استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد

اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹی کے ساتھ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی ہے۔ یہ اعلان جمعرات کو حکومت کی جانب سے کیا گیا۔وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او 1895 (1) 2025 کے مطابق پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد پی سی ٹی ہیڈنگز 8702، 8703، 8704 اور 8711 کے تحت 30 جون 2026 تک کی اجازت ہوگی۔ اس کے بعد عمر کی پابندی ختم کی جا سکتی ہے۔درآمد شدہ گاڑیوں کو ماحولیاتی، حفاظتی اور معیار سے متعلقہ تقاضوں پر پورا اترنا ہوگا، جس میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) کی جانب سے جانچ اور سرٹیفکیشن شامل ہے۔یہ اقدام اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 18 ستمبر 2025 کو ہونے والے اجلاس میں اسکیم کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کی تھی۔ بعد ازاں وفاقی کابینہ نے بھی اس کی توثیق کردی۔نوٹیفکیشن کے مطابق استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی جون 2026 تک نافذ رہے گی، جس کے بعد ہر سال 10 فیصد کمی کی جائے گی اور مالی سال 2030 تک اسے بتدریج صفر تک لایا جائے گا۔ یہ فیصلہ ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات کے مطابق ہے۔ایس آر او میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ دفعات درآمدی پالیسی آرڈر 2022 کے تحت مذکورہ پی سی ٹی ہیڈنگز سے متعلق دیگر قواعد پر اثر انداز نہیں ہوں گی تاکہ کمرشل درآمد کا فریم ورک موجودہ تجارتی قوانین سے ہم آہنگ رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں