Blog

  • پاکستان میں ایک اور ملٹی نیشنل کمپنی نے اپنا بزنس ختم کرنے کا اعلان کردیا

    پاکستان میں ایک اور ملٹی نیشنل کمپنی نے اپنا بزنس ختم کرنے کا اعلان کردیا

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)کنزیومر مصنوعات بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل نے بھی پاکستان میں مینوفیکچرنگ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔کمپنی اعلامیہ کے مطابق خطے کے دیگر ملکوں سے تیار کردہ مصنوعات ڈسٹری بیوٹر ماڈل کے زریعے صارفین تک پہنچائی جائیں گی۔
    کمپنی کے جاری کردہ بیان کے مطابق پی اینڈ جی نے اپنی عالمی حکمتِ عملی کے تحت ترقی اور قدر میں اضافے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پاکستان میں اپنے کاروباری اور عملیاتی ماڈل میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔کمپنی اب ایک تیسرے فریق (ڈسٹری بیوٹر) کے ذریعے صارفین کو اپنی مصنوعات فراہم کرے گی۔ اس فیصلے کے تحت پی اینڈ جی پاکستان اور جِلیٹ پاکستان لمیٹڈ کی مینوفیکچرنگ اور کمرشل سرگرمیاں بتدریج ختم کر دی جائیں گی، اور پاکستانی صارفین کو خطے میں موجود دیگر آپریشنز کے ذریعے خدمات فراہم کی جائیں گی۔کمپنی اس عمل کی تکمیل تک معمول کے مطابق اپنا کاروبار جاری رکھے گی، جس میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی پی اینڈ جی پاکستان اور اس کے علاقائی معاون دفاتر فوری طور پر منتقلی کے منصوبے پر کام کا آغاز کریں گے جس میں سب سے پہلے توجہ پی اینڈ جی کے ملازمین پر دی جائے گی۔جن ملازمین کی ذمہ داریاں اس فیصلے سے متاثر ہوں گی، انہیں پی اینڈ جی کے دیگر ممالک میں موجود آپریشنز میں مواقع فراہم کیے جائیں گے یا پھر مقامی قوانین، کمپنی کی پالیسیوں اور اقدار و اصولوں کے مطابق علیحدگی پیکجز دیے جائیں گے۔متعدد ممکنہ آپشنز پر غور کرنے کے بعد کمپنی نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان میں صارفین کو خدمات فراہم کرنے کا سب سے موزوں طریقہ تیسرے فریق کے ڈسٹری بیوٹر ماڈل کو اپنانا ہے۔

  • دی آرگینک میٹ کمپنی نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون پلانٹ میں آپریشنز کا آغاز کردیا

    دی آرگینک میٹ کمپنی نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون پلانٹ میں آپریشنز کا آغاز کردیا

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)دی آرگینک میٹ کمپنی نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون پلانٹ میں آپریشنز کا آغاز کردیا دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ (TOMCL) نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (KEPZA) میں اپنے نئے پلانٹ پر یکم اکتوبر 2025 سے باضابطہ آپریشنز کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے کمپنی نے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو باضابطہ اطلاع دی۔کمپنی کے مطابق یہ پلانٹ اس کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی محمد سعید محمد حسین لمیٹڈ (MSMHL) کے تحت قائم کیا گیا ہے، جو بھیڑ اور گائے کے آفلس (offals) کی پراسیسنگ، ان کی ہائیجینک ویلیو ایڈیشن اور عالمی منڈیوں بالخصوص مشرق وسطیٰ، یورپ، چین اور وسطی و مشرقی ایشیائی ممالک کو دوبارہ برآمد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ نیا پلانٹ خوردنی آفلس کی پراسیسنگ اور ایکسپورٹ کا ذمہ دار ہوگا، جن میں فروزن آفلس اور ڈی ہائیڈریٹڈ پیٹ چیوز شامل ہیں۔کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک اقدام TOMCL کے طویل المدتی وژن کو تقویت دیتا ہے، جس کے تحت کمپنی کو مکمل طور پر انٹیگریٹڈ حلال گوشت اور بائی پروڈکٹ کمپنی بنایا جائے گا، روایتی کٹس اور مارکیٹ سے آگے بڑھتے ہوئے ایکسپورٹ بیس کو وسیع کیا جائے گا اور پاکستان کو پریمیم حلال سرٹیفائیڈ پروٹین مصنوعات کا قابلِ اعتماد ذریعہ بنایا جائے گا۔گزشتہ ماہ TOMCL نے اعلان کیا تھا کہ اس نے گولڈ کریسٹ ٹریڈنگ FZE کے ساتھ 81 لاکھ ڈالر مالیت کا ایکسپورٹ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت متحدہ عرب امارات (UAE) کو صنعتی اور گھریلو استعمال کے لیے فروزن بون لیس بیف برآمد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ دی آرگینک میٹ کمپنی 2010 میں پرائیویٹ لمیٹڈ کے طور پر رجسٹرڈ ہوئی تھی اور یہ حلال گوشت و اس سے منسلک مصنوعات کی پروسیسنگ اور فروخت کرتی ہے۔ سرخ گوشت اور بائی پروڈکٹس کی برآمد میں بھی یہ پاکستان کی نمایاں کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، جن میں مشرق وسطیٰ اس کی بڑی برآمدی منڈی ہے۔

  • کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کو بائی لاز میں ترمیم کیلئے 60 دن کی مہلت

    کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کو بائی لاز میں ترمیم کیلئے 60 دن کی مہلت

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز(ڈی جی ٹی او) نے آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن (اے پی سی سی اے) کے چیئرمین ارشد خورشید کے خلاف دائر شکایات کو مسترد کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو اپنے بائی لاز میں ترمیم کے لیے 60 دن کی مہلت دے دی ہے، تاکہ نئی تعریف اور شواہد سے متعلق معیار کو شامل کیا جا سکے۔ریگولیٹر بلال خان پاشا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی حکم میں دو مربوط شکایات کو نمٹا دیا گیا۔ پہلی شکایت جون 2025 میں سلطان انٹرپرائزز کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ارشد خورشید نے مارچ 2025 میں ای میل کے ذریعے استعفیٰ دے دیا تھا، جو قانونی طور پر مؤثر ہو چکا تھا، تاہم ڈی جی ٹی او نے قرار دیا کہ ایسوسی ایشن کے آرٹیکل 18( 4 ) کے تحت استعفے کی باقاعدہ منظوری ضروری ہے، جو پوری نہیں ہوئی، اس لیے ارشد خورشید کا چیئرمین بننا درست ہے۔دوسری شکایت میں 19 اراکین کو ایسوسی ایٹ سے کارپوریٹ کلاس میں منتقل کرنے کے طریقہ کار کو چیلنج کیا گیا، جس میں غیر مستند بینک اسٹیٹمنٹس کی بنیاد پر سالانہ ٹرن اوور کا تعین کیا گیا تھا۔ ڈی جی ٹی او نے وضاحت کی کہ سالانہ ٹرن اوور سے مراد وہ تمام مجموعی آمدنی ہے جو ایک مالی سال میں معمول کی کاروباری سرگرمیوں سے حاصل ہو، جس میں سروس فیس شامل ہو، مگر بالواسطہ ٹیکسز اور غیر آپریشنل آمدنی شامل نہ ہوں۔اب مستقبل میں ممبرشپ کی تبدیلی صرف آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں یا ایف بی آر کے جمع کرائے گئے سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن کی بنیاد پر کی جا سکے گی۔ بینک اسٹیٹمنٹس یا خود ساختہ سرٹیفکیٹس کو ناکافی قرار دیا گیا ہے۔ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل کو ویب سائٹ نہ چلانے پر وارننگ دی گئی ہے اور انہیں 6 ماہ میں کارپوریٹ گورننس سے متعلق تربیت مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  • مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح 5.6 فیصد تک پہنچ گئی

    مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح 5.6 فیصد تک پہنچ گئی

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)رواں مالی سال 26-2026 کی پہلی سہ ماہی(جولائی تا ستمبر)کے دوران ملک میں مہنگائی کی اوسط شرح 4.22 فیصد رہی ہے تاہم گزشتہ ماہ(ستمبر )کے دوران سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح 5.6 فیصد تک پہنچ گئی جو وزارت خزانہ کی طرف سے ستمبر میں مہنگائی کی شرح ساڑھے تین سے چار فیصد کے درمیان رہنے کے تخمینے سے زیادہ ہے۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق اگست کے مقابلے میں ستمبر کے دوران مہنگائی کی شرح دو فیصد رہی ہے۔حکام کے مطابق وزارت خزانہ نے ستمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں اوسط مہنگائی 4.22 فیصد رہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.99 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ ستمبر 2024 میں مہنگائی 6.9 فیصد بڑھی تھی۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ستمبر 2025 کے دوران دیہاتوں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 2.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شہروں میں مہنگائی میں 1.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی سالانہ شرح 5.8 فیصد رہی، ستمبر میں شہروں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 5.5 فیصد رہی ہے جبکہ وزارت خزانہ نے ستمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا۔وزارت خزانہ نے اپنے ماہانہ اقتصادی جائزے اور ستمبر 2025 کے آؤٹ لک میں کہا تھا کہ 2025 کے جاری سیلاب کی وجہ سے زرعی شعبہ متاثر ہونے کا امکان ہے، سیلاب سے متعلق رکاوٹیں خوراک کی سپلائی چین پر دباؤ ڈال سکتی ہیں جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔مزید بتایا گیا تھا کہ اس کے باعث مہنگائی عارضی طور پر بڑھے گی مگر ستمبر 2025 میں یہ 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان قابو میں رہنے کی توقع ہے۔

  • برطانیہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی “بائے ون گیٹ ون فری” ڈیلز پر پابندی عائد، وجہ کیا ہے؟

    برطانیہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی “بائے ون گیٹ ون فری” ڈیلز پر پابندی عائد، وجہ کیا ہے؟

    لندن (کنزیومرواچ نیوز)برطانیہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی “ بائے ون گیٹ ون فری” ڈیلز پر پابندی عائد کردی گئی۔ برطانوی حکومت نے موٹاپے پر قابو پانے خصوصاً بچوں کو موٹا پے سے بچانے کےلیے غیر صحت مند کھانے پینے کی اشیاء کی ایک کے ساتھ ایک فری ڈیلز پر پابندی لگا دی۔ حکام کے مطابق یہ پابندیاں سپر مارکیٹوں، بڑی دکانوں اور آن لائن خوردہ فروشوں پر لاگو ہوں گی، یہ پابندی ریستوران اور کیفیز میں کچھ مشروبات کی مفت ری فل پروموشنز پر بھی لاگو ہوں گی۔ اس حوالے سے برطانوی محکمہ صحت نے کہا کہ یہ پابندیاں بچوں کو زندگی میں ایک صحت مند، خوشگوار آغاز دینے کے لیے ایک اہم قدم ہیں کیونکہ موٹاپا بچوں کو زندگی کی بہترین شروعات سے محروم کر دیتا ہے اور انہیں زندگی بھر صحت کے مسائل سے دوچار کرتا ہے۔

  • بھارتیوں کی ایک بار پھر تاج محل کو متنازع بنانے کی سازش

    بھارتیوں کی ایک بار پھر تاج محل کو متنازع بنانے کی سازش

    نئی دھلی (کنزیومر واچ نیوز)بھارت میں ایک بار پھر محبت کی علامت کے طور پر شہرت رکھنے والے تاج محل کو متنازع بنانے کی سازش کی گئی ہے۔سینئر بالی وڈ اداکار پریش راول کی جانب سے اپنی نئی فلم’دی تاج اسٹوری‘ کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا تھا جس میں تاج محل کے گنبد سے شیو کی مورتی نکلتی دکھائی دے رہی ہے۔اس بیہودہ پوسٹر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جب پریش راول کو شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تو وہ پوسٹر ڈیلیٹ کرنے پر مجبور ہوگئے۔انہوں نے فلم پروڈکشن ٹیم کا بیان بھی جاری کیا جس میں وضاحت کی گئی کہ “دی تاج اسٹوری” نہ تو مذہبی موضوع پر بنی فلم اور ہے نہ ہی اس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہاں شیو کا مندر تھا۔ معروف برطانوی تاریخ دان ولیم ڈیل رمپل نے شیو مندر کی جگہ پر تاج محل بنانے کے دعوؤں کو مضحکہ خیز اور بدنیتی پر مبنی بکواس قرار دیا۔ماضی میں بھی تاج محل کو متنازع بناکر داغ دار کرنے کی سازش رچائی گئی واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ محبت کی علامت کی شہرت رکھنے والے تاج محل کو متنازع بناکر داغ دار کرنے کی سازش رچائی گئی ہو۔ کبھی یہ دعویٰ سامنے آتا ہے کہ تاج محل اصل میں راجیہ محلہ تھا، کبھی کوئی یہ کہہ دیتا ہے کہ تاج محل اصل میں شیو کے مندر پر بنایا گیا ہے۔مندر کی زمین پر تاج محل بنانے کے تنازع کی جڑ بھارت کے خود ساختہ مورخ پی این اوک کی 1989 کی کتاب ہے جس میں اوک لکھتا ہے کہ یہ جگہ جہاں تاج محل بنا ہے وہاں مغلوں سے بہت پہلے ہندو راجا جے شاہ نے مونومنٹ بنایا تھا، پی این اوک کے دعوے کی تردید بھارت کی جانی مانی مورخ ڈاکٹر راچیکا شرما نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کی۔پھر 2018 میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے تصدیقی خط جاری کیا کہ تاج محل مغل شہنشاہ شاہ جہاں اور اس کی بیوی ممتاز محل کا مقبرہ ہے، پر معاملہ یہاں دبا نہیں، خاص طور پر بی جے پی لیڈرز نے تاج کو اپنا ہدف بنائے رکھا۔ 2022 میں رجنیش سنگھ نے ہائیکورٹ میں درخواست لگا کر تاج محل کی تاریخ جاننے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ پینل بنانے کا مطالبہ کیا۔ رجنیش سنگھ نے کہا کہ ہندو مورتیاں ڈھونڈنے کے لیے تاج محل کے 22 بند کمرے کھلوائے جائیں، اس کے بعد 2022 میں ہی جے پی کی رکن اسمبلی دیا کماری نے دعویٰ کیا کہ جہاں تاج محل بنا ہے وہ جگہ اس کے پُرکھوں کی ہے۔

  • جونیئر ہاکی ورلڈکپ: پاکستان کا اپنے میچز بھارت سے  منتقل کرنے کا مطالبہ

    جونیئر ہاکی ورلڈکپ: پاکستان کا اپنے میچز بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کے میچ بھارت سے دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو خط لکھ کر بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے اپنے خط میں پاکستانی کھلاڑیوں کو درپیش سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا اور پاکستان ہاکی ٹیم کے میچ بھارت کے بجائے نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا مطالبہ کیا۔ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر کو بھارت میں شروع ہوگا اور 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ واضح رہے اس سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم بھی ایشیا کپ کھیلنے بھارت نہیں گئی تھی۔

  • پروپیگنڈے میں نہ آئیں، دوست اور دشمن کو پہچانیں، مریم نواز

    پروپیگنڈے میں نہ آئیں، دوست اور دشمن کو پہچانیں، مریم نواز

    لاہور:(کنزیومرواچ نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لوگ پروپیگنڈے میں نہ آئیں، دوست اور دشمن کو پہچانیں، پنجاب سے احساس محرومی ختم کردوں گی۔تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں 50 ہزار اسکولوں میں کروڑوں بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں، حکومت ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز سمیت ہر افسر کی تعیناتی سے قبل وہ خود انٹرویو لیتی ہیں۔ پنجاب میں وزیرِ تعلیم کا بیٹا بھی سرکاری اسکول میں پڑھتا ہے۔ جس ملک میں اتنے ٹاپرز ہوں، وہ کبھی زوال کا شکار نہیں ہوسکتا۔ پنجاب میں 80 ہزار طلبہ اسکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ حکومت نے فوڈ سکیورٹی کے بعد اب ایجوکیشن سکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرکاری اور نجی اسکولوں میں معیارِ تعلیم کا فرق مٹانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں گوگل اور اے آئی کلاس رومز بنائے جارہے ہیں، بچوں کو کروم بکس دیے جارہے ہیں اور گرین و الیکٹرک بسوں میں طلبہ کے لیے سو فیصد مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جن میں وائی فائی اور سی سی ٹی وی کی سہولت بھی موجود ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سفارش اور دھاندلی کا خاتمہ کردیا گیا ہے، خواتین کی ہراسمنٹ پر چوبیس گھنٹے کے اندر کارروائی ہوتی ہے، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ صوبے کے کئی شہروں میں اب کئی ہفتوں سے کوئی کرائم رپورٹ نہیں ہوا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں اسکولوں میں پنکھوں، پانی اور باتھ رومز سمیت تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے 80 ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔ کتاب اور پینسل کے ساتھ اب ٹیکنالوجی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ہم نے گھوسٹ اسکولوں اور گھوسٹ طلبہ کا خاتمہ کیا، ڈیڑھ سال میں کہیں بھی اساتذہ کی کمی نہیں رہی اور اب مضامین کے ماہرین بھرتی کیے جارہے ہیں۔مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں میٹرک ٹیک متعارف کرایا گیا ہے جہاں 60 ہزار بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں، جبکہ 8 ارب روپے سے مفت یونیفارم اسکیم بھی شروع کی جارہی ہے تاکہ والدین پر بوجھ کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام وسائل عوام کے ہیں، جنہیں ان کے حقوق دینے سے پہلے والی حکومتیں محروم رکھتی رہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریاست ماں ہوتی ہے، جو اپنے بچوں کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک نہیں کرتی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اپنی بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے اور ملک کی ترقی میں حصہ لینے کا موقع دیں۔ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے پر اندھا یقین نہ کریں، کیونکہ یہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ نوجوانوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکساتے ہیں، وہ ان کے دشمن ہیں، دوست نہیں۔ مریم نواز نے 9 مئی کے واقعات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ملک جلا دیا، ان کے کہے میں آنے والے آج جیلوں میں ہیں، جبکہ خود ان کے بچے باہر محفوظ ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہباز شریف کو خالی خزانہ ملا، لیکن آج ملک ڈیفالٹ سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ آج پنجاب میں 13 روپے کی روٹی دستیاب ہے جب کہ دیگر صوبوں میں 20 روپے کی ہے۔ مریم نواز نے وعدہ کیا کہ اگر اللہ نے 5 سال دیے تو پنجاب کو ایسا ترقی یافتہ صوبہ بناؤں گی جسے دیکھنے لوگ آئیں گے۔

  • اسرائیل کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ، سابق پاکتانی سینیٹر سمیت 200 گرفتار

    اسرائیل کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ، سابق پاکتانی سینیٹر سمیت 200 گرفتار

    تل ابیب/غزہ:(کنزیومرواچ نیوز) اسرائیلی فوج نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے عالمی قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کر کے کئی کشتیوں کو روک لیا اور سویڈن کی معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمدسمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔عرب میڈیا کے مطابق صمود فلوٹیلا میں 40 سے زائد کشتیوں پر تقریباً 500 انسانی حقوق کے کارکنان، پارلیمنٹیرینز، وکلا اور صحافی سوار تھے، جو غزہ کے عوام تک ادویات اور خوراک پہنچانے کے مشن پر روانہ ہوئے تھے۔ فلوٹیلا اس وقت جنگ زدہ علاقے سے تقریباً 90 میل دور تھی جب اسرائیلی بحریہ نے اس کا گھیراؤ کیا۔اسرائیلی وزارت خارجہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کہا کہ ’’صمود فلوٹیلا کے جہازوں کو بحفاظت روک دیا گیا ہے‘‘ اور گرفتار کارکنان کو اسرائیلی بندرگاہ اشدود منتقل کیا جا رہا ہے۔ وزارت نے ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں گریٹا تھنبرگ کو لے جاتے دکھایا گیا ہے۔دوسری جانب صمود فلوٹیلا انتظامیہ نے تصدیق کی کہ صیہونی فوجی کشتیوں پر سوار ہو گئے اور جہازوں پر نصب کیمروں کو بھی بند کر دیا۔ فلوٹیلا کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی رکن یاسمین آقار نے کہا کہ ’’اسرائیلی بحری جہازوں نے ہماری کشتی الما کو گھیر لیا ہے، ہم روک لیے جانے کے لیے تیار ہیں‘‘۔اسرائیلی وزارت خارجہ کی ویڈیو میں ایک نیول افسر فلوٹیلا کو راستہ بدل کر اشدود کی بندرگاہ جانے کا کہہ رہا ہے، تاکہ امداد کی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد اسے غزہ بھیجا جا سکے۔ تاہم فلوٹیلا کے منتظمین نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق انسانی ہمدردی کی امداد کو روکنا غیر قانونی ہے۔فلوٹیلا کے ایک مسافر خوسے لوئس یبوت نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’ہمارے اردگرد تقریباً دو درجن اسرائیلی جہاز ہیں، وہ ہمیں گرفتار کرنے آ رہے ہیں‘‘۔

    ایک کشتی کے غزہ پہنچنے کا دعویٰ

    گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل کشتی Mikeno پر سوار عرب صحافی حسن مسعود نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کشتی غزہ کی سمندری حدود میں داخل ہو چکی ہے۔
    بین الاقوامی ردعمل

    اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے کہا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کارکنوں کے خلاف تشدد استعمال نہیں کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ کشتیوں پر موجود غیر ملکی شہریوں کو ممکنہ طور پر اسرائیل منتقل کرنے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا۔
    اٹلی کی سب سے بڑی یونین نے بھی فلوٹیلا پر اسرائیلی کارروائی کے خلاف عام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ یونین کا کہنا ہے کہ اسرائیل جان بوجھ کر خوراک، ادویات اور ضروری سامان کو غزہ میں داخلے سے روک رہا ہے، جس سے بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

    حملوں کے باوجود مشن جاری

    گلوبل صمود فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابو کشیک نے انسٹاگرام پر ایک ’مشن اپ ڈیٹ‘ جاری کی ہے، جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ اسرائیلی افواج نے سمندر میں 13 کشتیوں کو روک لیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گرفتاریوں کے باوجود گروپ کا مشن جاری ہے، اور جہاز اب بھی بحیرۂ روم کے راستے غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے رواں دواں ہیں۔

    ابو کشیک کے مطابق فلوٹیلا کے تقریباً 30 جہاز ہیں جو اب بھی قابض افواج کے فوجی جہازوں سے بچتے ہوئے غزہ کے ساحل تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    گرفتار کارکنوں کے بیانات

    فلوٹیلا میں شامل امریکی کارکن لیلیٰ ہیگزی کا پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا:
    ’’اگر آپ میری ویڈیو دیکھ رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ مجھے اسرائیلی فوج نے اغوا کر لیا ہے۔ یہ اقدام غیر قانونی ہے۔ میں عالمی برادری اور امریکی حکومت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ فلسطینی عوام کی نسل کشی میں اسرائیل کی حمایت بند کی جائے اور تمام کارکنوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔‘‘

    پس منظر

    یاد رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کئی یورپی اور عرب ممالک کے کارکنوں کی مشترکہ کاوش ہے، جو اسرائیل کی غزہ پر عائد سخت ناکہ بندی توڑنے کے لیے عالمی سطح پر سرگرم ہے۔ اسرائیل متعدد بار وارننگ دے چکا تھا کہ وہ فلوٹیلا کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

  • حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کردیا اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 7 پیسے کا بڑا اضافہ کردیا۔وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 264 روپے 61 پیسےسے بڑھا کر 268 روپے 68 پیسے فی لیٹرمقرر کر دی گئی ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 81 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جو کہ 272 روپے 77 پیسے فی لیٹر تھی۔وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا اور اگلے 15 دن کے لیے لاگو رہیں گی۔