ہنگو(کنزیومرواچ نیوز) پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے ایس پی آپریشنز سمیت 3 اہلکار شہید ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے ہنگو کے علاقے غلمینا میں پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑایا تاہم اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر جا رہے تھے تو درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ڈی ایس پی خانزیب مہمند کے مطابق دھماکے میں ایس پی اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والےایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت 3پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایس پی اسد زبیر اور دونوں پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
ہنگو میں دو دھماکے: چیک پوسٹ تباہ، 2 پولیس اہلکار شہید
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






