کہ 201 کے بجائے 301 یونٹس استعمال کرنے والوں پر اضافی بل بھیجنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق بجلی کے 301 یونٹس کو نان پروٹیکٹڈ شرح ڈیکلیئر کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پروٹیکٹڈ اور نان پرٹیکٹڈ بجلی صارفین کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے، کمیٹی 201 کے بجائے بجلی کے 300 یونٹس کو نان پروٹیکٹڈ شرح میں لانے کی سفارش کر سکتی ہے۔
-

غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کا قتل، جرگے کے سربراہ کے انکشافات
راولپنڈی:(کنزیومر واچ نیوز)غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کے قتل کیس میں جرگے کے سربراہ کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے۔پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے فوجی کالونی میں جرگے کے حکم پر 21 سالہ سدرہ کے قتل کے معاملے میں جرگے کے سربراہ عصمت اللّٰہ نے تفتیش کے دوران سننی خیز انکشافات کیے ہیں۔ملزم کا دوران تفتیش تینوں ملزمان کے ساتھ برادری کے فیصلے پر سدرہ کو قتل کرکے دفنانے کا اعتراف جرم بھی سامنے آگیا ۔ پولیس نے سدرہ کو کشمیر سے لانے کے لیے استعمال ہونے والی کلاشنکوف رائفل برآمد کرکے عصمت اللّٰہ وغیرہ کے خلاف ایک مزید مقدمہ درج کرلیا ۔ یہ مقدمہ پولیس مدعیت میں ناجائز اسلحہ ایکٹ کے تحت درج کیاگیا ہے۔عصمت اللہ نے انکشاف کیا کہ 16 جولائی کو سدرہ گھر سے عثمان نامی لڑکے کےساتھ مظفر آباد چلی گی تھی۔ سدرہ کو لینے کے لیے اس کے سسر صالح محمد عرف سلیم گل ، والد عرب گل، امانی گل عرف مانی گل کے ہمراہ گاڑی پر مظفر آباد گئے۔ گاڑی میں کلاشنکوف بھی تھی، جو عثمان کو دکھا کر سدرہ کو واپس لے آئے اور برداری کے فیصلے پر سدرہ کو قتل کرکے لاش چھٹی قبرستان میں دفنا دی ۔ملزم نے بتایا کہ کلاشنکوف گھر کی پیٹی میں پڑی ہے، برآمد کراسکتا ہوں، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر کلاشنکوف برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے
-

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین کو ٹیرف بڑھانے کی دھمکی
واشنگٹن:(کنزیومر واچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور عالمی سیاسی معاملات پر اہم بیانات دیے ہیں، صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ مائیکروچپس اور سیمی کنڈکٹرز پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا تاکہ امریکی معیشت کو تقویت دی جا سکے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی حکومت کو روس سے تیل خریدنے کی قیمت چکانی ہوگی اگر بھارت نے روسی تیل کی خریداری بند نہ کی تو اس پر مزید تجارتی پابندیاں اور ٹیرف نافذ کیے جائیں گے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روس سے تیل خریدنے کی وجہ سے چین پر بھی مزید سخت ٹیرف عائد کیا جاسکتا ہے جبکہ روس پر ٹیرف کا تعین بعد میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جا چکے ہیں اور آئندہ مزید سخت اقدامات متوقع ہیں۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں امریکی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان کے مطابق ایپل سمیت کئی بڑی ٹیک کمپنیاں امریکا واپس آ رہی ہیں، اور ملک میں سیکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔انہوں نے بگ بیوٹی فل بل کی منظوری کو معیشت میں بہتری کی بڑی وجہ قرار دیا اور کہا کہ ایپل مزید 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ امریکا میں مصنوعات بنائیں گے تو کوئی اضافی چارج نہیں ہوگا۔عالمی امور پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایرانی، اسرائیلی اور دیگر 5 جنگیں ختم کرا دی ہیں، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے حالیہ گفتگو کو اچھی بات چیت قرار دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اسے کوئی بریک تھرو نہیں کہیں گے۔صدر ٹرمپ نے جارجیا میں فوجی اڈے پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔یوکرین جنگ پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ یہ جنگ جوبائیڈن کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، اور آج بھی وہاں اموات ہو رہی ہیں۔صدر نے مزید کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خلیجی ممالک سمیت کئی ملکوں کے دورے کر چکے ہیں اور ٹیرف کے ذریعے امریکا میں اربوں ڈالر آ رہے ہیں، اور یہ ہماری معاشی خودمختاری کی طرف اہم قدم ہے۔