ایف بی آر کا نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کی آن لائن نیلامی کا فیصلہ

اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کی فروخت کے لیے آن لائن/ای نیلامی ماڈیول متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعرات کو ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت ٹیمپرڈ اور ضبط شدہ گاڑیوں سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کا فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایف بی آر نے نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کی آن لائن/ای نیلامی کے مجوزہ ماڈیول پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کا مقصد فروخت کے عمل میں زیادہ شفافیت، مؤثریت اور منصفانہ طریقہ کار کو یقینی بنانا ہے۔ڈپٹی وزیراعظم نے ٹیکنالوجی پر مبنی حل اپنانے کے حکومتی عزم کو دہرایا تاکہ شفافیت میں اضافہ ہو اور قیمتی عوامی وسائل کی بچت ممکن بنائی جا سکے۔ایف بی آر ٹیمپرڈ اور ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی کے لیے نیا کسٹمز جنرل آرڈر (سی جی او) بھی جاری کرے گا۔ اس حوالے سے موجودہ قوانین اور پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا۔ذیلی کمیٹی نے جامع طریقہ کار تشکیل دینے کے بعد کسٹمز جنرل آرڈر (سی جی او) کو حتمی شکل دی، جسے ڈپٹی وزیراعظم نے منظوری دے دی۔اسحاق ڈار نے اس فیصلے کو گاڑیوں کی نیلامی کے عمل کو منظم کرنے، شفافیت بڑھانے، مؤثریت میں اضافے اور زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔اجلاس میں وزیر قانون و انصاف، معاون خصوصی طارق باجوہ، چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری وزارت اطلاعات بھی شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں