اردو رائٹرز سوسائٹی (شمالی امریکا) نے 20 ستمبر، 2025 کو میریڈین کیوبن سینٹر میں ایک شاندار اور یادگار خواتین مشاعرہ منعقد ہوا، جس نے ادب و فن کی دنیا میں ایک منفرد مقام قائم کیا۔مشاعرہ کی صدارت کینیڈا سے تشریف لاٸی سینئر شاعرہ شاہدہ حسن نے کی۔ جبکہ امریکہ کے شہر نیویارک سے حمیرا رحمان، واشنگٹن ڈی سی سے مونا شہاب، اٹلانٹا سے صدف فاروقی، اور کنیکٹیکٹ سے حمیرا گل تشؔنہ شامل ہوئیں۔ اور کینیڈا سے کشور غنی اور ڈاکٹر حنا امبرین طارق نے شرکت کی۔ اس محفلِ مشاعرہ میں تشریف لانے والی ممتاز اور کہنہ مشق شاعرات نے اپنی دلکش تخلیقات اور منفرد لہجے سے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ سامعین ہر شعر پر داد و تحسین سے محفل کو چار چاند لگا رہے تھے اور یوں یہ شام لفظوں کے جادو اور جذبوں کی سچائی سے مزین ہو کر ایک ادبی تاریخ کا حصہ بن گئی۔تقریب کی اہم بات یہ رہی کہ کیلیفورنیا کے معروف بزنس مین، کارپوریٹ لیڈرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس ادبی اجتماع کو وقار اور اعتبار بخشا۔مشاعرے کے آغاز پر بائیو سیل ٹیکنالوجی کے سی ای او محمد اسحاق اور اردو رائٹرز سوسائٹی کے پریذیڈنٹ عرفان مرتضی نے شاعرات کو یادگاری شیلڈز پیش کیں ۔ یہ منفرد انداز نہ صرف مہمانانِ گرامی کی عزت افزائی کا باعث بنا بلکہ محفل کی خوبصورتی اور ثقافتی وقعت میں بھی بے پناہ اضافہ کیا۔یہ شام جو کہ عرفان مرتضی کی محبت اور محنت کا منہ بولتا ثبوت رہی، محض ایک ادبی تقریب نہ تھی بلکہ اردو زبان و ادب کے فروغ، ثقافتی ہم آہنگی، اور کمیونٹی یکجہتی کا ایک شاندار پیغام بھی اپنے ساتھ لے کر آئی۔ اس شام نے تمام شاعرات کے وقار کو مزید بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اردو رائٹرز سوسائٹی (شمالی امریکا) کی اور خصوصا عرفان مرتضی کی اس کاوش کو ہر سطح پر بھرپور پذیرائی ملی اور اسے اردو ادب کی خدمت میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اردو رائٹرز سوسائٹی (شمالی امریکہ) کے زیر اہتمام خواتین کا یادگار مشاعرہ…حمیرا گل تشنہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
