Blog

  • اسرائیلی حملے رکنے تک مذاکرات نہیں ہوں گے، ایرانی وزیر خارجہ

    اسرائیلی حملے رکنے تک مذاکرات نہیں ہوں گے، ایرانی وزیر خارجہ

    تہران (کنزیومر واچ نیوز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملے جاری رہنے کی صورت میں ایران کسی سے بات چیت کے لیے تیار نہیں ہے۔ یہ بیان انہوں نے جنیوا میں یورپی وزرائے خارجہ سے اہم ملاقات سے قبل دیا۔ایران کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا تھا: “جب تک اسرائیل ہماری سرزمین پر حملے جاری رکھے گا، ہم کسی بھی فریق سے بات کرنے کو تیار نہیں”۔انہوں نے مزید کہا: “ایران کی مزاحمت کے بعد مجھے یقین ہے کہ دنیا اس جارحیت سے خود کو الگ کر لے گی”۔عراقچی سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی ملاقات فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ سے ہونی ہے۔ اس اجلاس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے سفارتی حل تلاش کرنا ہے۔یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب اسرائیل نے پچھلے ہفتے ایران پر شدید حملے شروع کیے، اور یہ یورپی ممالک کی پہلی بڑی سفارتی کوشش ہے کہ صورتحال کو پرامن انداز میں کنٹرول کیا جائے۔برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی، جو اس مذاکراتی عمل کا حصہ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ “آنے والے دو ہفتوں میں ایک سفارتی حل کا موقع موجود ہے”، یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقات کے بعد کہی۔

  • ٹرمپ کاایران پرحملہ مؤخرکرنیکا فیصلہ پاکستانی فیلڈمارشل سے ملاقات کانتیجہ ہے،غیرملکی ایجنسی

    ٹرمپ کاایران پرحملہ مؤخرکرنیکا فیصلہ پاکستانی فیلڈمارشل سے ملاقات کانتیجہ ہے،غیرملکی ایجنسی

    واشنگٹن (کنزیو مر واچ نیوز)یورپی مؤقف اور ٹرمپ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات نے امریکی پالیسی سازوں کو گہرے غور و فکر پر مجبور کر دیا، ٹرمپ کا ایران پر حملہ مؤخر کرنے کا فیصلہ یورپی دباؤ اور پاکستانی فیلڈ مارشل سے ملاقات کا نتیجہ ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی ممالک، خصوصاً فرانس کی جانب سے اسرائیل ایران کشیدگی کو سفارتی طریقے سے حل کرنے پر زور دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس دباؤ نے واشنگٹن میں پالیسی سازوں کو ایران کے خلاف ممکنہ اقدامات پر دو، تین بار سوچنے پر مجبور کر دیا۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی دروازے کھلے رکھنے کا فیصلہ ممکنہ طور پر یورپی دباؤ اور پاکستانی آرمی چیف سے حالیہ ملاقات کا نتیجہ ہے۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران میں حکومت کی تبدیلی (رجیم چینج) کے سخت مخالف ہیں اور مسئلے کا حل صرف اور صرف سفارتی کوششوں میں دیکھتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگر امریکا اسرائیل کی جانب سے ایران پر بمباری کی مہم میں شامل ہوتا ہے تو اسے یورپی ممالک کی حمایت کی ضرورت پڑے گی، یورپی قیادت شاید اتنا دباؤ نہ ڈال سکے کہ وہ واشنگٹن کا مؤقف مکمل بدل دے، لیکن اس مؤقف نے امریکی پالیسی سازوں کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ دو بار، تین بار سوچیں، اور شاید ایک یا دو ہفتے اس بات پر غور کریں کہ وہ درحقیقت کیا کرنے جا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگر ٹرمپ واقعی ایران کو توڑنا چاہتے ہیں یا حکومت تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو یہ بوجھ انہیں خود اٹھانا پڑے گا اور وہ ایران میں سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتے اور اس صورتحال کو یورپیوں کے سپرد چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یورپی ممالک پہلے ہی یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ ہم حکومت کی تبدیلی میں شامل نہیں ہونا چاہتے، نہ ہی ہم ایران کے ایٹمی ری ایکٹرز پر بمباری کا حصہ بنیں گے۔ ہم صرف ایک سفارتی راستہ تلاش کرنا چاہتے ہیں جس سے مسئلے کا حل نکلے۔دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال کو روکنے کا یہی وقت ہے ٹرمپ کا ایران پر حملے کا فیصلہ دو ہفتوں کے لیے مؤخر کرنا سفارتی حل کے لیے اہم موقع ہے۔

  • پاکستان نے پرامن دنیا کی خاطر بھاری  قربانیاں دی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    پاکستان نے پرامن دنیا کی خاطر بھاری قربانیاں دی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    واشنگٹن(کنزیومر واچ نیوز) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہےکہ پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی اور تعاون پرمبنی سکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکا کا سرکاری دورہ جاری ہے جہاں انہوں نے امریکی تھنک ٹینکس اور اسٹریٹیجک امور کےنمائندوں سے ملاقات کی، اس ملاقات نے پاکستان کے اسٹریٹیجک وژن کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے واشنگٹن میں ممتازاسکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نمائندگان سےگفتگو کی جس میں پاکستان کے اصولی مؤقف کو علاقائی اور عالمی معاملات پر اجاگر کیا گیا جب کہ آرمی چیف نے دہشتگردی سے متعلق پاکستان کے نکتہ نظر پر روشنی ڈالی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی غیرمعمولی صلاحیتوں پر بھی روشنی ڈالی اور آئی ٹی، زراعت اور معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کو اشتراک کے مواقع تلاش کرنےکی دعوت دی جب کہ اس گفتگو کے دوران پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کا بھی جائزہ لیا گیا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ بعض علاقائی عناصر دہشتگردی کو ہائبرڈ وار فیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں، پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے، پاکستان نے ایک محفوظ دنیا کے لیے بے پناہ انسانی اور معاشی قربانیاں دی ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی اور تعاون پرمبنی سکیورٹی فریم ورک کےفروغ میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
    آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے آرمی چیف کے خیالات کی کھلے دل سے پیشکش اور وضاحت کو سراہا۔

  • کراچی:  ڈمپر گاڑی پر الٹ گیا، بچی اور خاتون جاں بحق

    کراچی: ڈمپر گاڑی پر الٹ گیا، بچی اور خاتون جاں بحق

    کراچی(کنزیومر واچ نیوز) ڈرگ روڈ کے قریب ریتی بجری سے لوڈ ڈمپر ویگو گاڑی پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار بچی اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔پولیس کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ڈرگ روڈ کے قریب رات 3 بجے انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ریتی بجری سے لوڈ ڈمپر ایک ویگو گاڑی پر الٹ گیا۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں 2 خواتین اور ایک بچی سوار تھی جو ڈمپر الٹنے سے دب گئیں جب کہ ویگو گاڑی چلانے والا ڈرائیور معجزانہ طور پر بچ کر نکل گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک آرمی، پولیس اور ریسکیو کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، 4 مشینوں کی مدد سے 3 سے زائد گھنٹے کے بعد گاڑی کو ڈمپر کے نیچے سے نکال لیا گیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ جاں بحق خاتون کی شناخت 48 سالہ شاہینہ، بچی کی شناخت 10 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی، حادثے میں ایک خاتون زخمی بھی ہوئی جن کی شناخت 30 سالہ انعم کے نام سے ہوئی جب کہ ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگیا۔فلاحی ادارے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈمپروں کی ریس کے دوران ایک ڈمپر گاڑی پر الٹ گیا۔

  • ملک کے مختلف حصوں میں کل سے بارش کا امکان

    ملک کے مختلف حصوں میں کل سے بارش کا امکان

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں کل سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے 20 جون سے 23 جون کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 20 سے 23 جون کے دوران مون سون ہواؤں کے باعث بارشیں متوقع ہیں، اسی دوران مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔21 جون سے 23 جون کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ہوسکتی ہے جب کہ 22 سے 23 جون کے دوران سندھ کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • امریکا میں غیر ملکی طالب علموں پر عائد ویزا پابندی ختم کردی گئی

    امریکا میں غیر ملکی طالب علموں پر عائد ویزا پابندی ختم کردی گئی

    واشگٹن (کنزیو مر واچ نیوز)نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ نے ایک نوٹس جاری کیا جس میں آگاہ کیا گیا ہےکہ اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے معطل شدہ عمل کو دوبارہ شروع کیا جارہا ہے لیکن اب تمام درخواست دہندگان کو حکومتی نظرثانی کے لیے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی لازمی دینا ہوگی۔سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں کیا دیکھا جائے گا؟محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ قونصلر افسران ان طلبہ کی تمام سوشل میڈیا پوسٹوں اور پیغامات کا جائزہ لیں گے جنہیں امریکا، اس کی حکومت، ثقافت، اداروں یا بانی اصولوں کے خلاف سمجھا جا سکتا ہے۔محکمہ خارجہ کے مطابق مئی میں جاری ہونے والے اسٹوڈنٹ ویزا پروسیسنگ کی معطلی کے احکامات کو منسوخ کر دیا گیا ہے لیکن نئے درخواست دہندگان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ’پبلک‘ کرنا ہوگا اور انکار کی صورت میں ان کی نظرثانی کی درخواست مسترد کی جا سکتی ہے۔امریکی حکام نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کے نئے ویزا انٹرویوز کے شیڈولنگ کو عارضی طور پر روک دیا تھا جب کہ سوشل میڈیا پر ان کی سرگرمیوں کی اسکریننگ کو بڑھانے کی تیاری بھی کی جارہی تھی۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ٹرمپ کی 2گھنٹے طویل نشست

    فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ٹرمپ کی 2گھنٹے طویل نشست

    واشنگٹن(کنزیومر واچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس، اوول آفس اور ظہرانے پر ملاقات ہوئی، جس میں کئی موضوعات پر اہم گفتگو ہوئی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکا کی طرف سے ملاقات میں صدر ٹرمپ کے ساتھ سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطیٰ سٹیو ویٹکوف بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اس ملاقات میں شریک تھے ۔فیلڈ مارشل نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگ بندی میں مثبت اور نتیجہ خیز کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے صدر ٹرمپ کی اقوام عالم کو در پیش متعدد چیلنجز کو سمجھنے اور اُن سے نبرد آزما ہونے کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی جب کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری تعاون اور خطے میں پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو سراہا۔اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی میں تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد پر قائم مثبت تجارت کے معاہدے کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون، مائنز اینڈ منرلز، آرٹیفیشیل انٹیلیجینس، انرجی سیکٹر، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق صدر ٹرمپ کے ساتھ فیلڈ مارشل کی ایران اسرائیل تنازع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ اور فیصلہ کن صلاحیتوں کو سراہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ پہلے سے طے شدہ ایک گھنٹہ دورانیہ کی یہ اہم ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ہونے والی یہ اہم ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے، جس کی بنیاد مشترکہ مقاصد،امن، استحکام اور خوشحالی پر رکھی گئی ہے۔

  • ایران کا اسرائیل پر اب تک کا بڑا حملہ، 50 سے زائد صہیونی زخمی

    ایران کا اسرائیل پر اب تک کا بڑا حملہ، 50 سے زائد صہیونی زخمی

    تہران(ویب ڈیسک )ایران نے اسرائیل پر اب تک کا بڑا میزائل حملہ کردیا،جس کے نتیجےمیں بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے، میزائل حملوں میں 50 سے زائد صہیونی زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپوٹس کے مطابق ایران کی جانب سے آج صبح اسرائیل پرمتعدد میزائل فائر کیےگئے۔ ان حملوں کے کے نتیجے میں اب تک 50 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔غیر ملکی خبرایجنسی کےمطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکےکی آوازیں سنی گئیں اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔عرب میڈیا رپورٹس کےمطابق ایران نے جنوبی اسرائیل کےشہر بیئرشیوا کو بھی نشانہ بنایا،ہولون میں میزائل حملے میں بھی درجنوں افراد زخمی ہوئے،موجودہ حملے کو حالیہ جنگ میں ایران کا اسرائیل پر سب سے بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیرکی امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں تاریخی ملاقات

    فیلڈ مارشل عاصم منیرکی امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں تاریخی ملاقات

    فیلڈ مارشل عاصم منیرکی امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں تاریخی ملاقات، ظہرانہ بھی دیا گیا
    واشنگٹن (ویب ڈیسک )فیلڈ مارشل عاصم منیرکی امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں تاریخی ملاقات، ظہرانہ بھی دیا گیافیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات،امریکی صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا۔ ملاقات کے بعد اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھاکہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔
    صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملنا ان کے لیے اعزاز ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کیلئے شکریہ ادا کرنے مدعو کیا تھا: ٹرمپ کی ملاقات کے بعد گفتگو
    امریکی صدر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کیلئے شکریہ اداکرنے کیلئے مدعو کیا تھا۔
    ان کا کہنا تھاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے ، پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں اس کےعلاوہ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان ایران کو دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر جانتا ہے ، وہ اس صورتحال پر خوش نہیں ہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

  • بھارت کی اسرائیل نوازی کھل کر سامنے آگئی

    بھارت کی اسرائیل نوازی کھل کر سامنے آگئی

    لندن (کنزیومر واچ نیوز)بھارت کی اسرائیل نوازی کھل کر سامنے آ گئی اور مودی۔اڈانی۔اسرائیل اتحاد کا پول بھی کھل گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے نے یہود و ہنود کا نیا گٹھ جوڑ بے نقاب کردیا۔ بی بی سی کی تہلکہ خیز ویڈیو نے بھارت اسرائیل اتحاد کے خفیہ معاشی رازوں سے پردہ اٹھا دیا۔اسرائیل کی بندرگاہ پر بھارتی قبضہ،حیفہ بندرگاہ پر اڈانی گروپ کی سرمایہ کاری سامنے آ گئی۔ بی بی سی کے مطابق حیفہ پورٹ کا 70 فیصد حصہ اڈانی گروپ کے ہاتھوں میں ہے اور بندرگاہ کا 30 فیصد حصہ اسرائیل کے ایک کاروباری گروپ کے پاس ہے۔رپورٹ کے مطابق بندرگاہ اڈانی گروپ نے 2023 میں حاصل کی تھی۔حیفہ اسرائیل کا تیسرا بڑا شہر ہےجس میں اسرائیل کی سب سے بڑی آئل ریفائنری اور اہم بندر گاہ ہے۔ حیفہ میں گوگل اور مائیکروسافٹ جیسی ٹیک کمپنیوں کے دفاتر بھی ہیں۔1980 سے جاری را و موساد کا تعاون بڑھتے بڑھتے مودی دور میں باضابطہ دفاعی اور انٹیلیجنس اتحاد میں بدل چکا ہے۔ مودی حکومت اسرائیل کی پراکسی بن چکی ہے، اسرائیلی ٹیکنالوجی کے ذریعے بھارتی ایجنسیاں جاسوسی کا کام کرتی ہیں۔آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کے دوران بھارتی افواج کا اسرائیلی ٹیکنالوجی کا استعمال، یہود و ہنود کے مضبوط گٹھ جوڑ کا منہ بولتا ثبوت بن چکا ہے۔