کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری
(KCCI) نے اپنے اراکین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری اور دھمکی آمیز کارروائیوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چیمبر کے مطابق متعدد تاجروں کو گولیوں کے ساتھ بھتہ طلب کرنے والے خطوط موصول ہو رہے ہیں، جس سے کاروباری برادری میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
کے سی سی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تشویشناک رجحان نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ شہر کے امن و امان کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ اس سلسلے میں تمام ارکان کو فوری طور پر اپنے کاروباری مراکز اور رہائش گاہوں پر اعلیٰ معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ریکارڈنگ سے مجرموں کی نشاندہی میں مدد مل سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی واقعہ پیش آئے تو متعلقہ فوٹیج کے سی سی آئی کے ساتھ شیئر کی جائے تاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹھوس شواہد فراہم کیے جا سکیں، جس سے مجرموں کی فوری گرفتاری ممکن ہو سکے۔
سیکریٹری جنرل ایس۔ایم۔ایچ رضوی نے کہا کہ چیمبر اپنے اراکین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ان کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ “اتحاد، ہوشیاری اور تیاری کے ذریعے ہم اس خطرناک صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں۔”