شکارپور (کنزیومرواچ نیوز)شکارپور میں امن دشمن عناصر نے ایک دل دہلا دینے والا حملہ کیا، جہاں ایک گھر کو راکٹ سے نشانہ بنایا گیا۔ خوفناک دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اس سانحے کا فوری نوٹس لیتے ہوئےایس ایس پی شکارپورسے راکٹ حملے اور اس کے بعد کیے جانے والے پولیس ایکشن کی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کو ان کی پناہ گاہوں میں گھس کر کیفر کردار تک پہنچایا جائےاور کہا کہ امن و انسانیت دشمنوں کے ساتھ کسی قسم کی رو رعایت نہ برتی جائے۔وزیرِ داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ چھاپہ مار ٹیموں کو منظم بریفنگ، حکمت عملی اور مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ فوری حرکت میں لایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس ایکشن اور تمام ضروری اقدامات سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ضیاء الحسن لنجار نے راکٹ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان کے دکھ میں شریک ہونے اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل حکومتی تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ذرائع کے مطابق، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور متعدد مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ صورتحال پر اعلیٰ حکام کی نظر ہے۔
—






