لاہور (کنزیومر واچ نیوز)ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے جنوبی پنجاب میں سیلابی صورتحال کو سنگین قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جلالپور پیروالا تین دریاؤں راوی، چناب اور ستلج کے پانی سے شدید متاثر ہے۔ حالیہ شگاف کے باعث مزید پانچ چھ آبادیاں زیرِ آب آنے کے خدشات ہیں، جبکہ شہر کو بدستور سیلابی پانی کا خطرہ لاحق ہے اور ریلوے ٹریک بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج جلالپور پیروالا کا دورہ کریں گی۔ ریسکیو 1122 کی 175 سے زائد کشتیاں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم مقامی افراد کے انخلا سے گریز نے ریسکیو ٹیموں کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ پاک فوج بھی ایک ہفتے سے ریلیف سرگرمیوں میں شریک ہے اور شگاف پر کرنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق اگلے تین دن جنوبی پنجاب کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوں گے۔ ملتان، مظفرگڑھ، لیاقت پور اور رحیم یار خان کی صورتحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بھارت سے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑنے کا سلسلہ رک چکا ہے اور اب وہ صرف اپنی نہروں کے لیے پانی استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نارووال، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور چنیوٹ میں پانی کے بہاؤ میں کمی آ رہی ہے، متاثرہ علاقوں میں پانی اترنے کے بعد لوگ ریلیف کیمپوں سے واپسی کر رہے ہیں۔
ملتان، مظفرگڑھ اور رحیم یار خان میں سیلابی خطرات، اگلے تین دن بڑے چیلنج قرار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
