دی آرگینک میٹ کمپنی نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون پلانٹ میں آپریشنز کا آغاز کردیا

کراچی (کنزیومرواچ نیوز)دی آرگینک میٹ کمپنی نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون پلانٹ میں آپریشنز کا آغاز کردیا دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ (TOMCL) نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (KEPZA) میں اپنے نئے پلانٹ پر یکم اکتوبر 2025 سے باضابطہ آپریشنز کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے کمپنی نے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو باضابطہ اطلاع دی۔کمپنی کے مطابق یہ پلانٹ اس کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی محمد سعید محمد حسین لمیٹڈ (MSMHL) کے تحت قائم کیا گیا ہے، جو بھیڑ اور گائے کے آفلس (offals) کی پراسیسنگ، ان کی ہائیجینک ویلیو ایڈیشن اور عالمی منڈیوں بالخصوص مشرق وسطیٰ، یورپ، چین اور وسطی و مشرقی ایشیائی ممالک کو دوبارہ برآمد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ نیا پلانٹ خوردنی آفلس کی پراسیسنگ اور ایکسپورٹ کا ذمہ دار ہوگا، جن میں فروزن آفلس اور ڈی ہائیڈریٹڈ پیٹ چیوز شامل ہیں۔کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک اقدام TOMCL کے طویل المدتی وژن کو تقویت دیتا ہے، جس کے تحت کمپنی کو مکمل طور پر انٹیگریٹڈ حلال گوشت اور بائی پروڈکٹ کمپنی بنایا جائے گا، روایتی کٹس اور مارکیٹ سے آگے بڑھتے ہوئے ایکسپورٹ بیس کو وسیع کیا جائے گا اور پاکستان کو پریمیم حلال سرٹیفائیڈ پروٹین مصنوعات کا قابلِ اعتماد ذریعہ بنایا جائے گا۔گزشتہ ماہ TOMCL نے اعلان کیا تھا کہ اس نے گولڈ کریسٹ ٹریڈنگ FZE کے ساتھ 81 لاکھ ڈالر مالیت کا ایکسپورٹ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت متحدہ عرب امارات (UAE) کو صنعتی اور گھریلو استعمال کے لیے فروزن بون لیس بیف برآمد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ دی آرگینک میٹ کمپنی 2010 میں پرائیویٹ لمیٹڈ کے طور پر رجسٹرڈ ہوئی تھی اور یہ حلال گوشت و اس سے منسلک مصنوعات کی پروسیسنگ اور فروخت کرتی ہے۔ سرخ گوشت اور بائی پروڈکٹس کی برآمد میں بھی یہ پاکستان کی نمایاں کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، جن میں مشرق وسطیٰ اس کی بڑی برآمدی منڈی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں