ممبی (کنزیومرواچ نیوز)بھارت میں معروف اداکارہ سمانتھا پربھو کے ساتھ تقریب کے دوران بدسلوکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ بھارت میں مداحوں کی جانب سے فنکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرنا کوئی نئی بات نہیں تاہم ان دنوں ہجوم کی جانب سے خاص طور پر اداکاراؤں کو گھیر کر ان کی جان خطرے میں ڈالے جانے کی واقعات مسلسل رونما ہورہے ہیں۔چند روز قبل، بھارتی اداکارہ ندھی اگروال کو مداحوں نے اس وقت گھیر لیا تھا جب وہ تقریب سے واپسی پر اپنی گاڑی کی جانب جارہی تھیِں۔اس دوران، ان کے لیے چند قدم کا فاصلہ طے کرنا انتہائی مشکل ہوگیا تھا، البتہ ان کے گارڈز نے بہادری کے ساتھ اداکارہ کو گاڑی تک بحفاظت پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں نامور بھارتی اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو کو بھی اسی قسم کی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔اداکارہ حیدرآباد میں ایک آؤٹ لیٹ کی افتتاحی تقریب میں شریک تھیں، جہاں سے واپسی پر مداحوں نے انہیں گھیر لیا اور اس دوران انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان کے سیکیورٹی گارڈ کسی طرح انہیں گاڑی تک لے جانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔دوسری جانب، سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مداحوں کے اس حرکت پر شدید تنقید کی جارہی ہے، صارفین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مداح یہ کیوں نہیں سجھتے ہیں کہ اداکار بھی انسان ہوتے ہیں اور وہ اپنی حدود کا تعین کیوں نہیں کرتے۔یاد رہے کہ بھارتی فنکاروں کے ساتھ اکثر اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، خاص طور پر ایئرپورٹ یا کسی تقریب کے دوران جب مداح ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرتے ہیں یا ان سے آٹوگراف کا مطالبہ کرتے ہیں۔
Blog
-

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کےلئے سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز
راولپنڈی:(کنزیومرواچ نیوز)چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز عطا کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران وزیر دفاع، شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور عسکری تعاون، اسٹریٹجک اشتراکِ عمل اور بدلتے ہوئے جغرافیائی چیلنجز شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق بھی کی گئی۔دورے کے دوران خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس بھی عطا کیا گیا۔یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات اور قیادت کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں اُن کے مرکزی کردار کو بھی سراہا گیا۔ یہ اعزاز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لیے خدمات، بالخصوص انسدادِ دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں مسلسل تعاون کا بھی اعتراف ہے۔
سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ و برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے اُن کے عزم کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس اعزاز پر خادم الحرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط و دیرپا تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔ انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس کا عطا کیا جانا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی مضبوطی اور دونوں ممالک کے درمیان علاقائی و عالمی امن کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ -

لاہور: شہریوں سے صفائی کا بل لینے کےلیے نیا طریقہ کار طے
لاہور(کنزیومرواچ نیوز)لاہور میں شہریوں سے صفائی کا بل لینے کے لئے نیا طریقہ کارطے کرلیا گیا۔صاف ستھرا پنجاب، صفائی بل اب محکمہ ایکسائز وصول کرے گا۔ 6 ماہ تک ماہانہ جبکہ جون 2026 سے سالانہ بل دینا ہوگا۔ 3 مرلے کے گھر پر ٹیکس نہیں ہوگا۔جنوری 2026 سے ایکسائز ابتدائی طور پر ماہانہ بل وصول کرے گا، جون 2026 سے بل ماہانہ کی بجائے سالانہ وصول کیا جائے گا۔ 5 مرلے سے 2 کنال والا گھریلو صارف 300 سے2 ہزار روپے صفائی بل دے گا۔کمرشل کیلئے اربن ریٹ 500 سے 2ہزارروپے مقرر کیا گیا ہے، دیہی گھریلو صارف کو200 سے 400 روپے صفائی بل دینا ہوگا۔ دیہی کمرشل صارف 300 سے 1000 روپے تک صفائی بل دے گا۔
-

غزہ کو پرکشش اور جدید ساحلی شہر بنانے کاامریکی منصوبہ
نیو یارک (کنزیومرواچ نیوز)غزہ کو پرکشش اورجدید ساحلی شہر بنانے کا نیا امریکی منصوبہ سامنے آگیا۔امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل کےمطابق جیرڈ کشنر اوراسٹیو وٹکوف نےسن رائز کےنام سےمنصوبہ پیش کر دیا، ٹرمپ انتظامیہ یہ منصوبہ غیرملکی حکومتوں اورسرمایہ کاروں کےسامنے پیش کررہی ہے،منصوبہ دس برس میں مکمل ہوگاجس پرایک سو بارہ ارب ڈالرلاگت آئےگی،ساٹھ ارب ڈالرامریکا قرضوں اورگرانٹس کی صورت میں ادا کرے گا۔ تعمیرنوچارمرحلوں میں مکمل ہوگی،آغاز رفح اورخان یونس سےکیاجائے گا،جس کے بعدغزہ سٹی اور شمالی غزہ کی باری آئےگی،دوسری جانب اسرائیلی جارحیت رکنےکا نام نہیں لے رہی۔ بمباری سے مزید چھ فلسطینی شہید ہوگئے۔
-

دنیا کا مہنگا ترین اسکول کس ملک میں ہے؟ ہوشربا اعداد وشمار سامنے آگئے
لندن (کنزیومرواچ نیوز)تعلیم روشن مستقبل کا ضمانت ہوتی ہے، دنیا بھر میں کئی خاندانوں کو اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلانا ایک خواب ہوتا ہے لیکن اسی دنیا میں ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنے بچوں کی اسکول کی تعلیم کے لیے کروڑوں خرچ کرتے ہیں اور اسی طرح پاکستان جیسے ممالک میں نجی اسکول معیاری تعلیم کے مراکز ہوتے ہیں لیکن ان اسکولوں کی فیسیں سالانہ بنیاد پر بڑھتی ہیں۔پاکستان میں بھی بڑے اسکولوں کی بھرمار ہے جہاں سالانہ لاکھوں میں فیسیں وصول کی جاتی ہیں جو اکثر شہری برداشت نہیں کرپاتے اور یہی صورت حال دیگر کئی ممالک میں بھی ہے لیکن ایک طرف دنیا میں نجی اسکولوں تک لوگوں کی رسائی زیادہ فیسوں کی وجہ سے محدود ہے وہی دنیا میں ایک ایسا اسکول بھی ہے جو انتہائی مہنگا ہے لیکن دنیا بھر سے بچوں کو تعلیم کے لیے اس اسکول میں بھیج دیا جاتا ہے۔غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے مہنگا اسکول انسٹی ٹیوٹ لے روزے سوئٹزرلینڈ میں قائم ہے، جہاں دنیا کے 50 سے زائد ممالک سے بچے تعلیم حاصل کرنے کے لیے آتے ہیں۔دنیا کے اس مہنگے ترین اسکول میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ٹینس، شوٹنگ، گھڑ سواری اور میوزک سمیت دیگر شعبوں میں اعلیٰ معیار کی تربیت دی جاتی ہے، یہی خصوصیات انسٹی ٹیوٹ لے روزے کو دنیا میں منفرد تعلیمی ادارہ بناتی ہیں۔رپورٹ کےمطابق انسٹی ٹیوٹ لے روزے کا قیام 1880 میں ہوا اور اس قدیم اسکول کے بانی کا نام پال کارنال تھا، دنیا کے مہنگے ترین بورڈنگ اسکول کے دو کیمپسز ہیں جو دنیا بھر کے بورڈنگ اسکولوں سے انفرادیت کا حامل ہے۔مذکورہ کیمپسز میں ٹینس کورٹ، شوٹنگ رینج، گھڑ سواری کا مرکز اور کنسرٹ ہال بھی بنایا گیا ہے، جس کی تعمیر تقریباً پاکستانی 12 ارب روپے سے زیادہ لاگت سے ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسکول میں پرتعیش سہولیات دستیاب ہیں، جن میں جھیل کنارے واقع محل نماعمارت، اسٹیم اور سوانا رومز، جکوزی، ٹینس کورٹ اور تیراکی کی سہولیات شامل ہیں اور کھانے کے دوران طلبہ کو مخصوص لباس بھی فراہم کیا جاتا ہے۔انسٹی ٹیوٹ لے روزے میں داخل بچوں کی فیس پاکستانی کرنسی میں کروڑوں میں بنتی ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق سالانہ فیس تقریباً ایک لاکھ 33 ہزار امریکی ڈالر ہے۔سوئٹزرلینڈ میں 1880 میں قائم اس اسکول میں صرف 280 بچے زیرتعلیم ہوتے ہیں جو دنیا بھر کے 50 سے زائد ممالک سے منتخب ہوتے ہیں اور دنیا کے اس مہنگے ترین اسکول میں اسپین، مصر، بیلجیم، ایران اور یونان سمیت دیگر ممالک کے بادشاہوں کے بچے داخل ہوتے ہیں۔
-

بانی پی ٹی آئی آج بھی مسکرا رہے تھے، وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا بیان
لاہور(کنزیومرواچ نیوز)عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی مسکرا رہے تھے فیصلے پر بلکل حیران نہیں تھے، بانی نے ہدایت کی کہ ان کے اور اہلیہ کے لیے میں ہائی کورٹ میں اپیل دائر کروں۔راولپنڈی اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کل رات کو آٹھ بجے تمام لیگل ٹیم کو اطلاع دی گئی کہ کل صبح نو بجے کیسز پر کارروائی ہوگی، ہم توقع ہی نہیں کر رہے تھے، موٹر وے بند ہوتی ہے دھند ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سولہ اکتوبر کو جج صاحب نے کیس کو ایڈجرن کیا، دلائل کےلیے آج کی تاریخ رکھی گئی، دلائل مکمل ہونے تھے نہ کہ فیصلہ سنایا جانا تھا، جج صآحب پہلے چلے گئے سیکورٹی بھی زیادہ تھی لگا کہ کچھ ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ جج صآحب نے غیر قانونی کام کیا، وکلاء کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا گیا، جج صآحب 59 صفحات پرمبنی فیصلہ لکھ کر لائے ہوئے تھے، لکھا ہوا فیصلہ تمام پیٹرن پر سنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے کبھی میرٹ ہر فیصلہ نہیں ہوا، ہمشیہ ہائی کورٹ سے ریلیف ملا، کل رات تک ایک سزا تھی، القادر کی متعدد بار درخواست دی گئیں، ایک سال ہوگیا القادر میں جنوری میں سزا آئی تھی، ایک سال بعد پانچ منٹ کی سماعت نہیں کی گئی۔بشریٰ بی بی کی سماعت نہیں لگ سکی، بانی پی ٹی آئی آج بھی مسکرا رہے تھے بلکل حیران نہیں تھے، جج صآحب نے فیصلہ سنایا اور چلے گئے، دس اے کے تقاضے تو پورے کئے جاتے، قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔بانی نے ہدایت کی ہے کہ ان کے اور اہلیہ کے لیے میں اپیل دائر کروں ہائیکورٹ میں، بانی کو مشکلات میں رکھا گیا ہے، کتابیں ان کے پاس نہیں وہ مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت مشکل سے ملاقات ہو سکی، اندر اتنا پہرہ تھا کہ ملاقات نہیں ہو سک رہی تھی، گفتگو کرنے کے لیے تین منٹ بھی نہیں تھے، لیگل ٹیم اپنا کام جاری رکھے گی، جتنے مقدمات ہوئے سب کو ختم کیا گیا مگر التوا کا شکار ہے، بانی کے حوصلے بلند تھے۔ سرکار توشہ خانہ کا کیس بار بار بنا کر لاتی ہے، توشہ خانہ کا کیس نیب نے چوتھی مرتبہ بنایا، ہماری کبھی دوبارہ سننے کی درخواست لگی ہی نہیں خان صاحب نے پوچھا ہوا کیا ہے بتایا گیا کہ سزا ہوئی ہے، بحث مکمل ہونے سے پہلے فیصلہ لکھا ہوا تھا۔
-

توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید
اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنا دی۔اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت کی جانب سے جاری تحریری فیصلے کے مطابق استغاثہ اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا اور دونوں ملزمان جرم کے مرتکب پائے گئے۔
بانی پی ٹی آئی کو جرم ثابت ہونے پر دفعہ 409 کے تحت 10 سال سزا جبکہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ کے تحت 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بشریٰ بی بی کو بھی 17 سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ مجرمان پر فی کس 1 کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جس کی عدم ادائیگی پر مزید 6، 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔
تحریری فیصلے کے مطابق بانی کی عمر زیادہ ہونے اور بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کا خیال رکھتے ہوئے دونوں کو کم سے کم سزا دی گئی۔ مجرموں کی عرصہ حوالات کو بھی سزا میں شامل کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 13 جولائی 2024 کو نیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا، دونوں 37 دن تک نیب کی تحویل میں رہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد نیب نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں کیس کا ریفرنس دائر کیا تھا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کا بیان:
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خصوصی عدالت سینٹرل-I، اسلام آباد نے توشہ خانہ-II کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیرِاعظم عمران احمد خان نیازی اور ان کی اہلیہ بشرٰی عمران کو مختلف دفعات کے تحت سزا سنا دی ہے۔
عدالت نے ملزمان کو دفعہ 409 تعزیراتِ پاکستان کے تحت 10 سال قیدِ سادہ اور دفعہ 5(2) بمعہ دفعہ 47 انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کے تحت 7 سال قید سادہ کی سزا سنائی، جبکہ دونوں ملزمان پر 16,405,000 روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ یہ فیصلہ عدالت نے 21 گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد صادر کیا۔مقدمہ کا پس منظر یہ ہے کہ ملزمان نے مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران موصول ہونے والا Bvlgari جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا حالانکہ وہ اس کے قانونی طور پر پابند تھے۔تفتیش کے دوران یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزمان نے باہمی ملی بھگت اور بدنیتی سے مذکورہ جیولری سیٹ کی انتہائی کم قیمت لگوائی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 32.851 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔یہ مقدمہ ایف آئی اے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں سابق وزیرِاعظم اور ان کی اہلیہ کو خالصتاً دستاویزی شواہد کی بنیاد پر سزا سنائی گئی۔فیصلے کے بعد دونوں ملزمان کو ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے تحویل میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا تاکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ایف آئی اے کی جانب سے محمد افضل خان نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد اور شمس گوندل، ایس ایچ او ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد بدعنوانی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور اس مقدمہ کی کامیاب پیروی پر متعلقہ تفتیشی ٹیم اور افسران کی کارکردگی کو سراہتا ہے۔ -

رجب بٹ کے خلاف توہینِ مذہب کیس میں اہم پیشرفت
اسلام آباد(کنزیومرواچ نیوز)پاکستان کے متنازع یوٹیوبر رجب بٹ کی لندن سے واپسی کے بعد مذہبی بے حرمتی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔سیشن عدالت وسطی نے شعائر اسلام کی بے حرمتی کرنے کے مقدمے میں یوٹیوبر ملزم رجب بٹ کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔کراچی سٹی کورٹ میں سیشن عدالت وسطی کے روبرو شعائر اسلام کی بے حرمتی کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ملزم رجب بٹ اپنے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ رجب بٹ کی جانب سے عبوری ضمانت کےلیے درخواست دائر کی گئی۔ملزم کے وکیل صفائی اشفاق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملزم کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں۔ یہ سی آر پی سی 196 کی خلاف وزری ہے۔ صوبائی یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی شکایت نہیں ہوئی۔ ملزم شامل تفتیش ہوکر تعاون کرے گا۔ ملزم رجب بٹ کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔یاد رہے کہ مقدمے میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ رجب بٹ نے اپنے پرفیوم برانڈ کے لانچنگ کے وقت ’مذہبی جذبات کو مجروح‘ کیا اور مبینہ طور پر پاکستان کے توہین مذہب کے قانون کا مذاق اڑایا۔
-

2025ء اہلِ کراچی کیلیے خوفناک ثابت ہوا، اعداد و شمار سامنے آگئے
کراچی(کنزیومرواچ نیوز)گزرتا سال 2025ء اہل کراچی کے لیے خوفناک ثابت ہوا ہے، اس حوالے سے پریشان کن اعداد و شمار سامنے آ گئے۔امدادی ادارے چھیپا فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق جنوری سے اب تک شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 89 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ اسی عرصے میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 830 افراد جاں بحق اور 11 ہزار 837 زخمی ہوئے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہریوں کے تشدد کے واقعات میں 14 ڈاکو ہلاک اور 35 شدید زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے مختلف واقعات کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 407 افراد زندگی ہار گئے جب کہ 1632 زخمی ہوئے۔رواں سال مختلف علاقوں سے 21 تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ 4 بوری بند لاشیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ اسی دوران ایک پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے۔سالانہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ چھریوں کے وار سے 43 افراد قتل ہوئے۔ گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔ چھت سے گرنے کے باعث 73 افراد جب کہ چھت گرنے کے واقعات میں 19 افراد جان سے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق ٹرین کی ٹکر سے 51 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ مختلف مقامات پر پانی میں ڈوبنے کے واقعات میں 83 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ شہر میں جھلسنے کے واقعات کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 128 زخمی ہوئے جب کہ کرنٹ لگنے سے 131 افراد کی موت واقع ہوئی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مین ہول میں گر کر 13 افراد جاں بحق ہوئے۔ رواں سال خودکشی کے 119 واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ 33 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں بھی مختلف مقامات سے ملیں۔اسی طرح منشیات کے زیادہ استعمال کے نتیجے میں 381 مردوں اور 5 خواتین کی لاشیں ملی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر لاشیں لاوارث تھیں۔
-

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھارت کاجھوٹ بے نقاب
نیویارک (کنزیومرواچ نیو)اقوامِ متحدہ کے خصوصی ماہرین نے پاک بھارت کشیدگی اور مئی 2025 میں ہونے والی فوجی کارروائیوں پر ایک تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر سنگین قانونی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دینے پر زور دیا ہے۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان نے اس حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی اور غیر جانبدار، شفاف اور بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔خصوصی ماہرین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 مئی 2025 کو بھارت نے “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان کی حدود میں فوجی طاقت استعمال کی، جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی قرار دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بھارت نے اقوامِ متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت سلامتی کونسل کو بروقت اطلاع نہیں دی، جو طے شدہ عالمی طریقۂ کار کی خلاف ورزی ہے۔معرکہ حق میں جگ ہنسائی کے باوجود بھارت نے آپریشن سندور ٹو کی تیاری شروع کردی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی حملوں کے دوران شہری علاقے متاثر ہوئے، مساجد کو نقصان پہنچا اور متعدد شہری ہلاک و زخمی ہوئے۔ اقوامِ متحدہ کے ماہرین کے مطابق دہشت گردی کے نام پر یکطرفہ فوجی کارروائی کا کوئی الگ یا خودکار حق بین الاقوامی قانون میں تسلیم شدہ نہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کی ریاستی سطح پر شمولیت کے کوئی قابلِ اعتبار شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔ ماہرین کے مطابق اگر طاقت کا استعمال غیر قانونی ہو تو یہ بنیادی انسانی حقِ زندگی کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے میں بڑے فوجی تصادم کا خطرہ پیدا کر سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر بھارتی کارروائی کو “مسلح حملہ” تصور کیا جائے تو بین الاقوامی قانون کے تحت پاکستان کو دفاع کا حق حاصل ہوگا۔ماہرین نے بھارتی اقدامات کو پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عدم مداخلت کے عالمی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
