کھدی سڑکیں شہریوں کیلئے موت کا جال بن چکی ہیں۔ مہاجر قومی موومنٹ

کراچی(پ ر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی رہنما نوید نارو نے کہاہے کہ برسوں سے کھدی سڑکیں شہریوں کیلئے موت کا جال بن چکی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کوئی مستقل حل یا واضح اقدامات نہیں کئے جارہے جس کے باعث صورتحال اب ایک مستقل بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر ضلع شرقی سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نوید نارو نے کہا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں خصوصاً یونیورسٹی روڈ، سفورا،کورنگی کوریڈور اور گلشنِ اقبال کے اطراف کے مرکزی راستوں پر گزشتہ برس کی نسبت حادثات میں ناصرف 38 فیصد اضافہ ہوا ہے بلکہ مسلسل کھدائی، ٹوٹی سڑکوں اور کھلے مین ہولوں کی وجہ سے صرف رواں برس کے دوران 126 شہری زخمی اور 17 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ نوید نارو نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر مختلف مقامات پر موجود 42 سے زائد کھڈے اور ادھورے ترقیاتی حصے روزانہ ٹریفک جام اور حادثات کا باعث بنتے ہیں، کئی علاقوں میں مین ہولز کے کور غائب جبکہ متعدد مہینوں سے کھلے پڑے ہیں بلکہ یہ کہنا غلط نا ہوگا کہ کھلے مین ہولز، بکھرے ملبے، غیر ہموار سڑکوں اور بغیر حفاظتی نشانات کے جاری کھدائی نے پورے شہر کو ایک غیر محفوظ زون میں بدل دیا ہے جہاں روزمرہ سفر بھی شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کی حالت پر رحم کھائے اور تمام کھلے مین ہولز کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت،محفوظ کورز کی تنصیب، ادھورے کھدائی شدہ حصوں کی جلد تکمیل اور سڑکوں کی لیولنگ یقینی بنائے تاکہ شہری مزید جانی نقصانات اور روزمرہ مشکلات سے محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں