Blog

  • مشہور بھارتی اداکارہ نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی

    مشہور بھارتی اداکارہ نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی

    ممبی (کنزیومر واچ نیوز)بھارتی اداکارہ کرشمہ شرما چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کے باعث شدید زخمی ہوگئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مشہور ویب سیریز ”راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز“ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کرشمہ شرما لوکل ٹرین میں سفر کر رہی تھیں تاہم اس دوران پیش آنے والے ایک حادثے کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئی ہیں۔اداکارہ نے خود انسٹاگرام پر اسپتال سے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس واقعے کی اطلاع دی۔ کرشمہ نے بتایا کہ وہ دوستوں کے ہمراہ لوکل ٹرین میں سفر کر رہی تھیں تاہم کسی وجہ سے ان کے دوست ٹرین پر سوار نہ ہوسکے اور ٹرین چل پڑی جس پر اداکارہ نے گھبرا کے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں انہیں کافی چوٹیں آئیں۔ اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ ان کی کمر پر چوٹیں آئیں ہیں ان کا سر کہیں ٹکرانے کے باعث سوج گیا ہے جبکہ جسم پر جگہ جگہ نیل پڑگئے ہیں۔ کرشمہ شرما نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔

  • پنجاب: سیلاب سے 97 شہری جاں بحق اور 2300 سے زائد دیہات متاثر

    پنجاب: سیلاب سے 97 شہری جاں بحق اور 2300 سے زائد دیہات متاثر

    لاہور(کنزیومر واچ نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ریلیف کمشنر کے مطابق حالیہ سیلاب میں مختلف حادثات میں 97 شہری جاں بحق ہوئے جب کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث 4500 سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔ریلیف کمشنر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ دریائے چناب میں سیلاب کے باعث مجموعی طورپر 2 ہزار 334 دیہات متاثر ہوئے، دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث 672 دیہات متاثر ہوئے جب کہ دریائے راوی میں سیلاب کے باعث ایک ہزار 482 موضع جات متاثر ہوئے۔ریلیف کمشنر کی رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 44لاکھ98 ہزار لوگ متاثرہوئے، سیلاب میں پھنسے 24 لاکھ 51 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 396 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے، 19لاکھ ایک ہزارمویشیوں کوبھی محفوظ مقامات پرمنتقل کیاگیا۔

  • دیوان گروپ پنجاب  میں الیکٹرک وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے گا

    دیوان گروپ پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے گا

    لاہور (کنزیومر واچ نیوز)صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے دیوان گروپ کے سی ای او وسیم الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ دیوان گروپ نے پنجاب کے خصوصی اقتصادی زون میں الیکٹرک وہیکلز کا اسیمبلنگ پلانٹ لگانے کا عندیہ دے دیا۔اس موقع پر سی ای او دیوان گروپ وسیم الحق نے کہاکہ ہمارا گروپ کراچی میں مختلف قسم کی گاڑیاں تیار کر رہا ہے۔ پنجاب میں بھی اپنا صنعتی یونٹ لگانا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا فوکس صوبے میں ای وی سیکٹر کا فروغ ہے۔صنعتی یونٹ لگانے کیلئے سپیشل اکنامک زون میں قابل توسیع 30 سال کی لیز پر اراضی حاصل کی جاسکتی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ دیوان گروپ پنجاب میں وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے، ہرممکن سہولت دیں گے۔چاہتے ہیں کہ پنجاب میں ای وی چارجنگ کے اسیمبلنگ پلانٹ بھی لگیں۔ صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے دیوان گروپ کی تیار کردہ گاڑیوں کا مشاہدہ کیا،گاڑی خود ڈرائیو کرکے جائزہ لیا۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد میں دیوان گروپ کے ڈائریکٹر،سیلز مینجر،سروس مینجر اور گروپ کے دیگر حکام بھی شامل تھے۔

  • ٹرمپ کے قریبی ساتھی ‘چارلی کرک’ قاتلانہ حملے میں ہلاک

    ٹرمپ کے قریبی ساتھی ‘چارلی کرک’ قاتلانہ حملے میں ہلاک

    واشنگٹن (کنزیو مر واچ نیوز)امریکی ریاست یوٹاہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے قدامت پسند رہنما چارلی کرک قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے۔چارلی کرک کو اُس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں تقریر کر رہے تھے۔امریکی میڈیا نے بتایا کہ چارلی کرک کو 200 یارڈ کے فاصلے پر واقع ایک عمارت سے نشانہ بنایا گیا۔رپورٹس کے مطابق چارلی کرک کو گردن میں گولی لگی جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ عظیم اور تاریخی حیثیت رکھنے والے چارلی کرک اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی نوجوانوں کےخیالات چارلی کرک سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکا، چارلی کرک مجھ سمیت تمام لوگوں کے پسندیدہ شخصیت تھے، امریکی صدر نے اپنے پیغام میں چارلی کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

  • اسرائیلی حملہ:وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر قطرروانہ

    اسرائیلی حملہ:وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر قطرروانہ

    دوحا(کنزیومر واچ نیوز)دوحا پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر عالمی سطح پر اہمیت اختیار کر گیا، متحدہ عرب امارات کے صدر قطر پہنچ چکے ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی ہنگامی دورے پر قطر کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ ہنگامی دورے پر قطر کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطری قیادت سے یکجہتی کا اظہارکریں گے۔شہباز شریف کی قطری شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہو گی، پاکستان پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی اورعرب ملکوں کے متحدہ ردعمل کے لیے قطر میں کانفرنس کا شریک منتظم بننے کی پیشکش کر چکا ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی آج دوحا کا دورہ متوقع ہے، سعودی ولی عہد کا قطر کا دورہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔ادھر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان بھی قطر پہنچ گئے ہیں۔ اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ نے بھی گزشتہ روز قطر کا دورہ کیا تھا۔قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں، حماس پر اسرائیلی حملے سے یرغمالیوں کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے، نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔یاد رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملے میں حماس کی اعلیٰ قیادت محفوظ رہی تاہم مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ خلیل الحیا کے مشیر اور بیٹے سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو فون کر کے قطر پر حملے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا دوحا پر حملے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ تھا۔

  • جلالپور پیر والا  کو بچانے کے لیے عوام  کا ہنگامی بنیادوں پر انخلا جاری

    جلالپور پیر والا کو بچانے کے لیے عوام کا ہنگامی بنیادوں پر انخلا جاری

    ملتان (کنزیو مر واچ نیوز)ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا کو چاروں جانب سے سیلابی پانی نے گھیر لیا ہے اور شہر کو بچانے کے لیے عوام کا ہنگامی بنیادوں پر انخلا جاری ہے۔جلال پور پیروالا کے نواحی گاؤں 86 ایم بند پر صبح چھ بجے سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزراء 86 ایم بند پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب نے متاثرہ علاقوں سے انخلا کے لیے خود اسپیکر پر اعلانات کیے۔جلال پور پیروالا کو بچانے کے لئے کوششیں جاری ہیں، جلال پور پیروالا کو بچانے کے لیے گزشتہ رات اوچ شریف روڈ پر شگاف بھی ڈالا گیا تھا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے جلال پور پیروالا کو بچانے کیلئے بنائے گئے عارضی بند پر پانی کا دباؤ مسلسل برقرار ہے، شہر سے تیزی سے آبادی کو نکالا جا رہا ہے۔صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے کہ جلال پور پیروالا کے چاروں اطراف پانی ہے، تحصیل جلالپور کے 90 فیصد نواحی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔جلال پور پیروالا کی دکانیں اور مارکیٹیں بدستور بند ہیں، اوچ شریف روڈ پر شگاف سے بستی لانگ، بستی کنہوں اور بہادر پور میں پانی داخل ہو گیا، جن بستیوں میں پانی جائے گا انہیں خالی کرایا جارہا ہے۔ادھر دریائے ستلج میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، ایمپریس برج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ دریا کا پانی تو والی، خانو والی، بستی جام والا سمیت دیگر بستوں میں داخل ہو گیا ہے، احمد پور شرقیہ کے علاقے پپلی راجن شاہ اور ملحقہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔دریائے چناب میں بھی ہیڈ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی میں اضافے سے تحصیل علی پور کے مزید علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔مظفرگڑھ کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث سیت پورشہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، سیت پور میں ادویات، کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہے۔مقامی انتظامیہ کے مطابق تحصیل علی پور میں بیٹ چنہ، شیخانی، کوٹلہ اگر، مسن کوٹ بھوآ اور شاہ وساوا بھی زیرآب آ گئے ہیں۔ علی پور کے علاقے خیرپور سادات کےبھی کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں اب بھی ہزاروں افراد سیلاب میں پھنسے ہیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

  • یاماہا نے پاکستان میں موٹر سائیکل کی پیداوار بند کردی

    یاماہا نے پاکستان میں موٹر سائیکل کی پیداوار بند کردی

    کراچی(کنزیومر واچ نیوز)یاماھا موٹر پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ھے کہ وہ ملک میں موٹر سائیکل کی پیداوار بند کر رہا ھے۔ کراچی کے بن قاسم انڈسٹریل پارک سے جاری کردہ اعلامیے کے ذریعے کمپنی نے اپنے ڈیلرز کو آگاہ کیا کہ یہ فیصلہ یاماھا موٹر کمپنی، جاپان کی پالیسی تبدیلی کے نتیجے میں کیا گیا ھے۔کمپنی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق مقامی پیداوار کو ختم کر کے مرحلہ وار کاروباری سرگرمیوں سے مکمل انخلا کیا جا رہا ھے۔ یہ فیصلہ پاکستانی مارکیٹ میں قیمتوں کے توازن میں مشکلات، اور پالیسی میں تبدیلی کے باعث کیا گیا ھے۔جاری کردہ خط میں واضح کیا گیا ھے کہ کمپنی تمام نئی پیداوار بند کر رہی ھے اور صرف موجودہ اسٹاک کے مطابق ڈیلرز کو موٹر سائیکل کی فراہمی جاری رکھے گی۔صرف ان ڈیلرز کو جو اپنے بقایاجات کی ادائیگی کر چکے ہوں، معاہدے کی مدت مکمل ہونے تک انہیں سپلائی جاری رھے گی، کسی نئے آرڈر کو قبول نہیں کیا جائے گا جب تک کہ بقایا جات مکمل ادا نہ کیے گئے ہوں۔یہ اقدامات اس بات کی علامت ہیں کہ یاماھا جلد ہی پاکستان میں اپنی موجودگی ختم کر دے گا۔کمپنی نے یہ بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ موجودہ یاماھا موٹر سائیکل صارفین کے لیے اسپئیر پارٹس کچھ مدت تک دستیاب رہیں گے تاکہ سروس اور مرمت کے مسائل نہ ہوں۔اسی طرح، تمام موٹر سائیکلوں کی وارنٹی چاہے وہ ڈیلر کے پاس موجود ہوں یا منتقلی کے مرحلے میں ہوں کمپنی کی موجودہ وارنٹی اسکیم کے مطابق فعال رہے گی۔ فیکٹری میں مناسب تعداد میں پارٹس کا ذخیرہ بھی رکھا جائے گا تاکہ صارفین کو بروقت سروس فراہم کی جا سکے۔یہ اعلان پاکستان میں یاماھا کے ایک دور کے اختتام کی نشاندہی کرتا ھے اور ملک میں آٹو انڈسٹری کا نیا باب شروع ھو چکا ھے، جو کہ الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار، اور پالیسی اصلاحات پر مبنی ھے۔

  • صنعت کاروں کو نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر سے تحفظ دینے کا فیصلہ

    صنعت کاروں کو نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر سے تحفظ دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)حکومت نے مجوزہ صنعتی پالیسی کے تحت صنعتی بجلی کے ٹیرف سے کراس سبسڈی ختم کرنے اور پیک ریٹس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔حکومت نے قوانین میں تبدیلی لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جن میں ایک جامع انسالوینسی (دیوالیہ پن سے تحفظ) قانون متعارف کرانا شامل ہے۔ وزیرِاعظم کی سطح پر یہ طے پایا ہے کہ صنعتکاروں کو نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کے براہِ راست رابطے سے محفوظ رکھا جائے گا۔اسی مقصد کے لیے ایس ای سی پی ایکٹ 1947 کی دفعہ 41-B اور دفعہ 42-A میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے یہ لازمی ہوگا کہ وہ کسی بھی کارروائی سے قبل ایس ای سی پی کی اجازت حاصل کریں۔ترمیمی مسودے کے مطابق، ریگولیٹڈ اداروں کے خلاف انکوائری، تحقیقات یا کارروائی خواہ وہ اسٹاک ایکسچینجز ہوں، سینٹرل ڈپازٹریز، کلیئرنگ ہاؤسز، نان بینکنگ فنانس کمپنیاں (روایتی یا ڈیجیٹل)، انشورنس کمپنیاں یا بروکرز—بغیر ایس ای سی پی کے ریفرنس کے کسی وفاقی یا صوبائی تحقیقاتی ادارے کی طرف سے نہیں کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ اگر کوئی معاملہ پہلے ہی ایس ای سی پی کے سامنے ہو تو کسی بھی دوسرے ادارے کے پاس اس پر کارروائی کا اختیار نہیں ہوگا۔ترمیمی مسودہ غیر ملکی سرمایہ کاروں (بشمول نائیکوپ ہولڈرز) کو بھی واضح قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے تاکہ بیرونی اداروں کی من مانی مداخلت سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔حکومتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ”پاور ڈویژن صنعتی بجلی کے ٹیرف سے کراس سبسڈی ختم کرے گا اور پیک ریٹس بھی منسوخ کرے گا۔”مجوزہ صنعتی پالیسی کا مسودہ جلد جاری ہونے والا ہے۔ اس کے مطابق، وزارتِ تجارت نے وزارتِ خزانہ کی مشاورت اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے برآمد کنندگان کے لیے مقامی ٹیکس و لیویز کے ڈرا بیک (DLTL) اسکیم شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ایف بی آر نے بھی اربوں روپے کے پھنسے ہوئے ریفنڈز کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سیلز ٹیکس (موخر ریفنڈ پیمنٹ آرڈرز ، کسٹمز ریبیٹس، انکم ٹیکس اور صوبائی ٹیکس شامل ہیں۔ سیلز ٹیکس ریفنڈز بروقت ادا کیے جائیں گے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس عمل کو مزید تیز بنایا جائے گا۔

  • کراچی: گڈاپ کونکر ندی میں 7 افراد ڈوب گئے، 2 لاشیں نکال لی گئیں

    کراچی: گڈاپ کونکر ندی میں 7 افراد ڈوب گئے، 2 لاشیں نکال لی گئیں

    کراچی(کنزیومر واچ نیوز) گڈاپ کی کونکر ندی میں 7 افراد ڈوب گئے جن میں سے 2 کی لاشیں مل گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق کونکر ندی میں حادثہ دو گاڑیوں کے ڈوبنے کی وجہ سے پیش آیا، 2 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جبکہ ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ملیر کینٹ کے راستے سعدی ٹاؤن پہنچ گئے جہاں وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لٹھ ڈیم اور تھڈو ڈیم کے اوورفلو سے پانی موٹروے سے ہوتا ہوا سعدی ٹاؤن آیا۔وزیراعلیٰ سندھ نےگاڑی سے اتر کر علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور متعلقہ اداروں کو فوری نکاسی آب کے لیے ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ واٹربورڈ، ریسکیو اور کنٹونمنٹ بورڈ کی گاڑیاں نکاسی آب میں مصروف ہیں۔یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

  • شاہراہ بھٹو جام گوٹھ ملیر کے مقام پر سیلابی پانی میں بہہ گئی

    شاہراہ بھٹو جام گوٹھ ملیر کے مقام پر سیلابی پانی میں بہہ گئی

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)جام گوٹھ ملیر کے مقام پر شاہراہ بھٹو سیلابی پانی میں بہہ گئی۔رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے شاہراہ بھٹو جام گوٹھ ملیر کے مقام پر سیلابی پانی میں بہہ گئی ہے اور سڑک پر بہت بڑا شگاف پڑگیا ہے۔دوسری جانب سیلابی پانی ملیر ندی کے درمیان تعمیر ہونے والی شاہراہ بھٹو کو کاٹ کر دوسری جانب نکل گیا ہے۔اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملیر ندی کے اندر شاہراہ بھٹو کی تعمیر کی وجہ سیلابی پانی کے گزرنے کی جگہ تنگ ہو گئی ہے۔