کراچی (انٹرٹینمنٹ نیوز)معروف پاکستانی اداکار دانش تیمور اس وقت شوبز انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت کامیابی کے عروج پر ہیں۔دانش تیمور واحد پاکستانی اداکار ہیں جن کے پانچ سے زائد ڈرامے تقریباً دو ارب ویوز حاصل کر چکے ہیں۔تاہم گزشتہ برس رمضان ٹرانسمیشن کے دوران کثرتِ ازدواج سے متعلق بیان دینے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور مداحوں نے اسے ان کی اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان کے ساتھ ناانصافی قرار دیا تھا۔اب ایک بار پھر دانش تیمور اپنے حالیہ بولڈ فوٹو شوٹ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔حال ہی میں دانش تیمور اور عائزہ خان نے ملبوسات کے برانڈ کے لیے ایک ماڈلنگ مہم میں حصہ لیا۔برانڈ کی جانب سے پہلے دانش تیمور کی دیگر خاتون ماڈلز کے ساتھ تصاویر جاری کی گئیں، جس کے بعد عائزہ خان کے ساتھ فوٹو شوٹ شیئر کیا گیا۔ان تصاویر پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا اور کئی صارفین نے الزام لگایا کہ یہ مہم کثرتِ ازدواج کے تصور کو فروغ دے رہی ہے۔سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ بھی خاصا دلچسپ رہا۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ دانش تیمور صرف عائزہ خان کے ساتھ ہی جچتے ہیں، جبکہ کچھ نے طنزیہ تبصرے کیے۔بعض مداحوں نے سوال اٹھایا کہ عائزہ خان کو دانش کے بولڈ فوٹو شوٹس اور دیگر اداکاراؤں کے ساتھ رومانوی مناظر پر اعتراض کیوں نہیں۔
Blog
-

دانش تیمور کا خواتین ماڈلز کیساتھ بولڈ فوٹو شوٹ، صارفین کی شدید تنقید
-

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ پیر کو متوقع
اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک )ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستانی پلیئرز کٹ کی رونمائی ملتوی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق آج آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹاس کے بعد کٹ کی رونمائی ہونی تھی ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بناء پر کٹ کی رونمائی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے پی سی بی کا حتمی فیصلہ پیر کو متوقع ہے۔یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ورلڈکپ سے نکالے جانے پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے فیصلے کو دوہرا معیار قرار دیا تھا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو کرنے کا اعلان کیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز 7 فروری سے ہوگا۔ پاکستان ٹیم کو اپنا پہلا میچ 7 فروری کو ہی نیدرلیںڈز کے خلاف کھیلنا ہے۔
-

بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے حملے ناکام، فورسز کی کارروائیوں میں 58 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ (پاکستان واچ نیوز)بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 مقامات پر حملے ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں میں 58دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنۃ الہندوستان کے 37 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جب کہ اس دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب اور انگیجمنٹ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی جہنم واصل کر چکے ہیں۔
-

آڈیو لیک کی کہانی، شیخ وقاص اکرم کی زبانی، پاکستان واچ سے خصوصی گفتگو
اسلام آباد:(رپورٹ: بے نظیر مہدی رضوی)شیخ وقاص اکرم نے اپنی متنازع آڈیو لیک سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی ایک اہم عہدیدار نے واٹس ایپ گروپ سے ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیک کیا، جس کے باعث حقائق کو مسخ کر کے پیش کیا گیا۔ پاکستان واچ سے خصوصی گفتگو میں وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ آڈیو میں وہ کسی کی مخالفت نہیں کر رہے تھے بلکہ موجودہ حالات کے تناظر میں زمینی حقائق بیان کر رہے تھے۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق آڈیو میں وہ پارٹی کے اندر موجود افراد کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ سردی کا موسم ہے اور ایسے حالات میں اڈیالہ جیل کے باہر دیے جانے والے دھرنے کے حوالے سے لوگوں کو پہلے سے آگاہ کرنا ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکانِ قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ انتہائی مختصر نوٹس پر دور دراز علاقوں سے لوگوں کو متحرک کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے اڈیالہ کے آگے خان کے لیے دھرنا دیا گیا، جس پر وہ ان کے جذبات کا احترام کرتے ہیں، تاہم سوال یہ ہے کہ اگر دھرنا اتنا اہم تھا تو تمام ایم پی ایز کو اس میں کیوں شامل نہیں کیا گیا۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید انکشاف کیا کہ کے پی کے ہاؤس، اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ اعلیٰ، سہیل آفریدی، اسد قیصر، بیرسٹر گوہر اور شاہد خٹک سمیت کئی اہم شخصیات شریک تھیں، تاہم اس اجلاس میں اڈیالہ کے باہر دیے جانے والے دھرنے کے حوالے سے نہ کوئی لائحہ عمل طے کیا گیا اور نہ ہی اس موضوع پر کوئی باضابطہ گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک کو غلط رنگ دے کر پیش کیا گیا، جبکہ ان کی نیت صرف پارٹی قیادت اور کارکنان کو درپیش عملی مشکلات سے آگاہ کرنا تھی، نہ کہ کسی کی دل آزاری کرنا یا اختلاف کو ہوا دینا۔ -

بلوچستان میں دہشت گرد حملے ناکام، صورتحال کنٹرول میں
اسلام آباد(رپورٹ: بے نظیر مہدی رضوی)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کالعدم بی ایل اے سے منسلک غیر ملکی سرپرستی یافتہ نیٹ ورک کی جانب سے کیے گئے دہشت گرد حملے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں حملے کی کوشش کے دوران چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ نوشکی، دالبندین اور قلات میں ایف سی اور پولیس تنصیبات پر حملے مؤثر جوابی کارروائی سے پسپا کر دیے گئے۔پسنی، گوادر، مستونگ، خاران اور تمپ میں بھی سیکیورٹی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام رہی۔ مجموعی طور پر دو سے تین اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جبکہ کسی اسٹریٹجک تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان بھر میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ -

حکومت اور فوج کی پارٹنرشپ چلتی رہی تو ملک ترقی کرے گا: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت اور فوج کی پارٹنرشپ اسی طرح چلتی رہی تو پاکستان دنیا کے نقشے پر مضبوط ملک بن کر ابھرےگا۔اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے حکومت اور فوج کی شراکت داری کو ملک کے لیے بہترین قرار دیا۔انہوں نے کہا معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا دنیا میں منفرد مقام بن چکا ہے، دنیا آپ کی بات مان رہی ہے، سرمایہ کاری کے لیے رابطے کررہی ہے۔
وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے بجلی 4 اعشاریہ 4 روپے سستی کرنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدد نہ ہوتی تو کئی مسائل حل نہیں ہو سکتے تھے، حکومت اور فوج کی پارٹنرشپ اسی طرح چلتی رہی تو پاکستان دینا کے نقشے پر مضبوط ملک بن کر ابھرےگا۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کرے گا تو بھارت کو بھی غشی کے دورے پڑیں گے کہ پاکستان اتنا تگڑا ملک کیسے بن گیا۔ -

پمز میں عمران خان کی آنکھ کی سرجری کی گئی، سلمان اکرم راجا کا دعویٰ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بنیادی انسانی حقوق نہیں دیے جا رہے، انہیں ہفتے کی شام خفیہ طور پر اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال لایا گیا اور ان کی آنکھ کی سرجری کی گئی۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا عمران خان کی صحت سے متعلق حکومتی حلقے 5 دن تک جھوٹ بولتے رہے، کل حکومت نے تسلیم کیا تو ہم اڈیالہ جیل گئے، کل ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر خرم اڈیالہ جیل آئے۔سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی سرجری کی گئی، لیکن عمران خان کے خاندان کو نہیں بتایا گیا کہ ان کو کس وجہ سے اسپتال لے جایا گیا۔سلمان اکرم کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر 200 پارلیمنٹیرینز موجود ہیں، لطیف کھوسہ اور میں کچھ دیر پہلے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملنے گئے، چیف جسٹس پاکستان اپنے چیمبر میں موجود نہیں تھے ملاقات نہیں ہو سکی۔ان کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی ہدایت پر رجسٹرار سے ملاقات کی، رجسٹرار جو خود سیشن جج ہیں ان کے گوش گزار تمام صورتحال کی ہے، اٹارنی جنرل کو بھی تمام صورتحال بتائی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو 16 درخواستیں دے چکے ہیں کوئی ایکشن نہیں ہوا۔
-

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
کراچی: (اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔سندھ پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر محمد شاہ کی جگہ مظہر نواز شیخ کو ڈی آئی جی ٹریفک کراچی تعینات کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پیر محمد شاہ کو گل پلازہ سانحہ کے بعد ٹریفک کا انتظام نہ کرنے پر عہدے سے ہٹایاگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد گل پلازہ اور اطراف میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تھی، ٹریفک کے باعث فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔خیال رہے کہ چند روز قبل گل پلازہ میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعے میں 79 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
-

سونا سستا ہوگیا؛ قیمتوں میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ
کراچی:(کامرس ڈیسک )سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتیں آج تاریخ کی سب سے بڑی کمی کا شکار ہو گئیں۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 355 ڈالر کی بڑی کمی سے 5 ہزار 150 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ اس گراوٹ کو تاریخ کی سب سے بڑی کمی قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 35 ہزار 500 روپے کی نمایاں کمی سے 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 30 ہزار 435 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے کی سطح پر آ گئی۔اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 1106 روپے کی کمی سے 11 ہزار 069 روپے کی سطح پر آ گئی جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 949 روپے کی کمی سے 9 ہزار 489 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دن بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پونے 6 لاکھ روپے تک پہنچ گئی تھی۔جمعرات کے روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 212 ڈالر کے بڑے اضافے سے 5 ہزار 504 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی تھی جب کہ مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز 21 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ہوا اور ایک تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 18 ہزار 175 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 91 ہزار 136 روپے کی سطح پر آ گئی تھی۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی گزشتہ روز اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 264 روپے کے اضافے سے 12 ہزار 175 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 227 روپے کے اضافے سے 10 ہزار 438 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
اس سے ایک روز قبل بدھ کے روز بھی بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 211 ڈالر کے اضافے سے 5 ہزار 293 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جب کہ ملکی تاریخ میں بھی پہلی بار ایک روزہ کاروبار کے دوران 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 21 ہزار 100 روپے کے ریکارڈ اضافے سے 5 لاکھ 51 ہزار 662 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی تھی۔اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 18 ہزار 090 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 72 ہزار 961 روپے کی نئی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی تھی۔
بدھ کے روز عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 2 ڈالر 36 سینٹس کے اضافے سے 114 ڈالر 27 سینٹس کی بلند ترین سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 271 روپے کے اضافے سے 11 ہزار 911 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی تھی، جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 232 روپے کے اضافے سے 10 ہزار 211 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں جمعرات کی شب سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی ہلچل دیکھنے میں آئی تھی، جس کے نتیجے میں قیمتیں بڑے اضافے کے بعد 5 فیصد تک گر گئیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5 ہزار 594 ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد اچانک 5 فیصد کمی سے 5 ہزار 109 ڈالر کی سطح تک آ گئی تھی۔ -

بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی )بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری 2026 کو بلوچستان میں 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔فورسز کی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔ دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 2 کارروائیوں اور بنوں میں بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان جیسے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت جاری کارروائیاں پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے تک جاری رہیں گی۔ ملک میں پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی قابلِ تعریف ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضلع ہرنائی اور ضلع پنجگور میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف 2 مختلف کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان کے علاقوں ہرنائی اور پنجگور میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے 41 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ آپریشنز میں حصہ لینے والے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ فورسز نے 41 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔