Blog

  • آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی انعامی رقم کا موازنہ

    آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی انعامی رقم کا موازنہ

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)دنیا کے امیر کرکٹ بورڈ کی پیسوں سے بھرپور انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انعامی رقم کا موازنہ کیا جانے لگا۔رپورٹس کے مطابق انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی فاتح ٹیم کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے 2.32 ملین ڈالر (یعنی 63 کروڑ 79 لاکھ سے زائد) انعامی رقم کا اعلان کررکھا ہے جبکہ پی ایس ایل کی چیمپئین ٹیم کو محض 5 لاکھ امریکی ڈالر (یعنی ساڑھے 14 کروڑ روپے) انعامی سے نوازا جائے گا۔دونوں ممالک کی لیگز کی محض چیمپئین ٹیموں کے درمیان انعامی رقم کا فرق 49 کروڑ سے زائد کا ہے۔اسی طرح رنر اَپ ٹیم کو آئی پی ایل میں 1.5 ملین ڈالر (یعنی 41 کروڑ 24 لاکھ سے زائد) دیے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل کی رنر اَپ ٹیم محض 2 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 5 کروڑ 61 لاکھ روپے) کی حقدار ٹھہرے گی۔آئی پی ایل میں شریک میں تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو بالترتیب 8 لاکھ 10 ہزار 800 ڈالر (یعنی 22 کروڑ 29 لاکھ سے زائد) اور 7 لاکھ 52 ہزار 894 ڈالر (یعنی 20 کروڑ 70 لاکھ سے زائد) کی رقم ادا کی جائے گی۔دوسری جانب پی ایس ایل میں تیسری، چوتھی پوزیشن کیلئے کوئی انعامی رقم مختص نہیں کی گئی ہے۔

    f

  • ٹاک ٹاکر جنّت مرزا پشاور زلمی کی آفیشل سوشل میڈیا ایمبیسیڈر مقرر

    ٹاک ٹاکر جنّت مرزا پشاور زلمی کی آفیشل سوشل میڈیا ایمبیسیڈر مقرر

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے معروف ٹاک ٹاکر جنّت مرزا کو اپنی ٹیم کی آفیشل سوشل میڈیا ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس بات کا اعلان ٹیم نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا، جس کے تحت جنّت مرزا پی ایس ایل کے 10ویں سیزن کے دوران زلمی کے ڈیجیٹل اور آن لائن تشہیری مہم کا حصہ ہوں گی۔یاد رہے کہ جنت مرزا پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سوشل میڈیا اسٹارز میں سے ایک ہیں۔ پشاور زلمی کی اس شراکت داری کا مقصد ٹیم کی نوجوانوں میں مقبولیت کو مزید بڑھانا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اپنے مداحوں کے ساتھ بہتر روابط قائم کرنا ہے۔خیال رہے کہ پشاو زلمی نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو ٹیم کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا ہے۔

  • کراچی میں 19  اپریل سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

    کراچی میں 19 اپریل سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)کراچی میں آئندہ ہفتوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کراچی میں 19 یا 20 اپریل سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد ہوسکتا ہے۔جواد میمن نے بتایا کہ جنوبی علاقوں میں مون سون میں زائد بارشوں کی پیشگوئی ہے جب کہ کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ طویل دورانیہ کی پیشگوئی ہے جس میں تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔

  • کراچی :مسرور ائیر بیس پر خطرناک حملے کی سازش ناکام

    کراچی :مسرور ائیر بیس پر خطرناک حملے کی سازش ناکام

    اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز) انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اہم پیشرفت کے تحت ملک کی سرکردہ انٹیلی جنس ایجنسی نے دہشت گردی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے جس کا مقصد کراچی میں اسٹریٹجک لحاظ سے اہم سمجھی جانے والی مسرور ائیر بیس پر خطرناک حملہ کرنا تھا۔حکام کے مطابق اس منصوبے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں مقیم دہشت گرد گروپ فتنہ الخوارج کا ایک کمانڈر ہے جو اس گروپ کے خطرناک خودکش بمباروں کی قیادت کرتا ہے۔ اس سازش میں 9 انتہائی تربیت یافتہ دہشت گرد شامل تھے جن میں سے 5 افغان شہری تھے جن کی قیادت فتنہ الخوارج کا ایک ہائی پروفائل کمانڈر ہے جو پہلے ہی دہشت گردی کے کئی مقدمات میں مطلوب ہے۔ یہ دہشت گرد حال ہی میں دراندازی کرکے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔

  • چوڑی لگنے سے خون نکلے پرلڑکوں  کی جان نکل گئی،اداکارہ سبینا فاروق

    چوڑی لگنے سے خون نکلے پرلڑکوں کی جان نکل گئی،اداکارہ سبینا فاروق

    اداکارہ سبینا فاروق نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوری میں ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ چوڑیاں اتارتے وقت انہیں ایک چوڑی لگ گئی اور ان کا تھوڑا سا خون نکلا تو آدھے پاکستان کی جان نکل گئی اور لڑکوں نے میسیجز بھیجنا شروع کردیے انہیں بہت سارے لڑکے میسیجز کرکے مختلف طرح کی پیش کش کرتے ہیں۔اداکارہ نے اسٹوری میں مختصر ویڈیو شیئر کی، جسے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا اور ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے۔اداکارہ کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ ان سمیت دیگر اداکاراؤں کو لگتا ہے کہ آدھا پاکستان ان کے نخرے اٹھانے کے لیے تیار رہتا ہے، اس لیے بھی وہ کسی مرد کے ساتھ تعلقات نہیں بناتیں۔ان کے مطابق انہوں نے انسٹاگرام پر ایک عام سی اسٹوری لگائی، جس میں وہ اپنی چوڑیاں اتارتی دکھائی دیں، جس کے بعد بہت سارے لڑکوں نے انہیں میسیجز کیے۔سبینا فاروق نے معصومانہ انداز میں کہا کہ وہ ڈائریکٹ میسیجز (ڈی ایمز) دیکھتی اور پڑھتی ہیں، انہیں معلوم ہو رہا ہے کہ لڑکے ان کے بارے میں کیا سوچتے اور کیا کہتے ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ لڑکوں کی ایسی حرکت کی وجہ سے ان جیسی بہت ساری اداکاراؤں کو غلط فہمی رہتی ہے کہ آدھا پاکستان تو ویسے ہی ان کے نخرے اٹھانے کو تیار ہے تو وہ کیوں کسی لڑکے کے ساتھ محبت کریں یا تعلقات استوار کریں؟۔

  • صارفین پر پھر گیس بم گرانے کی تیاریاں

    صارفین پر پھر گیس بم گرانے کی تیاریاں

    اسلام آباد(کنزیو مر واچ نیوز) سوئی گیس کمپنیوں نے آئندہ مالی سال سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔ رپورٹ کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اوسطاً 735روپے 59 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن نے سابقہ شارٹ فال سمیت گیس کی قیمت میں 2443 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے۔اس کے علاوہ گیس کمپنیوں نے مالی سال 2025-26 کی مالی ضروریات کی درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں۔سوئی ناردرن نے 700 ارب 97 کروڑ روپے کی مالی ضروریات کی فراہمی اور 207 ارب 43 کروڑ 50 لاکھ کا شارٹ فال وصول کرنے کی درخواست کی۔اس کے ساتھ سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت 2485روپے 72 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔سوئی سدرن نے 883 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ روپے کی مالی ضروریات اور 44 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ روپے کے شارٹ فال کی وصولی کی درخواست کی ہے جب کہ سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت 4137 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی۔حکام کے مطابق سوئی ناردرن کی درخواست پر 18 اور 28 اپریل کو لاہور اورپشاور میں سماعتیں ہوں گی جب کہ سوئی سدرن کی درخواست پر 21 اور 23 اپریل کو کراچی اور کوئٹہ میں سماعتیں ہوں گی۔

  • لاہور کے لئے منفردعالمی اعزاز،سیاحتی دارالحکومت نامزد

    لاہور کے لئے منفردعالمی اعزاز،سیاحتی دارالحکومت نامزد

    لاہور:(کنزیومر واچ نیوز)ملک کے لیے اہم عالمی اعزاز، ای سی او نے پاکستانی شہر کو سیاحتی دارالحکومت کے طور پر نامزد کردیا۔10 ممالک کی معاشی تعاون تنظیم (ای سی او) نے سال 2027ء کے لیے لاہور کو ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت نامزد کردیا ہے، جو کہ پاکستان اور صوبہ پنجاب کے لیے بڑا عالمی اعزاز ہے۔ای سی او کا 25 رکنی وفد اس سلسلے میں 13 اپریل سے لاہور کا دورہ شروع کرے گا۔ اس دوران لاہور کو باضابطہ طورپر ’ای سی او ٹورازم کیپٹل‘نامز د کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔’اکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن‘ کے سفیر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی دعوت پر لاہور آئیں گے۔واضح رہے کہ ازبکستان کے شہرِسبز کو یہ اعزاز پہلے مل چکا ہے جب کہ ترکیہ کے مشرقی اناطولیہ کے شہر اَذرُوم کو 2025 کے لیے ’ای سی او ٹورازم کیپٹل‘نامزد کیاگیا ہے۔

  • 128 سال بعد کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی؛ پاکستان مشکل میں!

    128 سال بعد کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی؛ پاکستان مشکل میں!

    اسلام آباد(کنزیو مر واچ نیوز)انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (او آئی سی) نے 128 سال بعد کرکٹ کو باقاعدہ طور پر اولمپکس میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں میں کرکٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلی جائے گی، جس میں مینز اور ویمنز کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی تاہم پاکستان ٹیم کی اولمپکس میں شرکت رینکنگ سے مشروط ہے۔پاکستان اسوقت آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل کی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود ہے جبکہ اولمپکس میں محض ٹاپ 4 ٹیمیں شریک ہوگی۔آئی سی سی کی ٹی20 کی ٹاپ فور مینز ٹیموں میں بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ادھر 2028 لاس اینجلس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے سے متعلق ڈیڈ لائن سامنے نہیں آئی ہے تاہم اگر پاکستان کرکٹ ٹیم کو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنا ہے تو انہیں ٹاپ 4 میں جگہ بنانا ہوگی۔ناکامی کی صورت میں پاکستان اگلے 5 برس کا طویل انتظار کرنا پڑے گا۔

  • تمنا بھاٹیہ کی آنے والی فلم  کےگانےکی ویڈیو وائرل

    تمنا بھاٹیہ کی آنے والی فلم کےگانےکی ویڈیو وائرل

    ممبئی (کنزیومر واچ نیوز)بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ تمنا بھاٹیہ کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ اجے دیوگن کی آنے والی فلم ’ریڈ 2‘ کے ایک گانے کی شوٹنگ کرتی نظر آ رہی ہیں۔9 اپریل 2025 کو سامنے آنے والی اس ویڈیو نے مداحوں میں فلم کے لیے جوش وخروش مزید بڑھا دیا ہے کیونکہ مداحوں کی جانب سے اداکارہ کے آئٹم نمبر کو پسند کیا جاتا ہے۔ویڈیو میں تمنا کو ڈانسرز کے ساتھ رقص کرتے دکھایا گیا ہے جو کہ سیٹ پر فلمایا گیا ہے۔ اداکارہ نے اس گانے میں سفید اور سنہرے رنگ کا لباس پہن رکھا ہے، تمنا کو ان کے پچھلے آئٹم سانگ ’آج کی رات‘ کی وجہ سے نمایاں شہرت ملی ہے جس کے بعد مداحوں کو ان کے نئے گانے کا بےصبری سے انتظار ہے۔

  • میانمار کے خطرناک کیمپوں سے مزید 21 پاکستانی شہری بازیاب

    میانمار کے خطرناک کیمپوں سے مزید 21 پاکستانی شہری بازیاب

    تھائی لینڈ / میانمار(کنزیومر واچ نیوز)میانمار کے خطرناک اسکیم کمپاؤنڈز (کیمپوں) سے مزید 21 پاکستانی شہریوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ یہ افراد انسانی اسمگلنگ اور جھوٹی نوکریوں کے جھانسے میں آکر پھنس گئے تھے، جہاں ان سے جبری مشقت لی جاتی تھی۔پاکستان کی سفیر رخسانہ افضال نے متاثرہ پاکستانیوں کو بینکاک سے وطن روانہ کیا۔ یہ میانمار سے واپس آنے والا دوسرا گروپ ہے، تاہم ابھی بھی لگ بھگ 500 پاکستانی مرد و خواتین ایسے کیمپوں میں قید ہیں۔بازیاب ہونے والے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انہیں 1000 سے 1500 ڈالر کی نوکری کا لالچ دے کر برما بلایا گیا، لیکن وہاں پہنچنے کے بعد تشدد، بدسلوکی اور محنت مزدوری پر مجبور کر دیا گیا۔متاثرہ نوجوانوں نے اپیل کی ہے کہ پاکستانی نوجوان ایسے فراڈیوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور برما یا دیگر ملکوں کا غیر قانونی سفر ہرگز نہ کریں۔پاکستانی سفارتخانے کی بروقت کارروائی اور کوششوں کی بدولت ان افراد کو بازیاب کرا کر وطن واپسی ممکن بنائی گئی ہے۔