، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، عظمیٰ بخاری

لاہور(کنزیومرواچ نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتےہوئے کہا ہےکہ انہوں نے شرجیل میمن کا مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا ہے، وہ ہمارے اتحادی ہیں ہم ان کا بڑا احترام کرتے ہیں لیکن جیسی بات کریں گے ویسا جواب آئے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ بڑا بھائی ہونے کا حق ادا کیا ہے، قدرتی آفت کسی بھی صوبے میں آئے، پنجاب نےبڑے بھائی کا کردار ادا کیا لیکن پنجاب میں مشکل وقت آیا تو لوگوں نے سیاست کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ مشکل وقت میں پنجاب کے ساتھ ایسا سلوک رکھاجائےگا۔انہوں نے کہا کہ یہاں تین دریاؤں میں سیلاب آیا، اگر پنجاب حکومت تیار نہ ہوتی تو نقصان بڑےپیمانے پر ہوتا، ملتان اور مظفر گڑھ میں سیلاب کے باعث مشکلات آئیں، 25 اضلاع میں واقعات رپورٹ نہیں ہوئے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 47 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور 17 اکتوبر کو سیلاب متاثرین کو چیک کی تقسیم کی جائےگی، 400 دیہات کا سروے ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ نے سول ڈیفنس کے ملازمین کے لیے 15 ہزار روپے تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کیا ہے اور وزیراعلیٰ نے ہر طرح کے اضافی اخراجات کو کٹ کرنے کا کہا ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ ندیم افضل چن نے 5 پریس کانفرنسیں کیں، لغو قسم کے الزامات لگائے، ان سے پوچھیے گا آپ نے سیلاب متاثرین کے لیے کیا کیا ہے؟، پنجاب کا مقدمہ لڑنا ہماری ذمے داری ہے اور ہم لڑیں گے۔صوبائی وزیر نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جیسی بات کریں گے ویسا جواب ان کو آئے گا، آپ کا حال آدھا تیتر آدھا بٹیر والا ہو گیا ہے، وہ ہمارے اتحادی ہیں ہم ان کا بڑا احترام کرتے ہیں لیکن کراچی اور لاہور کا فرق کوئی راکٹ سائنس نہیں، سب کے سامنے ہے، آپ کے پاس سندھ کی بات کرنے کے لیے کچھ نہیں ، آپ نے ساری سیاست پنجاب کے کندھے پر چڑھ کر کرنی ہے، آئیے آپ کو بہاولپور، ملتان، لودھراں، رحیم یار خان، ڈی جی خان دکھاؤں، میں آپ کو اپنے ساتھ ان جگہوں کی سیر کرانا چاہتی ہوں، آپ مجھے کشمور لے چلیے، نواب شاہ، گڑھی خدا بخش لے چلیے کہ آپ نے کیا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نےشرجیل میمن کا مناظرےکا چیلنج قبول کر لیا ہے، آپ اپنے 17 سال کے صرف 17 پروجیکٹ بتا دیجیے، لاہور آئیں تاکہ میں آپ کو لاہور کی سیر کرواؤں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں