برانڈ پاور اکانومی قومی ترقی کا نیا انجن ہے،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ برانڈز کسی ملک کی معیشت اور عالمی شناخت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، جو نہ صرف معاشی ترقی کے محرک ہیں بلکہ اقتصادی سفارت کاری کے لیے بھی نہایت مؤثر ذریعہ ہیں۔ وہ اسلام آباد میں منعقدہ سولہویں سالانہ برانڈز آف دی ایئر ایوارڈز کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔اپنے کلیدی خطاب میں چیئرمین سینیٹ نے برانڈ پاور اکانومی کوقومی ترقی کا نیا انجن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برانڈز عالمی سطح پر اپنی پہچان قائم کر رہے ہیں اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل، آئی ٹی، صنعت اور خدمات کے شعبوں میں کامیابیوں کے ذریعے پاکستانی برانڈز ملک کی عالمی ساکھ کو مستحکم بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیاب برانڈ مستقل تحقیق، جدت، ڈیزائن اور مؤثر مارکیٹنگ کا نتیجہ ہوتا ہے۔ نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی نسل تخلیقی صلاحیت، ٹیکنالوجی کا علم اور عزم رکھتی ہے یہی وہ عناصر ہیں جو ملک کو “برانڈ پاور اکانومی” کی طرف لے جا سکتے ہیں۔چیئرمین گیلانی نے کہا کہ پاکستانی برانڈز اپنی دیانت داری، معیار اور تخلیقی صلاحیت کی بنیاد پر عالمی منڈیوں میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے تیز رفتار دور میں اب چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کے نوجوان بھی ای کامرس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی منڈیوں سے جڑ گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا کام کاروبار میں مداخلت نہیں بلکہ ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ہے جہاں تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت فروغ پا سکیں۔ ان کے مطابق: “ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایسا جسمانی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر فراہم کریں جو نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکے۔”چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کی دنیا میں ترقی یافتہ معیشتوں کی بنیاد صرف زراعت، صنعت یا خدمات پر نہیں بلکہ ان کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ برانڈز پر ہے۔ ان کا کہنا تھا: “پروڈکٹ وہ ہے جو آپ فروخت کرتے ہیں، مگر برانڈ وہ ہے جس کی بنیاد پر صارف خریدنے کا فیصلہ کرتا ہے۔”انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی برانڈز کو پائیدار کامیابی کے لیے قیمت سے زیادہ معیار اور اعتماد کو ترجیح دینی چاہیے۔ ان کے مطابق جب بھی کوئی پاکستانی برانڈ کھیلوں کے سامان، آئی ٹی سروسز یا فیشن کے شعبے میں عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرتا ہے تو وہ پاکستان کا چہرہ بن جاتا ہے، جو ملک کی ساکھ بہتر بناتا اور اقتصادی سفارت کاری کو مضبوط کرتا ہے۔چیئرمین گیلانی نے برانڈز فاؤنڈیشن کی کاروباری ثقافت اور معیارِ برتری کے فروغ میں خدمات کو سراہا اور ایوارڈ جیتنے والی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں “ایک پُراعتماد، متحرک اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کے معمار” قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر مختلف صنعتی و تجارتی شعبوں کی نمایاں کمپنیوں اور برانڈز کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں صنعت، تجارت، آئی ٹی، میڈیا اور کاروباری حلقوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں