پشاور (اسٹاف رپورٹر)شدید دھند اور حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کوشش کریں کہ اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے منزل تک پہنچ جائیں۔انہوں نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے معمول سے زیادہ فاصلہ رکھیں۔مزید معلومات کے لیے شہری موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
Blog
-

ٹی ٹی پی کا نائب امیر قاری امجد عرف مفتی مزاحم خفیہ آپریشن میں ہلاک
پشاور(کنزیومرواچ نیوز)فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کے رکن اور نائب امیر قاری امجد عرف مفتی مزاحم ایک کامیاب خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن (IBO) میں جہنم واصل ہو گیا۔ یہ کارروائی انسدادِ دہشت گردی کے سلسلے میں کی گئی ایک اہم کارروائی تھی، جسے پاکستانی خفیہ اداروں (مارخور) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔قاری امجد، جو مفتی مزاحم کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، فت،نہ الخوارج کے ایک انتہائی مؤثر اور خطرناک رہنما سمجھا جاتا تھا۔ وہ تنظیم کی حکمتِ عملی، بھرتی اور حملوں کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار ادا کر رہا تھا۔امریکی حکومت نے قاری امجد کو 2022 کے آخر میں “عالمی سطح پر خصوصی طور پر نامزد دہشت گرد” (Specially Designated Global Terrorist) قرار دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد وہ بین الاقوامی سطح پر بھی مطلوب دہشت گردوں میں شامل ہو گیا تھا۔سیکیورٹی ماہرین کے مطابق، قاری امجد کی ہلاکت پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس سے نہ صرف ٹی ٹی پی کی قیادت کو دھچکا لگا ہے بلکہ تنظیم کے آپریشنل ڈھانچے میں بھی نمایاں کمزوری پیدا ہو گی۔
-

آسٹریلوی نوجوان کرکٹر پریکٹس سیشن کے دوران گردن پر گیند لگنے سے ہلاک
میلبرن(کنزیومرواچ نیوز) آسٹریلیا میں نوجوان کرکٹر پریکٹس سیشن کے دوران گردن پر گیند لگنے سے انتقال کرگیا۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 17 سالہ کرکٹر بین آسٹن میلبرن ایسٹ میں ہفتے کے آغاز میں انجری کا شکار ہوئے۔بین آسٹن کو گردن پر گیند لگی جس کے فوری بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کی۔کرکٹ وکٹوریہ نے بال تھروئنگ ڈیوائس کی گیند بین آسٹن کی گردن پر لگنے کی تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ بین آسٹن نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا لیکن اس کا سٹم گارڈ نہیں تھا ۔ہیڈ آف کرکٹ وکٹوریہ نک کمنز کا کہنا ہے کہ بین آسٹن کو اسی طرح گردن پر گیند لگی جیسے 11 برس قبل فلپ ہیوز کو لگی تھی ۔کرکٹ آسٹریلیا اور کلب انتظامیہ سمیت بین آسٹن کی فیملی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
-

پاکستان نے افغانستان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی
استنبول(کنزیومرواچ نیوز) پاکستان نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔ذرائع کے مطابق افغانستان سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہونے پر پاکستانی وفد نے آج واپس آنا تھا تاہم ترکیہ کے حکام نے پاکستانی وفد سے رکنے کی درخواست کی تھی جس پر پاکستانی وفد استنبول میں ہی موجود تھا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ افغان حکام نے بھی مذاکرات کے حوالے سے سفارتی سطح پر رابطے کیے ہیں جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ بحال ہورہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وفد جو واپس روانہ ہونے والا تھا وہ اب استنبول میں مزید قیام کرے گا اور مذاکراتی عمل کو دوبارہ جاری رکھ کر امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات پاکستان کے اُسی مرکزی مطالبے پرہوں گے کہ افغانستان دہشتگردوں کے خلاف واضح،قابلِ تصدیق اور مؤثر کاروائی کرے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہےکہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ذرائع نے مزید بتایا کہ افغانستان سے مذاکرات کے دوران پاکستانی وفد میں وہی حکام شریک ہوں گے جو پہلے مذاکرات میں شامل رہے۔واضح رہےکہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اعلان کیا تھا کہ استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
پاک افغان جنگ بندی
19 اکتوبر کو قطری وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور افغانستان فوری جنگ بندی پر راضی ہوگئے ہیں جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر میں توسیع بھی کی گئی۔ -

آئندہ سال اپریل میں چین کا دورہ کروں گا ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن (کنزیومرواچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر عائد ٹیرف کو 10 فیصد کم کرنے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر سے ملاقات کے بعد ٹیرف میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ چین پر عائد ٹیرف کو 57 سےکم ہو کر47 فیصد کردیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ چینی صدر کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی، صدر شی سے ملاقات میں بہت سارے فیصلے کیے گئے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سویابین کی خریداری فوری طور پر شروع ہوجائےگی اور نایاب معدنیات کے معاملات میں مزید رکاوٹیں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال اپریل میں چین کا دورہ کروں گا اور میرے دورہ چین کے بعد چینی صدر امریکا آئیں گے.امریکی صدر نے کہا کہ ہم چینی صدر کے ساتھ یوکرین معاملے پر مل کر کام کرنے جارہے ہیں جبکہ تائیوان کے معاملے پر بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگرممالک ایٹمی تجربےکررہےہیں تو امریکا کے لیے بھی مناسب ہےکہ یہ تجربے بحال کرے اور اس کے لیے نیوکلیئر ٹیسٹنگ سائٹس کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
-

چین اور امریکا کو بدلہ لینے کےخطرناک چکر میں نہیں پڑنا چاہیے: چینی صدر
واشنگٹن (کنزیومرواچ نیوز)چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین اور امریکا کو بدلہ لینے کےخطرناک چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر سے ملاقات کے بعد گفتگو میں چینی صدر نے کہا کہ چین کی معیشت ایک سمندر کی طرح ہے، چین ہر قسم کے خطرات اورچیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم چین کبھی بھی کسی ملک کو چیلنج کرنے یا اس کی جگہ لینے کی کوشش نہیں کرتا اور اپنے کام کو بہتر کرنے پر توجہ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت محاذ آرائی سے بہتر ہے، امریکاکے ساتھ تعلقات مجموعی طور پر مستحکم ہیں، چین اور امریکا دونوں کی ٹیموں کوبات چیت پر فالو اپ کرنا چاہیے جب کہ چین اور امریکا کے تعلقات کو وسعت دینے کے لیے تجارت اور معیشت کو بنیادی عنصر ہونا چاہیے۔چینی صدر نے مزید کہاکہ تجارتی تعلقات کو چین امریکا دوستی کی بنیاد ہونا چاہیے، دونوں ممالک کو تعاون کے طویل مدتی مفاد پر نظر رکھنی چاہیے اور بدلہ لینے کےخطرناک چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین اور امریکا کی اقتصادی، تجارتی ٹیموں نے تفیصلی گفتگو کی اور مسائل کے حل پر اتفاق کیا، غیر قانونی امیگریشن روکنے پر دونوں ممالک کےدرمیان تعاون کے مثبت رجحانات ہیں جب کہ دونوں ممالک ٹیلی کام فراڈ، اے آئی، منی لانڈرنگ کا مقابلہ کرنےکےلیے بھی پُرعزم ہیں۔ دوسری جانب چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی اور چینی صدور نے توانائی، تجارت میں تعاون کو مضبوط بنانے اور بات چیت برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
-

استنبول ، پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام
استنبول (کنزیومرواچ نیوز) پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔ پاکستان نے دہشت گردوں اور ان کےسرپرستوں اور معاونین کےخلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں چار روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کسی نتیجہ پرنہ پہنچ سکے۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ افغان طالبان نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی کوئی ضمانت نہیں دی۔ افغان وفد الزام تراشی، ٹال مٹول اور حیلے بہانوں کا سہارا لیتا رہا۔مذاکرات کے دوران افغان طالبان نے پاکستان کے منطقی اور جائزمطالبات تسلیم کیے لیکن دہشت گردوں کےخلاف ایکشن کی کوئی یقین دہانی نہیں کروائی۔ افغان وفد بنیادی مدے سے انحراف کرتا رہا۔ الزام تراشی، ٹال مٹول اور حیلے بہانوں کا سہارا لیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے افغان طالبان سے سرحد پار دہشت گردی پر احتجاج کیا۔ دوحہ معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا لیکن افغان طالبان اپنے عوام کو غیر ضروری جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ حکومت پاکستان دہشت گردی کےخلاف ہرممکن اقدام کرتی رہےگی ۔ دہشت گردوں، ان کے ٹھکانوں اور سرپرستوں اور معاونین کوختم کرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کریں گے۔وزیراطلاعات نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان کےعوام کی سلامتی قومی ترجیح ہے، حکومت پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں اورسہولت کاروں کو نیست و نابود کرنےکے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
-

مجھے کیوں نکالا وجوہات بتائیں، رضوان کا سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط سے انکار
لاہور(کنزیومرواچ نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سینٹرل کنٹریکٹ قبول کرنے سے انکار کردیا۔میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ بورڈ نے 30 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس پیش کیے تھے۔سینٹرل کنٹریکٹس کی اے کیٹیگری میں کوئی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔محمد رضوان 10 کھلاڑیوں کے ساتھ بی کیٹیگری میں شامل تھے، رضوان کے سوا تمام کرکٹرز نے سینٹرل کنٹریکٹس پر دستخط کر دیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کی جانب سے دستخط کرنے کے لیے کچھ مطالبات رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بورڈ سے خود کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے باہر کرنے کی وجوہات بھی پوچھی ہیں۔ذرائع کے مطابق بورڈ نے اس پر کوئی لچک نہیں دکھائی اور رضوان کے مطالبات منظور کیے جانے کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔
-

حیدرآباد: ڈینگی سے نوجوان کی ہلاکت پر سول اسپتال انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج
حیدرآباد (کنزیومرواچ نیوز) ڈینگی سے 17 سالہ نوجوان کی ہلاکت پر سول اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمہ جاں بحق نوجوان کے والد کی مدعیت میں مارکیٹ تھانہ میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں کہا گیا کہ حسنین پری میڈیکل کا طالب علم تھا، جسے 18 اکتوبر کو ڈینگی کی تصدیق کے بعد سول اسپتال منتقل کیا گیا۔مدعی نے الزام عائد کیا کہ اسپتال عملے نے نہ صرف مریض کو گھنٹوں وہیل چیئر پر بٹھائے رکھا بلکہ وارڈز میں بیڈ فراہم کرنے میں بھی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ۔مدعی کا مؤقف ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ان کا بیٹا 22 اکتوبر کو چل بسا۔
-

گیس کی قیمتوں میں پھر اضافے کا امکان، کمپنیوں کی اوگرا کو درخواست
اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) ملک بھرکے لیےگیس کی قیمتوں میں اضافےکی درخواستیں اوگرا میں دائر کردی گئیں۔ سوئی کمپنیوں نے گیس ٹیرف میں28.62 فیصد تک اضافہ مانگ لیا، اوگرا گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سوئی ناردرن کی درخواست پر 7 نومبر اور سوئی سدرن کی درخواست پر 11نومبر کو الگ الگ سماعتیں کرے گی۔ایس ایس جی سی ایل نےسندھ اور بلوچستان کے لیے گیس ٹیرف میں گزشتہ سال کے بقایاجات شامل کرکے مجموعی طور پر گیس ٹیرف میں تقریبا 22 فیصد کے اضافےکی درخواست کی ہے جبکہ ایس این جی پی ایل نے اسلام آباد سمیت پنجاب اورخیبر پختونخواکے لیے گیس ٹیرف میں28 اعشاریہ 62فیصداضافےکی درخواست کی ہے۔سوئی ناردرن نے گیس ٹیرف میں اوسطا 189روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ مانگا ہے جبکہ316روپے 64 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یوکاسٹ آف ایل این جی سروس کی مد میں بھی مانگے ہیں۔
