کوئٹہ ، پولیس موبائل کے قریب بم دھماکا ، 2 افراد جاں بحق، 4 پولیس اہلکاروں سمیت 17 زخمی

کوئٹہ (کنزیومر واچ نیوز)کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان سول ہسپتال کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکے سے پولیس موبائل، ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی۔حکومت بلوچستان نے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سرِ دست کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال خراب ہوئی ہے اور علیحدگی پسند دہشت گرد اکثر پولیس اور مسلح افواج کے اہلکاروں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔خاص طور پر کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے زیادہ جانی نقصان پہنچانے اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو براہ راست نشانہ بنانے کے لیے نئے حربے اپنائے ہیں۔گزشتہ سال وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ اگست 2021 میں افغان طالبان کے کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس میں خاص طور پر خیبرپختونخوا میں تحریک طالبان پاکستان کی سرگرمیاں، بلوچستان میں بلوچ قوم پرست بغاوت اور سندھ میں نسلی قوم پرست تشدد شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں