اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کردیا تفصیلات کے مطابق جھڈو شہر کی ایک ذہین بیٹی ڈاکٹر عائشہ ثانی بنت غلام محمد میمن اورکندھکوٹ سے تعلق رکھنے والے ان کے شوہر ڈاکٹر دلاور میمن نے میکسیکو یونیورسٹی سے نینو ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرکے وطن عزیز کا سبز ہلالی پرچم سربلند کردیا۔ گذشتہ دنوں میکسیکو یونیورسٹی کی جانب سے ایک پر وقار تقریب میں دونوں پاکستانی میاں بیوی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری اور گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
میکسیکو یونیورسٹی سے ایک ساتھ پی ایچ ڈی ڈگری اور گولڈ میڈل حاصل کرنے کا منفرد اعزاز حاصل والے یہ پہلے پاکستانی میاں اور بیوی ہیں، واضح رہے کہ ڈاکٹر عائشہ ثانی عبدالعزیز میمن اور محمد عمر میمن (آکسفورڈ گرامر اسکول جھڈو) کی بھتیجی ہیں انھوں نے پرائمری تعلیم آکسفورڈ گرامر اسکول جھڈو سے حاصل کی ،میٹرک اور انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول قاسم آباد حیدرآباد سے جبکہ بی ایس کیمسٹری اور ایم ایس کیمسٹری کی تعلیم سندھ یونیورسٹی جامشورو سے حاصل کی ،جس کے بعد کیمسٹری کے شعبہ میں پی ایچ ڈی کرنے کے لئے ڈاکٹر عائشہ ثانی اور ان کے شوہر ڈاکٹر دلاور میمن کو میکسیکو یونیورسٹی کی جانب سے فلی فنڈڈ اسکالر شپ فراہم کی گئی جس کے بعد ڈاکٹر عائشہ ثانی اور ان کے شوہر ڈاکٹر دلاور میمن نے کیمسٹری کے شعبہ ( نینو ٹیکنالوجی) میں اعلیٰ اعزاز کے ساتھ پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور اعلیٰ کارکردگی پر دونوں میاں بیوی نے میکسیکو یونیورسٹی سے بیک وقت گولڈ میڈلز بھی حاصل کئے جو پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔