Blog

  • یمنیٰ زیدی کو  بولڈ لباس پہننے پر شدید تنقید کا سامنا

    یمنیٰ زیدی کو بولڈ لباس پہننے پر شدید تنقید کا سامنا

    کراچی (کنزیو مرواچ نیوز)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یمنٰی زیدی اپنی شاندار اداکاری اور متنوع کرداروں کے باعث بے حد مقبول ہیں۔وہ ٹی وی اور فلم دونوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔یمنٰی کے مشہور ڈراموں میں بختاور، پری زاد، پیار کے صدقے، رازِ الفت، تیرے بن، گزارش، تھکن، ذرا یاد کر، عشقِ لا، یہ رہا دل اور دیگر شامل ہیں۔حال ہی میں انہیں ڈرامہ جینٹل مین اور قرضِ جاں میں بھی خوب سراہا گیا۔اس کے علاوہ وہ فلم نایاب پر لکس اسٹائل ایوارڈ جیت چکی ہیں اور جلد ہی ایک رمضان اسپیشل ڈرامے میں نظر آئیں گی۔کراچی میں منعقدہ 24ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں یمنٰی زیدی نے ڈیزائنر شہلا چتور کا تیار کردہ تھری پیس لباس زیب تن کیا۔اس لباس میں روز گولڈ لمبی اسکرٹ، اینٹیک گولڈ کراپ ٹاپ اور کڑھائی و ٹِلّہ ورک سے مزین چمکدار جیکٹ شامل تھی۔تاہم سوشل میڈیا پر ان کے اس انداز پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔بعض صارفین نے لباس کو نامناسب قرار دیا اور کہا کہ یمنٰی اس میں آرام دہ محسوس نہیں کررہیں۔چند مداحوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیا، جبکہ کچھ افراد نے سخت تنقید بھی کی۔

  • اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کا عمران خان سے متعلق اہم بیان

    اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کا عمران خان سے متعلق اہم بیان

    نیویارک (کنزیومرواچ نیوز)اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے خبردار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو جیل میں ایسے حالات میں رکھا جا رہا ہے جو غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک کے زمرے میں آسکتے ہیں، انہوں نے پاکستانی حکام سے عالمی اصولوں اور معیارات کی تعمیل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ستمبر میں قانونی ٹیم نے پاکستانی حکومت سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندے سے رابطہ کیا تھا۔تاہم وزیراعظم کے معاون رانا احسان افضل نے اقوام متحدہ کے نمائندے کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جیل کے قوانین اور جیل مینوئل کے مطابق رکھا جا رہا ہے۔وزیر اعظم کے معاون نے کہا، ’ان کے بچوں کو ان تک رسائی ہے اور انہیں [کال] کا وقت طے کرنا چاہیے اور مناسب درخواست کرنی چاہیے، حکومت پاکستان کی طرف سے کوئی مسئلہ یا رکاوٹ نہیں ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کو بی کلاس قیدی کی حیثیت سے “ان کے حقوق سے زیادہ” سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،’انہیں ورزش کی سہولیات دستیاب ہیں، اچھا کھانا دستیاب ہے اور کافی جگہ بھی دستیاب ہے‘۔اقوام متحدہ کی عہدیدار ایلس جِل ایڈورڈز نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ 73 سالہ عمران خان حراست کے حالات سے متعلق ملنے والی رپورٹس پر فوری اور موثر کارروائی کرے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا’ میں پاکستانی حکام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عمران خان کی نظربندی کی شرائط بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کے مطابق ہو‘۔انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر 2023 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں منتقلی کے بعد سے عمران خان کو مبینہ طور پر حد سے زیادہ قید تنہائی میں رکھا گیا، انہیں جیل سیل میں دن میں 23 گھنٹے تک قید رکھا گیا اور بیرونی دنیا تک انتہائی محدود رسائی کے ساتھ ان کے سیل کی مبینہ طور پر کیمرے سے مسلسل نگرانی کی گئی۔”انہوں نے کہا ’عمران خان کی قید تنہائی کو بلاتاخیر اٹھایا جانا چاہیے‘۔اقوام متحدہ کے ایلس جِل ایڈورڈز کی طرح کے خصوصی نمائندے آزاد حیثیت رکھنے والے ماہرین ہوتے ہیں جن کے پاس انسانی حقوق کونسل کا مینڈیٹ ہوتا ہے، وہ بذات خود اقوام متحدہ کی طرف سے بات نہیں کرتے۔عمران خان کے حامیوں کا الزام ہے کہ ان کے وکلا اور اہل خانہ کو ان سے ملاقات سے روکا جا رہا ہے جب کہ اس خلاف جیل کے باہر متعدد بار احتجاج کیا گیا اور دھرنے دیے گئے ہیں۔

  • برطانیہ کا بڑے پیمانے پر جنگ کی تیاری کا آغاز

    برطانیہ کا بڑے پیمانے پر جنگ کی تیاری کا آغاز

    لندن(کنزیو مر واچ نیوز)برطانیہ نے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر بڑے پیمانے پر جنگی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ مسلح افواج کے وزیر کرنل ایسکاٹ کارنز نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کے سائے یورپ کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں، برطانیہ کو ہر صورت تیار رہنا ہوگا۔ایک انٹرویو میں کرنل کارنز نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران برطانیہ کے خلاف دشمن ممالک کی انٹیلیجنس سرگرمیوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیٹو ممالک کو اپنی سلامتی یقینی بنانے کے لیے دفاعی اخراجات بڑھانے ہوں گے کیونکہ موجودہ خطرات پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور سنگین ہو چکے ہیں۔وزیر نے اعتراف کیا کہ پچھلے 50 سے 60 برسوں سے برطانیہ نے اپنے دفاع کے معاملات کسی حد تک امریکا کو آؤٹ سورس کر رکھے تھے، مگر اب یہ انحصار ختم کرنا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ برطانیہ اپنا دفاع خود کرے اور امریکا پر مکمل انحصار کے رویے کو ترک کرے۔خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی حکومت نے ایک نئی ڈیفنس کاؤنٹر انٹیلیجنس یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا جو مخالف ریاستوں کی جاسوسی سرگرمیوں کا سراغ لگانے اور انہیں ناکام بنانے میں مدد کرے گا۔ یہ یونٹ مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب نیٹو کے نئے سربراہ مارک روٹے نے یورپی اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں روس کے ساتھ ممکنہ بڑے تصادم کے لیے تیار رہنا چاہیے۔یورپ میں بڑھتے تناؤ اور عسکری تیاریوں نے خطے میں بے چینی کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینے سیکیورٹی کے اعتبار سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

  • پاکستان میں بھی سپر فلو کہلائے جانے والے انفلوئنزا کی موجودگی کا انکشاف

    پاکستان میں بھی سپر فلو کہلائے جانے والے انفلوئنزا کی موجودگی کا انکشاف

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے سپر فلو وائرس کی پاکستان میں بھی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق فلو کی نئی قسم A(H3N2) کے ذیلی گروپ ’سب کلاڈ K‘ کے باعث برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں انفلوئنزا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔برطانوی محکمہ صحت کے مطابق اسپتالوں میں روزانہ اوسطاً 2600 سے زائد مریض داخل ہو رہے ہیں، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کوویڈ کے بعد اسپتالوں پر سب سے بڑا دباؤ ہے، ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ نئی قسم زیادہ خطرناک نہیں لیکن اس کا پھیلاؤ معمول سے پہلے شروع ہو گیا ہے۔سپر فلو سے بچوں اور بزرگوں میں متاثرین کی شرح سب سے زیادہ ہے جبکہ کچھ اسکول عارضی طور پر بند جب کہ کچھ میں اوقات کم کیاگیا ہے۔پاکستان میں بھی سپر فلو انفلوائنز کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اور اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 فیصد نمونوں میں وائرس کی نئی قسم A(H3N2) کے ذیلی گروپ ’سب کلاڈ K‘ کی موجودگی پائی گئی۔اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طبی ماہر ڈاکٹر رانا جواد اصغر نے بتایا کہ سپر فلو وائرس کی علامات بھی دیگر انفلوئنزا کی طرح ہی ہوتی ہیں یعنی سر میں درد، نزلہ، بخار جیسی علامات ہوتی ہیں۔ڈاکٹر رانا جواد نے بتایا کہ اس وائرس کو سپر فلو اس کے لیے کہہ رہے ہیں کہ پوری دنیا میں جو متوقع تعداد ہوتی ہے اس سے زیادہ تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ وائرس میں بھی کچھ تبدیلیاں آئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے بچاؤ کے طریقے بھی وہی ہیں جو بچاؤ کے طریقے ہوتے ہیں، بچوں اور بڑی عمر کے افراد کو احتیاطی ویکسین لگوائی جائیں، کئی مغربی ممالک میں فلو کی ویکسین بچوں اور بڑی عمر کے افراد کے ساتھ نوجوانوں کو بھی لگائی جاتی ہیں، جن افراد کو اس قسم کی علامات ہیں تو کوشش کریں کہ وہ بچہ اسکول نہ جائے یا وہ افراد دفتر نہ جائیں تاکہ دیگر افراد محفوظ رہ سکیں، اگر کسی کو فلو ہے تو اس سے ہاتھ ملانے سے اجتنات کیا جائے اور ملاقات کم کی جائے۔

  • دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے،  وزیراعظم

    دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد (کنزیومرواچ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، عالمی برادری افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے زور ڈالے۔ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں عالمی امن فورم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا 2025 کو بین الاقوامی سال برائے امن قرار دینا خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا پاکستان عالمی امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حمایت سے غزہ میں امن منصوبہ منظور ہوا، جنگ بندی کے لیے تعاون پر سعودی عرب، قطر، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، اردن اور ایران کے مشکور ہیں، غزہ میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، سلامتی کونسل کی قرار داد 2788 پاکستان کے وژن کی تائید ہے اور مشرق وسطیٰ میں تادیر جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی ضروری ہے۔وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا پائیدار امن اور پائیدار ترقی لازم و ملزوم ہیں، ترقی یافتہ ٹیکنالوجیز پر منصفانہ رسائی ناگزیر ہے، مالیاتی شمولیت اور خواتین کو معاشی دھارے میں لانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، عالمی برادری افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے زور ڈالے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا صاف اور سرسبز ترقیاتی ماڈل عالمی مثال ہے، موسمیاتی تبدیلی اور عدم مساوات ترقی پذیر ممالک کے بڑے چیلنجز ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے کئی ممالک کو خطرات درپیش ہیں، فورم کو عملی اقدامات میں ڈھالنے کی ضرورت ہے، دنیا کو صفر جمع سوچ سے نکل کر مشترکہ تعاون اپنانا ہوگا، تجارت ہی نہیں، انسانوں اور خیالات کو جوڑنے والے پل تعمیر کرنا ضروری ہے۔

  • بنوں :پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ، 5اہلکار زخمی

    بنوں :پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ، 5اہلکار زخمی

    ڈیرہ اسماعیل خان:(کنزیومرواچ نیوز)بنوں میں رات گئے تھانہ ہوید کی حدود چوکی شیخ لنڈک پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے حملہ ناکام ہوگیا۔ترجمان خیبر پختوںخوا پولیس کے مطابق پولیس کی مؤثر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچنے اور کئی دہشت گردوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔جوابی کارروائی کے دوران پانچ پولیس کے بہادر جوان معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج جاری ہے۔ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں اضافی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او بنوں نے حملہ پسپا کرنے پر پولیس جوانوں کی بہادری کو زبردست الفاظ میں سراہا، شاباش دی اور کہا کہ بنوں پولیس وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔

  • عمران خان اور بشریٰ بی بی کو  آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے، سہیل آفریدی

    عمران خان اور بشریٰ بی بی کو آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے، سہیل آفریدی

    پشاور:(کنزیومرواچ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل افریدی نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ناحق قید اور مسلسل آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے۔صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو قید میں سردیوں کا سامان بھی فراہم نہیں کیا جا رہا، عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن چلانا اور بے عزتی کرنا شرمناک اقدام ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس ناروا اور غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتی ہے، این ایف سی اجلاس میں صوبائی حقوق کے لیے سب کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو خوش ائند ہے، سب کمیٹی کی سربراہی صوبائی مشیر خزانہ کریں گے، واجبات کے حوالے سے سفارشات وفاق کو پیش کی جائیں گی۔ سہیل افریدی نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے تمام سیاسی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ نے این ایچ پی اور این ایف سی بقایاجات پر محکمہ خزانہ کو ہر ہفتے وفاق کو خط ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے لیے سالانہ 100 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا تھا، سات سال میں صرف 168 ارب دیے گئے، 532 ارب اب بھی بقایا ہیں، تمام محکمے اپنے بقایاجات کے حوالے سے وفاق کو ہفتہ وار خط ارسال کریں تاکہ ساری چیزیں ریکارڈ پر ہوں۔

  • جیل میں سینڈوچ بھی مجھ تک نہیں پہنچے، نہ جانے کون کھا گیا؟ ڈکی بھائی

    جیل میں سینڈوچ بھی مجھ تک نہیں پہنچے، نہ جانے کون کھا گیا؟ ڈکی بھائی

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان کے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی جوا ایپس کی تشہیر اور منی لانڈرنگ کے الزام میں تین ماہ جیل میں گزارنے کے بعد ان دنوں خبروں میں ہیں۔ان کی گرفتاری اس وقت ہوئی تھی جب وہ اپنی بیوی کے ہمراہ ایک بین الاقوامی ڈیجیٹل کری ایٹرز ایونٹ میں شرکت کے لیے ملائیشیا جا رہے تھے۔ان کی ضمانت اس وقت ممکن ہوئی جب دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے حکام کو بھاری رشوت ادا کی۔جیل سے رہائی کے بعد، ڈکی بھائی نے یوٹیوب پر ایک تفصیلی وی لاگ شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا ذکر کیا۔بعد ازاں ڈکی بھائی نے ایک انٹرویو میں جیل کے کھانے اور اپنی صحت کے بارے میں بات کی۔انہوں نے بتایا کہ جیل میں انہیں معدے کی تکلیف تھی اور ڈاکٹروں نے ہلکی مائع غذا لینے کا مشورہ دیا تھا۔
    اس دوران، انہوں نے اپنے بھائی سے سب وے سینڈوچز آرڈر کرنے کی درخواست کی تھی اور انہیں کہا تھا کہ روز سینڈوچ بھیج دیا کرو۔ تاہم، ایک دن جب سینڈوچز نہیں آئے تو انہوں نے تین دن تک انتظار کیا اور آخرکار پتہ چلا کہ جیل کا عملہ انہیں کھا رہا تھا۔
    دوسری جانب ڈکی بھائی کی اس کہانی پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید ہو رہی ہے اور کچھ صارفین انہیں جھوٹا قرار دے رہے ہیں۔

  • شہید چوہدری اسلم کی بیوہ کا بھارتی پروپیگنڈا فلم کیخلاف بڑا اعلان

    شہید چوہدری اسلم کی بیوہ کا بھارتی پروپیگنڈا فلم کیخلاف بڑا اعلان

    کراچی (کنزیو مرواچ نیوز)سندھ پولیس کے شہید پولیس افسر چوہدری اسلم کی بیوہ نے بھارتی پروپیگنڈا فلم کیخلاف بڑا اعلان کردیا۔خصوصی گفتگو میں نورین اسلم کا کہنا تھا کہ لیاری پر بنائی گئی بھارتی فلم پاکستان کے خلاف سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت فلم کے ذریعے پاکستان مخالف مہم چلا رہا ہے جو ہمیشہ کی طرح ناکام ہوگی۔نورین اسلم کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم چوہدری اسلم کی خدمات اور محبت کو لوگوں کے دلوں سے نہیں نکال سکتی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ فلم لیاری پر کیوں بنائی گئی، گینگ وار کے کارندے رحمان ڈکیت کو کیوں اجاگر کیا گیا؟ فلم پاکستان مخالف دہشتگردوں کی حمایت کے لیے بنائی گئی۔نورین اسلم نے کہا کہ فلم میں شہید چوہدری اسلم کے کردار کو منفی انداز میں پیش کیا گیا۔ عالمی قوانین کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر اور رائٹر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی۔

  • فیض حمید شواہد کے ساتھ عمران خان کے خلاف گواہی دینگے، فیصل واوڈا

    فیض حمید شواہد کے ساتھ عمران خان کے خلاف گواہی دینگے، فیصل واوڈا

    اسلام آباد:(کنزیومر واچ نیوز)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوجی عدالت سے 14 سال قید بامشقت سزا پانے والے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید اب شواہد کے ساتھ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف گواہی دینے جا رہے ہیں اور یہ شکنجہ یہاں رکے گا نہیں یہ ابتدا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں فیض حمید کی سزا کے حوالے سے میزبان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ‘9 مئی سے ایک سال پہلے مجھے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا اور میں اسی چیز سے روک رہا تھا کہ اس جگہ پر نہ جائیں کہ واپسی نہ ہو، یہ بڑا واضح ہے کہ ملک دشمنی، ریاست دشمنی، اداروں سے دشمنی، جمہوری دشمنی، پاکستان کے جھنڈے اور شہیدوں سے دشمنی پر 14 سال قید یا سزائے موت ہوتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘اسی پیرا میٹر میں آگے جاتے ہوئے فیض حمید اب عمران خان کے خلاف شواہد کے ساتھ گواہی دینے جا رہے ہیں کہ بطور وزیراعظم ان کو کیا احکامات ملتے رہے ہیں اور خاص طور پر 9 مئی، اور 9 مئی کے ذمرے میں بھی عمران خان اس شکنجے میں آتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور تقریباً آگئے ہیں’۔
    فیصل واوڈا نے کہا کہ ‘وہ شواہد جب آئیں گے اور پی ٹی آئی کے وہ رہنما جو سائیڈ ہوگئے لیکن اس وقت ملوث تھے، جو جیل میں ہیں ان کو بھی لایا جائے گا اور جنہوں نے اس وقت انصاف کی کرسی پر بیٹھ کر ملک دشمنی کے لیے قلم کا استعمال کیا وہ بھی کٹہرے میں آئیں گے’۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘یہ شکنجہ یہاں رکے گا نہیں یہ ابتدا ہے’۔فیض حمید کی 9 مئی کیسز میں ملوث ہونے سے متعلق سوال پر سینیٹر نے کہا کہ ‘پی ٹی آئی کی طرف سے سب سے پہلا ٹیسٹ ٹرائل، جس سے منی دھرنا کہتے ہیں، وہاں کے کور کمانڈر فیض حمید تھے، اندر کی تنصیبات کی معلومات فیض حمید کی سہولت کاری تھی اور جب عمران خان اتر گئے تھے اور دھرنا جب شروع ہوا تھا، ارشد شریف کا قتل ہوا تھا تو باجوہ صاحب چیف تھے اور فیض حمید باوردی موجود تھے’۔فیصل واوڈا نے فیض حمید کی سزا سے متعلق کہا کہ ‘ایک باوردی سزا ہے اور ایک بغیر وردی کے سزا ہے، یہ بڑی واضح ہے، یہ سی ڈی ایف فیلڈ مارشل کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے نہ صرف اپنے سے 10 گنا بڑے دشمن سے جنگ جیتی ہے بلکہ اپنے ادارے سے ایک مثال بھی شروع کر دی ہے اور اب یہ شکنجہ وہاں جاتا ہوا نظر آرہا ہے جہاں سے میں روک رہا تھا’۔انہوں نے کہا کہ ‘جو 14 سال کی سزا ہوئی ہے اس میں کمی نہیں ہوگی لیکن جو ٹرائل آگے چل رہا ہے اس کے اندر وہ گواہی کے ساتھ شواہد بھی دیں گے، جب شواہد دیں گے تو وہ شواہد ایسے ہوں گے کہ قوم جب کسی سے دل سے پیار کرتی ہے تو شدت سے کرتی ہے اور نفرت بھی شدت سے کرتی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اس شکنجے سے اللہ تعالیٰ تو نکال سکتا ہے لیکن قانونی، دنیاوی اور انسانی طور پر تو مجھے واپسی نظر نہیں آرہی ہے، میں واضح ہوں کہ اب اس میں حیل و حجت یا اینالیسز ممکن نہیں ہے اور یہ نوشتہ دیوار ہے’۔فیصل واڈا نے کہا کہ ‘فیض حمید کے تعلق کے اندر 2017 سے جو الزامات اور ڈراما چلتا آرہا ہے، کرپشن سے لے کر ریاست کو نقصان پہنچانا، فوج کو نقصان پہنچانا، عدلیہ، میڈیا، جمہوریت اور سیاست دان اور سب کو نقصان پہنچانا یہ بڑا وسیع معاملہ ہے اور ممکنہ طور پر اس کے اندر نمبر ٹو پوزیشن آئے گی وہ شواہد اور گواہی کے بعد سیدھے سب سے پہلا نمبر پی ٹی آئی اور عمران خان صاحب کا ہے’۔
    ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ‘میں کوئی وارننگ نہیں دے رہا ہوں، میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ ایسا ہی ہوگا جیسا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے’۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘عارضی، نااہل اور نالائق وزیراعلیٰ جس کو بتانا پڑتا ہے کہ میں سی ایم ہوں وہ ایسے کنارہ کشی کر چکا ہے، عمران خان کے لیے کوئی ری ٹویٹ نہیں کر رہا ہے، پی ٹی آئی خود اندر سے کہہ رہی ہے ہم نے مائنس ون تو کردیا اب ہمیں 10 20 سیکنڈ کی میرے قائد میرے لیڈر عمران خان نیازی والی تقریر ریکارڈ کرنے دی جائے، جس کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اب کہہ رہے ہیں مائنس ون مکمل طور پر مائنس ون’۔سینیٹر فیصل واڈا نے کہا کہ ‘اس میں کوئی حیل و حجت نہیں ہے، اب ایسی سیاست کسی نے بھی کی تو اس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، قانونی طور پر عبرت اور بربریت سے ڈیل کیا جائے گا’۔