پاکستان نے پہلی بار ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم کی میزبانی جیت لی

اسلام آباد(کنزیومرواچ نیوز) پاکستان نے ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم 2026 کی میزبانی جیت لی۔رپورٹ کے مطابق چین کے شہر شوجو میں ہونے والے ورلڈ شیفس فورم 2025 میں پاکستان نے ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم 2026 کی میزبانی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر کسی عالمی شیف فورم کی میزبانی کا موقع ملا ہے اور پاکستان اکتوبر 2026 میں پہلی بار ورلڈ شیفس ایشیا فورم کی میزبانی کرے گا جس کی تقریب اسلام آباد اور لاہور میں ہوگی۔ پاکستان کی نمائندگی شیفس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے فاؤنڈر صدر احمد شفیق نے کی جہاں پاکستان اور ملائیشیا کےدرمیان میزبانی کےلیےمقابلہ پاکستان نے21 میں سے13ووٹ حاصل کرکےجیت لیا۔ صدر شیفس ایسوسی ایشن آف پاکستان احمد شفیق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حق میں فیصلہ بڑی کامیابی ہے، 21 ایشیائی ممالک، دنیا کے شیفس اور ایسوسی ایشن کے صدور پاکستان آئیں گے، ایونٹ پاکستانی شیفس کی بیرونی دنیا میں ملازمتوں کا ذریعہ بنے گا۔احمد شفیق نے مزید کہا کہ ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم کے رکن ممالک میں چین، پاکستان، بھارت، سری لنکا، جمہوریہ کوریا، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، جاپان، مکاؤ، ملائیشیا، سنگاپور، مالدیپ،فلپائن، سری لنکا، نیپال سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں