ماسکو (پاکستان واچ نیوز)ایرانی پاسداران انقلاب نے کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائلوں کے ذریعے تل ابیب پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر ایک ساتھ درجنوں ڈرونز اور میزائل داغے۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان حملوں میں کتنا جانی یا مالی نقصان ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق تل ابیب کی فضائی صورتحال دکھانے والے ایک لائیو کیمرے کو حملے کے دوران اچانک نیچے سڑک کی جانب موڑ دیا گیا تاکہ آسمان میں داخل ہونے والے ایرانی میزائلوں کی تصاویر نشر نہ ہو سکیں۔ اسی دوران شہر میں حملے کے وقت سائرن بھی نہیں بجائے گئے۔دوسری جانب ایرانی ڈرونز نے خلیج عمان میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہام لنکن کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ روسی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد امریکی طیارہ بردار جہاز خلیج کے علاقے سے دور چلا گیا۔ادھر منامہ میں دو ہوٹلوں اور ایک رہائشی عمارت کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم ان واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
Blog
-

7 اسرائیلی ڈرونز مار گرائے، دشمن پر 500 سے زیادہ میزائل فائر کیے، ایران
تہران:(پاکستان واچ نیوز)ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے کارروائی کرتے ہوئے 7 اسرائیلی ڈرونز طیارے مار گرائے ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق یہ ڈرون ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ایرانی فوج کے مطابق جاری جنگ کے دوران اب تک 500 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائل داغے جا چکے ہیں جبکہ مختلف اقسام کے 2 ہزار سے زیادہ ڈرونز بھی فائر کیے گئے ہیں۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فائر کیے گئے میزائلوں میں سے تقریباً 60 فیصد امریکی افواج کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے گئے جبکہ 40 فیصد میزائل اسرائیلی علاقوں پر حملوں کے لیے داغے گئے۔دوسری جانب ایرانی صدر نے جنگی صورتحال کے دوران قوم سے خطاب اور سوشل میڈیا پیغام میں کردستان کے عوام کا ایران کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ایرانی صدر نے گورنرز اور مسلح افواج کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی بھی علیحدگی پسند تحریک کو سختی سے کچلا جائے اور قومی سلامتی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو ہدایت کی کہ علیحدگی پسند عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور ملک کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔
-

بجلی سبسڈی کیلیے ایک کھرب منظوری کی کوشش، آئی ایم ایف کا اعتراض
اسلام آباد:(پاکستان واچ نیوز)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے آئندہ مالی سال کے لیے پاکستان کی جانب سے بجلی کے شعبے میں تقریباً ایک کھرب روپے کی سبسڈی مختص کرنے کی تجویز پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔اس رقم میں 400 ارب روپے سے زائد بجلی چوری اور نظام کی نااہلیوں کے اخراجات پورے کرنے کے لیے رکھے گئے ہیں۔بجلی کے شعبے میں مسلسل مالی خسارے اور ہر سال بھاری بجٹ مختص کیے جانے سے حکومت کا یہ دعویٰ کمزور پڑ جاتا ہے کہ گزشتہ 2برسوں میں اس شعبے کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا کہ جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال 2026-27 کے لیے بجلی سبسڈی کی مد میں تقریباً 990 ارب روپے درکار ہوں گے، جو رواں سال کے مقابلے میں 11 فیصد یا تقریباً 100 ارب روپے زیادہ ہیں۔یہ اضافی 100 ارب روپے تقریباً اس رقم کے برابر ہیں جو حکومت بجلی صارفین سے کراس سبسڈی کے نام پر وصول کرتی ہے، جس کے تحت ماہانہ 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو رعایت دینے کے لیے دیگر صارفین سے فی یونٹ 7 سے 12 روپے تک اضافی وصول کیے جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے اس بجٹ تجویز پر اعتراض کرتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ سبسڈی کی رقم کو موجودہ مالی سال کے 893 ارب روپے سے کم رکھا جائے۔پاور ڈویڑن کا موقف تھا کہ کے الیکٹرک کے قرضوں کی معافی اور گردشی قرضے پر زیادہ سودی ادائیگیوں کے باعث اضافی سبسڈی درکار ہوگی، خاص طور پر اس لیے کہ چین نے توانائی کے معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔پاور ڈویژن کے ترجمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ ابھی زیر غور ہے، اس لیے صرف وزارت خزانہ ہی آئی ایم ایف سے ہونے والی بات چیت پر موقف دے سکتی ہے۔موجودہ پروگرام کے تحت آئی ایم ایف گردشی قرضے کے بہائو کی اجازت تو دے رہا ہے لیکن ایک مقررہ حد کے اندر۔ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے اگلے مالی سال میں گردشی قرضے میں 500 ارب روپے سے زائد اضافے کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ یہ اضافہ 300 سے 325 ارب روپے کے درمیان محدود رہے، جو رواں سال کی سطح سے بھی کم ہو۔گزشتہ ماہ وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا تھا کہ بجلی چوری اور نظام کی نااہلی کے اخراجات ٹیرف میں شامل نہیں کیے جاتے بلکہ وزارت خزانہ انھیں سبسڈی کی صورت میں ادا کرتی ہے۔تاہم یہ سبسڈی دراصل ٹیکس دہندگان ادا کرتے ہیں،گزشتہ سال تنخواہ دار طبقے نے 606 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔وزیر توانائی نے میڈیا بریفنگ میں اعتراف کیا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بجلی چوری اور کم وصولیوں کے باعث حکومت کو 497 ارب روپے کا نقصان ہوا۔آئی ایم ایف کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کے باعث نقصانات کم نہیں کیے جا سکے۔تاہم ذرائع کے مطابق سندھ میں زیادہ نقصانات کے بارے میں آئی ایم ایف کے سوال کا پاور ڈویڑن کے پاس تسلی بخش جواب نہیں تھا۔حیدرآباد اور سکھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز کی مدت مکمل ہو چکی ہے اور حکومت نئے بورڈ ممبران کی تقرری کے عمل میں ہے۔ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے آئی ایم ایف کو بتایا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے بجائے اب نیٹ بلنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت قومی گرڈ سے بجلی تقریباً 60 روپے فی یونٹ تک فروخت کی جائے گی جبکہ شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی بجلی 9 روپے فی یونٹ سے بھی کم قیمت پر خریدی جائے گی۔حکومت نے گردشی قرضے کے مجموعی حجم کو کم کرنے کے لیے کمرشل بینکوں سے 1.23 کھرب روپے کا نیا قرض بھی حاصل کیا ہے۔حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ گردشی قرضے کے بہائو کو 2031 سے پہلے صفر تک لانا ممکن نہیں ہوگا۔
-

اس جنگ میں ہم سنجیدہ ہیں تاکہ ایران کو ختم کیا جا سکے، امریکی صدر
واشنگٹن:(پاکستان واچ نیوز)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم لڑائی میں ایران سے زیادہ سنجیدہ ہیں اور ہم سب سے پہلے ایران کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نےکہا ہمارے پاس ایران پر حملے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا ، ایرانی بحریہ کو مکمل ختم کردیا، ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو بھی ختم کیاجارہا ہے ، ہم ہر گھنٹے ایران کے میزائل اور ڈرون صلاحیت کم کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب نہ فضائیہ باقی ہے اور نہ فضائی دفاعی نظام جبکہ ان کے تمام طیارے بھی تباہ ہوچکے ہیں۔ٹرمپ نے کہا یقینی بنائیں گے آئندہ جو بھی ایران کی قیادت کرے گا، امریکا اور اسرائیل کو دھمکی نہیں دے گا۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ڈیل کیلئے کال کی لیکن ہم نے کہا کہ اب بہت دیر ہو گئی ہے۔امریکی صدر نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈرز اور دنیا بھر میں تعینات ایرانی سفارتکاروں سے حکومت سے علیحدگی کا بھی مطالبہ کیا۔امریکی صدر نے ایرانی سفارتکاروں سے کہا کہ وہ مختلف ممالک میں موجود ایرانی سفارت خانوں سے الگ ہو کر پناہ حاصل کریں اور ایک نئے اور بہتر ایران کی تشکیل میں امریکا کی مدد کریں۔ٹرمپ نے کہا اگر پاسداران انقلاب کے کمانڈرز عہدے چھوڑ دیں تو انہیں مکمل استثنیٰ دیا جائے گا، بصورت دیگر انہیں قتل کردیا جائے گا۔امریکی صدر نے تیل کی قیمتوں کا دباؤ کم کرنے کے لیے جلد اقدامات کا بھی اعلان کردیا۔
-

خامنہ ای کے بیٹے قابل قبول نہیں؛ اپنی پسند کی حکومت بنانا چاہتا ہوں؛ ٹرمپ
واشنگٹن (پاکستان واچ نیوز)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایران کے اگلے رہنما کے انتخاب کے عمل میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی نئی قیادت کے انتخاب میں میرا ذاتی طور پر شامل ہونا ضروری ہے تاکہ ایسا رہنما سامنے آئے جو ملک میں امن اور استحکام لائے۔ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے مزید کہا کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبی خامنہ ای کو ایران کی قیادت کے لیے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ایران کو ایسا رہنما چاہیے جو کشیدگی کے بجائے ہم آہنگی اور امن کی طرف ملک کو لے جائے۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ ایرانی سپریم لیڈر کی تقرری میں اسی طرح شامل ہونا چاہتے ہیں جیسے انہوں نے ماضی میں وینزویلا کی سیاست میں کردار ادا کیا تھا۔ اگر ایران میں سخت گیر قیادت سامنے آئی تو مستقبل میں ایک بار پھر کشیدگی اور جنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔خیال رہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد وہاں نئی قیادت کے انتخاب کے لیے مذہبی و سیاسی حلقوں میں مشاورت جاری ہے اور سب سے مضبوط نام مجتبیٰ خامنہ ای کا ہے۔واضح رہے کہ مجتبی خامنہ ای شہرت ایک مذہبی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ پاسداران انقلاب کے ساتھ قریبی روابط کے طور پر بھی ہے۔
-

ہرخطرے کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں گے: فیلڈ مارشل
راولپنڈی (پاکستان واچ نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہا ہےکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کردیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہدا کی یادگار پر پھول رکھے اور مادر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مغربی سرحد پر سکیورٹی صورتحال اور آپریشن غضب للحق پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے مغربی سرحد پر موجودہ سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور اگلے مورچوں پر تعنیات جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت،آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں، فتنہ خوارج اورفتنہ الہندوستان کا افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، اس جانب سے پیدا ہونے والے ہر خطرے کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ دونوں جانب امن تب ہی قائم ہوسکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردارہوں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنزکی جنگی تیاری، مربوط کارکردگی اور حوصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
-

کشیدگی کے باعث کراچی سمیت ملک بھر سے 162 پروازیں منسوخ
کراچی:(پاکستان واچ نیوز)ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں جاری امریکہ کشیدگی کے نتیجے میں فضائی حدود کی بندش کے سبب کراچی سمیت ملکی ہوائی اڈوں سے162 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ذرائع کے مطابق فضائی حدود بندش کی بندش کے سبب جناح ٹرمینل ائیرپورٹ سمیت دیگر ملکی ائیرپورٹس سے پانچویں روز ملک کے ائیرپورٹس سے متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک کی 162 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ذرائع نے بتایا کہ کراچی ائیرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی، قطر، شارجہ، کویت، بحرین کی 40 پروازیں، اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی، ابوظہبی، دوحہ، بحرین، کویت اور شارجہ سمیت دیگر ایرپورٹس کی 38 پروازیں منسوخ ہوئیں۔لاہور ائیرپورٹ پر دبئی، ابوظہبی، قطر، کویت اور بحرین کی 28 پروازیں، پشاور ائیرپورٹ سے دبئی، شارجہ، قطر اور ابو ظہبی کی 24 پروازیں، ملتان ائیرپورٹ سے دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، بحرین، دوحہ اور کویت کی 18 پروازیں، سیالکوٹ ائیرپورٹ سے دبئی، شارجہ، ابوظہبی سمیت دیگر مشرق وسطیٰ کی 8 پروازیں شامل ہیں اور یصل آباد ائیرپورٹ سے مشرق وسطیٰ کے لیے 6 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ پروازوں میں ایمریٹس اتحاد، ایئرعربیہ، پی آئی اے، ایئر بلیو، فلائی دبئی، قطر ائیر سمیت دیگر ملکی اور غیرملکی ایئرلائنز شامل تھیں۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ہوائی اڈوں سے پانچ روز میں مشرق وسطیٰ کے ملکوں کی منسوخ پروازوں کی تعداد 578 ہوگئی ہے، 28 فروری سے متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت، ایران سمیت متعدد ملکوں کی فضائی حدود بند ہونے سے ائیرلائنز کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
-

رجیم چینج کی کوشش ہوئی تو اسرائیلی جوہری مرکز ہمارا ہدف ہو گا،ایران
تہران (پاکستان واچ نیوز)ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور امریکا نے اسلامی جمہوریہ میں رجیم چینج کی کوشش کی تو اسرائیل کے جوہری مرکز دیمونا کو براہِ راست نشانہ بنایا جائے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے نے نیم سرکاری خبر رساں ادارے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایک اعلیٰ ایرانی فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی بیرونی مداخلت یا حکومت گرانے کی سازش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں دیمونا نیوکلیئر ری ایکٹر ایران کے ممکنہ اہداف میں سرفہرست ہوگا۔ایرانی اہلکار نے دعویٰ کیا کہ تہران کے پاس ایسے اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا دائرہ کار وسیع ہو سکتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور نظام کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
-

ٹرمپ کا پوری قوت سے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان
واشنگٹن (پاکستان واچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت کو تیزی سے ختم کیا جارہاہے، ایران میں جو لیڈربننا چاہتا ہے مارا جاتا ہے۔امریکی صدر نے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے معاملے میں بہت مضبوط پوزیشن میں ہیں۔ ایران کے میزائلوں اور لانچروں کا صفایا کیا جا رہا ہے۔ ہم جنگی محاذ پر بہت اچھا کر رہے ہیں صورتحال توقع سے بھی بہتر ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا اگر ہم ایران پرحملہ نہ کرتے تو ایران ہم پرحملہ کردیتا، ایرانی حملے سے پہلے ہم نے ایران پر حملہ کردیا، ایران پر حملہ نہ کرتے تو جلد ایران کے پاس ایٹم بم ہوتا۔ڈونلڈٹرمپ نے کہا ایران اپنے پڑوسیوں اور اتحادیوں کو نشانہ بنارہا ہے، جب پاگل لوگوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتے ہیں تو بری چیزیں ہوتی ہیں۔ ہم نے ایران میں 47 سال سے جاری قتل عام کو روکا۔ امریکی صدر نے سابق صدراوباما کی ایران سے جوہری ڈیل پر بھی تنقید کی۔ادھر وائٹ ہاوس نے کہا امریکی صدرکاخیال ہےکہ ایران جنگ پر انہیں امریکیوں کی حمایت حاصل ہے، یہ دعویٰ بھی کیاکہ اسپین امریکی فوج کےساتھ تعاون کے لیے رضامندہے۔
-

ایرانی جنگی جہاز پر امریکی آبدوز کے حملے میں 87 ایرانی فوجی شہید
کولمبو (پاکستان واچ نیوز)سری لنکا کے قریب ایرانی جنگی جہاز پر امریکی آبدوز کے حملے کی ویڈیو سامنے آگئی۔امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایرانی بحری جہاز پر تارپیڈو ٹکرانے سے زوردار دھماکہ ہوتا ہے۔امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے امریکا کی جانب سے ایرانی جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایرانی جنگی جہاز کو لگتا تھا کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں محفوظ رہے گا لیکن ایسا نہیں تھا۔اس سے قبل غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی جنگی جہاز پر امریکی آبدوز نے حملہ کیا۔ایرانی جنگی جہاز بھارت میں جنگی مشقیں مکمل کرنے کے بعد ایران واپس لوٹ رہا تھا جسے سری لنکا کے قریب نشانہ بنایا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن وزیر خارجہ نے بتایا کہ ایرانی جہاز آئرس ڈینا (IRIS Dena) کے ڈوبنے کی اطلاع پر اس کے عملے کو ریسکیو کرنے کے لیے سری لنکن بحریہ کو روانہ کیا گیا، جب تک امدادی جہاز حادثے کے مقام پر پہنچا ایرانی جنگی جہاز ڈوب چکا تھا۔سری لنکن وزیر خارجہ کے مطابق اب تک جہاز سے 30 زخمی سیلرز کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سری لنکا کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی بحری جہازپر امریکی حملے میں80 سے زائد افرادجاں بحق ہوئے۔
