ای سی او اسمارٹ میڈیکل سٹی پراجیکٹ کا باضابطہ آغاز

یہ منصوبہ عالمی معیار کی صحت کی سہولتوں اور میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ارتھ کون سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے آر ایم آر ایس سی او (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اشتراک سے اسلام آباد کے روڈن انکلیو میں ای سی او اسمارٹ لائف اسٹائل پراجیکٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ جدید منصوبہ پاکستان میں پائیدار طرزِ زندگی، عالمی معیار کی صحت کی سہولتوں اور میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد صحت، تعلیم، تحقیق اور تفریح کو ایک ہی چھت تلے یکجا کرنا ہے تاکہ نہ صرف مقامی شہریوں کو بہتر اور جدید سہولتیں فراہم کی جا سکیں بلکہ غیر ملکی مریضوں اور سیاحوں کو بھی پاکستان کی جانب متوجہ کیا جا سکے۔پراجیکٹ میں کئی نمایاں پہلو شامل ہیں جن میں ای سی او تھراپی میڈیکل سٹی سرفہرست ہے، جو عالمی معیار کے اسپتالوں اور جدید علاج کی سہولتوں سے آراستہ ہوگا تاکہ مقامی اور غیر ملکی مریض استفادہ کر سکیں۔ اسی طرح ایک بحالی بلاک بھی قائم کیا جائے گا جو مریضوں کی دیکھ بھال اور صحت یابی کے لیے دنیا کے بہترین طریقہ کار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مزید برآں، منصوبے میں نالج ویلیج شامل ہے جو تعلیم اور تحقیق کا نیا مرکز ثابت ہوگا، جہاں سیکھنے اور علم کے تبادلے کے بے شمار مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ تفریح کے شائقین کے لیے پاکستان کا پہلا بڑا واٹر تھیم پارک بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگا جو عوام اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے نیا اور منفرد تفریحی مقام بنے گا۔کمپنی کے مطابق ای سی او اسمارٹ میڈیکل سٹی اسلام آباد کو صحت، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں ترقی کی نئی جہت دینے والا منصوبہ ہے۔ اس کے ذریعے مقامی عوام کو جدید سہولتیں میسر آئیں گی جبکہ دنیا بھر سے مریض اور سیاح پاکستان کا رخ کریں گے۔ ماہرین کے نزدیک یہ اقدام نہ صرف اسلام آباد بلکہ ملک کو بھی عالمی میڈیکل ٹورازم کے نقشے پر نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں