ریاض (پاکستان واچ نیوز)سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے ویزوں کے اجرا کا آغاز 8 فروری سے کیا جائے گا۔وزارت کے مطابق ویزوں کے اجرا کا عمل اس سال معمول سے پہلے شروع کیا جا رہا ہے تاکہ حج انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین کے لیے فراہم کی جانے والی تمام خدمات کے سو فیصد معاہدے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسی طرح مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش سے متعلق تمام معاہدے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے طے پا چکے ہیں۔سعودی حکام کے مطابق اب تک 7 لاکھ 50 ہزار عازمین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 30 ہزار عازمین اپنے اپنے ممالک سے براہِ راست حج پیکجز بھی بک کروا چکے ہیں۔وزارت نے مزید بتایا کہ ویزوں کے اجرا کا یہ ابتدائی مرحلہ حج 2026 کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد حج انتظامات کو مزید منظم بنانا اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
Blog
-

9واں آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ شروع ،پاکستان میں عالمی عسکری ٹیموں کا اجتماع
راولپنڈی(نمائندہ خصوصی )نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں 9ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلہ 2026ء کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد دوست ممالک کی افواج کے درمیان عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ایک سینئر فوجی افسر نے شرکت کی، جس کے ساتھ ہی 60 گھنٹے طویل پیٹرولنگ ایکسرسائز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔مقابلے میں 19 دوست ممالک کی 24 بین الاقوامی ٹیمیں اور عسکری مبصرین شریک ہیں۔ شریک ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، مملکتِ سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، ریاستہائے متحدہ امریکا اور ازبکستان شامل ہیں، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ مبصرین کی حیثیت سے شریک ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ملکی ٹیمیں بھی مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی اس مشق کا حصہ ہیں۔پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مشن مخصوص اور ٹاسک اورینٹڈ پیشہ ورانہ عسکری مشق ہے، جس کی میزبانی ہر سال پاکستان میں کی جاتی ہے۔ اس مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور عسکری مہارت کے اعلیٰ ترین معیار درکار ہوتے ہیں، جبکہ قریب از حقیقی عملی ماحول میں ذیلی حربی مشنز کے دوران تیز رفتار فیصلہ سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔اس مشق کا بنیادی مقصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے استقامت کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق بنیادی سپاہیانہ اوصاف کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ شریک افواج کے درمیان باہمی تعاون، اختراعی خیالات کے تبادلے اور بہترین عملی تجربات کی شیئرنگ کے ذریعے انٹرآپریبلٹی کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
-

قازقستان کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال، معاہدوں پر دستخط
اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت کا وزیراعظم ہاؤس پہنچے پر پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر صدر قازقستان قاسم جومارت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا تعارف کروایا جب کہ صدر قازقستان نے وزیراعظم کو اپنے وفد کے اراکین سے متعارف کرایا۔اس موقع پر صدرِ قازقستان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارتی وفود شریک تھے۔ استقبالیہ تقریب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط
ملاقات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے، جسے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ ان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں سے متعلق تعاون، کان کنی اور پیٹرولیم کے شعبے میں شراکت داری، قیدیوں کے تبادلے اور میری ٹائم سیکٹر میں تعاون شامل ہے۔پاکستان اور قازقستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے، کسٹمز کے شعبے میں تعاون اور محکمہ ریلوے میں شراکت داری سے متعلق معاہدوں کی دستاویزات کا بھی تبادلہ ہوا۔ ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور نقل و حمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون، ورچوئل اثاثوں میں شراکت داری، پروٹیکشن اور ویٹرنری کے شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا۔ تقریب میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی کیا گیا۔حکام کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مستقبل کے تکنیکی تعاون اور ڈیجیٹل شراکت داری کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔مفاہمتی یادداشت اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے۔ -

اقوامِ متحدہ کی بلوچستان میں حملوں کی مذمت، دہشت گردی کو بزدلانہ قرار دے دیا
نیو یارک (فارن ڈیسک )اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں “سنگین اور بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائیاں” قرار دیا ہے۔جاری کیے گئے ایک بیان میں سلامتی کونسل نے کہا کہ 31 جنوری 2026 کو بلوچستان بھر میں ہونے والے یہ حملے انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔ یو این ایس سی نے حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین، صوبے کے گورنر اور پاکستان کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔سلامتی کونسل کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر کے ساتھ عالمی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔ بیان میں زور دیا گیا کہ ان دہشت گرد حملوں میں ملوث عناصر، ان کے منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔یو این ایس سی نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔ بیان میں اس بات کو بھی دہرایا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت، کسی بھی مقصد یا جواز کے تحت قابلِ قبول نہیں۔سلامتی کونسل نے کہا کہ تمام ریاستوں کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر، انسانی حقوق، پناہ گزینوں کے قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے۔اس سے قبل چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بھی بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے افسوس اور زخمیوں و متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 197 ہو گئی ہے۔ نُشکی ضلع اور صوبے کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ یہ آپریشنز ہفتے کے روز صوبے بھر میں ہونے والے مربوط دہشت گرد حملوں کے بعد شروع کیے گئے تھے۔
-

مکہ مکر مہ :سونے سے مزین تاریخی قرآنی نسخہ نمائش کے لیے پیش
جدہ (فارن ڈیسک )مکہ مکرمہ کے حراء ثقافتی محلہ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں نویں صدی ہجری سے تعلق رکھنے والے قرآن مجید کے ایک نایاب پارے کو نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔یہ تاریخی قرآنی پارہ مصحف شریف کے پچیسویں پارے پر مشتمل ہے اور پندرہویں صدی عیسوی میں تحریر کیا گیا تھا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، یہ نادر قرآنی نسخہ بلادِ شام میں نفیس خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا ہے، جس پر باریک اور دیدہ زیب نقش و نگار کے ساتھ شاندار زریں آرائش کی گئی ہے۔ اس مخطوطے کی خاص بات یہ ہے کہ لفظ جلالہ کو سونے کے پانی سے تحریر کیا گیا ہے، جو اسلامی خطاطی میں قرآن کریم کے تقدس اور احترام کی اعلیٰ مثال ہے۔یہ تاریخی پارہ قرآن کریم کو پاروں کی صورت میں ترتیب دینے کی قدیم روایت کی نمائندگی کرتا ہے، جو مسلمانوں کی جانب سے قرآن کریم کی حفاظت اور تدوین کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملیوں کو ظاہر کرتا ہے۔یہ نایاب قرآنی پارہ مرکزِ شاہ فیصل برائے تحقیق اور اسلامی مطالعات کے ذخیرے سے تعلق رکھتا ہے، جسے ثقافتی اشتراک کے تحت قرآن کریم میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ اس نمائش کا مقصد قیمتی قرآنی مخطوطات کو عام زائرین کے سامنے لانا اور انہیں اسلامی خطاطی اور تذہیب کے اعلیٰ فن سے روشناس کرانا ہے۔قرآن کریم میوزیم مکہ مکرمہ کا پہلا خصوصی میوزیم ہے، جو جدید طرزِ نمائش کے ذریعے قرآن مجید کی تاریخ، کتابت اور تدوین کے مختلف مراحل کو اجاگر کرتا ہے۔یہ میوزیم جبل النور کے قریب واقع ہے، جہاں وحی کی ابتدائی آیات نازل ہوئیں، اور حراء ثقافتی محلہ کا ایک اہم حصہ ہے، جو دینی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کو یکجا کرتا ہے۔
-

پی آئی اے کے کرایوں میں خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان؛ کن مسافروں کو فائدہ ہوگا؟
اسلام آباد (کامرس ڈیسک )پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم اس سے کن مسافروں کو فائدہ ہوگا، اس کی تفصیلات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے پیرس سے پاکستان کے مختلف شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرایوں میں 10 فیصد خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اس خصوصی رعایت کا اطلاق پیرس سے پاکستان آنے والے مسافروں پر ہوگا، جس کا مقصد مسافروں، بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سفر کو مزید آسان اور سستا بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق مسافر اس خصوصی رعایت کے تحت 10 فروری 2026 تک اپنی بکنگ کروا سکتے ہیں۔ یہ رعایت یکم فروری سے 10 مارچ 2026 اور یکم مئی سے 15 مئی 2026 کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہوگی۔پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے پی آئی اے کے سرکاری بکنگ دفاتر، ویب سائٹ، موبائل ایپ یا اپنے قریبی مستند ٹریول ایجنٹس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
-

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: صائم ایوب نے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی
اسلام آباد (پاکستان کے اوپنر صائم ایوب نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کے باعث مینز ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق 23 سالہ صائم ایوب نے زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا۔صائم ایوب نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 119 رنز اسکور کیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی تازہ رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔اسپنر ابرار احمد دو درجے بہتری کے بعد ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور وہ پہلی پوزیشن سے صرف 28 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔محمد نواز نے بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد آٹھ درجے ترقی پا کر بولرز کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر آگئے۔شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے ترقی سے انیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔بیٹنگ رینکنگ میں صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے نمایاں ترقی کی ہے۔صائم ایوب آٹھ درجے ترقی سے ستائیسویں اور سلمان علی آغا بارہ درجے ترقی سے انتیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔تاہم صاحبزادہ آسٹریلیا کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور دو درجے تنزلی سے ساتویں پوزیشن پر آگئے۔
-

اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون کا فیلڈ مارشل اور پاک فوج سے اظہار تشکر
اسلام آباد : پاکستان واچ نیوز
اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون نے کہا ہے کہ 31 جنوری کو بلوچستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ عزائم کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد حسین اور ان کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر حوصلے پست کرنے کی کوشش کی، تاہم انہیں شدید ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر انھوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج سے اظہار تشکر کیا۔ -

مشعال یوسفزئی عمران خان کی خیر خواہ نہیں، علیمہ خان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف میں تقسیم ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید بڑھتی جارہی ہے اور پارٹی کے رہنما اب ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر اتر آئے ہیں ۔عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر مشال یوسفزئی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں۔کسی کی ہدایات کے تحت کام کر رہی ہیں، علیمہ خان نے کہا کہ مشعال یوسفزئی عمران خان کی خیر خواہ نہیں ہیں اور ان کا مقصد صرف ذاتی مفاد ،سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔
-

تین روزہ وقفے کے بعد سونے کی قیمت میں آج 24 ہزار روپے کا اضافہ
کراچی (کامرس ڈیسک )عالمی ومقامی مارکیٹوں میں 3روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 240ڈالر کے بڑے نوعیت کے اضافے سے 4ہزار 916ڈالر کی سطح پر آگئی۔عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بھی 24ہزار روپے کے اضافے سے 5لاکھ 14ہزار 362روپے کی سطح پر آگئی۔اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 20ہزار 576روپے بڑھ کر 4لاکھ 40ہزار 982روپے کی سطح پر آگئی۔فی تولہ چاندی کی قیمت 741روپے کے اضافے سے 9ہزار 146روپے کی سطح پر آگئی، فی دس گرام چاندی کی قیمت 636روپے کے اضافے سے 7ہزار 841روپے کی سطح پر آگئی۔
