Blog

  • پی ٹی  آئی رہنما صنم جاوید کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پشاور:(کنزیومرواچ نیوز) تحریک انصاف کی خاتون رہنما صنم جاوید کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مقدمہ صنم جاوید کی دوست خاتون وکیل کی مدعیت میں تھانہ شرقی پشاورمیں درج کیاگیا ہے۔’صنم جاوید نامناسب زبان استعمال نہیں کرینگی‘، وکیل کی یقین دہانی پر عدالت نے رہائی کی درخواست نمٹادی مقدمے کے متن کے مطابق صنم جاوید کو پشاور کی مصروف شاہراہ پر روکا گیا اور 5 افراد انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔متن میں کہا گیا ہے کہ اس سنگین واقعہ سے قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے لہٰذا واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔

  • سندھ ، پنجاب کے معاملات میں کیوں گھسنا  ہے؟ عظمیٰ بخاری

    سندھ ، پنجاب کے معاملات میں کیوں گھسنا ہے؟ عظمیٰ بخاری

    لاہور: (کنزیومر واچ نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ اگر معافی تلافی کا معاملہ ہے تو سندھ حکومت کی طرف سے بہت معافیاں ادھار ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کس چیز کی معافی مانگیں؟شروع بھی انہوں نے کیا تھا ، ختم کرنا بھی ان کے بس میں ہے۔ْجیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے روز پریس کانفرنسں کی جارہی ہیں، روز گالیاں دی جارہی ہیں، اگر ان کو جواب نہ دیں تو کیا کریں؟ پیپلزپارٹی کو وفاق کو کمزور کرنا ہے اس لیے انہوں نے پنجاب حکومت کو نشانہ بنایا، مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ پیپلزپارٹی چاہ کیا رہی ہے، کیا ہمارے لوگ پریس کانفرنس نہیں کرسکتے ، سخت زبان استعمال نہیں کرسکتے، ہم سخت بات کرسکتے ہیں لیکن ہمارے پاس ان سب کا وقت نہیں۔لاہور کراچی کا فرق سامنے ہے، آپکو پنجاب کی سیر کرانا چاہتی ہوں، آپ مجھے نوابشاہ اور گڑھی خدا بخش دکھائیں: عظمیٰ بخاری کی پی پی پر تنقیدانہوں نے کہا کہ سندھ کا مسئلہ کیا ہے؟ سندھ کو پنجاب کے معاملات میں کیوں گھسنا ہے؟ شیری رحمان نے سینیٹ میں کہا کہ اتنی بڑی مصیبت آئی ہے ہمیں کام کرنے دیں، ہم بھی تو یہی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کام کرنے دیں، آپ کا مشورہ سر آنکھوں پر ، ہم نے آپ کے مشورے پر جواب دے دیا، صوبائیت کارڈ تو ہر وقت سندھ کی طرف سے کھیلا جاتا ہے، سیلاب کے معاملے پر پیپلزپارٹی نےکہاں مدد کی ہے؟ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے سروے پر بہت سے سوالات اٹھے، یہ سروے غربت کے لیے ہے اور پنجاب میں سروے مختلف نوعیت کا ہورہا ہے، میں نے کہا تھا کہ بی آئی ایس پی کا سروے مختلف ہے، اس کی بنیاد پر پنجاب حکومت پر یلغار کی گئی ، یہ کہاں کی سیاست ہے، سیلاب متاثرین کے لیے سروے ہورہا ہے، 17 اکتوبر کو سیلاب متاثرین کو چیکس تقسیم کیے جائیں گے، ایک ماہ میں نقصانات کا سروے کراکر سیلاب متاثرین کو اپنے گھروں میں بسانا ہمارا ٹاسک ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اگر معافی تلافی کا معاملہ ہے تو سندھ حکومت کی طرف سے بہت معافیاں ادھار ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کس چیز کی معافی مانگیں؟شروع بھی انہوں نے کیا تھا ، ختم کرنا بھی ان کے بس میں ہے، مریم نواز پنجاب کی بات نہ کریں تو پھر وہ وزیراعلیٰ کیوں ہیں؟سندھ والے ہر بات پر سندھ کارڈ کھیلتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران بلاول بھٹو وزیرخارجہ تھے، انہوں نے وزیراعظم کے خلاف کیا کیا کہا ریکارڈ دیکھ لیں، جب انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وفاق کے خلاف سازش کررہی ہے تو مجھے یہ بات کرنا پڑی، بلاول بھٹو نے اچھے انداز میں پوری دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لڑا ، ہماری کوشش ہوتی ہے پیپلزپارٹی کو عزت دی جائے اور امید کرتے ہیں کہ ہمیں بھی عزت دی جائے، بلاول بھٹو نے قصور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی تھی، اچھا ہوتا کہ بلاول وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ سیلاب کے معاملے پر مل کر کام کرتے ، وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم پنجاب میں بحرانوں پر قابو پارہی ہے، اس پرسیاست نہیں ہونی چاہییے، اپنے اپنے صوبوں میں اپنا اپنا کام کرنا ہوگا۔

  • شکاپور: ریلوے ٹریک پر دھماکا ، جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 4 مسافر زخمی

    شکاپور: ریلوے ٹریک پر دھماکا ، جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 4 مسافر زخمی

    شکارپور:(کنزیومرواچ نیوز) گاؤں سلطان کوٹ کے نزدیک ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔پولیس کے مطابق ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس متاثر ہوئی اور اس کے 4 مسافر زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا ہے جب کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے جو متاثرہ ریلوے ٹریک سے شواہد اکھا کر رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے جب کہ مسافروں کو بسوں کے ذریعے بھیجنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ڈی ایس ریلوے کے مطابق متاثرہ ٹریک کی مرمت کام شروع کردیا گیا ہے اور ٹریک کی مرمت میں 8 سے 10گھنٹے تک لگ سکتے ہیں تاہم شام 5 بجےسے پہلے اس ٹریک پر کوئی ٹرین نہیں ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایس ایس پی شکارپور سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ فی الفور واقعہ کی تفتیش کا آغاز کریں، ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانےوالے دہشت گردوں کو جلد گرفتارکیا جائے۔

  • پاکستان کی ترقی کا سفر اب رکے گا نہیں: وزیراعظم

    پاکستان کی ترقی کا سفر اب رکے گا نہیں: وزیراعظم

    اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نے پاکستانی معیشت کے حوالے سے بلومبرگ کی رپورٹ کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کا یہ سفر اب رکے گا نہیں۔پاکستانی معیشت کے حوالے سے بلوم برگ کی حالیہ مثبت رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عالمی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کریڈٹ ڈیفالٹ سواپ میں مضمر ڈیفالٹ امکانات میں 2200 بیسز پوائنٹس کی کمی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سی ڈی ایس کی قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، یہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستانی معیشت میں عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی درجہ بندی میں ابھرتی معیشتوں میں اس وقت ترکیہ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہے، یہ ہماری معیشت کے لیے اچھی خبر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کے اختتام پر ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا، بلوم برگ کی یہ رپورٹ ہمارے لیے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے اور ہماری ترقی کے سفر کی مظہر ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا حکومتی کوششوں، پاکستانی اور عالمی کاروباری برادری کے تعاون سے ترقی کا وعدہ پورا ہوتا نظر آرہا ہے، اب یہ ترقی کا سفر ہرگز نہیں رکے گا۔

  • رواں سال کا پہلا سپر مون کل نظر آئیگا، چاند معمول سے زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے گا

    رواں سال کا پہلا سپر مون کل نظر آئیگا، چاند معمول سے زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے گا

    کراچی: (کنزیومر واچ نیوز)ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ رواں سال کا پہلا سپر مون کل نظر آئے گا۔ترجمان سپارکو کے مطابق رواں سال کا پہلا سپر مون کل سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق میں طلوع ہوگا۔ترجمان نے بتایا کہ سپرمون مکمل چاند سے 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔ترجمان کے مطابق کل کا سپر مون سیارے زحل کے قریب دکھائی دے گا، سیارہ زحل آج اور کل چاند کے بائیں جانب دیکھا جاسکے گا۔دوسری جانب سال کا سب سے روشن سپر مون 5 نومبر 2025 کو متوقع ہے جب کہ رواں سال کا تیسرا سپرمون 5 دسمبر کو نظر آئے گا۔

  • ، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، عظمیٰ بخاری

    ، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، عظمیٰ بخاری

    لاہور(کنزیومرواچ نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتےہوئے کہا ہےکہ انہوں نے شرجیل میمن کا مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا ہے، وہ ہمارے اتحادی ہیں ہم ان کا بڑا احترام کرتے ہیں لیکن جیسی بات کریں گے ویسا جواب آئے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ بڑا بھائی ہونے کا حق ادا کیا ہے، قدرتی آفت کسی بھی صوبے میں آئے، پنجاب نےبڑے بھائی کا کردار ادا کیا لیکن پنجاب میں مشکل وقت آیا تو لوگوں نے سیاست کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ مشکل وقت میں پنجاب کے ساتھ ایسا سلوک رکھاجائےگا۔انہوں نے کہا کہ یہاں تین دریاؤں میں سیلاب آیا، اگر پنجاب حکومت تیار نہ ہوتی تو نقصان بڑےپیمانے پر ہوتا، ملتان اور مظفر گڑھ میں سیلاب کے باعث مشکلات آئیں، 25 اضلاع میں واقعات رپورٹ نہیں ہوئے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 47 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور 17 اکتوبر کو سیلاب متاثرین کو چیک کی تقسیم کی جائےگی، 400 دیہات کا سروے ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ نے سول ڈیفنس کے ملازمین کے لیے 15 ہزار روپے تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کیا ہے اور وزیراعلیٰ نے ہر طرح کے اضافی اخراجات کو کٹ کرنے کا کہا ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ ندیم افضل چن نے 5 پریس کانفرنسیں کیں، لغو قسم کے الزامات لگائے، ان سے پوچھیے گا آپ نے سیلاب متاثرین کے لیے کیا کیا ہے؟، پنجاب کا مقدمہ لڑنا ہماری ذمے داری ہے اور ہم لڑیں گے۔صوبائی وزیر نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جیسی بات کریں گے ویسا جواب ان کو آئے گا، آپ کا حال آدھا تیتر آدھا بٹیر والا ہو گیا ہے، وہ ہمارے اتحادی ہیں ہم ان کا بڑا احترام کرتے ہیں لیکن کراچی اور لاہور کا فرق کوئی راکٹ سائنس نہیں، سب کے سامنے ہے، آپ کے پاس سندھ کی بات کرنے کے لیے کچھ نہیں ، آپ نے ساری سیاست پنجاب کے کندھے پر چڑھ کر کرنی ہے، آئیے آپ کو بہاولپور، ملتان، لودھراں، رحیم یار خان، ڈی جی خان دکھاؤں، میں آپ کو اپنے ساتھ ان جگہوں کی سیر کرانا چاہتی ہوں، آپ مجھے کشمور لے چلیے، نواب شاہ، گڑھی خدا بخش لے چلیے کہ آپ نے کیا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نےشرجیل میمن کا مناظرےکا چیلنج قبول کر لیا ہے، آپ اپنے 17 سال کے صرف 17 پروجیکٹ بتا دیجیے، لاہور آئیں تاکہ میں آپ کو لاہور کی سیر کرواؤں۔

  • بھارت دوبارہ میزائل حملہ کرسکتا ہے، خاص نظر رکھنا ہوگی: جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ

    بھارت دوبارہ میزائل حملہ کرسکتا ہے، خاص نظر رکھنا ہوگی: جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ

    لاہور: (کنزیومر واچ نیوز)سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر دوبارہ میزائل حملہ کرسکتا ہے، ہمیں اس پر خاص نظر رکھنا ہوگی۔پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمتِ عملی” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ناصرجنجوعہ نے کہا کہ بھارت کو اچھی طرح معلوم ہے کہ پاکستان کے پاس جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی موجود ہے اور وہ اس کے مزموم عزائم کا موثر طریقے سے جواب دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان اور پاکستانی افواج کا دنیا میں قد بڑھا ہے۔ بھارت دنیا میں تنہا ہوگیا ہے۔سابق مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا امریکا نے امت مسلمہ کی تمام لیڈر شپ کو مار ڈالا، عراق، لیبیا، مصر اور شام کو تباہ کیا، ایران پر بمباری کی، پاکستان امت مسلمہ کی واحد اسلامی جوہری قوت ہے جو دشمن کو کھٹکتا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ بھارت کے اندرونی سیاسی معاملات ایسے ہیں کہ پاکستان پر دوبارہ حملوں کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ائیر مارشل ( ر) ساجد حبیب نے تقریب سے خطاب میں بھارت کی حمایت یافتہ کالعدم ٹی ٹی پی کو پوری دنیا کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے اس بار حملہ کیا تو اس بار 70جہاز گرائیں گے۔خارجہ امور کے ماہر محمّد مہدی نے کہا کہ پاکستان کے چین اور امریکہ کے ساتھ متوازی تعلقات سفارتی کامیابی ہے تاہم اس ضمن مین بہت کچھ کرنا ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتے، سی پیک کے حوالے سے کام جس سرعت سے ہونا چاہیے تھا، اس طریقے سے نہیں ہوپایا۔ان کا کہنا تھا پاکستانی معیشت کی بہتری کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان اپنی صلاحیت میں اضافہ کرے، کیپیسٹی بلڈنگ کی اشد ضرورت ہے، ابھی تک کوئی فارن انویسٹمنٹ نہیں آ سکی ہے ۔ محمد مہدی کا کہنا تھا دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ دفتر خارجہ کو بھی اپنی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے تا کہ خطے میں ابھرتے ہوئے نئے چيلنجوں کا مقابلہ کیا جائے۔پاکستان نیوی کے رئیر ایڈمرل (ر) این اے رضوی نے کہا کہ پاکستان جب تک گوادر کو آپریشنل نہیں کرلیتا اس وقت تک ہمارے لیے سنگین خطرات موجود رہیں گے، لیکن پاکستان کی بحری سکیورٹی کے بارے میں کسی کو وہم نہیں ہونا چاہیے۔سلمان غنی نے کہا کہ پاک فوج نے اپناکام کر دکھایا تاہم سیاسی و معاشی میدان ابھی بہت سا کام کرنا ابھی باقی ہے۔ میجر (ر) نیئر شہزاد نے کہا کہ اللہ پاک نے پاکستان کو بھارت کے خلاف سرخرو کیا جس کی صدر ٹرمپ نے بیسیوں بار گواہی دی ہے۔

  • پاکستان نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈ مختصر کردیا، 2 کھلاڑی ریلیز

    پاکستان نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈ مختصر کردیا، 2 کھلاڑی ریلیز

    راولپنڈی (کنزیومر واچ نیوز)جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کو مختصر کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر عامر جمال اور اسپنر فیصل اکرم کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 18 سے کم کرکے 16 کردی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کے تحت جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔جنوبی افریقا پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔جنوبی افریقہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا فاتح ہے۔

  • شعیب ملک سے علیحدگی کی خبریں: ثنا جاوید کی انسٹا اسٹوری وائرل

    شعیب ملک سے علیحدگی کی خبریں: ثنا جاوید کی انسٹا اسٹوری وائرل

    لاہور (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی جانب سے اداکارہ ثنا جاوید سے علیحدگی کی خبروں کو غلط قرار دیے جانے کے بعد ثنا کی انسٹا اسٹوری بھی وائرل ہوگئی۔شعیب ملک ان دنوں اپنی اہلیہ ثنا جاوید سے علیحدگی کی افواہیں سامنے آنے کے بعد خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔حال ہی میں شعیب ملک نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سب بکواس ہے، الحمد اللہ میری ازدواجی زندگی بہت اچھی اور خوشگوار گزر رہی ہے، میرا بیٹا دبئی میں ہوتا ہے اور میری والدہ سیالکوٹ میں رہتی ہیں، میں کراچی میں رہتا ہوں، پروفیشنل ذمہ داریوں کی وجہ سے مصروفیت رہتی ہے لیکن اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔شعیب ملک کا یہ بیان جنگل میں آگ کی طرح میڈیا میں پھیل گیا جب کہ بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پیجز بھی شعیب ملک کے بیان کو شیئر کرنے لگے۔حال ہی میں ثنا جاوید نے ایک فیشن پیج پر شیئر انسٹا اسٹوری کو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔اسٹوری میں شعیب کے ثنا سے متعلق بیان پر جوڑے کو نظر بد سے بچائے رکھنے کیلئے کی دعا کی گئی تھی۔اداکارہ ثنا نے اسکرین شاٹ پر کیپشن درج کرتے ہوئے آمین ثم آمین لکھ کر خوشی کااظہار کیا۔
    واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی گزشتہ سال جنوری میں ہوئی تھی جس کا اعلان دونوں نے مشترکہ پوسٹ کے ذریعے 20 جنوری کو کیا تھا۔
    جوڑے نے دو تصاویر شیئر کیں اور پوسٹ کے کیپشن میں ‘الحمداللہ’ لکھا اور ساتھ ہی قرآن شریف کی آیت لکھی تھی۔

  • کراچی میں بھتہ خوری ، کے سی سی آئی کا ارکان کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ

    کراچی میں بھتہ خوری ، کے سی سی آئی کا ارکان کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ

    کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری
    (KCCI) نے اپنے اراکین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری اور دھمکی آمیز کارروائیوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چیمبر کے مطابق متعدد تاجروں کو گولیوں کے ساتھ بھتہ طلب کرنے والے خطوط موصول ہو رہے ہیں، جس سے کاروباری برادری میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    کے سی سی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تشویشناک رجحان نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ شہر کے امن و امان کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ اس سلسلے میں تمام ارکان کو فوری طور پر اپنے کاروباری مراکز اور رہائش گاہوں پر اعلیٰ معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ریکارڈنگ سے مجرموں کی نشاندہی میں مدد مل سکے۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی واقعہ پیش آئے تو متعلقہ فوٹیج کے سی سی آئی کے ساتھ شیئر کی جائے تاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹھوس شواہد فراہم کیے جا سکیں، جس سے مجرموں کی فوری گرفتاری ممکن ہو سکے۔

    سیکریٹری جنرل ایس۔ایم۔ایچ رضوی نے کہا کہ چیمبر اپنے اراکین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ان کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ “اتحاد، ہوشیاری اور تیاری کے ذریعے ہم اس خطرناک صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں۔”