Blog

  • ملک  میں چینی کا بحران پھر سر اٹھانے لگا ،قیمتیں بڑھ گئیں

    ملک میں چینی کا بحران پھر سر اٹھانے لگا ،قیمتیں بڑھ گئیں

    پشاور (کنزیو مرواچ نیوز)چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کے تمام تراقدامات بےسود ثابت ہوئے اور فزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں دس روپےتک فی کلو کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 210 روپے تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پشاور میں چینی کی فی کلو قیمت میں 10روپے تک کا اضافہ ہوا، پشاور کے شہری ملک میں سب سے مہنگی 210 روپے تک فی کلوچینی خریدنے پر مجبور ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 3روپے77 پیسےکا اضافہ ہوا، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، بنوں میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے تک اورکراچی میں چینی کی فی کلو قیمت 195 روپے تک ہے۔ادارہ شماریات نے بتایاکہ ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت بڑھ کر 188 روپے 81 پیسے ہوگئی ہے اورگزشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 185روپے 4پیسے تھی جبکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلوقیمت134روپے 8 پیسے تھی۔

  • ہنگو میں دو دھماکے: چیک پوسٹ تباہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    ہنگو میں دو دھماکے: چیک پوسٹ تباہ، 2 پولیس اہلکار شہید

    ہنگو(کنزیومرواچ نیوز) پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے ایس پی آپریشنز سمیت 3 اہلکار شہید ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے ہنگو کے علاقے غلمینا میں پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑایا تاہم اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر جا رہے تھے تو درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ڈی ایس پی خانزیب مہمند کے مطابق دھماکے میں ایس پی اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والےایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت 3پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایس پی اسد زبیر اور دونوں پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

  • علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم

    علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم

    راولپنڈی(کنزیومرواچ نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی۔علیمہ خان ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئیں جس پر عدالت نے ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم جاری کیا۔ جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ علیمہ خان ہر جگہ موجود ہوتی ہیں لیکن عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔ واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی اس سے قبل علیمہ خان کے پیش نا ہونے پر 4 مرتبہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے۔ اس کے علاوہ عدالت علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط کرنے کے احکامات جاری کرچکی ہے۔

  • فکری ملکیت کے حقوق کی آگاہی….چیئرمین آئی پی او  کا خطاب

    فکری ملکیت کے حقوق کی آگاہی….چیئرمین آئی پی او کا خطاب

    اسلام آباد(کنزیومرواچ نیوز)چیئرمین آئی پی او پاکستان، فرخ عامل نے برانڈز ایوارڈز کی تقریب میں “فکری ملکیت کے حقوق کے بارے میں آگاہی، ان پر عمل درآمد اور ان کے فروغ” کی ضرورت پر خطاب کیا۔ یہ تقریب شیخ رشید عالم،سی ای او برانڈز فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد کی گئی۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تقریب میں کلیدی خطاب کیا۔دیگر نمایاں شخصیات میں صدرِ پاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی، ریکٹر نسٹ میجر جنرل زاہد محمود، قومی ٹی وی کی معروف شخصیت ڈاکٹر شائستہ لودھی اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ شامل تھے۔

  • برانڈ پاور اکانومی قومی ترقی کا نیا انجن ہے،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

    برانڈ پاور اکانومی قومی ترقی کا نیا انجن ہے،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ برانڈز کسی ملک کی معیشت اور عالمی شناخت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، جو نہ صرف معاشی ترقی کے محرک ہیں بلکہ اقتصادی سفارت کاری کے لیے بھی نہایت مؤثر ذریعہ ہیں۔ وہ اسلام آباد میں منعقدہ سولہویں سالانہ برانڈز آف دی ایئر ایوارڈز کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔اپنے کلیدی خطاب میں چیئرمین سینیٹ نے برانڈ پاور اکانومی کوقومی ترقی کا نیا انجن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برانڈز عالمی سطح پر اپنی پہچان قائم کر رہے ہیں اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل، آئی ٹی، صنعت اور خدمات کے شعبوں میں کامیابیوں کے ذریعے پاکستانی برانڈز ملک کی عالمی ساکھ کو مستحکم بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیاب برانڈ مستقل تحقیق، جدت، ڈیزائن اور مؤثر مارکیٹنگ کا نتیجہ ہوتا ہے۔ نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی نسل تخلیقی صلاحیت، ٹیکنالوجی کا علم اور عزم رکھتی ہے یہی وہ عناصر ہیں جو ملک کو “برانڈ پاور اکانومی” کی طرف لے جا سکتے ہیں۔چیئرمین گیلانی نے کہا کہ پاکستانی برانڈز اپنی دیانت داری، معیار اور تخلیقی صلاحیت کی بنیاد پر عالمی منڈیوں میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے تیز رفتار دور میں اب چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کے نوجوان بھی ای کامرس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی منڈیوں سے جڑ گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا کام کاروبار میں مداخلت نہیں بلکہ ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ہے جہاں تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت فروغ پا سکیں۔ ان کے مطابق: “ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایسا جسمانی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر فراہم کریں جو نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکے۔”چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کی دنیا میں ترقی یافتہ معیشتوں کی بنیاد صرف زراعت، صنعت یا خدمات پر نہیں بلکہ ان کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ برانڈز پر ہے۔ ان کا کہنا تھا: “پروڈکٹ وہ ہے جو آپ فروخت کرتے ہیں، مگر برانڈ وہ ہے جس کی بنیاد پر صارف خریدنے کا فیصلہ کرتا ہے۔”انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی برانڈز کو پائیدار کامیابی کے لیے قیمت سے زیادہ معیار اور اعتماد کو ترجیح دینی چاہیے۔ ان کے مطابق جب بھی کوئی پاکستانی برانڈ کھیلوں کے سامان، آئی ٹی سروسز یا فیشن کے شعبے میں عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرتا ہے تو وہ پاکستان کا چہرہ بن جاتا ہے، جو ملک کی ساکھ بہتر بناتا اور اقتصادی سفارت کاری کو مضبوط کرتا ہے۔چیئرمین گیلانی نے برانڈز فاؤنڈیشن کی کاروباری ثقافت اور معیارِ برتری کے فروغ میں خدمات کو سراہا اور ایوارڈ جیتنے والی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں “ایک پُراعتماد، متحرک اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کے معمار” قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر مختلف صنعتی و تجارتی شعبوں کی نمایاں کمپنیوں اور برانڈز کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں صنعت، تجارت، آئی ٹی، میڈیا اور کاروباری حلقوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026، پاک بھارت ٹاکرے کی مبینہ تاریخ سامنے آگئی

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026، پاک بھارت ٹاکرے کی مبینہ تاریخ سامنے آگئی

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاک بھارت ٹاکرے کی مبینہ تاریخ سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 8 فروری کو کولمبو میں متوقع ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔ورلڈ کپ کے مقابلے بھارت کے کم از کم پانچ اور سری لنکا کے دو شہروں میں منعقد ہوں گے۔ذرائع کے مطابق کہ فائنل میچ احمد آباد میں کھیلے جانے کا امکان ہے تاہم پاکستان کے فائنل میں رسائی کی صورت میں فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شرکت کریں گی جن کی لائن اپ رواں ماہ ہی مکمل ہوئی ہے۔دونوں میزبان ممالک کے علاوہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹاپ سات ٹیموں آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا، افغانستان اور ویسٹ انڈیزنے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔
    پاکستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے اپنی رینکنگ کی بنیاد پر رسائی حاصل کی ہے۔اس کے علاوہ ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے کینیڈا، نیدرلینڈز، اٹلی، نمیبیا، زمبابوے، نیپال، عمان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں نے رسائی حاصل کی۔

  • سونے کی قیمت میں مسلسل کمی، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

    سونے کی قیمت میں مسلسل کمی، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

    کراچی: (کنزیومرواچ نیوز)سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 3500 روپے کم ہو کر 4 لاکھ33 ہزار 826 روپے ہوگئی ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 3001 روپے کم ہو کر 3 لاکھ71 ہزار966روپے ہوگئی ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 35 ڈالر کم ہو کر 4115 ڈالر فی اونس ہے۔

  • شیخ صالح الفوزان کو سعودی عرب کا مفتی اعظم مقرر کردیا گیا

    شیخ صالح الفوزان کو سعودی عرب کا مفتی اعظم مقرر کردیا گیا

    ریاض(کنزیومرواچ نیوز) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر شیخ صالح الفوزان کو سعودی عرب کا مفتی اعظم مقرر کردیا۔سعودی میڈیا کے مطابق شیخ صالح کو سینیئر علما کونسل کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا ہے اور ان کا درجہ ایک وزیر کے برابر ہوگا۔خیال رہے کہ شیخ صالح الفوزان کو سابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کے انتقال کے بعد مملکت کا مفتی اعظم مقرر کیا گیا ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی ۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے ضابطے کی کارروائی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو احکامات جاری کردیے ہیں۔خیال رہےکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایک ہفتہ قبل ٹی ایل پی پر پابندی کا ریفرنس وزارت داخلہ کو بھیجا گیا تھا۔آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میں وزارت داخلہ نے سمری کابینہ کو بھجوائی جس میں ٹی ایل پی پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کی سیکشن الیون بی ون کے تحت تجویز کی گئی۔سمری میں کہا گیا کہ ٹی ایل پی پر نفرت انگیز تقاریر کرنے پر پابندی عائد کی جائے، ٹی ایل پی فرقہ وارانہ انتہاپسندی اور تشدد میں ملوث ہے، ٹی ایل پی بین الاقوامی تعلقات خراب کرنےکا باعث بنی۔چارج شیٹ میں کہا گیا کہ ٹی ایل پی اقلیتوں کے خلاف تشدد میں ملوث ہے، ٹی ایل پی ہجوم کے تشدد میں ملوث ہے، ٹی ایل پی نے نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ٹی ایل پی ہتھیار سازی میں ملوث ہے، ٹی ایل پی نےمحرم میں شیخوپورہ اور میانوالی میں فرقہ وارانہ تشدد کیا، 70 لوگ زخمی اور 5جاں بحق ہوئے۔چارج شیٹ کے مطابق ٹی ایل پی کے حالیہ مظاہروں میں 6 افراد زخمی ہوئے ، ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، ٹی ایل پی مظاہروں میں 47 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، بعض اہلکار عمر بھر کے لیے معذور ہوگئے۔

  • جعل سازوں نے ڈپلیکیٹ سم کے ذریعے اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے نکال لیے

    جعل سازوں نے ڈپلیکیٹ سم کے ذریعے اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے نکال لیے

    کراچی:(کنزیومرواچ نیوز) شہری کی غیر قانونی طور پر ڈوپلیکیٹ سم نکال کر اس کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے نکالنے کا فنانشل فراڈ سامنے آگیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو شہری سنی کمار نے شکایت درج کروائی تھی جس پر این سی سی آئی اے نے انکوائری کی۔شکایت گزار کے مطابق 29 ستمبر 2025 کو 7 سے 8 بجے کے درمیان وہ کراچی میں موجود تھا کہ اچانک اس کے سم کارڈ نے کام کرنا چھوڑ دیا جس پر وہ اگلے روز 30 ستمبر کو کراچی میں واقع موبائل کمپنی کے بزنس سینٹر گیا جہاں اسے بتایا گیا کہ اس کے نام پر موجود سم کی ڈوپلیکیٹ سم حیدر آباد میں بغیر اس کی بائیو میٹرک شناخت کے نکلوائی گئی جب کہ یہی سم نمبر اس کے بینک اکاؤنٹ سے بھی لنک تھا۔شہری نے بتایا کہ جب اس نے اپنا بینک اکاؤنٹ چیک کیا تو معلوم ہوا ہے کہ غیر قانونی طور پر فراڈ کے ذریعے اس کے بینک اکاؤنٹ سے ایک رات میں 100 سے ٹرانزیکشن کے ذریعے 85 لاکھ روپے کی رقم نکال کر متعدد مختلف اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کی گئی ہے۔این سی سی آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ شہری کی جانب سے ثبوت بھی فراہم کیے گئے جس کے بعد نجی بینک اور سیلولر کمپنی سے متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تاہم دونوں کی جانب سے مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔حکام کے مطابق بینک کے متعلقہ برانچ منیجر کو تمام متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کیا گیاہے، بینک کی جانب سے برانچ منیجر کی جگہ ریلیشن شپ مینجر پیش ہوئی جنہوں نے صرف متاثرہ شہری کی بینک اسٹیٹمنٹ اور جزوی ٹرانزیکشن ریکارڈ پیش کیا جس کے بعد انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ دیگر دستاویزی ریکارڈ بھی پیش کریں تاہم بینک کی جانب سے مطلوب مکمل ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔حکام کا بتانا ہے کہ موبائل سیلولر کمپنی کے ہیڈ آف کمپلائنس سے بھی ریکارڈ طلب کیا گیا تاہم متعدد بار یاد دہانی کروانے کے باوجود کمپنی کی جانب سے مبہم اور غیر اطمینان بخش جواب دیا گیا تاہم بعد ازاں سیلولر کمپنی کے منیجر فرنچائز سروسز اینڈ گورنس اور سینئر ایگزیکٹو جی آر اینڈ ریگولیٹری افیئرز پیش ہوئے جن کی جانب سے جزوی ریکارڈ جمع کروایا گیا۔
    حکام کے مطابق ان سے سم کے جاری کرنے، حفاظتی اقدامات ، احتساب، ڈیوائس لوکیشن ٹیگنگ اور بی وی ایس ایس او پیز سے متعلق 48 سوالات کیے گئے تاہم انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا اور باقی دستاویزات کے ساتھ تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگا۔حکام کے مطابق ٹرانزیکشن پیٹرن منصوبہ بندی سائبر فنانشل فراڈ کا اشارہ کرتا ہے جس میں دھوکا دہی پر مبنی سم سویپ سرگرمی کے بعد درخواست گزار کے ڈیجیٹل بینکنگ سسٹم تک غیر مجاز رسائی شامل ہے۔حکام کا بتانا ہے کہ سم دوبارہ جاری کرنے میں مجرمانہ غفلت نے درخواست گزار کے بینک اکاؤنٹ تک براہ راست دھوکا دہی کی سہولت فراہم کی جب کہ بینک مستعدی سے مشق کرنے میں ناکام رہا۔حکام کے مطابق بائیو میٹرک لاگ ان تک رسائی ،او ٹی پی ویری فکیشن اور اینٹی فراڈ مانیٹری مکینزم کے باوجود بینک نے ریڈ فلیگ الرٹس پر مناسب تصدیق کے بغیر چند گھنٹوں کے اندر متعدد ہائی ویلیو ٹرانزیکشنز کی اجازت دی۔
    حکام کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کی فراڈ کے ذریعے نکالی گئی سم کے ذریعے غیر مجاز طور پر درخواست گزار کے ڈیجیٹل بینکنگ سسٹم تک رسائی دی گئی۔