لاہور (کنزیومر واچ نیوز)بھارت نے دریائے ستلج میں ایک بار پھر پانی چھوڑ دیا ہے۔ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کی اطلاع پر وزارتِ آبی وسائل نے سیلابی الرٹ جاری کردیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس وقت ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سلیمانکی کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 37 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 62 ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس اور قادر آباد کے مقام پر 98 ہزار کیوسک جبکہ ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجند کے مقام پر صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک تک جا پہنچا ہے۔
بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، پنجاب میں اونچے درجے کا سیلاب الرٹ
