Blog

  • اٹلی نے اسرائیل کو فیفا ورلڈکپ سے باہر کردیا

    اٹلی نے اسرائیل کو فیفا ورلڈکپ سے باہر کردیا

    لندن (کنزیو مرواچ نیوز)اٹلی نے اسرائیل کو فیفا ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی میچ میں شکست دیدی۔فیفا ورلڈکپ 2026 کے کوالیفائی میچ میں اٹلی نے اسرائیل کو 0۔3سے شکست دے کر باہر کردیا۔میچ سے قبل اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔دوسری جانب اطالوی پولیس نے اسرائیل مخالف مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن بھی کیا۔اس سے قبل اسپین نے اسرائیل کی شرکت پر فیفا ورلڈکپ 2026 کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔

  • پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے، شادی غیر ملکی سے کروں گی: سعیدہ امتیاز

    پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے، شادی غیر ملکی سے کروں گی: سعیدہ امتیاز

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)پاکستانی اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا ہےکہ ان کے خیال میں پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے وہ شادی کسی غیر ملکی سے کریں گی۔ اداکارہ سعیدہ امتیاز حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے اپنے مستقبل کے شریک حیات سے متعلق خیالات اور مردوں کے غیر ازدواجی تعلقات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
    پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے: سعیدہ امتیاز
    اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا کہ ’میرے نزدیک ارینج میرج ڈراؤنی ہے، شادی کیلئے 2 لوگوں میں ہم آہنگی ہونی چاہیے‘۔
    سعیدہ امتیاز نے اپنی شادی سے متعلق سوال پر جواباً کہا کہ ’میں لو پلس ارینج میرج کروں گی، میری خواہش ہے کہ میری شادی پاکستانی مرد سے نہ ہو اس کے بجائے غیر ملکی شخص سے ہو‘۔
    سعیدہ امتیاز نے غیر ملکی شخص سے شادی کی خواہش کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے، اس کے برعکس دوسرے ممالک کے مر دحضرات میں بے وفائی کم پائی جاتی ہے، میرے بھائی اور بہنیں نیویارک میں رہتے ہیں، وہاں مردوں کو ایک شادی کے ساتھ دوسری شادی کی اجازت نہیں‘۔
    اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے ایسی بھی کہانیاں سنی ہیں جہاں ایک بہن نے اپنی ہی بہن کے منگیتر سے شادی کرلی لہٰذا لڑکیوں کو شادی شدہ مردوں کے بجائے کنوارے لڑکوں سے تعلقات استوار کرنے چاہئیں تاکہ کسی دوسری لڑکی کا گھر نہ خراب ہو ۔
    اگر کوئی شادی شدہ مرد اداکارہ کو پیغام بھیجے تو وہ کیا کرتی ہیں؟
    اس حوالے سے اداکارہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’ اگر کوئی شادی شدہ مرد مجھے میسیجز بھیجے تو میرا ان کو یہی جواب ہوتا ہے کہ میں ان پیغامات کے اسکرین شاٹس آپ کی بیگم کو بھیج دوں گی اس کے بعد وہ مرد حضرات ڈر جاتے ہیں‘۔

  • بھارتی  اشتعال انگیز بیانات سے امن کو سنگین خطرات ہیں : پاک فوج

    بھارتی اشتعال انگیز بیانات سے امن کو سنگین خطرات ہیں : پاک فوج

    راولپنڈی (کنزیومرواچ نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے بھارتی فوجی قیادت نے من گھڑت اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی گھمنڈ اور اشتعال انگیز بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انتہائی تشویش کے ساتھ نوٹس کیا گیاکہ بھارتی فوجی قیادت نے وہی من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈا دہرانا شروع کر دیا ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معرکہِ حق کے 5 ماہ بعد بھارتی فوجی قیادت نے پروپیگنڈہ دہرانا شروع کیا، بھارتی فوجی قیادت کا من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈہ دہرانا انتہائی تشویشناک ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے پیش نظر بھارتی نے یہ پروپیگنڈہ دہرانا شروع کیا، ایسا لگتا ہے بھارتی فوج اور اسکی سیاسی قیادت معرکہ حق کی شکست تسلیم نہیں کر پائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اس حقیقت کو ہضم نہیں کر پائی کہ انہیں معرکہ حق میں فیصلہ کن شکست ہوئی، بھارت کی جھوٹ کی پرتیں بے نقاب ہو چکی ہیں، دنیا اب بھارت کو سرحد پار دہشتگردی کا اصلی چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز مانتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اپنے عوام اور پڑوسیوں کے مفاد کے منافی مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر اڑا ہوا ہے، پاکستانی عوام اور افواج اپنی دھرتی کے ہر انچِ کے دفاع کے لیے پوری صلاحیت اور پختہ عزم رکھتے ہیں۔شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلح افواج اور اس کے سیاسی آقاؤں کو پاکستانی صلاحیت اور عزم کو سمجھ لینا چاہیے، ہر جارحیتی اقدام کا جواب تیز، پختہ اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا،جو اگلی نسلیں یاد رکھیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی عوام اور بین الاقوامی برادری کو جھوٹ باور کروائے جا رہےہیں، ہرپیشہ ور فوجی جانتا ہوگا کہ غیرضروری گھمنڈ اوربےجا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتےہیں، ایسےعمل سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

  • پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بنادیا، 20  ہلاک

    پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بنادیا، 20 ہلاک

    راولپنڈی:(کنزیومرواچ نیوز) پاک فوج نے اسپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 20 طالبان کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے بلوچستان کے علاقے اسپن بولدک میں 4 مقامات پر حملے کیے گئے تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی نے افغان طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا جب کہ پاک فوج کی کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد دیہات اور معصوم لوگوں کو بطورڈھال استعمال کررہے ہیں، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی طرف سے اڑا دیا، یہ عمل ان کے تجارتی و قبائلی تعلقات کے بارے میں ناپختہ سوچ ظاہر کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی صورتحال اب بھی کشیدہ اور غیر یقینی بتائی جا رہی ہے، اطلاعات ہیں کہ فتنہ الخوارج اور طالبان مزید حملوں کی تیاری میں ہیں اور یہ حملہ اسپن بولدک تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع منصوبے کا حصہ تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک فوج نے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کےکل رات کرم سیکٹر پر حملے کی کوشش بھی ناکام بنائی، جوابی حملے میں افغان طالبان کی 8 پوسٹیں، 6 ٹینک بمعہ عملہ تباہ کیں اور 25 سے 30 طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجو ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کہنا کہ حملہ پاکستان نے شروع کیا، سراسر جھوٹ اور بے بنیاد دعویٰ ہے، طالبان حکومت کے جھوٹے دعوے معمولی حقائق سے بھی غلط ثابت کیے جاسکتے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان پر کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

  • پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے

    پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور طویل عرصے تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہنے والے آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور پھر چند روز قبل دوبارہ ان کی طعیبت خراب ہو گئی تاہم آج ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔ایوان صدر کی جانب سے بھی آغا سراج درانی کے انتقال کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

  • مضبوط فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی، وزیراعظم

    مضبوط فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی، وزیراعظم

    قاہرہ (کنزیومرواچ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ اور القدس الشریف کے بطور اس کے دار الخلافہ، ایک مضبوط اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام، پاکستان کی مشرق وسطیٰ کی پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی۔
    وزیراعظم شہباز شریف اپنا 2 روزہ دورہ شرم الشیخ مکمل کرکے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے، وزیرِ اعظم نے شرم الشیخ، مصر میں منعقدہ غزہ امن سربراہ اجلاس میں شرکت کی، مصر کے وزیرِ ثقافت احمد فواد ھنو نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
    اپنی روانگی سے قبل ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب جب میں شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے لیے ہوائی جہاز پر سوار ہو رہا ہوں، میں ممکنہ طور پر اس بڑی تبدیلی کی نوعیت کے بارے میں اپنے کچھ تاثرات بتانا چاہتا ہوں کہ یہ کیسے ممکن ہوا اور پاکستان کا کیوں اس سے بہت گہرا تعلق رہا ہے۔
    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ پر مسلط کی گئی نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکنا تھا، دیگر برادر اقوام کے ساتھ مل کر اس ترجیح کو تسلسل کے ساتھ بیان کیا گیا اور تقویت دی گئی، صدر ٹرمپ کے لیے ہمارا شکریہ اس بات کی بنا پر ہے کہ وہ اسے روکیں گے، اور اس وعدے کو پورا کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم امن کے لیے صدر ٹرمپ کے منفرد کردار کی تعریف کا اظہار کرتے رہیں گے، فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور خوشحالی پاکستان کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ انشاء اللہ، 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ اور القدس الشریف کے بطور اس کے دار الخلافہ، ایک مضبوط اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام، پاکستان کی مشرق وسطیٰ کی پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

    انسداد دہشت گردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

    راولپنڈی:(کنزیومرواچ نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔واضح رہے کہ تھانہ صادق آباد احتجاج کیس میں آج علیمہ خان پر فرد جرم عائد ہونا تھی، تاہم علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی اور وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے علیمہ خان کو گرفتار کرکے کل بدھ 15 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ طلبی کے باوجود بار بار پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالنا ہوتا ہے۔عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے آرڈرز فوری تفتیشی آفیسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے ساتھ پولیس ٹیم اڈیالہ جیل جائے گی۔ علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ رہی ہیں۔ جیل سماعت کے بعد علیمہ خان کی گرفتاری یا وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔

  • آپ کو خوبصورت کہنے پر کوئی اعتراض تو نہیں؟ ٹرمپ کی اطالوی خاتون وزیراعظم سے گفتگو وائرل

    آپ کو خوبصورت کہنے پر کوئی اعتراض تو نہیں؟ ٹرمپ کی اطالوی خاتون وزیراعظم سے گفتگو وائرل

    قاہرہ (کنزیو مرواچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اطالوی خاتون وزیراعظم جارجیا میلونی کیلئے تعریفی الفاظ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن اجلاس کے دوران اس وقت ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے جب انہوں نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کی تعریف کیلئے یہ الفاظ کہے کہ ’ ہمارے پاس ایک خاتون ہیں، امریکا میں مجھے یہ کہنے کی اجازت تو نہیں کیونکہ یہ الفاظ آپ کے سیاسی کیرئیر کا اختتام ہوسکتے ہیں لیکن میں پھر بھی چانس لوں گا اور کہوں گا کہ وہ ایک نوجوان خوبصورت خاتون ہیں‘۔دوران گفتگو ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم کو ڈھونڈھتے ہوئے سوال کیا کہ وہ کہاں ہیں؟ اس دوران وزیراعظم جارجیا میلونی ٹرمپ کے پیچھے کھڑی مسکراتی رہیں۔اس کے بعد ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم کو پیچھے دیکھ کر سوال کیا کہ آپ کو اگر خوبصورت کہا جائے تو آپ کو اعتراض تو نہیں کیوں کہ آپ (خوبصورت ) ہیں۔بعدازاں ٹرمپ نے ان کی سیاسی کامیابیوں سے متعلق یہ بھی کہا کہ ’ وہ یہاں آنا چاہتی تھیں، ہم ان کی اٹلی میں موجودگی کا احترام کرتے ہیں، وہ ایک بے حد کامیاب سیاستدان ہیں جن کی یہاں آمد پر شکر گزار ہیں‘۔

  • امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

    امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

    واشنگٹن:(کنزیومرواچ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا سے کامیاب ٹیرف مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے وزیر خزانہ واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں ان کی امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئیں۔وزیر خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر امریکی حکام سے بات کی، پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات ہوئے جس پر وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب نے امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اعلامیے کے مطابق امریکی حکام سے تجارتی معاہدہ پاکستان کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے جب کہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری و نجی سطح پر تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خزانہ سے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں اور ارکان نے بھی ملاقات کی جس دوران محمد اورنگزیب نے معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔اس کے علاوہ وزیر خزانہ سے سٹی بینک کے نمائندوں، آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر ریکارڈو پولیتی سے بھی ملاقات ہوئی جس دوران ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی معاملات جلد طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر نے بھی ملاقات کی جس دوران محمد اورنگزیب نے ایم 6 موٹر وے کے 2 حصوں کے لیے فنانسنگ کی منظوری پر اظہار تشکر کیا جب کہ پولیو کے خاتمے اور تیل فنانسنگ سہولت میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا سراغ لگالیا

    قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا سراغ لگالیا

    لاہور:(کنزیومرواچ نیوز) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا سراغ لگالیا۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالےاداروں نے سعدرضوی اور انس رضوی کا سراغ لگالیا ہے اور دونوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد اور انس رضوی کے زخمی ہونے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، اگر وہ زخمی ہیں تو انہیں فوراً خود کو قانون نافذکرنے والےاداروں کے حوالے کر دینا چاہیے تاکہ ان کا علاج کرایا جا سکے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق مریدکے میں ٹی ایل پی کے پر تشدد احتجاج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کے بعد انتشار پسند مظاہرین کو منتشر کردیا گیا ہے جب کہ پر تشدد احتجاج میں ایک پولیس افسر شہید اور ایک درجنوں اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ 12/13 اکتوبر کی درمیانی رات پیش آیا، انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور احتجاج کو کم متاثرہ مقام پرکرنے کی ہدایت کی، مذاکرات کے دوران احتجاج کی قیادت نے ہجوم کو اکسانا جاری رکھا، ہجوم نے پتھراؤ، کیلوں والے ڈنڈے اور پیٹرول بموں سمیت تشدد آمیز ہتھکنڈے استعمال کیے، پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھینا گیا اور اسی چھینے گئے اسلحہ سے فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور ابتدائی معائنےکے مطابق فائرنگ میں استعمال گولیاں چھینےگئے اسلحے کی تھیں،
    پولیس ذرائع کے مطابق کم از کم 40 سرکاری و نجی گاڑیاں جلا دی گئیں اور کئی دکانیں بھی نذرِ آتش ہوئیں، تشدد کے دوران 48 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں 17 کو گن شاٹ کے زخم آئے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کرکے ان کا علاج جاری ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق تصادم میں 3 ٹی ایل پی کارکن اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوئے جب کہ 30 کے قریب شہری زخمی ہوئے،مظاہرین نے یونیورسٹی کی بس سمیت متعدد گاڑیاں اغوا کرکے احتجاج میں استعمال کیں، عینی شاہدین کے مطابق بعض گاڑیاں عوام کو کچلنے کے لیے بھی چلائی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق شر پسند عناصر نے پولیس پر پتھر، پیٹرول بم اور کیلوں والے ڈنڈوں سے منظم حملے کیے، متعدد مقامات سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، پولیس نے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
    پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ کارروائی منظم تشدد کا حصہ تھی جس میں قیادت نے ہجوم کو اکسانے کا کردار ادا کیا، قیادت نے خود فرار ہو کر شہریوں اور ریاست کو خطرے میں ڈال دیا، ہتھیار چھیننا، پیٹرول بم اور گاڑیاں جلانا کسی بھی طرح پرامن احتجاج نہیں کہلاتا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کو قانون کے مطابق جواب دہ ٹھہرایا جائے گا، بےگناہ راہ گیر کی ہلاکت قومی لمحہ فکریہ ہے، ریاست کی ذمہ داری شہری جان و املاک کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہے۔