سابق وفاقی سیکریٹری فنانس ڈویژن ڈاکٹر وقار مسعود خان ہفتہ کو انتقال کرگئے

اسلام آبا د (کنزیو مر واچ نیوز)سابق وفاقی سیکریٹری برائے فنانس ڈویژن ڈاکٹر وقار مسعود خان ہفتہ کو انتقال کرگئے۔وقار مسعود خان ایک ممتاز معیشت دان تھے وہ بزنس ریکارڈر میں کالم بھی لکھتے تھے جنہیں عوامی اور نجی شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل تھا۔ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے معروف معیشت دان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر وقار مسعود کی حکومت پاکستان کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔آئی کیپ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، وقار مسعود خان نے وفاقی حکومت میں کئی باوقار عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں وزیر اعظم کے خصوصی سیکریٹری، سیکریٹری فنانس ڈویژن، سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن، سیکریٹری پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور سیکریٹری ٹیکسٹائل انڈسٹری شامل ہیں۔اپنے کئی ادارتی اور ذاتی مطبوعات کے علاوہ، ڈاکٹر وقار مسعود خان نے معیشت سے سود (ربا) کے خاتمے کے موضوع پر دو کتابیں بھی تصنیف کیں۔انہوں نے متعدد ملکی اور بین الاقوامی مالی و بینکنگ اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی خدمات انجام دیں، جن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل بینک آف پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک شامل ہیں۔انہوں نے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک میں پاکستان کے متبادل گورنر کے طور پر بھی نمائندگی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں