عید کی خوشیاں اور رسومات: کنیکٹیکٹ، امریکہ کا منفرد رنگ …..حمیرا گل تشنہ

امریکہ کے شمال مشرقی علاقے میں واقع خوبصورت ریاست کنیکٹیکٹ میں عید الفطر کا تہوار ایک منفرد اور رنگارنگ انداز میں منایا جاتا ہے۔ یہاں کے مسلمان، جو مختلف ثقافتی اور نسلی پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں، عید کو نہ صرف مذہبی عقیدت کے ساتھ مناتے ہیں بلکہ اسے اپنی ثقافتی روایات کے ساتھ جوڑ کر ایک اجتماعی خوشی کا موقع بناتے ہیں۔ کنیکٹیکٹ میں عید کی رسومات میں نماز عید، خاندانی ملاقاتیں، دعوتیں، اور سماجی خدمات شامل ہیں، جو اس تہوار کو روحانی اور سماجی دونوں سطح پر خاص بناتی ہیں۔
نماز عید: اجتماعیت اور روحانیت کا اظہار
کنیکٹیکٹ میں عید الفطر کا دن نماز عید کی ادائیگی سے شروع ہوتا ہے۔ ریاست کے بڑے شہروں جیسے ہارٹفورڈ، نیو ہیون، اور بریج پورٹ میں اسلامی مراکز اور مساجد میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں۔ شہر کے سیاسی لیڈر بھی شامل ہو کر مسلمانوں کی عید کی خوشیوں میں شامل ہوتے اور مسلمانوں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائے رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ نماز عید کے لیے ایکس پو سینٹرز، کھیل کے میدان، پارکوں یا دیگر کھلی جگہوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں مختلف نسلوں اور ثقافتوں کے مسلمان بڑی تعداد میں اکٹھے ہو کر اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوتے ہیں ۔
نماز سے قبل صدقہ فطر کی ادائیگی پر خصوصی زور دیا جاتا ہے، جو غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ کنیکٹیکٹ کے کئی اسلامی مراکز میں عید سے پہلے ہی اس کے لیے مہم چلائی جاتی ہے تاکہ ہر فرد اس فرض کو خوش اسلوبی کے ساتھ ادا کر سکے ۔
خاندانی ملاقاتیں اور دعوتیں: محبت اور یکجہتی کا پیغام
نماز عید کے بعد کنیکٹیکٹ کے مسلمان اپنے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ مل کر عید کی خوشیاں مناتے ہیں۔ گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے جاتے ہیں، جن میں ثقافتی تنوع واضح نظر آتا ہے۔ پاکستانی، بنگلہ دیشی، عرب، اور افریقی نژاد مسلمان اپنے اپنے روایتی کھانے جیسے بریانی، کباب، حلوہ، اور سویاں پیش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ریستوران میں لوگوں کا اپنی فیملی اور قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر کھانا کھانے کا رجحان بھی کافی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔
بچوں کے لیے عیدی کا رواج بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ آج بھی یہاں پر بڑے بچوں کو نقد رقم یا تحائف دیتے ہیں، جو ان کی خوشی کو دوبالا کر دیتا ہے۔ کئی خاندان اس موقع پر غریب بچوں کی مدد کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں ۔
سماجی خدمات اور عید کی خوشیاں بانٹنا
یہاں کے مسلمان عید کے موقع پر سماجی خدمات کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ کئی اسلامی تنظیمیں غذائی سامان بانٹنے کے پروگرامز کا اہتمام کرتی ہیں، نوجوانوں کو ساتھ شامل کر کے غریبوں اور بے گھر افراد کو بذات خود پہنچ کر کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، ہسپتالوں اور اولڈ ہومز میں بھی عید کی مبارکباد دینے کے لیے مہمات چلائی جاتی ہیں ۔
ثقافتی تقریبات اور عید میلے
کنیکٹیکٹ میں عید کے موقع پر ثقافتی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ کئی اسلامی مراکز اور تنظیمیں کمیونٹی ہالز میں اور مختلف ریستوران میں عید میلے لگائے جاتے ہیں، جہاں کھانے کے سٹالز، بچوں کے کھیل، اور دستکاری کی نمائش ہوتی ہے۔ مردوں، عورتوں اور بچوں کے لیے عید پر پہنے جانے کے لیے کپڑے، خواتین کے لیے زیورات ، جوتے، چوڑیاں، اور مہندی کا خاص انتظام کیا جاتا ہے۔ یہ میلے نہ صرف مسلمانوں بلکہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کے لیے بھی بے حد کشش کا باعث بنتے ہیں، جس سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے ۔
جدیدیت اور روایت کا امتزاج
کنیکٹیکٹ میں عید کی رسومات میں جدیدیت اور روایت کا دلچسپ امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔ ایک طرف تو پرانی رسوم جیسے عید کارڈز اور گھریلو دعوتیں زندہ ہیں، ملنا جلنا عام ہے تو وہیں دوسری طرف سوشل میڈیا کے ذریعے عید کی مبارکباد کا رواج بھی عام ہو رہا ہے۔ کئی نوجوان آن لائن زوم پر عید پارٹیوں کا اہتمام بھی کرتے ہیں، جہاں وہ اپنے پیاروں سے اور نئے لوگوں سے رابطے کرتے ہیں ۔
کنیکٹیکٹ میں عید کی منفرد روح
کنیکٹیکٹ میں عید الفطر نہ صرف ایک مذہبی تہوار ہے بلکہ یہ ثقافتی تنوع، سماجی ہم آہنگی، اور انسانی ہمدردی کا بھی عکاس ہے۔ یہاں کے مسلمان اس دن کو روحانی عبادت، خاندانی اجتماع، اور خدمت خلق کے ساتھ مناتے ہیں، جو عید کی حقیقی روح کو اجاگر کرتا ہے۔ کنیکٹیکٹ کی عید کی خوشیاں دوسروں کے ساتھ بانٹنے کا یہ رواج اس تہوار کو اور بھی خاص بنا دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں