پاکستان کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم

ڈیرہ غازی خان (کنزیومر واچ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک سیاست دان کہتا تھا کہ شہباز شریف باہر پیسے مانگنے جاتا ہے میں پوچھتا ہوں کہ آپ کیا باہر پیسے بانٹنے جاتے تھے؟ ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ڈیرہ غازی خان آکر خوشی ہوئی پرتپاک استقبال پر یہاں کے عوام کا مشکور ہوں، ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے پاکستان کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، نواز شریف کا ویژن صرف پاکستان کی ترقی ہے، پنجاب کی ترقی نواز شریف کے دور میں ہوئی اور اب ان کی بیٹی مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کیا، میں نے بھی صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ کے بجائے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، عوام کو روزگار دینے کے لیے منصوبوں کے جال بچھائے، میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی، جی بی کی ترقی میرا عزم ہے، میں نے اپنے تمام غیر ملکی دوروں میں پاکستان کی ترقی کو ترجیح دی ہم پاکستان کی تقدیر کو بدلیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ڈی جی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں