کراچی(کنزیومر واچ نیوز)پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے حال ہی میں شوہر اور بیوی کے رشتے سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت پیش کردی۔نادیہ جمیل نے انسٹاگرام پر وضاحتی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو غلط سمجھا گیا، میں اب بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ بیوی، شوہر کی ماں نہیں ہوتی اور بیویوں کو ایسی کوشش کرنی بھی نہیں چاہیے۔نادیہ جمیل نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں اپنے شوہر کی ماں نہیں ہوں، میرے شوہر کی والدہ زندہ ہیں اور میرے شوہر نے کبھی مجھے والدہ کے طور پر نہیں دیکھا، بطور بیوی اور ماں میرے کردار مختلف ہیں، میں شوہر کا دوسری طرح خیال رکھتی ہوں جب کہ بیٹے کا خیال رکھنے کا میرا طریقہ مختلف ہے، ہر کسی کا اپنا اپنا ذاتی مختلف طریقہ ہوتا ہے۔
Blog
-

صوبے میں 51 عمارتیں انتہائی خطرناک ہیں،شرجیل میمن
کراچی(کنزیومر واچ نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے مخدوش عمارتوں کے تمام مکینوں کو رہائش کی فراہمی ناممکن قرار دیدی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ صوبے میں 740 عمارتیں مخدوش ہیں جن میں سے 51 انتہائی خطرناک ہیں، انتہائی خطرناک عمارتوں میں سے 11 خالی کرالی گئی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے ممکن نہیں کہ مخدوش عمارتوں کے تمام مکینوں کو رہائش فراہم کرے، حکومت دستیاب وسائل میں کچھ خاندانوں کو عارضی متبادل رہائش دے سکتی ہے، ماضی میں سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین اور کووڈ مریضوں کو عارضی شیلٹرز دیے تھے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اٹھار ٹی نے لیاری بغدادی میں گرنے والی عمارت کے اطراف موجود ناقابل رہائش عمارتوں کو گرانا شروع کردیا ہے۔
5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم
دوسری جانب لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنرکراچی حسن نقوی کو 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جب کہ کمیٹی میں اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے سمیت دیگر افسران بھی شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی عمارت کے گرنے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرےگی جب کہ کمیٹی ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی پیش کرے گی۔تحقیقاتی کمیٹی 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔واضح رہےکہ کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گزشتہ ہفتے ایک 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں27 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ -

بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے منہ توڑ، شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز(ملٹری) نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، اور ” نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس” کرنے والے مسلح افواج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔شرکا سے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے جنگ کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی اور مشکل حالات میں پیچیدہ چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ذہنی تیاری، عملی فہم، اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت پر زور دیا۔سید عاصم منیر نے ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والی مستقبل کی قیادت کی تیاری میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے اہم اداروں کے کردار کو سراہا اور سول اور ملٹری اداروں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت آپریشن سندور کے دوران اپنے مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، بھارت کی جانب سے آپریشن سندور میں ناکامی کی غیر منطقی توجیہات پیش کرنا، دراصل بھارت کی آپریشنل تیاری اور اسٹریٹجک دور اندیشی کی کمی کو ثابت کرتا ہے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی میں بھارت کی جانب سے بیرونی تعاون جیسے الزامات غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہیں، اس قسم کے بیانات بھارت کی آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرنے میں روایتی ہچکچاہٹ کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت، پاکستان کی دہائیوں پر مبنی حکمتِ عملی، مقامی صلاحیت اور مضبوط اداروں کی بنیاد پر کامیابی کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، خالصتاً دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا، بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اس طرح کے بے بنیاد بیانات کا مقصد خطے میں فرضی” نیٹ سیکیورٹی پروائڈر”کے خود ساختہ رول کی ناکام کوشش ہے، وہ بھی ایسے وقت میں جب خطے کے ممالک بھارت کی جارحانہ اور ہندوتوا نظریے سے تنگ ہیں۔عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کے خودغرضانہ اور تنگ نظر برتاؤ کے برعکس پاکستان نے اقوام عالم میں اصولی سفارتکاری پر مبنی دیرپا شراکت داری، باہمی احترام اور امن کی بنیاد پر تعلقات قائم کیے ہیں اور خود کو خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر ثابت کیا ہے۔فیلڈ مارشل نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مہم جوئی، پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش یا اس کی خلاف ورزی کا بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے فوری اور منہ توڑجواب دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری آبادی کے مراکز، فوجی اڈوں، اقتصادی مراکز اور بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پیدا ہونے والی کشیدگی کی اصل ذمہ داری اس (بھارت) بصیرت سے محروم مغرور جارح پر عائد ہوگی، جو ایک خودمختار ایٹمی ریاست کے خلاف اشتعال انگیزی سے پیدا ہونے والے ممکنہ تباہ کن نتائج کا ادراک کرنے میں ناکام رہا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی، درآمد شدہ فینسی جنگی ساز و سامان یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں جیتی جاتیں۔عاصم منیر نے کہا کہ جنگیں یقین ِمحکم، پیشہ ورانہ قابلیت، آپریشنل شفافیت، اداروں کی مضبوطی اور قومی عزم وحوصلے کے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔فیلڈ مارشل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبے اورجنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، بے لوث خدمت اور قوم کے لیے غیر متزلزل عزم پر ثابت قدم رہیں۔
-

پریما دودھ پر جھوٹے اشتہارات کے الزام میں 50 لاکھ روپے جرمانہ
کراچی(کنزیومر واچ نیوز)مسابقتی اپیلٹ ٹربیونل (CAT) نے پریما دودھ بنانے والی کمپنی ات طہور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے خلاف مسابقتی کمیشن آف پاکستان (CCP) کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کمپنی نے گمراہ کن مارکیٹنگ میں ملوث ہو کر مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کی ہے۔یہ کیس پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن (PDA) کی شکایت پر شروع ہوا، جس میں الزام لگایا گیا کہ پریما نے 2016 میں سپریم کورٹ کے دودھ کے معیار سے متعلق فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی مہم چلائی جس سے یہ تاثر ملا کہ مارکیٹ میں موجود دیگر تمام دودھ کی مصنوعات انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں ہیں، اور صرف پریما کا دودھ ہی محفوظ ہے۔CCP کی تحقیق کے بعد یہ دعوے بے بنیاد پائے گئے، جو کہ مسابقت کار کمپنیوں کے کاروبار اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے تھے۔کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے پریما کو سیکشن 10 کی ذیلی دفعات 10(1)، 10(2)(a)، (b) اور (c) کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، اور کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ اپنی گمراہ کن مارکیٹنگ سے متعلق عوامی وضاحت جاری کرے۔تاہم CAT نے CCP کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے جرمانے کی رقم کو زیادہ قرار دے کر اسے کم کر کے 50 لاکھ روپے کر دیا۔یہ فیصلہ پاکستان کی ڈیری صنعت میں اشتہاری معیارات پر ریگولیٹری نگرانی کو مضبوط بناتا ہے۔
-

کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان کا یومِ شہادت آج منایا جا رہا ہے
اسلام آ باد (کنزیومر واچ نیوز)کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان کا آج یومِ شہادت منایا جا رہا ہے۔ وطن کی خاطر ان کی قربانی کو کسی بھی محاذ پر آخری لمحے تک بہادری و دفاع کی اعلیٰ ترین مثال قرار دیا جاتا ہے۔
مئی1999میں دشمن پڑوسی بھارت ایک بڑی جارحانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور حوالدار لالک جان کمپنی ہیڈ کوارٹر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے جنگ کے اگلے محاذ پر لڑنے کے لیے اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر پیش کیں ۔
مٹھی بھر ساتھیوں کے ہمراہ حوالدار لالک جان نے نہ صرف اپنی پوسٹ کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دشمن کے متعدد حملوں کو ناکام بنا کر اُسے بھاری جانی نقصان بھی پہنچایا۔
7جولائی کو دشمن تمام دِن حوالدار لالک جان کی پوسٹ پر گولوں سے آگ بر ساتارہا اور پھر اُسی رات 3 مختلف اطراف سے حملہ بھی کر دیا، جس میں حوالدار لالک جان شدید زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے اس کے باوجود محاذِ جنگ سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ حوالدار لالک جان کے جوابی حملے میں دشمن کو بھاری نقصان کے ساتھ منہ کی کھانا پڑی۔
بعد ازاں حوالدار لالک جان دفاع وطن کا عظیم فریضہ سر انجام دیتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے۔دُشمن کی بے شمار تحریریں بھی اس با ت کا بر ملا اعتراف کرتی ہیں کہ ’’یہ کسی بھی محاذ پر آخری فرد تک بہادری کے ساتھ دفاع کی اعلیٰ ترین مثال تھی۔‘‘
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراجِ عقیدت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بے مثال بہادری، جرأت اور قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کی جرأت اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔
صدر زرداری نے کہا کہ شہید کی بہادری اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ لالک جان شہید کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے جرأت و عزم کی روشن مثال ہے۔ ہم اپنے بہادر سپوت لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قوم کو اپنے عظیم سپوت لالک جان شہید کی قربانی پر فخر ہے ۔ لالک جان شہید کی قربانی پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کارگل جنگ کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر عظیم قربانی دی۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کے حملے حوالدار لاک جان شہید کے حوصلے پست نہ کر سکے۔ ان کی بہادری، شجاعت اور فرض شناسی نسل نو کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ افواج پاکستان کے شہدا اور ان کے اہل خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے بے مثال جرات سے دفاع وطن کا روشن باب رقم کیا۔ لالک جان کی داستان شجاعت رہتی دنیا تک قوم کا فخر اور تاریخ کا اثاثہ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہدشمن کے سامنے سینہ سپر رہنے والا یہ سپاہی مادرِ وطن کی سرحدوں کا ناقابل فراموش نگہبان بن کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔ اگلے مورچوں پر جا کر دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والے اس جوان نے بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔
ملک بھر میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام
دوسری جانب حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے 26ویں یومِ شہادت پر ملک بھر کی مساجد میں قران خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ -

قیمتی اور نایاب گدھے بدین میں جمع ہوگئے
بدین (کنزیومر واچ نیوز)بھر سے قیمتی اور نایاب گدھے بدین میں جمع ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق بدین کے علاقے ٹنڈو غلام علی میں گدھوں کی سالانہ قدیمی منڈی لگ گئی، جس میں پاکستان بھر سے نایاب اور قیمتی گدھے لائے گئے ہیں۔گدھا منڈی میں سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب، کشمیر اور گلگت سے قیمتی گدھے اور خچر خرید و فروخت کے لائے گئے ہیں۔ قیام پاکستان سے قبل سے لگنے والی اس گدھا منڈی کا شمار ایشیا کی بڑی سالانہ گدھا منڈی میں ہوتا ہے۔منڈی میں 20 ہزار روپے سے 5 لاکھ روپے تک کے گدھے اور خچر فروخت کے لیے موجود ہیں، جن میں ایٹم بم، راکٹ لانچر، کلاشنکوف، ایف سولہ، جی تھری نامی قیمتی گدھے اور خچر بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ خوبصورت اور پرکشش مادھوری، ریشما، کشمالہ، شرمیلا، شیری، نازو، روبی نامی گدھے بھی فروخت کے لیے لائے گئے ہیں۔ ان گدھوں کو دلہا اور گدھیوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔واضح رہے کہ قیام پاکستان سے قبل اور 10 سال قبل تک یہ سالانہ گدھا منڈی 10 محرم الحرام کو لگتی تھی جو اب 11 محرم کو لگائی جاتی ہے۔ بڑی تعداد میں گدھوں کی آمد کے باعث گدھوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ گدھا منڈی میں تبدیل ہو گیا ہے۔روس افغان جنگ میں بھی ٹنڈوغلام علی کی گدھا منڈی سے خریدے گے گدھوں اور خچروں نے ترسیل کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
-

اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا شان دار آغاز
کراچی( کنزیومر واچ نیوز)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا آغاز ایک بار پھر شان دار تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس کی بلندی کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔بازارِ حصص میں آج پیر کے روز کاروباری ہفتے کا پہلا دن 1066 پوائنٹس کی بڑی نوعیت کی تیزی کے ساتھ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 33 ہزار 15 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب آیا اور 1128، 1308، 1442، 1606 ، 1705 اور پھر 1802 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 33 ہزار 751 پوائنٹس کی نئی تاریخی بلند سطح پر پہنچ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ سازی تیزی ریکارڈ ہوئی تھی اور انڈیکس کئی سطحیں عبور کرکے بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔
-

لاڑ کانہ،تالاب میں ڈوبنے والی چار بچیوں کی لاشیں مل گئیں
لاڑکانہ (کنزیومر واچ نیوز)لاڑکانہ میں ایک تالاب سے 4 بچیوں کی لاشیں مل گئیں۔پولیس کے مطابق لاڑکانہ میں باڈہ کے قریب گوٹھ صاحب خان ملانو میں تالاب سے4 بچیوں کی لاشیں مل گئیں۔پولیس کا کہنا ہےکہ گزشتہ شام چاروں لڑکیاں کھیلتے ہوئے گاؤں کے باہر تالاب میں گرگئی تھیں۔پولیس کے مطابق بچیوں کی عمریں 5 سے 8 سال کے درمیان ہیں اور چاروں آپس میں کزن ہیں جب کہ چاروں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
-

کراچی میں قبر کے نرخ 14300 روپے مقرر
کراچی(کنزیومر واچ نیوز) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے تمام قبرستانوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی میں اس وقت 200سے زائد قبرستان موجود ہیں لیکن بلدیہ عظمیٰ کے پاس صرف 38 قبرستان رجسٹرڈ ہیں۔میرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے تمام قبرستانوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ تمام قبرستانوں کے انچارج فوری طور پر رجسٹریشن کروائیں اور انتظامیہ قبر کے نرخ 14300 روپے سے زیادہ وصول نہ کرے۔
-

ہانیہ عامر کی فلم سردار جی 3 پچاس کروڑ کے بزنس کے قریب
ممبئی (کنزیومر واچ نیوز)پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی پنجابی سینما کے سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ کی فلم ’’سردار جی 3‘‘ بیرونِ ملک باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی کی جانب بڑھ رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریلیز کے بعد فلم نے صرف ایک ہفتے میں 33.6 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے، اور اب یہ 50 کروڑ روپے کے بڑے سنگِ میل تک پہنچنے سے محض 16.4 کروڑ روپے کی دوری پر ہے۔
