پشاور:(کنزیومرواچ نیوز)ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملے کے نتیجے میں 3 اہل کار شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل پر بم دھماکا ہوا ہے، جس میں 3 پولیس اہل کار شہید ہو گئے ہیں، جن میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں جب کہ دھماکے میں کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور پولیس کی جانب سے شہدا کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔بم دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او موقع پر روانہ ہو گئے ہیں جب کہ علاقے کی ناکا بندی کر دی گئی ہے۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ تیارزہ کی حدود توروام مارکیٹ کے مقام پر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس سے ایک اہل کار زخمی ہوگیا۔پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے نامعلوم دہشت گرد فرار ہو گئے جب کہ زخمی اہل کار امام حسین کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملہ، 3 اہلکار شہید
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






