اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز) سرکاری ڈسکوز کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی سی پی اے) نے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
سی سی پی اے نے یہ درخواست ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت نومبر کے مہینے کے لیے جمع کرائی ہے۔ نیپرا کل اس درخواست پر سماعت کرے گا جس کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نومبر کے مہینے میں 7 ارب 71 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جس پر مجموعی طور پر 55 ارب 76 کروڑ روپے کی لاگت آئی۔ سی سی پی اے کے مطابق، فیول کی قیمت میں یہ کمی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔
نیپرا کی سماعت کے نتائج کے بعد صارفین کو بجلی کے بلوں میں کمی کی امید ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔